Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • لنڈی کوتل: کسٹم ایجنٹس کے مسائل حل کرنے اور پاک افغان تجارت کو فروغ  دیں گے،مجیب شینواری

    لنڈی کوتل: کسٹم ایجنٹس کے مسائل حل کرنے اور پاک افغان تجارت کو فروغ دیں گے،مجیب شینواری

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) آل طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار مجیب شینواری نے کہا ہے کہ کسٹم ایجنٹس کے بیشتر مسائل گوڈ ڈیکلریشن (جی ڈی) سے جڑے ہوئے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد ان مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

    یہ بات انہوں نے لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں سینئر کسٹم ایجنٹ ابوبکر آفریدی بھی شریک تھے۔

    مجیب شینواری نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو آل طورخم کسٹم ایجنٹس کا سالانہ الیکشن منعقد ہوگا اور منشور کے تحت جی ڈی سے وابستہ مسائل خاص طور پر وی باک اور پی ایس ڈبلیو سسٹمز سے متعلق معاملات کو حل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسکیننگ اور وزن کرنے کے نظام (کانٹہ) کے مسائل بھی جی ڈی سے منسلک ہیں۔

    انہوں نے کہا ہم ہر نئی ایس آر او پر متعلقہ حکام، چیمبرز اور کسٹم افسران کے ساتھ مشاورت کریں گے تاکہ طورخم بارڈر پر درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا جا سکے۔ مجیب شینواری نے عزم کا اظہار کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے کسٹم ایجنٹس کے مسائل حل کیے جائیں گے اور پاک افغان تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    مجیب شینواری نے مزید کہا کہ طورخم میں کسٹم ڈیپارٹمنٹ ایف بی آر کی پالیسیوں پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے۔ ہم وقت کے ساتھ چلنے کے عادی بنیں گے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے مسائل کا حل نکالیں گے.

    پریس کانفرنس میں مجیب شینواری نے امید ظاہر کی کہ ان کے منتخب ہونے سے طورخم بارڈر پر کاروباری برادری کے مسائل میں کمی آئے گی اور دو طرفہ تجارت میں بہتری ممکن ہوگی۔

  • ڈیرہ غازیخان: سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا

    ڈیرہ غازیخان: سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر)سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں سیف سٹی پروجیکٹ کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، سی او ایم سی جواد الحسن گوندل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے شہزاد نذیر سمیت دیگر الائیڈ محکموں کے افسران اور سیف سٹی کی ٹیم بھی موجود تھی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیف سٹی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا مشترکہ سروے کیا جائے گا اور سرکاری محکموں کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچائے بغیر پروجیکٹ پر کام کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اس بات پر زور دیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کی تکمیل سے ڈیرہ غازیخان جدید شہروں کی صف میں شامل ہو جائے گا اور جرائم کی کنٹرول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی روابط کی بدولت پروجیکٹ کی تکمیل میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے گا تاکہ کھدائی کے دوران دیگر محکموں کے انفراسٹرکچر کا خیال رکھا جائے۔

    ڈی پی او سید علی نے اس پروجیکٹ کو انقلابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیموں کو ورکنگ کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور مشترکہ سروے کے ذریعے پوائنٹس کی تنصیب اور اعتراضات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی طلبا سے ملاقات، لاہور زیادتی واقعہ بےنقاب

    ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی طلبا سے ملاقات، لاہور زیادتی واقعہ بےنقاب

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،نیوزرپورٹرشاہدخان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی نے پنجاب کالج کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی، جس میں لاہور کے ایک نجی کالج میں طالبہ سے زیادتی کے مبینہ جھوٹے واقعے پر بات چیت کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے طلبا و طالبات کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کی من گھڑت کہانی نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائیں، جس کی وجہ سے قانون و امن کی صورت حال متاثر ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو شرپسند عناصر سے بچائیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں، بہنیں اور مائیں سب کی عزت مشترک ہے اور جو اس عزت کو اچھالے گا وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے ۔

    ڈی پی او سید علی نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف طلبا و طالبات کی عزت و آبرو کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خبر کی تصدیق کرنا ہمارے مذہب کی تعلیم ہے۔

    طلبا و طالبات نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے اس جھوٹے واقعے کو بےنقاب کرنے اور حقائق کو عوام کے سامنے لانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کے خلاف عوامی آگاہی بڑھائیں۔

  • قصور: ساگ  مہنگا پڑ گیا، دوران ڈیوٹی ساگ توڑنے پر ،چار استانیاں معطل

    قصور: ساگ مہنگا پڑ گیا، دوران ڈیوٹی ساگ توڑنے پر ،چار استانیاں معطل

    قصور(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) ساگ مہنگا پڑ گیا، دوران ڈیوٹی ساگ توڑنے پر ،4 استانیاں معطل

    تفصیلات کے مطابق قصور کے نواحی علاقے بستی لعل شاہ میں واقع گرلز اسکول کی 4 خواتین اساتذہ کو دورانِ ڈیوٹی ساگ توڑنے کی وجہ سے نوکری سے معطل کر دیا گیا۔

    دو دن قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں استانیوں کو اسکول اوقات کے دوران ساگ توڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے انکوائری کی جس سے معلوم ہوا کہ دونوں اساتذہ نے اسکول میں حاضری لگا کر قریبی کھیت میں ساگ توڑنے کا رخ کیا تھا۔

    حکام نے انضباطی کارروائی کرتے ہوئے دونوں اساتذہ کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی اور صارفین نے ملازمت کے دوران اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید تنقید کی۔

  • برطانیہ میں دانتوں کے مریض اپنے دانت خود نکالنے پر مجبور

    برطانیہ میں دانتوں کے مریض اپنے دانت خود نکالنے پر مجبور

    باغی ٹی وی رپورٹ:برطانیہ میں دانتوں کے مریض اپنے دانت خود نکالنے پر مجبور ہوچکے ہیں ، سفوک، نارفوک اور مشرقی انگلینڈ میں مریضوں کے لیے دانتوں کے ڈاکٹر تک رسائی تقریباً ناممکن ہو چکی ہے

    بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق سفوک اور نارفوک میں لوگ شدید درد کے باعث خود اپنے دانت نکالنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں دانتوں کے علاج کے لیے NHS کے تحت وقت پر اپائنٹمنٹ نہیں مل رہی۔ اس سنگین صورتحال کی نشاندہی "ٹوتھ لیس اِن سفوک” کے بانی مارک جونز اور گرین پارٹی کے رہنما ایڈریان رامسے نے کی ہے جو حکومت سے NHS ڈینٹل کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    برٹش ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق 97 فیصد نئے مریضوں کو NHS کے تحت ڈینٹل کیئر تک رسائی نہیں ملتی۔ اس معاملے پر ڈاؤننگ اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ NHS ڈینٹل سروسز کی بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور سب سے زیادہ ضرورت مند مریضوں کے لیے 7 لاکھ اضافی اپائنٹمنٹس کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    ایڈریان رامسے نے BBC ریڈیو سفوک کے وین بیون شو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کی جڑ تک پہنچنا ضروری ہے۔ سفوک، نارفوک اور مشرقی انگلینڈ میں مریضوں کے لیے دانتوں کے ڈاکٹر تک رسائی تقریباً ناممکن ہو چکی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ NHS کا موجودہ ڈینٹل کنٹریکٹ ناکام ہو چکا ہے اور حکومت پر دباؤ ڈالنا ضروری ہے تاکہ فوری طور پر اس میں اصلاحات کی جائیں۔ لوگ یا تو علاج کے لیے بھاری رقوم ادا کر رہے ہیں یا پھر بغیر علاج کے درد میں مبتلا ہیں۔”

    مارک جونز، جو "ٹوتھ لیس اِن انگلینڈ” مہم کے بھی شریک بانی ہیں نے کہا کہ وہ حکام سے بات چیت کے لیے تیار ہیں تاکہ NHS خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ حکومت کی ترجیح ہے مگر عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ لوگ بے حد پریشان ہیں اور بعض انتہائی صورتحال میں اپنے دانت خود نکال رہے ہیں۔

    محکمہ صحت و سماجی خدمات کے ترجمان نے کہا کہNHS ڈینٹل سروسز کی بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور ہم ڈینٹل کنٹریکٹ میں اصلاحات کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈینٹسٹ NHS خدمات فراہم کر سکیں۔”
    انہوں نے مزید کہا کہ علاج سے بہتر بچاؤ ہے، اس لیے تین سے پانچ سال کے بچوں کے لیے نگرانی میں دانت صاف کرنے کا پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

  • 2018 میں ہیرا پھیری سے وزیراعظم بننے والے عمران وائس چانسلر کیلئے نااہل،برطانوی اخبار

    2018 میں ہیرا پھیری سے وزیراعظم بننے والے عمران وائس چانسلر کیلئے نااہل،برطانوی اخبار

    برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے سابق وزیراعظم عمران خان پر آکسفورڈ کے وائس چانسلر کو لے کر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ عمران خان خود پسند اور چانسلر کیلئے نا اہل ہیں، منتخب ہوئے تو مغرب دشمنوں کی مدد کریں گے، وہ طالبان کے معترف بھی رہے ہیں،2018ء میں ہیرا پھیری سے وزیراعظم بنے، سیاسی ظلم کا شکار نہ مظلوموں کے رہنما ہیں،

    برطانوی اخبار نے عمران خان پر شدید تنقید کی،آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے امیدواروں کی نااہلی کی فہرست سامنے آنے سے چند گھنٹے قبل، برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں چانسلر کے عہدے کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔ٹیلی گراف نے لکھا کہ عمران خان خود پسند شخصیت ہیں، اور اگر منتخب ہو گئے تو مغرب مخالف ایجنڈے کو تقویت دیں گے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ خان نے ماضی میں طالبان کی تعریف کی اور 2018 میں مبینہ دھاندلی کے ذریعے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ اخبار کے مطابق وہ نہ سیاسی مظلوم ہیں اور نہ ہی مظلوموں کے رہنما۔ انہیں 1980 کی دہائی میں ایک کرکٹر اور جریدوں میں ان کی متنازع داستانوں کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے، لیکن اب بھی برطانیہ میں کچھ لوگ ان کی حمایت کر رہے ہیں۔عمران خان نے خود کو 21ویں صدی کے اسلام پسند رہنما کے طور پر پیش کیا، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ وہ آکسفورڈ کے چانسلر کے عہدے کے لیے امیدواروں میں شامل تھے، مگر جیل میں ہونے اور خود پسندی کے سبب اس عہدے کے لیے موزوں نہیں سمجھے گئے۔عمران خان نے آکسفورڈ کے طلبا کو کہا تھا کہ یونیورسٹی کو دنیا کے تنوع کی عکاسی کرنی چاہیے اور ان کی چانسلرشپ اس مقصد کی مثال بن سکتی ہے۔

    برطانوی اخبار نے سوال اٹھایا کہ کیا آکسفورڈ کے سابق طلبا اور عملہ ایسے شخص کو منتخب کرنے کے لیے تیار ہیں جس نے طالبان کی حمایت کی ہو، جو خواتین کی تعلیم پر پابندیاں لگاتے ہیں؟ رپورٹ میں ملالہ یوسفزئی پر حملے کے تناظر میں بھی عمران خان کے بیانات پر تنقید کی گئی۔مزید برآں، رپورٹ نے عمران خان کی 2018 کی حکومت کے قیام کو طاقتور اداروں کی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا، جس پر پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی اعتراض کیا تھا۔ عمران خان پر مغربی اقدار کی مذمت اور آزادی اظہار پر تنقید کا بھی الزام لگایا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ اکتوبر میں پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دے کر پانچ سال کے لیے عوامی عہدے سے روک دیا تھا۔ بعد ازاں، فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ خان کی پارٹی کو ایک فلاحی پلیٹ فارم کے ذریعے لاکھوں ڈالر کا فنڈ فراہم کیا گیا تھا، جس کا تعلق ایک ایسے پاکستانی سے تھا جو امریکہ میں مالی فراڈ کے الزامات میں ممکنہ طور پر 291 سال قید کا سامنا کر رہا ہے۔

    عمران خان کو سزا،مجرمانہ ریکارڈ،آکسفورڈ کی چانسلرشپ سے نااہلی کی وجوہات

    چانسلر کا انتخاب اور عمران خان کی شمولیت، آکسفورڈ یونیورسٹی بھی مشکل میں پڑگئی

    کیا طالبان دوست عمران خان واقعی آکسفورڈ کے اگلے چانسلر کے لیے بہترین انتخاب ہیں؟

    عمران خان کا خواب چکنا چور،آکسفورڈ یونیورسٹی کا سیاستدانوں‌کو چانسلر بننے سے روکنے کا فیصلہ

    عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نامناسب ترین امیدوار قرار

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے وی سی کا الیکشن ،پی ٹی آئی کا ایک اور جھوٹ بے نقاب

    عمران خان جیل سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے الیکشن لڑیں گے

    عمران خان کو آکسفورڈ کا نہیں اڈیالہ جیل کے قیدیوں کا الیکشن لڑنا چاہیے،عظمیٰ بخاری

  • سرگودھا: تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ناکام

    سرگودھا: تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ناکام

    سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ) تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں تین موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں سامنے آئی ہیں، جب کہ گن پوائنٹ پر ایک شہری سے موبائل اور بھاری نقدی لوٹنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ وارداتوں کے مسلسل ہونے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

    موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں پہلی واردات زم زم ہوٹل کے قریب ہوئی جہاں چور موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے۔دوسری واردات ڈیفنس ٹاؤن 49 ٹیل کے علاقے میں پیش آئی۔تیسری واردات پی ایچ اے پارک کے باہر ہوئی، جہاں چور بڑی آسانی سے موٹر سائیکل چرا کر فرار ہو گئے۔
    ان تینوں واقعات میں چور کسی بھی مزاحمت یا روک تھام کے بغیر فرار ہونے میں کامیاب رہے اور پولیس تاحال چوروں کا کوئی سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

    ایک اور واقعے میں سبحان وسیم نامی شہری کو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ ڈاکو اس سے نہ صرف موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے بلکہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے نقدی بھی لے اڑے۔واردات کے بعد شہری نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی لیکن پولیس کی جانب سے اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

    وارداتوں کے بعد شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس شدید ہو چکا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں اور پولیس کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    تھانہ کینٹ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور آر پی او سرگودھا سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے فوری کارروائی نہ ہونے کی صورت میں علاقے میں جرائم مزید بڑھ سکتے ہیں۔

    متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے چوروں اور ڈاکوؤں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور علاقے میں پولیس گشت اور سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس ہو۔

  • میرپورخاص: سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت، ریلی اور شمعیں روشن

    میرپورخاص: سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت، ریلی اور شمعیں روشن

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پارٹی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جہاں شمعیں روشن کر کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔

    ریلی کی قیادت ضلعی نائب صدر اسحاق ناریجو، جنرل سیکریٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر جنید بلند، شاہنواز مغل، اور امیر جان مری نے کی۔ بعد ازاں پریس کلب میں سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ اور جنید بلند نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ہمیشہ جیالوں کا گڑھ رہا ہے، اور سانحہ کارساز کے شہداء کو یاد کرتے ہوئے آج شمعیں روشن کی گئیں۔ مقررین نے بھٹو خاندان کی قربانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جیالے بھی شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔

    مزید برآں حیدرآباد میں 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری کے تاریخی خطاب کے لیے پیپلز پارٹی کے قافلے روانہ ہو گئے، جن میں میرپورخاص کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔

  • تنگوانی: دلی جان ہائی اسکول پر مسلح افراد کی فائرنگ، طلباء اور اساتذہ میں خوف و ہراس

    تنگوانی: دلی جان ہائی اسکول پر مسلح افراد کی فائرنگ، طلباء اور اساتذہ میں خوف و ہراس

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع دلی جان ہائی اسکول پر مسلح افراد کی فائرنگ کے باعث طلباء اور اساتذہ میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق یہ واقعہ ملک اور چولیانی قبائل کے درمیان جاری زمینی تنازعے کا نتیجہ ہے۔ چولیانی قبیلے کے افراد نے اسکول میں موجود ٹیچر ایاز ملک کو نشانہ بنانے کے لیے فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں گاؤں والوں نے بھی فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں قبائل کے درمیان اس تنازعے میں اب تک تین افراد قتل ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل اسی تنازعے میں ایک پرائمری اسکول کے ٹیچر رانو ملک بھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ واقعے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

  • ننکانہ:غیر متعلقہ افراد کی موجودگی اور پولیو مہم میں غفلت پر سخت کارروائی ہوگی،ڈپٹی کمشنر

    ننکانہ:غیر متعلقہ افراد کی موجودگی اور پولیو مہم میں غفلت پر سخت کارروائی ہوگی،ڈپٹی کمشنر

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران غیر متعلقہ افراد پولیو ٹیموں کے ساتھ ہرگز موجود نہ ہوں۔ کسی بھی غیر متعلقہ فرد کی موجودگی کی اطلاع پر فوری سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں مہم کی خود نگرانی کریں گے اور پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں خاص طور پر محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مل کر ایک مشترکہ حکمت عملی بنائیں تاکہ مہم کے دوران کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھا جائے اور تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔

    سرکاری اور نجی سکول فوری طور پر 5 سال سے کم عمر بچوں کی فہرستیں محکمہ صحت کے حوالے کریں تاکہ ان بچوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
    ہر یونین کونسل میڈیکل آفیسر (UCMO) پولیو ٹیموں کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر کمیونٹی سیشنز کا انعقاد کرے۔ریونیو عملے اور یو سی ایم اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بارے میں اعلانات کروائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز اور UCMOs کو حکم دیا کہ گھر گھر جا کر تفصیلی سروے کریں اور درج ذیل سوالات ضرور پوچھیں:
    آپ کے گھر میں کتنے بچے موجود ہیں؟،کتنے افراد شادی شدہ ہیں؟کتنے بچے اسکول جاتے ہیں اور وہ کس اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں؟،اسکول جانے والے بچوں کی عمریں کیا ہیں؟،کیا کوئی مہمان حالیہ دنوں میں آپ کے گھر آیا ہے؟،کیا کوئی بچہ سو رہا ہے؟

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ننکانہ صاحب میں صرف وہی افراد کام کریں گے جو اپنی ڈیوٹی کو ذمہ داری سمجھ کر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل افسران و ملازمین کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہوگی اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی خود نگرانی کروں گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر گھر میں قطرے پلانے کا عمل مکمل ہو۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مہم کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ تمام اداروں اور افسران کو نیک نیتی اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں عوامی خدمت کے لیے تنخواہ دیتی ہے، لہٰذا سب کا اولین مقصد ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ عوامی خدمت ہونا چاہیے۔

    ڈپٹی کمشنر کے بیانات اور پولیو مہم کے حوالے سے سخت ہدایات کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے پولیو کے خلاف مہم مزید مؤثر ہوگی اور ننکانہ صاحب کو جلد ہی پولیو فری ضلع بنایا جا سکے گا۔