Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • وہاڑی: تیز رفتار کارکو حادثہ، میاں بیوی سمیت3 افراد جاں بحق، 25 سالہ بیٹی زخمی

    وہاڑی: تیز رفتار کارکو حادثہ، میاں بیوی سمیت3 افراد جاں بحق، 25 سالہ بیٹی زخمی

    وہاڑی(باغی ٹی وی رپورٹ) تیز رفتار کارکو حادثہ، میاں بیوی سمیت3 افراد جاں بحق، 25 سالہ بیٹی زخمی

    تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے علاقے لڈن میں ایک افسوسناک حادثے میں لاہور سے حاصل پور واپس جانے والی فیملی کی تیز رفتار کار بے قابو ہو کر دکانوں سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی 25 سالہ بیٹی علیزہ شدید زخمی ہوگئی۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور محمد عمر کو نیند کا جھٹکا آیا اور گاڑی کا کنٹرول ختم ہوگیا، جس کے باعث گاڑی تیز رفتاری سے دکانوں میں جا گھسی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں حاصل پور کے رہائشی محمد ایوب، ان کی اہلیہ ناہید اور ڈرائیور محمد عمر شامل ہیں جو قریبی عزیز بھی تھے۔ تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال حاصل پور منتقل کیا،

    جبکہ زخمی علیزہ کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    متاثرہ فیملی لاہور سے حاصل پور اپنے گھر واپس جا رہی تھی جب یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے کی خبر سنتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی، اور اہل علاقہ نے متاثرہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔

  • عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نااہل ہیں ،قانونی فرم

    عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نااہل ہیں ،قانونی فرم

    لندن (باغی ٹی وی)آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے معاملے پر قانونی پیچیدگیاں سامنے آگئی ہیں۔ معروف برطانوی قانونی فرم میٹرکس چیمبرز نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ہیں، آکسفورڈ یونیورسٹی کے ضوابط کے مطابق چانسلر شپ کے لیے نااہل ہیں۔

    سینئر قانون دان ہیوساؤتھی کے مطابق عمران خان کے خلاف مجرمانہ سزا ہونے کے باعث وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے ضابطوں پر پورا نہیں اترتے۔ قانونی پوزیشن یہ ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ٹرسٹیز یا چانسلر کے منصب پر فائز ہونے والے افراد سے شفافیت، دیانت داری اور غیر متنازع حیثیت کی توقع کی جاتی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی اہلیت کا معاملہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی کونسل کے چیریٹی ضوابط کے تحت زیر غور ہے جس پر یونیورسٹی نے باضابطہ طور پر میٹرکس چیمبرز سے قانونی رائے طلب کی۔

    پالیسی ایڈووکیسی گروپ بیلٹ وے گرڈ نے میٹرکس چیمبرز کی رائے پر اپنے تجزیے میں کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا کردار صرف رسمی نہیں بلکہ اس میں ادارے کے عالمی مفادات کا تحفظ اور اعلیٰ اقدار کی نمائندگی شامل ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا کہ چانسلر بننے والا فرد کسی سیاسی عہدے کا ارادہ نہیں رکھ سکتا۔ عمران خان کے موجودہ سیاسی کردار اور ان کے خلاف قانونی معاملات کے باعث یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا وہ ان تقاضوں پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔

    دوسری جانب آکسفورڈ ایلومنائی کمیونٹی آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی امیدوار کی مخالفت یا حمایت نہیں کر رہی۔ کمیونٹی نے کہا کہ میڈیا میں سامنے آنے والے بیانات ان کے اجتماعی مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتے اور کمیونٹی کا اس معاملے سے کوئی باضابطہ تعلق نہیں ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر کا انتخاب دنیا بھر سے نمایاں شخصیات کے درمیان ایک معتبر حیثیت رکھتا ہے اور اس میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے سخت ضابطے اور اخلاقی معیارات کا تعین کیا جاتا ہے۔ عمران خان کے بطور چانسلر انتخاب لڑنے کی خواہش پر یونیورسٹی کی جانب سے قانونی رائے طلب کیے جانے کو ان کے لیے ایک بڑی رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے۔

    یہ معاملہ اس وقت مزید پیچیدہ ہوگیا ہے جب قانونی ماہرین نے عمران خان کی ماضی کی مجرمانہ سزا اور ان کے سیاسی کردار کو ان کی چانسلرشپ کی اہلیت کے لیے ایک بنیادی مسئلہ قرار دیا۔

  • اوچ شریف:2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، خاتون کو ٹریلرنے کچل دیا،3 زخمی

    اوچ شریف:2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، خاتون کو ٹریلرنے کچل دیا،3 زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک خاتون ٹریلرکے نیچے آکرجاں بحق،3 زخمی

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے طاہر والی قومی شاہراہ پر آج دو موٹر سائیکلوں کے درمیان ایک شدید تصادم ہو ا۔ اس حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

    ایک موٹر سائیکل پنکچر ہونے کی وجہ سے سامنے آنے والی ایک اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ اس ٹکر کے نتیجے میں ایک خاتون موٹر سائیکل سے گر کر قریب سے گزرنے والے ایک ٹرالر کے نیچے آ گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق خاتون کی شناخت بشریٰٰ بی بی زوجہ خلیل احمدبعمر 40 سال سکنہ ابولحسن کالونی رحیم یار خان کے نام سے ہوئی ہے

    اس حادثے کے بعد علاقے میں غم کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں اور انتظامیہ کو اس حوالے سے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

  • خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا شاندار اختتام،کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم

    خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا شاندار اختتام،کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم

    جمرود(باغی ٹی وی رپورٹ) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم کی شاندار تقریب جمرود سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خیبر، احسان اللہ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود ڈاکٹر عامر زیب، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو کے فوکل پرسن نوید آفریدی، ڈی ایس او راہد گل ملاگوری، اور ایڈیشنل ایس ایچ او غفار خان سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

    اختتامی تقریب کے دوران زیڈ ایس کلب اور اسٹار کلب کے درمیان فٹبال کا فائنل میچ بھی کھیلا گیا۔ مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا اور پینلٹی ککس کے ذریعے زیڈ ایس کلب نے اسٹار کلب کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 اکتوبر سے ضلع خیبر کے تینوں تحصیلوں جمرود، باڑہ، لنڈی کوتل اور ملاگوری میں مختلف کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، فٹبال، اور والی بال کے کھیل شامل تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خیبر سپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو مثبت تفریح اور کھیل کے مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ضلع خیبر کھیلوں کے لحاظ سے زرخیز خطہ ہے، اور یہاں کے کئی کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔”

    احسان اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل خیبر کے ساتھ مل کر آئندہ بھی ایسے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

    تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے تینوں تحصیلوں کے مختلف فائنل مقابلوں کے ونرز اور رنرز اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

  • میرپورخاص: ضلع بھر میں اسنیپ چیکنگ، متعدد گاڑیوں کی جانچ اور غیر قانونی سامان برآمد

    میرپورخاص: ضلع بھر میں اسنیپ چیکنگ، متعدد گاڑیوں کی جانچ اور غیر قانونی سامان برآمد

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ضلع بھر میں اسنیپ چیکنگ، متعدد گاڑیوں کی جانچ اور غیر قانونی سامان برآمد

    تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کی ہدایات پر 15 اکتوبر 2024 کو ضلع بھر میں رات 7:30 سے 10:30 بجے تک اسنیپ چیکنگ کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    چیکنگ کی کارروائیاں میرپورخاص کے مختلف علاقوں اور چیک پوسٹس پر کی گئیں جن میں ٹاؤن غریب آباد، مہران، کھان، سٹیلائٹ ٹاؤن، تعلقہ، ڈگری، ڈینگان بھرگڑی، کوٹ غلام محمد، جھڈو، محمودآباد، سندھڑی، فہلاڈیوں اور دلبر خان مہر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سخت نگرانی کی گئی۔

    اسنیپ چیکنگ کے دوران 590 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔57 فینسی نمبر پلیٹس اتاری گئیں۔43 گاڑیوں کے کالے شیشے ہٹائے گئے۔
    دوران چیکنگ مہران کار میں سوار دو افراد سے ایک پستول بھی برآمد ہوا جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار کا کہنا ہے کہ ضلع میں جرائم کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

  • اوچ شریف: لیاقت علی خان کے یومِ شہادتِ پر بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ

    اوچ شریف: لیاقت علی خان کے یومِ شہادتِ پر بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان )لیاقت علی خان کے یومِ شہادتِ پر بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ

    صوبہ تحریک کے قائدین نے پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم لیاقت علی خان کی یومِ شہادت کے موقع پر ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت نے بہاولپور کو صوبائی درجہ دے کر ملک کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔

    قاری مونس بلوچ نے کہا کہ لیاقت علی خان نے ہمیشہ جمہوریت کی راہوں کو ہموار کیا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے بہاولپور کے عوام کی قربانیوں کو بھی یاد کیا جو پاکستان کی تحریک آزادی میں نمایاں تھیں۔

    ارشاد احمد شاد نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لیاقت علی خان کے وژن کی روشنی میں بہاولپور کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

    مسز شمیم عباسی نے خواتین کے حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لیاقت علی خان نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔

    زنیرا بلوچ نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی تاریخ کو یاد کریں اور اپنے قائدین کی خدمات کو نہ بھولیں، اور بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی ملک کی ترقی کے لیے اہم ہے۔

    رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ صوبہ بہاولپور کی بحالی ممکن ہو سکے اور لیاقت علی خان کی وراثت کو زندہ رکھ سکیں۔

  • میرپورخاص: پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا عدالت سے تحفظ کا مطالبہ

    میرپورخاص: پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا عدالت سے تحفظ کا مطالبہ

    میرپورخاص( باغی ٹی وی ، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا عدالت سے تحفظ کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے تعلقہ چمبڑ کے گاؤں روات لغاری کی رہائشی مسماۃ حاجانی ملاح اور نوجوان طاہر پنہور ولد اللہ بخش پنہور نے پسند کی شادی کے بعد عدالت سے تحفظ کی درخواست کی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر پنہور کی زوجہ حاجانی ملاح نے واضح کیا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شادی ان دونوں کی باہمی رضامندی سے ہوئی ہے اور وہ اپنی پسند سے ایک دوسرے کے شریکِ حیات بنے ہیں۔

    جوڑے کے مطابق شادی کے بعد حاجانی ملاح کے رشتہ داروں نے اس فیصلے کو جرم سمجھا اور ان کے گھر والوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ اس دباؤ کے نتیجے میں وہ عدالت تک پہنچے تاکہ قانونی تحفظ حاصل کیا جا سکے۔

    نوجوان جوڑے نے ایس ایچ او چمبڑ سے اپیل کی ہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو رشتہ داروں کے ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔

    جوڑے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ازدواجی زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور کسی بھی دباؤ یا مداخلت کے بغیر اپنی شادی شدہ زندگی کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

  • ننکانہ:صحت کارڈ، حکومتی کرپشن، مافیا کی چال، عوام کے مسائل  کم نہ ہوسکے

    ننکانہ:صحت کارڈ، حکومتی کرپشن، مافیا کی چال، عوام کے مسائل کم نہ ہوسکے

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)صحت کارڈ، حکومتی کرپشن، مافیا کی چال، عوام کے مسائل کم نہ ہوسکے،ادویات بازار سے خریدنے پرمجبور

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ننکانہ صاحب میں صحت کارڈ اسکیم کی ناکامی عوام کے لیے وبالِ جان بن گئی ہے۔ ادویات کا اندراج فائلوں میں موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جس نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

    چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر عدنان اقبال نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کو ہسپتال میں موجود مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء اور ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کو ہدایت دی کہ صحت کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ مریضوں کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

    ڈاکٹر عدنان اقبال نے کہا کہ ٹیسٹوں اور الٹراساؤنڈ کی فیس جمع کرانے کا کاونٹر نئی او پی ڈی بلڈنگ کے قریب منتقل کیا جائے تاکہ مریضوں کو طویل قطاروں اور پریشانی سے بچایا جا سکے۔انڈور وارڈز میں صحت کارڈ پر موجود ادویات کا اندراج ہونے کے باوجود مریضوں کے اہلِ خانہ کو باہر سے ادویات خریدنی پڑ رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ ہیلتھ کونسل کی میٹنگ فوری بلائی جائے گی تاکہ ان مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کے اخراجات کا بوجھ کم سے کم ہو۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فری ادویات کی فراہمی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں کے باوجود، موجودہ صورتحال عوام کے لیے مایوسی کا سبب بن رہی ہے۔

  • اوچ شریف:غوث پاک کی یاد میں شمس محل میں گیارہویں شریف کی شاندار تقریب

    اوچ شریف:غوث پاک کی یاد میں شمس محل میں گیارہویں شریف کی شاندار تقریب

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) حضرت غوث اعظم کی یاد میں گیارہویں سالانہ شریف کی تقریب شمس محل میں انتہائی جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان تقریب کی صدارت سجادہ نشین دربار حضرت محبوب سبحانی، مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے کی، جبکہ ولی عہد مخدوم پیر سید عمر رضا گیلانی اور مخدوم سید احمر رضا گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    تقریب میں سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ دعوت اسلامی کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں مریدین نے شمس محل میں جمع ہوکر ایک روحانی ماحول پیدا کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت غوث پاک رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، خاص طور پر ان کی محبت اور عقیدت کے پہلو کو اجاگر کیا۔

    مقررین نے کہا کہ حضرت غوث الاعظم نے ہمیشہ علم دین کے حصول، نیک اعمال اور عبادت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ ذکر و عبادت میں گزرا، جس کی مثالیں موجود ہیں۔ اس موقع پر نعت خواں اسلامی بھائیوں نے بھی سرکار غوث پاک کی شان میں منقبت پیش کی، جس نے حاضرین کے دلوں کو گرما دیا۔

    تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی نے عالم اسلام کی خیر، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کی آزادی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اوچ شریف کی ثقافت، روحانیت اور اتحاد کی علامت ہے جس نے تمام حاضرین کو نئی روحانی طاقت فراہم کی۔

    یہ تقریب نہ صرف مذہبی عقیدت کا مظہر تھی بلکہ اوچ شریف کی روحانی ورثے کی بھی ایک جھلک تھی۔

  • ڈیرہ غازی خان: "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کا افتتاح، اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان: "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کا افتتاح، اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کا باضابطہ افتتاح ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے حاجی غازی شرقی دراہمہ میں کر دیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے زمینوں کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے تاکہ وراثتی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زمین کے تنازعات کو ختم کیا جا سکے۔

    تقریب کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان فاروق تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، تحصیلدار ثاقب شہزاد اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب میں سوشو سیف گارڈ اسپیشلسٹ پلس ملک وسیم اعوان نے شرکاء کو "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ ایک انقلابی قدم ہے جو زمین کی غیر منصفانہ تقسیم اور تنازعات کو ختم کرنے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ اراضی کی ڈیجیٹائزیشن اور ای مینجمنٹ کے ذریعے تمام اضلاع میں زمینوں کا ریکارڈ شفاف بنایا جائے گا جس سے خواتین کے وراثتی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان فاروق تارڑ نے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے مشترکہ جائیدادوں میں باہمی رضامندی کو فروغ ملے گا اور کاغذات میں ٹمپرنگ کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ سوشو سیف گارڈ اسپیشلسٹ ملک وسیم اعوان نے کہا کہ پنجاب کے 40 اضلاع میں بیک وقت اراضی ریکارڈ کو محفوظ بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ جنس، طبقہ، اور مذہب سے بالاتر ہو کر ہر شہری کے ملکیتی اور وراثتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے مزید کہا کہ وراثت کی شفاف تقسیم ہماری خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے اور یہ پروگرام یقینی بنائے گا کہ ہر حقدار کو اس کا حق ملے۔ تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے موقع پر سائلین کا ڈیٹا درج کرکے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا۔

    یہ منصوبہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے بھر کا پیمائشی اور جغرافیائی نقشہ ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ زمین کے معاملات میں شفافیت اور منظم ڈیٹا تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔