Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے بی ایم پی سرائے میں کرایہ نہ دینے والوں کی دکانیں سیل کر دیں

    ڈیرہ غازی خان: کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے بی ایم پی سرائے میں کرایہ نہ دینے والوں کی دکانیں سیل کر دیں

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے بی ایم پی سرائے میں کرایہ نہ دینے والوں کی دکانیں سیل کر دیں
    کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس کی بی ایم پی سرائے میں کارروائی،کارِ سرکار میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم

    تفصیل کے مطابق کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) اسد خان چانڈیہ نے بی ایم پی سرائے میں قائم دکانوں کے کرایہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا۔ ان دکانوں کے مالکان طویل عرصے سے واجب الادا کرایہ ادا نہیں کر رہے تھے، جس پر کمانڈنٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا اور متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

    کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے موقع پر موجود ٹیم کو ہدایت کی کہ کارِ سرکار میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی اور بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    عوامی حلقوں نے کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بروقت کارروائی نہ صرف قانون کی بالادستی قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ سرکاری املاک کے بہتر انتظام کو بھی یقینی بنائے گی۔

    یہ کارروائی بارڈر ملٹری پولیس کی جانب سے ادارے کی شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔

  • علی پور: خواجہ سرا کے ساتھ اجتماعی زیادتی، برہنہ ویڈیو وائرل

    علی پور: خواجہ سرا کے ساتھ اجتماعی زیادتی، برہنہ ویڈیو وائرل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ کے خواجہ سرا جلیل ولد خلیل چنڑ کے ساتھ ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پورمیں اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ خواجہ سرا جو بھیک مانگ کر اپنی زندگی بسر کرتا ہے نے پولیس کو تحریری درخواست جمع کروا کر انصاف کی اپیل کی ہے۔

    ایک ہفتہ قبل زین العابدین آرائیں نے اپنے دوست حضور بخش کے ساتھ مل کر جلیل کو دھوکے سے اپنے ساتھ لے جانے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے بیٹا پیدا ہونے کی خوشی کا بہانہ بناتے ہوئے کہا کہ گھر چلو میری بیگم اپنے ہاتھوں سے تمہیں انعام دے گی۔ تاہم ملزمان اسے ایک خالی مکان میں لے گئے جہاں دونوں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    ظلم کی انتہا یہ ہے کہ ملزمان نے نہ صرف خواجہ سرا کو زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی برہنہ ویڈیو اور تصاویر بھی بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں جس سے متاثرہ شخص کو شدید ذہنی اذیت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

    متاثرہ خواجہ سرا نے تھانہ سٹی علی پور میں تحریری درخواست دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    یہ واقعہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک لمحہ فکریہ ہے کہ کس طرح خواجہ سرا برادری کو ظلم اور استحصال کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  • کشمور: بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر کی خواتین کو جلد از جلد ڈائنامک سروے کروانے کی ہدایت

    کشمور: بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر کی خواتین کو جلد از جلد ڈائنامک سروے کروانے کی ہدایت

    کندھ کوٹ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمختیاراحمداعوان) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈپٹی ڈائریکٹر صوفی سلامت بجارانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین نے اب تک ڈائنامک سروے نہیں کروایا لیکن باقاعدہ قسطیں وصول کر رہی ہیں، وہ فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی سنٹر جا کر اپنا سروے مکمل کروائیں۔ بصورت دیگر، یہ ان کے لیے آخری قسط ثابت ہو سکتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس پیغام کو ہر گاؤں اور قصبے تک پہنچایا جائے تاکہ ہماری تحصیل کندھ کوٹ کی خواتین اس مالی امداد سے محروم نہ رہیں۔ تمام افراد سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنے علاقوں میں اس بات کا اعلان کریں اور خواتین کو سروے کے لیے رہنمائی فراہم کریں تاکہ انہیں امداد کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے وضاحت کی کہ سروے کے دوران خواتین کو اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، بچوں کا بے فارم اور ایک فعال موبائل نمبر ساتھ لانا ضروری ہوگا تاکہ ان کا ڈائنامک سروے مکمل کیا جا سکے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر خواتین نے سروے مکمل نہ کروایا تو ان کی قسطوں کی ادائیگی بند ہو جائے گی۔ خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ فوری طور پر بی آئی ایس پی کندھ کوٹ کے دفتر سے رابطہ کریں اور سروے کی کارروائی مکمل کروائیں تاکہ وہ حکومتی امداد سے مستفید ہوتی رہیں۔

    یہ اقدام امدادی نظام کی شفافیت اور مستحق افراد کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔

  • دراہمہ: ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کا نان کسٹم سامان برآمد، موٹر سائیکل ڈکیتی کا ملزم گرفتار

    دراہمہ: ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کا نان کسٹم سامان برآمد، موٹر سائیکل ڈکیتی کا ملزم گرفتار

    دراہمہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدعلی بروہی) ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کا نان کسٹم سامان برآمد، موٹر سائیکل ڈکیتی کا ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق دراہمہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ سامان اور موٹر سائیکل ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید علی کی زیرِ نگرانی داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام سخت کر دیا گیا ہے، اور اسمگلروں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔

    چیک پوسٹ غازی گھاٹ کے انچارج محمد ایوب خان نیازی کی قیادت میں ٹیم نے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے انہوں نے چارج سنبھالا ہے اسمگلروں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔

    آج ایک بڑی کارروائی میں پولیس نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی بس "سپر سدابہار” (نمبر BSC-200) کو روکا۔ دورانِ تلاشی بس میں لوہے کی چادروں کے نیچے چھپایا گیا نان کسٹم سامان برآمد کیا گیا، جس میں موبائل فون اور سگریٹ شامل تھے۔

    ضبط شدہ سامان کی مالیت 1 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔ سامان کو کاٹ کر برآمد کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    پولیس نے ایک اور کارروائی میں 2023 ماڈل CG-125 موٹر سائیکل کے ساتھ ملزم محمد حمید رضا ولد حاجی محمد ملانہ سکنہ ملتان کو گرفتار کر لیا۔

    چیک پوسٹ انچارج محمد ایوب خان نیازی کا کہنا تھا کہ وہ ڈی پی او سید علی کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا جب تک میں یہاں تعینات ہوں اسمگلروں کی ہر کوشش کو ناکام بناتا رہوں گا اور ڈی پی او کے اعتماد کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا۔”

    یہ کامیاب کارروائیاں علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کے مؤثر اقدامات کی عکاسی کرتی ہیں۔

  • گوجرانوالہ: معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    گوجرانوالہ: معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی کی خودکشی

    تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ میں ایک افسوسناک واقعے میں بہن بھائی نے معمولی تلخ کلامی کے بعد زہر کھا کر اپنی جان لے لی۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جب بھائی نے اپنی بڑی بہن کو گولیاں کھاتے دیکھا تو اس نے بھی ایک گولی چھین کر خود نگل لی۔ دونوں کی حالت تشویشناک ہو گئی اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے مگر واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • تنگوانی : ڈاکوؤں کا وحشیانہ حملہ، ایک شخص قتل،دوسرازخمی، سڑک بلاک

    تنگوانی : ڈاکوؤں کا وحشیانہ حملہ، ایک شخص قتل،دوسرازخمی، سڑک بلاک

    تنگوانی،باغی ٹی وی ،نامہ نگارمنصوربلوچ) ڈاکوؤں کا وحشیانہ حملہ، ایک شخص قتل،دوسرازخمی، سڑک بلاک

    تفصیل کے مطابق تنگوانی تھانے کی حدود میں واقع ہائی وے پر ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں خان محمد قمبرانی نامی ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ جعفری قبیلے سے تعلق رکھنے والے علی حسین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق دو ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور انہوں نے خان محمد قمبرانی کا موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ جب خان محمد نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی اور اسے قتل کر دیا۔

    اس واقعے کے بعد مقتول کے ورثا نے ٹھل، کندھ کوٹ سڑک بلاک کر دی اور احتجاج شروع کر دیا۔ عورتیں سڑک پر بیٹھ کر ماتم کر رہی ہیں اور لاش کو سڑک پر رکھ دیا گیا ہے۔ دونوں طرف سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ پولیس ابھی تک موقع پر نہیں پہنچی ہے۔

  • ایس سی او  اجلاس، تاریخی موقع اور پاکستان کا کردار

    ایس سی او اجلاس، تاریخی موقع اور پاکستان کا کردار

    شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس،تاریخی موقع اور پاکستان کا کردار
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی

    شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس تنظیم کی تشکیل 2001 میں ہوئی تھی اور اس کے رکن ممالک چین، روس، قزاقستان، تاجکستان، کرغزستان اور ازبکستان تھے، بعد میں اس میں بھارت اور پاکستان بھی شامل ہو گئے۔

    SCO کا مقصد خطے میں اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، اور ثقافتی تبادلہ کو فروغ دینا ہے۔ تنظیم کے تحت مختلف منصوبے اور پروگرام چلائے جاتے ہیں جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔SCO کا سربراہی اجلاس سالانہ منعقد ہوتا ہے۔ اس اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہ شرکت کرتے ہیں اور خطے کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔

    آج سے اسلام آباد میں منعقد ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا سربراہی اجلاس خطے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ اجلاس نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ اقتصادی تعاون، سلامتی اور علاقائی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے۔ 2017 میں مکمل رکن بننے کے بعد پاکستان نے تنظیم کے کثیرالملکی پلیٹ فارم کے ذریعے سیاسی، معاشی، اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوششوں کو تیز کیا ہے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم یورپ اور ایشیا کے ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان جو چین، روس، بھارت، اور ایران جیسے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ اس تنظیم کا حصہ ہے نے اپنی قومی پالیسیوں کو SCO کے وسیع اہداف سے ہم آہنگ کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ علاقائی تجارت، توانائی کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے میں SCO کے تعاون نے پاکستان کو مضبوط سفارتی اور اقتصادی پوزیشن حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔

    چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) SCO کے فریم ورک کا ایک اہم ستون ہے جو پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور توانائی گزرگاہ بناتا ہے۔ وسطی ایشیا اور عالمی منڈیوں سے جڑنے کے عمل میں پاکستان کا کردار CPEC کے تحت انفراسٹرکچر اور اقتصادی منصوبوں کے ذریعے مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے (RATS) میں پاکستان کی شرکت نے ملک کو دہشت گردی کے خلاف بہتر انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ فوجی مشقوں کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس تعاون کے ذریعے پاکستان نے نہ صرف اپنی داخلی سلامتی کو بہتر بنایا بلکہ عالمی سطح پر اپنی انسداد دہشت گردی پالیسیوں کو بھی مؤثر طریقے سے اجاگر کیا۔

    TAPI گیس پائپ لائن اور CASA-1000 بجلی کی ترسیل جیسے بین الاقوامی منصوبے بھی SCO کے ذریعے پاکستان کے لیے توانائی کے میدان میں اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات قائم کرکے پاکستان توانائی کی فراہمی کو مستحکم کرنے اور اپنی اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    SCO کے پلیٹ فارم پر مختلف ممالک کے مفادات بعض اوقات اتفاق رائے کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔ چین نے SCO کے ساتھ ساتھ دیگر علاقائی فورمز جیسے چین وسطی ایشیا مکینزم پر بھی اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جو تنظیم کے اندر چیلنجز کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے باوجود SCO کے تحت پاکستان کی متحرک اور فعال شرکت اسے خطے میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

    اسلام آباد میں ہونے والا SCO سربراہی اجلاس پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس میں دنیا کی بڑی طاقتوں جیسے روس اور چین کے وزرائے اعظم اور بھارت کے وزیر خارجہ شرکت شرکت کررہے ہیں۔ یہ اجلاس نہ صرف علاقائی تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گا بلکہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور افغانستان کی صورتحال جیسے اہم مسائل پر اپنے عزم کا مظاہرہ کرنے کا موقع بھی دے گا۔

    SCO کا یہ اجلاس پاکستان کی خارجہ پالیسی میں نئے امکانات کے دروازے کھولتا ہے۔ اپنی جغرافیائی حیثیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان نہ صرف خطے میں اقتصادی انضمام اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دے سکتا ہے بلکہ خود کو ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر بھی منوا سکتا ہے۔

    اگرچہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اندرونی چیلنجز موجود ہیں، پاکستان کی دانشمندانہ حکمت عملی اور فعال کردار ان مشکلات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کا دیرینہ عزم ایک مستحکم اور خوشحال ایشیا اور یورپ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اس کی مستقل رکنیت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

  • میرپورخاص: مولانا فضل الرحمن کی بھانسنگھ آباد میں نکاح کی تقریب میں خصوصی شرکت

    میرپورخاص: مولانا فضل الرحمن کی بھانسنگھ آباد میں نکاح کی تقریب میں خصوصی شرکت

    میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میرپورخاص کے علاقے بھانسنگھ آباد سومرو پاڑے میں حاجی رفیق سومرو کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی ، جہاں انہوں نے رفیق سومرو کے بیٹے زید رفیق سومرو کا نکاح پڑھایا۔ مولانا فضل الرحمن نے دلہا کو نکاح کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    نکاح کی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمن اور عبدالرحمن سومرو سے ملاقات کی اور مقامی مسائل پر غیر رسمی بات چیت بھی ہوئی۔

    تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے تقریب کے اطراف کا سیکیورٹی پلان نافذ کیا تاکہ مہمانوں کی آمدورفت پرامن طریقے سے مکمل ہو سکے۔

  • اوچ شریف: جنگلات کی کٹائی میں ملوث،کرپٹ فاریسٹ گارڈ برطرف

    اوچ شریف: جنگلات کی کٹائی میں ملوث،کرپٹ فاریسٹ گارڈ برطرف

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) جنگلات کی کٹائی میں ملوث،کرپٹ فاریسٹ گارڈ برطرف

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات نے کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک فاریسٹ گارڈ کو برطرف کر دیا ہے۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے فاریسٹ گارڈ اصغر علی کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے محکمہ جنگلات رحیمیارخان رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    گزشتہ روز عباسیہ مین کینال پر فاریسٹ گارڈ اصغر علی کی مبینہ آشیرباد سے درختوں کی کٹائی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ مقامی صحافی فاریسٹ گارڈ اور ان کے ساتھیوں کی اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی۔ اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فاریسٹ گارڈ خود درختوں کی کٹائی میں ملوث ہے۔

    اس واقعے کی تحقیقات کے بعد ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے فاریسٹ گارڈ اصغر علی کو کرپشن اور عہدے کے ناجائز استعمال کے الزام میں برطرف کر دیا۔

    ڈویژنل فاریسٹ آفیسر راجہ جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ محکمہ جنگلات کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں کرپٹ اور نااہل افراد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

    مقامی لوگوں نے فاریسٹ گارڈ کی برطرفی کا خیرمقدم کیا ہے اور محکمہ جنگلات کی اس کارروائی کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے جنگلات کی حفاظت میں مدد ملے گی۔

  • اوچ شریف:فوڈ اتھارٹی ناکام، زہریلے دودھ کی فروخت جاری

    اوچ شریف:فوڈ اتھارٹی ناکام، زہریلے دودھ کی فروخت جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں مضر صحت اور کیمیکلز سے تیار شدہ جعلی دودھ کی فروخت کھلے عام جاری ہے۔ شہر میں جگہ جگہ ایسے دودھ سے بنی چائے بھی فروخت کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اجارہ داری اور منافع خوری کی وجہ سے کیمیکلز ملا کر دودھ تیار کیا جا رہا ہے اور اسے خالص دودھ کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ دودھ میں ہڈیوں کا بورا، یوریا کھاد، سفید رنگ اور بال صفا جیسے مضر صحت کیمیکلز ملائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سے تیار کردہ دودھ کو مٹھائیوں، آئس کریم اور دیگر دودھ کی مصنوعات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

    اس زہریلے دودھ کے استعمال سے شہریوں خاص طور پر بچوں میں قوت مدافعت ختم ہو تی جارہی ہے اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ معدے کی خرابی کے ساتھ ساتھ دیگر امراض میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    شہریوں نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی صرف فوٹو سیشن تک محدود رہتی ہے اور کوئی عملی اقدام نہیں اٹھاتی۔