Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ:محکمہ صحت میں اندھیرنگری،6 ماہ بعد ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان سی ای او ہیلتھ  تعینات

    ننکانہ:محکمہ صحت میں اندھیرنگری،6 ماہ بعد ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان سی ای او ہیلتھ تعینات

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی محکمہ صحت ننکانہ صاحب کی کارکردگی طویل عرصے سے مسائل کا شکار رہی ہے، تاہم 6 ماہ کی مدت کے بعد بالآخر ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کو سی ای او ہیلتھ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فوری طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر ذیشان، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عمران شاہ، اور سی ای او آفس کے دیگر عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

    ذرائع کے مطابق، ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت مسائل کا شکار تھا، اور مستقل سی ای او ہیلتھ کی عدم تعیناتی کی وجہ سے ضلعی محکمہ صحت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ اب جب کہ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کو یہ بھاری ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    سی ای او ہیلتھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد مختلف برانچوں کا معائنہ بھی کیا اور محکمہ کے عملے سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران سپرٹنڈنٹ سی ای او آفس محمد آصف نے انہیں برانچوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کی تعیناتی سے ضلعی محکمہ صحت کے حالات میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔

  • میرپور ماتھیلو: گھوٹکی سبزی منڈی میں لوٹ مار کا واقعہ، شہریوں کا احتجاج

    میرپور ماتھیلو: گھوٹکی سبزی منڈی میں لوٹ مار کا واقعہ، شہریوں کا احتجاج

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سبزی منڈی گھوٹکی کے ایک بیوپاریوں سے لوٹی گئی رقم کی عدم واپسی پر شہری اتحاد کی جانب سے آج ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز سبزی منڈی سے ہوا اور شرکاء نے پریس کلب گھوٹکی تک مارچ کیا۔

    ریلی کے دوران مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور لوٹی گئی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ شہری اتحاد کے رہنماؤں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کئی دن گزر جانے کے باوجود بیوپاری کی لوٹی ہوئی رقم واپس نہیں کی گئی، جس سے شہریوں میں بے چینی اور غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر تحقیقات مکمل کر کے لوٹی گئی رقم واپس دلوائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

  • میرپورخاص: فلسطینی مظلوموں کے حق میں جماعت اسلامی کا احتجاج

    میرپورخاص: فلسطینی مظلوموں کے حق میں جماعت اسلامی کا احتجاج

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اہل فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مارکیٹ چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ احتجاج سے امیر ضلع حافظ سلمان خالد، مقامی رہنما نورالہی مغل، ن لیگ کے زاہد قائمخانی، مرکزی مسلم لیگ کے شعیب سندھی، عاصم شیخ، ظفر اقبال مجاہد اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

    مقررین نے کہا کہ اہل فلسطین ایک سال سے اسرائیلی جارحیت اور مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں اور استقامت و قربانی کا کوہ گراں ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے حسی اور بزدلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے ایٹمی اور معدنی وسائل سے مالا مال مسلم حکمران اپنی عیش و عشرت میں مصروف ہیں، جس کے سبب اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔

    مظاہرے میں سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود شریک ہوئے۔ بچوں نے "لبیک یا اقصیٰ” اور "اسرائیل کا ایک علاج، الجہاد الجہاد” کی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کی بربادی اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    مقررین نے کہا کہ حماس کے مجاہدین "طوفان الاقصیٰ” کے تحت اسرائیلی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، اور اہل فلسطین کی ثابت قدمی نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے فلسطینیوں کے لیے ہزاروں ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی سب سے بڑی رکاوٹ اہل فلسطین ہیں، اور اسرائیل کے بعد لبنان، ایران اور پھر مکہ و مدینہ کو نشانہ بنائے گا۔ ایٹمی پاکستان کو اسرائیل کی جارحیت روکنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ اسرائیلی مظالم کا جواب صرف طاقت سے دیا جا سکتا ہے۔

  • حیدرآباد سنٹرل جیل میں رشوت کا نظام ، قیدیوں کے لواحقین سے بھاری رقوم بٹورے جانے کا انکشاف

    حیدرآباد سنٹرل جیل میں رشوت کا نظام ، قیدیوں کے لواحقین سے بھاری رقوم بٹورے جانے کا انکشاف

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،نامہ نگاربلاول سموں) حیدرآباد سنٹرل جیل میں قیدیوں سے ملاقات کرنے والے افراد کو جیل انتظامیہ کی جانب سے شدید مالی استحصال کا سامنا ہے۔ جیل کے مین گیٹ سے لے کر اندرونی حصوں تک رشوت خوری کا سلسلہ جاری ہے۔ ملاقات کے لیے آنے والے افراد کو "چائے پانی” کے بہانے مختلف مراحل پر 100 سے 300 روپے تک کی رشوت دینی پڑتی ہے۔

    مین گیٹ پر 100 سے 300 روپے مانگنے کے بعد اندرونی گیٹ پر جلدی ملاقات کے بہانے مزید 200 سے 300 روپے بٹورے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ویٹنگ ہال میں پہنچ کر اپنے پیاروں سے بات کرانے کے لیے بھی 200 سے 300 روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ یوں ایک ملاقات کے دوران تقریباً 500 سے 1000 روپے رشوت دیے بغیر ملاقات ممکن نہیں ہوتی۔

    قیدیوں کے لیے لائے گئے سامان کا نصف حصہ بھی ورثا سے چھین لیا جاتا ہے اور اس پر بھی الگ سے رشوت طلب کی جاتی ہے۔ سنٹرل جیل حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر جیلوں میں رشوت کا یہ سلسلہ عام ہو چکا ہے لیکن کوئی ایکشن لینے والا موجود نہیں۔

    وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے جیلوں میں بہتری کے بڑے دعوے کیے تھے لیکن ان وعدوں کے باوجود صورتحال بدتر ہو چکی ہے اور رشوت کا بازار پہلے سے زیادہ گرم ہے۔ سوال یہ ہے کہ جیلوں میں جاری اس بدعنوانی اور ناانصافی کے خلاف کون ایکشن لے گا؟

  • گوجرہ: قرآن وسنت کانفرنس میں علمائے کرام کا خطاب، قرآن کو سمجھ کر عمل کرنے پر زور

    گوجرہ: قرآن وسنت کانفرنس میں علمائے کرام کا خطاب، قرآن کو سمجھ کر عمل کرنے پر زور

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ قرآن کریم اللہ کا کلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ یہ کتاب ہدایت اور دستور حیات ہے، اور صدیوں بعد بھی قرآن کے کسی لفظ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ قرآن مجید قیامت تک محفوظ رہے گا، کیونکہ یہ صرف ایک مذہبی کتاب نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے قانون زندگی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 299 ج ب میں بیرون جامع مسجد خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اہلحدیث میں چھٹی سالانہ قرآن وسنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت مولانا نیاز الہی گورسی نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں حافظ محمد اسلم جٹ، میاں محمد افضل ناظم اعلیٰ، محمد ریاض چوہدری، مولانا شریف گجر، حافظ محمد عمران شاکر اور مولانا عدنان افضل گجر شامل تھے۔

    کانفرنس سے دیگر علمائے کرام، جن میں حافظ عبدالباسط شیخوپوری، قاری محمد یعقوب فیصل آباد، مولانا محمد امین شاہد اور مولانا عبدالقادر عثمان شامل تھے، نے بھی خطاب کیا۔ علمائے کرام نے کہا کہ قرآن مجید کو سمجھ کر ترجمہ کے ساتھ پڑھنا، اس پر عمل کرنا، اس کا ادب واحترام کرنا اور درست تلاوت کرنا قرآن کا اہم تقاضا ہے۔

    علمائے کرام نے مزید زور دیا کہ قرآن مجید کو زندگی کا عملی دستور بنایا جائے تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہو سکے۔

  • گوجرہ: فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کی احتجاجی ریلی

    گوجرہ: فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کی احتجاجی ریلی

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کی احتجاجی ریلی

    تفصیل کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر مسلم امہ کی خاموشی اور بے حسی کو شرمناک فعل قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین گوجرہ کے زیر اہتمام مسجد شہداء جھنگ روڈ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر عطاء اللہ حمید، حافظ فرحان اللہ ضلعی امیر، مولانا رحمت اللہ ارشد، ضلعی نائب امیر، حیدر علی چوہدری، قاری محمد آصف اور حافظ واجد نے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور عالم اسلام کو متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔

    مقررین نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین صیہونی جرائم کا شکار ہیں۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لاپتہ ہیں۔ ان حالات میں فلسطینی عوام کی مدد اور اسرائیلی ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے عالم اسلام کو مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

    مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر اسرائیلی مصنوعات پر پابندی عائد کی جائے اور فلسطینیوں کی امداد کے لیے سرکاری سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں۔ غزہ مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

  • غازی گھاٹ پل پر ٹریفک جام کا عفریت،مسافروں کی زندگی اجیرن، نئے پل کی تعمیر کا مطالبہ

    غازی گھاٹ پل پر ٹریفک جام کا عفریت،مسافروں کی زندگی اجیرن، نئے پل کی تعمیر کا مطالبہ

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر)ممبر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان شیخ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ غازی گھاٹ پل پر آئے روز ٹریفک کی بندش اور بد نظمی کو ختم کرنے کا واحد حل یہ ہے کہ پل پر قائم پولیس چوکی اور ٹول پلازہ کو فوری طور پر پل سے دو، تین کلو میٹر آگے یا پیچھے دو رویہ سڑک پر منتقل کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی نظم وضبط کے ساتھ جاری رہے کیونکہ عین پل کے اوپر پولیس چیک پوسٹ اور ٹول ٹیکس کی وصولی کے لئے قائم ٹول پلازہ کی وجہ سے ٹریفک کی لمبی لمبی قطاروں کی صورت میں بے تحاشا اور بے ہنگم اضافہ ہو جاتا ہے جورکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔

    واضح رہے کہ غازی گھاٹ پل دریائے سندھ پر واحد پل ہے جہاں سے پورے پاکستان کا ٹریفک گزرتا ہے یہ بلوچستان سندھ کے پی کے اور انڈس ہائی وے سے پنجاب کی طرف مین گیٹ وے ہے مگر المیہ یہ ہے کہ ابھی تک پل کے مشرقی اور مغربی طرف ”دو رویہ سڑک ” بننے کے باوجود دریا پر قائم ”سنگل پل” کو دو رویہ نہیں کیا گیا، موجودہ سنگل پل دونوں طرف کی ٹریفک کے لئے 1982 میں بنایا گیا تھا جو کہ پرانے ڈیزائن و ٹیکنالوجی پر مبنی اس وقت کی ضروریات کے مطابق تو کافی تھا،

    مگر اب چونکہ پورے پاکستان کو بلوچستان سے سبزی، فروٹ، کوئلہ وغیرہ، سخی سرور سے روڑہ، بجری، پتھر اور معدنیات کی ترسیل، ایشیا کے سب سے بڑے پلانٹ سے سیمنٹ کی ترسیل، پارکو سے آئل ٹینکرز کے ذریعے  آئل کی ترسیل، الغازی ٹریکٹر لمیٹڈ سے پورے ملک کو ٹریکٹرز کی ترسیل، خطے میں قائم شوگر ملوں کو گنے کی ترسیل،  علاوہ ازیں انڈس ہائی وے پشاور اور کراچی سے  پنجاب کی طرف ٹریفک کی مرکزی گزر گاہ ہے جو کہ ایک واحد اہم راہداری ہے مگر دو رویہ  پل نہ ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشتر بالخصوص رات کے وقت ٹریفک تعطل کا شکار رہتی ہے جسکی وجہ سے عوام الناس/مسافروں کے روزمرہ کے معمولات شدید متاثر ہوتے ہیں علاوہ ازیں ایمبولینسز میں ایمرجنسی کی صورت میں نشتر ہسپتال اور ملتان کارڈیالوجی انسٹیوٹ کو ریفر ہونے والے مریضوں اور ان کے لواحقین بھی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں بعض اوقات تاخیر موت کا سبب بن جاتی ہے،

    ڈی جی خان ملتان روڈ  دونوں طرف سے ڈبل روڈ انفراسٹرکچر کے ہوتے ہوئے درمیان میں موجودہ سنگل غازی گھاٹ پل خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ کی حدود میں دریائے سندھ کے مقام پر لنکس روڈز پر بھی دو طرفہ ٹریفک کے لئے علیحدہ علیحدہ پل بنائے گئے ہیں جیساکہ صوبہ سندھ میں سکھر سے لیکر حیدرآباد تک حتی کہ  ”قاضی احمد” شہر میں ”کے ایل پی” روڈ کو ”انڈس ہائی وے” سے ملانے کیلئے دریائے سندھ کے مقام پر بھی دونوں طرف کی ٹریفک کے لئے دو علیحدہ علیحدہ پل بنائے گئے ہیں۔

    شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ حقائق یہ ہیں کہ اس وقت پل غازی گھاٹ پر قائم ٹول پلازہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکومت کو پورے پاکستان میں سب سے ذیادہ ٹول ٹیکس اکٹھا کر کے دے رہا ہے جو سالانہ کئی ارب روپے بنتا ہے۔ مذکورہ معقول آمدنی سے  مرکزی و صوبائی حکومت کی طرف سے موجودہ غازی گھاٹ پل کے جنوبی طرف نئے  جدید سہولیات سے لیس دوسرے غازی گھاٹ پل کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان اور اس کی بروقت فوری تکمیل وقت کی اہم ضرورت اور تقاضا ہے،

    واضح رہے کہ ملتان ڈیرہ غازی خان ڈبل روڈ منصوبے کی تکمیل کا سہرا بھی 2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے سر جاتا ہے، شیخ امجد حسین نے اس اہم منصوبہ کے باضابطہ اعلان اور تکمیل کے لئے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام پارلیمنٹیرینز سے بلا تفریق، اپنا سیاسی اور ذاتی اثر رسوخ استعمال کرنے کی استدعا کی ہے تاکہ حکومت فوری طورپر اس اہم منصوبہ کے شروعات کا اعلان کرے۔

    انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ خطے میں اس اہم منصوبہ کی شروعات اور تکمیل میں انہی ترجیحات پر عمل کرے جیسے کچھ ہفتے پہلے لاہور میں راوی پل پراجیکٹ کو سپیڈ اپ کیا گیا کیونکہ یہ جنوبی پنجاب کی بنیادی ضرورت اور حق ہے جو کہ ملکی ترقی اور معیشت کے لئے بہت سنگ میل ثابت ہو گا۔

  • گوجرانوالہ:لدھیوالہ وڑائچ پولیس کی بڑی کارروائی، جواء کھیلتے 12 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ:لدھیوالہ وڑائچ پولیس کی بڑی کارروائی، جواء کھیلتے 12 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کی پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی قلعہ دیدار سنگھ عبدالجبار کی زیر نگرانی ایک بڑی کامیاب کارروائی میں تاش پر جواء کھیلنے والے 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    ایس ایچ او انصر سیویا کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی کے دوران ملزمان سے 21,350 روپے نقدی اور 156 تاش کے پتے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں محمد شہباز، تعظیم احمد، محمد یٰسین، قمر، عرفان، بلال، مظفر، فیاض، بلال مقصود، رضوان، سہیل اور عمر فاروق شامل ہیں۔

    ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، اور قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد ایاز سلیم نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں اور کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ایس ایچ او انصر سیویا اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آپریشنز کا مقصد علاقے کو جرائم سے پاک کرنا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس کی اس موثر کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔

  • پشاور: پورے صوبے میں ہزاروں پرائمری اساتذہ سراپا احتجاج ، اپ گریڈیشن کا مطالبہ

    پشاور: پورے صوبے میں ہزاروں پرائمری اساتذہ سراپا احتجاج ، اپ گریڈیشن کا مطالبہ

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) پورے صوبے میں ہزاروں پرائمری اساتذہ سراپا احتجاج ، اپ گریڈیشن کا مطالبہ ، 31 اکتوبر تک کا ڈیڈ لائن ،اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہواتو5 نومبر 2024 کو پشاور میں ایک بڑا دھرناہوگا

    تفصیلات کے مطابق آج اپٹا پشاور نے پشاور پریس کلب کے سامنے تاریخی احتجاج کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ پورے خیبر پختونخوا میں ہزاروں پرائمری اساتذہ اسکول بند کر کے احتجاج میں شامل ہوئے، جس میں خواتین اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپٹا کے صوبائی صدر عزیز اللہ خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جنوری کو سابق صوبائی کابینہ نے پرائمری اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی تھی مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

    عزیز اللہ خان نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار موجودہ حکومت کے ایم پی ایز اور وزراء سے ملاقاتیں کیں مگر فائنانس ڈیپارٹمنٹ غلط اعداد و شمار پیش کر کے حکومت کو گمراہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر تین ارب روپے کے اخراجات ہیں جو حکومت کے لیے کوئی بڑی بات نہیں۔

    آج کے احتجاج میں پورے صوبے کے ہر ضلع میں اساتذہ نے اسکول بند کر کے 11 بجے تاریخی احتجاج ریکارڈ کیا۔ عزیز اللہ خان نے حکومت کو 31 اکتوبر تک کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تو 5 نومبر 2024 کو پشاور میں ایک بڑا دھرنا دیا جائے گا، جس میں ایک لاکھ پرائمری اساتذہ شرکت کریں گے اور 26 ہزار پرائمری اسکول مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ریگولرائزیشن کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے اور 30 جون 2022 تک سی پی فنڈ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پروموشنز میں فارگو آپشن بحال کیا جائے، ضم اضلاع میں گریڈ 14 کی پوزیشن کوڈ دیا جائے، اور انٹر ڈسٹرکٹ و یو سی ٹرانسفر کا مسئلہ فوری حل کیا جائے۔

    احتجاج سے پشاور کے صدر رفاقت اللہ، جنرل سیکرٹری صاحبزادہ ندیم جان، چیئرمین منظور باچا، اور اے ٹی اے کے نوید گل ہزار خوانی نے بھی خطاب کیا۔

  • کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن موڑکھنڈا کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرات کا انعقادکیاگیا

    کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن موڑکھنڈا کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرات کا انعقادکیاگیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن موڑ کھنڈا کے زیر اہتمام کنٹری کالج میں مقابلہ حسن قرات کا انعقاد کیا گیا، جس میں پچاس سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔ اس مقابلے میں مختلف سرکاری و نجی سکولوں اور دینی مدارس کے طلباء نے شرکت کی۔ کنٹری گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر مہر احمد علی پڈھیار نے پروگرام کی صدارت کی۔

    مقابلے میں امیدواروں نے خوبصورت انداز اور منفرد آواز میں تلاوتِ کلام پاک پیش کی، جس سے محفل میں سماں بندھ گیا۔ حافظ افتخار احمد، حافظ محمد بلال، اور حافظ محمد ذوہیب نے ججز کے فرائض انجام دیے۔

    مقابلے کے نتائج میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول موڑکھنڈا کے حافظ غلام مصطفیٰ نے پہلی پوزیشن، جامعہ غوثیہ تعلیم القرآن کے حافظ محمد اکرام نے دوسری اور جامعہ محمد سیفیہ کے حافظ علی حسنین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے پہلی پوزیشن پر دس ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر پچھتر سو روپے، اور تیسری پوزیشن پر پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ تمام امیدواروں کو یادگاری سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

    اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک محمد ساجد، صدر وقار علی گھگھ، جنرل سیکرٹری حافظ کاشف محمود اور دیگر مقررین نے کہا کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس مقابلے کا مقصد بچوں کو تلاوتِ کلام پاک کی طرف راغب کرنا اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینا قرار دیا تاکہ وہ باعمل مسلمان بن کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔