Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • لنڈی کوتل:پرائمری اساتذہ کا احتجاج,مطالبات کی منظوری  تک خیبرپختون خواکے تمام سکول بند

    لنڈی کوتل:پرائمری اساتذہ کا احتجاج,مطالبات کی منظوری تک خیبرپختون خواکے تمام سکول بند

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)پرائمری اساتذہ کا احتجاج,مطالبات کی منظوری تک کے پی کے تمام سکول بند

    تفصیلات کے مطابق آل پرائمری اساتذہ ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر عزیز اللہ کی کال پر پورے صوبے میں تمام پرائمری سکول بند ہوگئے۔ اس سلسلے میں لنڈی کوتل میں بھی پرائمری سکول بند رہے اور اساتذہ نے لنڈی کوتل پریس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔

    احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع خیبر کے جنرل سیکرٹری اجمل خان اور تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ نے کہا کہ پچھلی صوبائی حکومت نے کابینہ سے پرائمری اساتذہ کی اپگریڈیشن کی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک اساتذہ کو اس کا فائدہ نہیں پہنچا۔ اساتذہ نے اسکولوں کی نجکاری کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ مفت تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے نجکاری سے لاکھوں طلبہ متاثر ہوں گے۔

    مقررین نے پنشن اصلاحات کے نام پر اساتذہ کے معاشی قتل عام کی روک تھام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سی پی فنڈ سے نئی بھرتی ہونے والے اساتذہ مایوسی کا شکار ہیں، سی پی فنڈ کو ختم کر کے جی پی فنڈ جاری کیا جائے۔

    اساتذہ نے پرائمری اسکولوں میں سٹاف کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہائیر اساتذہ کو فارغ کرنے سے پرائمری اسکولوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے ان کو بحال کیا جائے اور سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے۔

  • سیالکوٹ:فائن آرٹس پوشیدہ رموز کو جدید انداز میں پیش کرنے کا علم ہے، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ:فائن آرٹس پوشیدہ رموز کو جدید انداز میں پیش کرنے کا علم ہے، ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے دانش سکول سنٹر آف ایکسی لینس میں آرٹس ایگزیبیشن کے دوران طلباء کے فن پاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ فائن آرٹس ایک گہرائی رکھنے والا تصوراتی علم ہے، جس میں فنکار اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کے پوشیدہ رازوں کو ایک جدید طرز میں سامنے لاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کو عام طور پر ایک آسان علم سمجھا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ دیگر علوم کی نسبت زیادہ گہرا علم ہے، اور اس میں وہی افراد کامیاب ہو سکتے ہیں جو غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔

    آرٹس ایگزیبیشن میں مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ خطاط تابش سیالوی، کیلیگرافر عبداللہ ہاشمی، پرنسپل شہباز حسن اور فاضل بختیار قریشی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے فنون لطیفہ کی مختلف شاخوں جیسے خطاطی، پینٹنگ، موسیقی، مجسمہ سازی، فوٹو گرافی اور فیشن ڈیزائننگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی میں ترقی نے فائن آرٹس کے شعبے میں بھی انقلاب برپا کیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین نے طلباء کی کیلیگرافی کے میدان میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس صلاحیت کو مزید نکھار کر اسے روزگار کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔

  • میرپورخاص :ایس ایس پی  کی ماہانہ کرائم میٹنگ، منشیات اور جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم

    میرپورخاص :ایس ایس پی کی ماہانہ کرائم میٹنگ، منشیات اور جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم

    میرپورخاص (باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہ زیب شاہ کی رپورٹ)ایس ایس پی کی ماہانہ کرائم میٹنگ، منشیات اور جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کی قیادت میں ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارجز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    ایس ایس پی میرپورخاص نے جناب آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی میرپورخاص ذبیر دریشک کے احکامات سے آگاہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں کو منشیات سے پاک کرنے کے احکامات دیے اور غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیا۔

    مزید برآں انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے خاص طور پر چوری، ڈکیتی، موٹرسائیکل چھیننے اور منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات دیے۔

  • میرپورخاص:یونین کونسل 08 کے چیئرمین نئےطریقہ سے سیوریج لائن کی صفائی  کرانے میں کامیاب

    میرپورخاص:یونین کونسل 08 کے چیئرمین نئےطریقہ سے سیوریج لائن کی صفائی کرانے میں کامیاب

    میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ)یونین کونسل 08 کے چیئرمین حاجی محمد علی نے گٹروں کی مین سیوریج لائنوں کو صاف کرنے کے لیے ایک منفرد طریقہ ایجاد کر لیا ہے، جس کی بدولت وہ اپنے علاقے کی صفائی کا کام با آسانی انجام دے رہے ہیں۔

    چیئرمین حاجی محمد علی نے اس نئے طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک پائپ میں ٹوچین تار باندھ کر اسے مین سیوریج لائن میں داخل کرتے ہیں۔ بعد ازاں، اس ٹوچن تار کو ایک طرف ٹریکٹر کے ساتھ باندھا جاتا ہے اور دوسری طرف جو ٹوچین تار مین سیوریج لائن کے اندر ہوتا ہے، وہاں ٹائر باندھا جاتا ہے۔ ٹریکٹر کی مدد سے آہستہ آہستہ ٹوچین تار کو کھینچنے پر ٹائر مین سیوریج لائن کو صاف کرتے ہوئے باہر نکل آتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ "جب انسان مخلوق کی خدمت کرنے کی لگن دل میں پیدا کر لیتا ہے تو اللہ پاک اس کے لیے راستے ہموار کر دیتا ہے۔” حاجی محمد علی اپنی محنت سے علاقے کی عوام کی خدمت کر رہے ہیں، اور اگر کوئی اور علاقے کا ذمہ دار اس طریقے کو سیکھنا چاہتا ہے تو وہ بے جھجھک حاجی محمد علی سے رابطہ کر سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں حاجی محمد علی نے پائپ لائن کے کام کو چند دنوں کے لیے روکا تھا تاکہ مٹی بیٹھ جائے جو ٹریفک کی آمدورفت کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔ اس کام کو بھی انہوں نے پیور بلاک لگا کر مکمل کیا۔ مزید یہ کہ اکبری چوک نائی پاڑہ وارڈ نمبر 03 کی سیوریج لائن کے بوسیدہ ڈھکنوں کی بھی بہترین انداز میں مرمت کی گئی ہے، جو دوبارہ فٹنگ کر دیے گئے ہیں۔

    چیئرمین حاجی محمد علی کی یہ محنت علاقے کی عوام کے لیے ایک مثال ہے، جو انہیں اپنی صفائی اور عوامی خدمات میں نئے نئے طریقے اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔

  • پاکستان مرکزی مسلم لیگ شاہکوٹ کی یکجہتی فلسطین کانفرنس

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ شاہکوٹ کی یکجہتی فلسطین کانفرنس

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ شاہکوٹ کی طرف سے ایک اہم یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اسرائیلی بربریت و مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

    کانفرنس میں شرکاء نے اسرائیلی مظالم کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کا مطالبہ کیا۔ مدیر دعوت و اصلاح پاکستان مرکزی مسلم لیگ، حافظ عبدالرؤف نیک، نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سات اکتوبر کو فلسطین میں معصوم لوگوں کے قتل عام کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے ہزاروں خواتین، بچوں، اور بوڑھوں کا قتل عام ہو چکا ہے، اور اب لبنان میں بھی حملے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرزمین فلسطین پر قابض یہودیوں کو بے دخل کیے بغیر جزیرۃ العرب اور مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنا ممکن نہیں۔

    جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ، ثاقب مجید، نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا وجود خطے میں بدامنی اور سازشوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین مسلمانوں کی مقدس سرزمین ہے، اور اس کا دفاع صرف اہل غزہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا فریضہ ہے۔ کانفرنس میں شریک تمام افراد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے متحد ہونا ضروری ہے

  • افغان مہاجرین، پاکستان کی سلامتی کے لیے چیلنج

    افغان مہاجرین، پاکستان کی سلامتی کے لیے چیلنج

    افغان مہاجرین، پاکستان کی سلامتی کے لیے چیلنج
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    پاکستان کی سرزمین ہمیشہ سے مظلوم اور بے بس لوگوں کے لیے پناہ گاہ رہی ہے۔ افغان مہاجرین بھی اسی سلسلے کی ایک مثال ہیں جنہیں پاکستان نے اپنے دل اور سرزمین پر جگہ دی، جب 1979 میں سوویت یونین کی جارحیت کے بعد افغانستان جنگ کی لپیٹ میں آگیا۔ تاہم، اب وقت آگیا ہے کہ ان مہمانوں کی موجودگی سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا جائے کیونکہ یہ صورتحال معاشی، سماجی اور امن و امان کے لحاظ سے پاکستان کے لیے بہت بڑا بوجھ بن چکی ہے۔

    پاکستان میں افغانی مہاجرین کی موجودگی کے باعث جرائم کی شرح میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔ افغان مہاجرین کی وجہ سے مختلف قسم کے جرائم، جیسے منشیات کی اسمگلنگ، اغوا برائے تاوان اور کرائے کے قاتلوں کا نیٹ ورک مضبوط ہو چکا ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ سب سے زیادہ پریشان کن مسئلہ ہے کیونکہ اس کے ذریعے نہ صرف ملک کی سرحدوں کو غیر محفوظ بنایا جا رہا ہے بلکہ پاکستان کی نوجوان نسل منشیات کی عادی بن رہی ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں نے پاکستان کی سماجی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے اور عوام کی زندگی کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔

    اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں بھی افغان مہاجرین کے ملوث ہونے کی اطلاعات عام ہیں۔ ان کی موجودگی نے مجرموں کے نیٹ ورکس کو تقویت بخشی ہے جو کہ نہ صرف شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ امن و امان کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔ کرائے کے قاتلوں کی بھرتی اور ان کا استعمال بھی بڑھ چکا ہے، جس نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

    افغان مہاجرین کے مسائل میں ایک اہم عنصر طالبان کا کردار بھی ہے۔ آئے دن سرحد پار سے طالبان کی جانب سے پاکستان کے نہتے شہریوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے ہیں۔ یہ کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ افغان مہاجرین کی موجودگی کو مزید مشکوک بناتی ہیں۔ ایسے حملوں کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے اور سرحدی علاقوں میں زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

    افغان مہاجرین کی موجودگی نے پاکستان کی معیشت پر بھی گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان نے ان مہاجرین کی مہمان نوازی اور ضروریات کے لیے کئی دہائیوں سے اپنے وسائل استعمال کیے ہیں۔ تعلیم، صحت اور رہائش جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان کی معیشت پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اور افغان مہاجرین کی بھاری تعداد نے اس بوجھ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    پاکستان نے ہمیشہ انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبے کے تحت افغان مہاجرین کو پناہ دی لیکن اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان کو اس کا صلہ جرائم اور عدم استحکام کی صورت میں مل رہا ہے؟ افغانیوں کی اکثریت اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور پاکستان میں رہتے ہوئے بھی وہ پاکستان کی قانون و ضوابط کی پاسداری کرنے میں ناکام ہیں۔ اب پاکستان کو یہ سوچنا ہوگا کہ کیا مہمان نوازی کا مزید بوجھ برداشت کیا جا سکتا ہے یا انہیں واپس اپنے ملک روانہ کرنا ہی بہتر حل ہے؟

    اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان اس مسئلے کا سنجیدگی سے حل نکالے۔ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے اور بین الاقوامی برادری سے مدد حاصل کی جائے تاکہ یہ عمل پرامن اور باعزت طریقے سے مکمل ہو سکے۔ ساتھ ہی ساتھ سرحدوں کی مزید سخت نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے تاکہ منشیات اسمگلنگ اور دیگر جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

    پاکستان نے افغان مہاجرین کیلئے ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا لیکن بدلے میںان افغانوں نے دہشت گردی، کلاشنکوف کلچر، منشیات اور بدامنی کے تحفے دئے۔ جہاں معاشرتی ڈھانچہ درہم برہم ہو چکا ہے، وہاں عوام میں بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس بھی بڑھتا جا رہا ہے۔اب افغان مہاجرین پاکستان کی سلامتی کیلئے ایک کھلا چیلنج بن چکے ہیں ،ایسے میں یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ کیا اب بھی اس مہمان نوازی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے؟ پاکستانی عوام کا اپنی حکومت سے یہ سوال مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے کہ کب تک ان افغان مہاجرین کو برداشت کیا جائے گا؟

  • ٹھٹھہ :پولیس کی ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ جاری، امن و امان کی بحالی پر توجہ مرکوز

    ٹھٹھہ :پولیس کی ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ جاری، امن و امان کی بحالی پر توجہ مرکوز

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں)پولیس کی ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ جاری، امن و امان کی بحالی پر توجہ مرکوز

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس چیکنگ میں موٹرسائیکلیں، رکشے، مسافر وین، بس اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ مختلف گاڑیوں سے کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس بھی اتاری گئیں۔

    ہر علاقے میں ایس ڈی پی اوز اپنے متعلقہ ایس ایچ اوز کے ساتھ مل کر چیکنگ کر رہے ہیں خاص طور پر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

    اس دوران متعدد مشکوک افراد اور بغیر نمبر پلیٹ والی موٹرسائیکلوں کو تحویل میں لے کر ان کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کرنا ہے۔

  • خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ24 گھنٹے کہاں تھے؟

    خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ24 گھنٹے کہاں تھے؟

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور 24 گھنٹے "گمشدہ” رہنے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچ گئے۔ حالیہ واقعات کے بعد ان کی غیر موجودگی کے حوالے سے کافی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

    اسمبلی کے فلور پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اپنی 24 گھنٹوں کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "اسلام آباد پولیس کی کارکردگی دیکھیں میں ساری رات وہیں تھا لیکن وہ مجھے نہیں ڈھونڈ سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے خیبر پختونخوا ہاؤس پر دھاوا بولا، شیلنگ کی اور توڑ پھوڑ کی۔

    علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد پولیس کے آئی جی سے اسمبلی کے فلور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا آئی جی اسلام آباد کو یہاں آکر معافی مانگنی ہوگی اگر گرفتار کرنا ہے تو کریں، میں یہاں کھڑا ہوں۔”

    وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وہ کالا شاہ کاکو پہنچ چکے تھے اور مختلف مقامات پر انہیں روکا گیا لیکن وہ وقت پر پہنچنے میں کامیاب رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک بھی پہنچے، جہاں پولیس نے شدید شیلنگ کی۔

    انہوں نے اسلام آباد پولیس کے آئی جی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ "ہماری بےعزتی کا بدلہ لیا جائے گا۔” انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کی متضاد خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم وزیر داخلہ محسن نقوی نے وضاحت دی تھی کہ وزیر اعلیٰ کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور ان کے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔

  • خیرپور: خاندان کے 13 افراد کاقتل،بیٹی ہی قاتل نکلی

    خیرپور: خاندان کے 13 افراد کاقتل،بیٹی ہی قاتل نکلی

    خیرپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار) خیرپور کے علاقے پیرجو گوٹھ میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کی پراسرار ہلاکت کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔ پولیس نے 13 افراد کے قتل کے الزام میں گھر کی بیٹی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیٹی شائستہ نے اپنے ساتھی امیر بخش بروہی کے ساتھ مل کر پورے خاندان کو زہر دے کر قتل کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شائستہ اور امیر بخش نے اعتراف کیا کہ انہوں نے آٹے میں زہر ملا کر خاندان کو کھلایا کیونکہ خاندان پسند کی شادی کے لیے راضی نہیں تھا۔

    یاد رہے کہ 17 اگست کو اس واقعے میں محنت کش گل بیگ، ان کی بیوی، 8 بچے، بھائی اور بھتیجے جاں بحق ہو گئے تھے، جن کی عمریں 4 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مرنے والوں کو زہریلی اشیاء دی گئی تھیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کے جسمانی نمونے لیے گئے تھے، اور میڈیکل رپورٹ نے ثابت کیا کہ زہر دینے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    یہ ہولناک واقعہ پورے علاقے کے لیے ایک صدمہ ہے خاص طور پر جب کہ مرنے والے معصوم بچے اور ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔

  • گوجرہ :موٹرسائیکل حادثہ، بہن بھائی زخمی،انڈرپاس کی خراب حالت، شہریوں کا احتجاج

    گوجرہ :موٹرسائیکل حادثہ، بہن بھائی زخمی،انڈرپاس کی خراب حالت، شہریوں کا احتجاج

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ)گذشتہ روز ایک افسوسناک حادثے میں بہن بھائی سکول جاتے ہوئے موٹرسائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نویں جماعت کے طالب علم رضوان علیم ارحم رضوان اپنی ساتویں جماعت کی ہمشیرہ دعا فاطمہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سکول جا رہے تھے۔ جب وہ انڈرپاس کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنے والے ایک تیز رفتار موٹرسائیکل سوار نے ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں بہن بھائی انڈرپاس میں گر کر شدید زخمی ہو گئے۔

    دونوں زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

    اہم بات یہ ہے کہ گوجرہ انڈرپاس کی بیرونی دیوار قادری دربار روڈ کے برابر ہونے کی وجہ سے حادثات کا باعث بن رہی ہے۔ مقامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نعمان ڈوگر سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈرپاس کی دیوار کو فوری طور پر اونچا کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکام نے فوری اقدامات نہ کیے تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔