Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • علی امین گنڈا پور منظر عام پرآ گئے،خیبر پختونخوا اسمبلی میں خطاب، حکومت پر تنقید

    علی امین گنڈا پور منظر عام پرآ گئے،خیبر پختونخوا اسمبلی میں خطاب، حکومت پر تنقید

    پشاور (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اچانک خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچے، جہاں انہوں نے اراکین اسمبلی سے مصافحہ کیا اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے پرجوش نعرے بازی کی۔

    اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انہیں اپنے ایوان پر فخر ہے اور وہ تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر پاکستان کے عوام کے شکر گزار ہیں جو مشکل حالات میں عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی اور پرامن احتجاج کا حق نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کے ذاتی ملکیت نہیں بلکہ سب کا ملک ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سے پارٹی نشان چھیننے کی کوشش کی گئی اور ان کے لوگوں کو اغوا کیا گیا۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ان پر حملے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، اور صرف مویشی منڈی میں جلسے کی اجازت ملی۔

    وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے موجودہ اراکین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں چھ سے زائد ایسے لوگ نہیں ہیں جو عوامی مینڈیٹ کے ذریعے منتخب ہوئے ہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں موجود تھے، جہاں ان کے غائب ہونے کی متضاد اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

  • گوجرانوالہ: ستھرا پنجاب ویژن کے تحت شہر بھر میں صفائی مہم تیز

    گوجرانوالہ: ستھرا پنجاب ویژن کے تحت شہر بھر میں صفائی مہم تیز

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے چارج سنبھالنے کے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سے ملحقہ روڈز، گلی محلوں، لیاقت پارک اور گلشن اقبال پارک میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارکس میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے، واکنگ ٹریک اور بینچوں کی فوری مرمت اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال کی ہدایات جاری کیں۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گلشن اقبال پارک میں جھیل کے اردگرد بینچوں اور داخلی گیٹس کی مرمت اور فواروں کو ڈینگی کے خطرے کے پیش نظر بند رکھنے کی ہدایات دیں تاکہ ڈینگی کا لاروا افزائش نہ کر سکے۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گورننس انیشی ایٹیوز (KPIs) پر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ ہر محکمہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی بہتر کارکردگی کے لیے صفائی ستھرا پنجاب اور عوامی خدمت کے لیے متعین اہداف پر عمل درآمد ضروری ہے۔

    اجلاس میں پرائس کنٹرول میکنزم اور پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں متحرک رہیں اور عملی اقدامات اٹھائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں سے کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن پر عمل درآمد ممکن ہو۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ مخصوص مقامات پر ڈالیں تاکہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی برقرار رہ سکے اور بیماریاں نہ پھیلیں۔

  • گوجرانوالہ: ماحول دوست ٹیکنالوجی نہ لگانے پر 3 بھٹے مسمار

    گوجرانوالہ: ماحول دوست ٹیکنالوجی نہ لگانے پر 3 بھٹے مسمار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایات پر تحصیل صدر میں سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے تحت بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے 3 بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "آلودگی سے پاک پنجاب” مہم کے تحت آلودگی کی روک تھام کے لیے کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) ڈاکٹر حلیمہ منیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات عثمان اظہر نے تحصیل صدر کے علاقے شیخ رجادہ میں فیصل بٹر برکس کمپنی، فرحت بٹر برکس کمپنی، اور بٹر برکس کمپنی کے خلاف کاروائیاں کیں۔ ان بھٹوں میں ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی نصب نہیں کی گئی تھی اور کھلے مقامات پر مہلک دھاتیں جلانے کی وجہ سے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے، جس کے نتیجے میں بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا۔

    اس موقع پر افسران کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔ مسمار کیے گئے بھٹوں میں مہلک دھاتیں بطور ایندھن استعمال ہو رہی تھیں اور مواد کو کھلے آسمان تلے جلایا جا رہا تھا، جس سے علاقے میں آلودگی بڑھ رہی تھی اور انسانی صحت متاثر ہو رہی تھی۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ آلودگی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تحفظ ماحولیات مل کر کام جاری رکھیں گے، اور جہاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہوگی، فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کریک ڈاؤن کا مقصد شہر اور ضلع کو آلودگی سے محفوظ رکھنا اور شہریوں کو ایک صحتمند ماحول فراہم کرنا ہے۔

  • گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں "کھیلتا پنجاب” سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر

    گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں "کھیلتا پنجاب” سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن "کھیلتا پنجاب” کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں منعقدہ سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ایم پی اے محمد نواز چوہان اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے سپورٹس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پنجاب پرئمیر لیگ کا انعقاد بھی گوجرانوالہ میں کیا گیا ہے، جس میں صوبے بھر سے 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

    کمشنر نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر تعریف کی اور آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کی ہدایت کی۔ ایم پی اے محمد نواز چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب ہر شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اور "کھیلتا پنجاب” پروگرام اسی سلسلے کا حصہ ہے۔

    تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر ارشاد اللہ گورائیہ، ڈاکٹر سید نوید احمد، ڈاکٹر عرفان قیوم سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ، گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے 4 ملازمین حج کے لیے منتخب

    سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ، گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے 4 ملازمین حج کے لیے منتخب

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد مسجد سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم میں کیا گیا۔ اس بابرکت محفل کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کی۔ محفل میں معروف عالم دین پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد شفیق تبسم نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

    اپنے خطاب میں پروفیسر شفیق تبسم نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد نے دنیا سے جہالت کے اندھیرے مٹا دیے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ چیئرمین بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہمیں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانا چاہیے۔

    محفل کے اختتام پر تعلیمی بورڈ کے ملازمین کے حج کی ادائیگی کے لیے قرعہ اندازی کی گئی جس میں 4 خوش نصیب ملازمین کا انتخاب ہوا۔ منتخب ہونے والوں میں ناصر سعید کھوکھر، محمد منصب، تنویر احمد اور محمد عمران شامل ہیں۔ اس تقریب میں پروفیسر گوہر الطاف، سیکرٹری بورڈ، پروفیسر محمد نعیم بٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

  • ڈیرہ غازیخان: عالمی یوم اساتذہ ،غازی یونیورسٹی میں تقریب  منعقد کی گئی

    ڈیرہ غازیخان: عالمی یوم اساتذہ ،غازی یونیورسٹی میں تقریب منعقد کی گئی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر) غازی یونیورسٹی میں عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی زیر سرپرستی ایک شاندار تقریب کا انعقاد سرسید ہال میں کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام شعبہ ایجوکیشن نے کیا تھا، جس میں صدر شعبہ ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر محمد علی تارڑ، ڈاکٹر اعجاز حسین، ڈاکٹر نور محمد سمیت دیگر اساتذہ اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

    تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین کائنات نسیم، شیریں حنیف، ایمن ناز، اظہر منصور و دیگر نے اساتذہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد معاشرے کا معمار اور طلبا و طالبات کی بنیاد بنانے والا ہوتا ہے۔ ان کی تربیت اور علم کے باعث طلبا معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم کردار اساتذہ کا ہے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ ہمارے رسول پاک ﷺ اس کائنات کے سب سے بڑے استاد ہیں، جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کو رہنمائی فراہم کی۔ طلبا سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اساتذہ کی عزت کریں اور ان سے بھرپور علم حاصل کریں۔

    تقریب کے اختتام پر ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے احکامات

    ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے احکامات

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ،نامہ نگار شہزادخان)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈیرہ غازیخان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرکے ہدایت کی ہے کہ ہسپتال میں زیر تعمیر زچہ بچہ ہسپتال، او پی ڈی اور ایمرجنسی ہسپتال کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آئی وارڈ کو ایک ہفتے کے اندر فنکشنل بنانے اور ہسپتال کے سیوریج سسٹم کو نئی پائپ لائن کے ساتھ منسلک کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں زیر التوا فنڈز کی دستیابی کے لیے باقاعدگی سے پیروی کی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تعمیراتی کاموں اور دیگر مفاد عامہ کے منصوبوں میں میٹریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کاموں پر موثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامر قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

    یہ اقدام ڈیرہ غازیخان کے شہریوں کے لیے خوش آئند خبر ہے کیونکہ اس سے ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولات میسر ہوں گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر محمدعثمان خالد کا چارج سنبھالتے ہی شہر کا دورہ، فیلڈ وزٹس کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر محمدعثمان خالد کا چارج سنبھالتے ہی شہر کا دورہ، فیلڈ وزٹس کا آغاز

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر ) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے چارج سنبھالتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور فیلڈ وزٹس کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس، ٹیچنگ ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ، ہسپتال چوک اور دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی کمپلیکس میں افسران اور ملازمین کی حاضری چیک کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین اور افسران کو ڈیوٹی کے اوقات کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی، غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے او پی ڈی، ایمرجنسی، ٹراما سینٹر اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تیمارداری کی اور ان کے لواحقین سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت ان کا ذاتی شعبہ رہا ہے اور ٹیچنگ ہسپتال کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مریضوں اور لواحقین کے ساتھ مشفقانہ رویہ اپنانا ضروری ہے جبکہ سینٹری ورکرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال کی پارکنگ اور کینٹین میں اوور چارجنگ کی سختی سے ممانعت کی اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

    ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں، اساتذہ اور سٹاف سے ملاقات کی۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل دریافت کیے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے شہر کے مختلف مقامات کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال چوک پر سیوریج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ خاص طور پر ڈیرہ غازی خان شہر میں سیوریج کا مسئلہ سنگین ہے اور اس کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو صحت کے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہر کے دیگر مسائل کو بھی حل کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف:یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

    اوچ شریف:یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ملک بھر کی طرح اوچ شریف میں بھی یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا اور سوشل میڈیا پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    شہر کے سینئر صحافیوں احمد حسن اعوان، ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، میاں عامر صدیقی، ساجد خان، خواجہ غلام شبیر، حبیب اللہ خان بلوچ، ارشاد احمد شاد، ملک شفیق انجم اور ملک یعقوب ککس ملک ثاقب منظور نے اس موقع پر اساتذہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو روحانی ماں باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو لوگ اساتذہ کا احترام کرتے ہیں وہ کبھی پیچھے نہیں رہتے۔

    سینئر صحافی احمد حسن اعوان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کو وی وی آئی پی سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ممالک تعلیم میں ترقی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی نے اساتذہ کو محنتی اور باہمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں مستقبل کے معماروں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

    میاں عامر صدیقی نے کہا کہ اس دن کا مقصد اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انہیں تحریک دینا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ حبیب اللہ خان نے کہا کہ اساتذہ کی کامیابی دراصل قوم کی کامیابی ہے اور اگر ہم اپنے اساتذہ کا خیال رکھیں گے تو قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔

    یہ قابل ذکر ہے کہ یونیسکو کی جانب سے 1994ء سے عالمی یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیم کی ترقی میں اساتذہ کا کردار کس قدر اہم ہے۔ اس دن کے ذریعے معاشرتی شعور میں اضافہ اور اساتذہ کی قدر و قیمت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اساتذہ کو ”ہیرو ایوارڈ” دیئے گئے

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اساتذہ کو ”ہیرو ایوارڈ” دیئے گئے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ اساتذہ ہی قوم کے حقیقی معمار ہیں، اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت کی عظیم ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ہے۔ اپنے پیشے سے مخلص اساتذہ معاشرے کا روحانی باب ہیں اور قابل فخر اساتذہ میں ”ہیرو ایوارڈ” کی تقسیم حکومت پنجاب کا ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

    یہ بات انہوں نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول سیالکوٹ میں عالمی یومِ اساتذہ 2024 کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کہی، جس کا انعقاد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ، TALEEM پروگرام، گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن (GPE) اور یونیسف کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیرو ایوارڈز کا مقصد ان اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں اور معیاری تعلیم کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہر تحصیل میں پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اساتذہ کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

    سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ کی ہر تحصیل میں مجموعی طور پر 19 اساتذہ کو ہیرو ایوارڈ دیا جا رہا ہے، جن میں 8 پرائمری سکول ٹیچرز، 5 ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز، 5 سیکنڈری اسکول ٹیچرز، اور 1 سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ شامل ہیں۔ ایوارڈ یافتگان کا انتخاب طلبہ کے نتائج، نظم و ضبط، کلاس روم مینجمنٹ، اور کمیونٹی انگیجمنٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سیکنڈری اسکول کے اساتذہ کو ان کی 9ویں، 10ویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسوں کے نتائج کے پیش نظر منتخب کیا گیا، جبکہ سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ اور ہیڈ ٹیچرز کو طلبہ کی تعداد میں اضافے اور نظم و ضبط کی بہتری کی بنا پر یہ اعزاز دیا گیا۔

    آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اساتذہ کو اسناد اور ہیرو ایوارڈ بیجز تقسیم کیے، اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔