Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: ڈسکہ میں محفل ذکر رحمتہ اللعالمین ﷺمنعقد کی گئی

    سیالکوٹ: ڈسکہ میں محفل ذکر رحمتہ اللعالمین ﷺمنعقد کی گئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسکہ میں محفل ذکر رحمتہ اللعالمین ﷺمنعقد کی گئی،صوبائی وزیر بلدیات نے نعت خوانوں کو انعامات اور موٹر سائیکلیں تقسیم کیں

    تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت ڈسکہ میں محفل ذکر رحمتہ اللعالمین ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر معروف نعت خوان قاری رفیق الدین سیالوی، محمد ابوبکر سلطانی، حافظ مرغوب احمد ہمدانی، نعمان ارشد غوری، عمر شہزاد، حافظ وسیم عباس، حافظ احسن رضا سیالوی، حافظ احسن اضا اویسی، حافظ معاذ صدیقی، حافظ مرزوق احمد اور حافظ احمد رضا نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

    صوبائی وزیر بلدیات نے نعت خوانی اور قرات میں اول، دوم اور سوم آنے والے حضرات کو بالترتیب 50,000، 30,000 اور 25,000 روپے نقد انعامات دیے۔ علاوہ ازیں، محفل کے تین شرکاء میں قرعہ اندازی کے ذریعے موٹر سائیکلیں بھی تقسیم کی گئیں۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ کے علاقے میں 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: تھانہ کینٹ کے علاقے میں 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) تھانہ کینٹ کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں چار افراد کو قتل کر دیا گیا۔ ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے اس واردات کو انجام دیا۔

    پولیس کے مطابق، ملزم شاہد نے اپنے دو سگے بھائیوں احمد اور حامد، چچا زاد بھائی اظہر اور بہنوئی امانت کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا۔ یہ تمام افراد گزشتہ رات ایک شادی کی تقریب سے فارغ ہو کر ایک کمرے میں سو رہے تھے جب ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان پر فائرنگ کردی۔

    ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ قتل خانوادگی جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ ملزم شاہد اور مقتولین میں کئی سالوں سے زمین کے تنازعے پر جھگڑا چل رہا تھا۔ ملزم نے اس تنازعے کا خاتمہ کرنے کے لیے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

    واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ملتان خورد میں جعلی پیر کا دھندا پھیل گیا، بےگناہوں کی زندگیاں اجیرن،ایک کیخلاف مقدمہ درج

    ملتان خورد میں جعلی پیر کا دھندا پھیل گیا، بےگناہوں کی زندگیاں اجیرن،ایک کیخلاف مقدمہ درج

    تلہ گنگ (باغی ٹی وی،نامہ نگارشوکت ملک)ملتان خورد شہر میں جعلی پیروں کا دھندا عروج پر ہے اور یہ لوگ بےگناہ لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ میں طارق نامی ایک جعلی پیر کے خلاف کالے جادو اور ٹونے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افضل خان نامی شخص گزشتہ کچھ عرصے سے طارق نامی جعلی پیر کے پاس جا رہے تھے۔ افضل خان کے بیٹے نعیم افضل کا کہنا ہے کہ ان کے والد طارق پر پوری طرح سے انحصار کر رہے تھے اور اس کا کہنا ماننے پر مجبور تھے۔ طارق نے افضل خان پر کالا جادو کر رکھا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید بیمار رہتے تھے۔

    گزشتہ روز افضل خان اچانک گھر سے غائب ہو گئے اور جب نعیم افضل نے انہیں تلاش کیا تو وہ طارق کی دکان پر ملے۔ جب نعیم افضل نے طارق سے اپنے والد کو چھوڑنے کو کہا تو طارق نے اسے دھمکیاں دینی شروع کر دیں اور کہا کہ وہ اس کی پوری نسل کو تباہ کر دے گا۔

    نعیم افضل نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی اور طارق کے خلاف تھانہ ٹمن میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طارق کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • احمد پور شرقیہ میں پاسپورٹ آفس نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

    احمد پور شرقیہ میں پاسپورٹ آفس نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان )تحصیل احمد پور شرقیہ کے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے کے لیے بہاولپور کا طویل اور مشکل سفر کرنا پڑ رہا ہے۔ پاسپورٹ آفس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو نہ صرف وقت اور پیسے کی ضیاع ہو رہا ہے بلکہ انہیں مختلف مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بہاولپور میں پاسپورٹ آفس میں طویل قطاریں اور ٹاؤٹ مافیا کی موجودگی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ بہت سے لوگ اپنے اہم کاموں سے وقت نکال کر پاسپورٹ بنوانے کے لیے بہاولپور جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مالی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔

    احمد پور شرقیہ کی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ "میں اپنا پاسپورٹ بنوانے کے لیے پاسپورٹ بنوانے کے لیے بہاولپور گئی تھی۔ وہاں مجھے کئی گھنٹے قطار میں لگنا پڑا اور آخر میں مجھے ٹاؤٹ کی مدد لینی پڑی۔”

    مقامی نمائندوں سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے اچھی خبر آنے کی امید ہے۔

    احمد پور شرقیہ میں پاسپورٹ آفس نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کو اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے

    یاد رہے کہ تحصیل احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور کی سب سے بڑی تحصیل ہے اور 36 یونین کونسلز پر مشتمل ہے، ابھی تک پاسپورٹ آفس کی سہولت سے محروم ہے.

  • اوچ شریف: ٹوکہ مشین میں خاتون کا ہاتھ کٹ گیا

    اوچ شریف: ٹوکہ مشین میں خاتون کا ہاتھ کٹ گیا

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )ٹوکہ مشین میں خاتون کا ہاتھ کٹ گیا

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے رتہر نہرانوالی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں محمد رفیق کی بیوی کا ہاتھ بجلی کی ٹوکہ مشین کی زد میں آ کر کٹ گیا۔

    محمد رفیق کی اہلیہ گھر کے مویشیوں کے لیے گھاس کاٹ رہی تھیں کہ اچانک ان کا ہاتھ مشین میں آ گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ فوراً بعد انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    رشتے داروں اور ہمسائیوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمی خاتون کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

  • سیالکوٹ : ڈاکوؤں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، دو فرار

    سیالکوٹ : ڈاکوؤں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، دو فرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ کے تھانہ بمبانوالہ کی پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو ڈاکو فرار ہو گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سرکل ڈسکہ کے تھانہ بمبانوالہ کو کنٹرول 15 پر کال موصول ہوئی کہ شہری خالد محمود کے ساتھ تین ڈاکوؤں نے واردات کی ہے اور نقدی، شناختی کارڈ، اور موبائل فون چھین کر پل نہر گوئیند کے علاقے کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔ فوراً ناکہ بندی کروائی گئی اور پولیس پارٹی پل نہر گوئیند پر موجود تھی۔

    پولیس پارٹی نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ دیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس پارٹی نے درختوں اور جھاڑیوں کی آڑ لے کر اپنی جان بچائی اور حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اپنی موٹر سائیکل چھوڑ دی اور فصلوں کی طرف فرار ہو گئے۔

    پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا، اور فائرنگ رکنے پر چیک کیا گیا تو ایک نامعلوم ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا۔ ملزم کے پاس پسٹل اور موٹرسائیکل موجود تھی۔ اس کی شناخت حسن ولد خالد قوم جٹ سکنہ راہوالی کینٹ گوجرانوالہ کے نام سے ہوئی۔ ملزم حسن نے بتایا کہ اسے اس کے ساتھیوں احسن ولد محمد لطیف سکنہ گوجرانوالہ اور ایک نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے۔ دونوں ملزمان فصلوں کی آڑھ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کو ملزم حسن کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کال کی گئی، لیکن ریسکیو کی گاڑی آنے سے پہلے ہی ملزم ہلاک ہو گیا۔ ہلاک شدہ ملزم کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے موبائل فون، نقدی، اور ایک شناختی کارڈ برآمد ہوا۔

    قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ملزم کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

  • ننکانہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کہاں ہیں؟ مریضوں کی چیخیں کس کو سنائی دیں گی؟

    ننکانہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کہاں ہیں؟ مریضوں کی چیخیں کس کو سنائی دیں گی؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ہسپتال میں ڈاکٹرز کہاں ہیں؟ مریضوں کی چیخیں کس کو سنائی دیں گی؟ایم ایس کی نااہلی سے ننکانہ ہسپتال میں صحت کا نظام کیوں تباہ ہو رہا ہے؟ مریضوں کی جانوں سے کھیلنا کب تک جاری رہے گا؟

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ایم ایس ڈاکٹر عمران شاہ کی نااہلی اور مبینہ غفلت کی وجہ سے ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر آویزاں ہونا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا معمول بن چکا ہے۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ایس کی نااہلی اور مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے ڈاکٹرز کئی ہفتوں تک ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں اور اکثر دیر سے پہنچتے ہیں، جس کے باعث مریضوں کو علاج معالجے کے بغیر واپس جانا پڑتا ہے۔

    سول ہسپتال کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز اکثر غائب رہتے ہیں اور صرف سرکاری دورے کے دوران فوری طور پر ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جاتی ہے۔ بایومیٹرک سسٹم موجود ہونے کے باوجود، چند سینیئر ڈاکٹرز ہی بروقت حاضری لگاتے ہیں، جبکہ دیگر ڈاکٹرز کی غیر حاضری اور تاخیر ایم ایس کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کی عکاسی کرتی ہے۔

    شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ ہر ماہ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر تیار کیا جائے اور آویزاں کیا جائے تاکہ قانون کی حکمرانی قائم ہو سکے اور عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

  • ننکانہ صاحب: سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد، امن و اتحاد کا پیغام

    ننکانہ صاحب: سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد، امن و اتحاد کا پیغام

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیراہتمام آفیسر کلب میں سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، اور دیگر ضلعی افسران کے علاوہ ضلعی میلاد مصطفی کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، سکھ، عیسائی برادری کے نمائندے، اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    کانفرنس میں کہا گیا کہ ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام امن، محبت، اخوت، بردباری، اور تحمل ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اس دن کو صرف منانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درس پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔

    نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے اور ان کی محبت کے بارے میں اپنی نسلوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں۔

    کانفرنس کے اختتام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

    مقررین نے جشن میلاد النبی کے دن کو جوش و خروش اور محبت سے منانے اور فرقہ وارانہ تقاریر سے پرہیز کرنے کی اپیل کی۔ ضلع ننکانہ کو امن کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے علماء کرام کے اہم کردار کی بھی تعریف کی گئی اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے بھرپور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

  • ڈیرہ غازیخان: پنجاب ہاؤسنگ کا کمرشل فیس طلب کرنا غیر قانونی، ایم پی اے برہم، اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان

    ڈیرہ غازیخان: پنجاب ہاؤسنگ کا کمرشل فیس طلب کرنا غیر قانونی، ایم پی اے برہم، اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)پنجاب ہاؤسنگ کا کمرشل فیس مانگناغیر قانونی،ایم پی اے سیخ پا،اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان.ذرائع
    حنیف پتافی کے بھائی محمد رفیق اور محمد شفیق 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کے ڈیفالٹر ہیں، جبکہ سپیریئر کالج بھی فیس کی عدم ادائیگی کا شکار ہے

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی جانب سے کمرشل فیس کی ریکوری پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی ڈیرہ غازیخان سے گفتگو میں ایم پی اے حنیف پتافی نے اس معاملے کو پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کاعندیہ دے دیا،جس کی وجہ سے پنجاب ہاؤسنگ کی ریکوری نہ ہوسکی،

    اطلاعات کے مطابق حنیف پتافی کے بھائی محمد رفیق اور محمد شفیق 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کے ڈیفالٹر ہیں، جبکہ سپیریئر کالج بھی فیس کی عدم ادائیگی کا شکار ہے۔ایم پی اے حنیف پتافی کی وجہ سے دیگر سرکاری افسران، بااثر سیاسی رہنماؤں، سماجی تنظیموں، پرائیویٹ کالجز، اسکولز، اکیڈمیاں، بیوٹی پارلرز، ہوٹلز اور ڈاکٹروں نے بھی کمرشل فیس ادا نہیں کی ہے جبکہ خود اپنی کمرشل فیس ادا کرچکے ہیں۔ اس صورت حال کے باعث محکمہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی ڈیرہ غازیخان کے ملازمین سخت پریشانی کا شکار ہیں، کیونکہ وہ ان بااثر افراد کی وجہ سے کمرشل ٹیکس فیس اکٹھی کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔

    محکمہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی نے متعدد نوٹس جاری کیے ہیں اور کئی پلاٹس کو منسوخ کیا ہے، مگر بااثر افراد کی جانب سے مزاحمت کی وجہ سے ان اقدامات کا کوئی خاطر خواہ اثر نہیں ہوا۔ اس کے نتیجے میں حکومت پنجاب بھاری مالی نقصان کا شکار ہے، اور موجودہ حکومت کے بعض اہم شخصیات جن ڈاکٹرحافظ عبدالکریم بھی شامل ہے اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے نظر آئے ہیں۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ ایم پی اے حنیف پتافی پنجاب اسمبلی میں اس مسئلے پر کس طرح آواز اٹھاتے ہیں؟وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف صاحبہ حکومت پنجاب کے اس ہونے والے نقصان پر خاموش رہیں گی؟ اس کا حل کیا ہوگا؟کیا محکمہ ہاؤسنگ کمرشل فیس وصول کرنے میں کامیاب ہوگا؟یہ ایک اہم معاملہ ہے جس پر تمام متعلقہ اداروں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے، اس تناظر میں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آیا کوئی مؤثر قانونی اقدام اٹھایا جائے گا یا یہ معاملہ مزید سیاستدانوں اور حکومتی افسران کی گٹھ جوڑ کی نذر ہو جائے گا؟۔

  • ڈیرہ غازیخان: آنکھوں کی بیماری آشوب چشم کا تیزی سےپھیلاؤ،عوام بے بس، تشویشناک صورتحال

    ڈیرہ غازیخان: آنکھوں کی بیماری آشوب چشم کا تیزی سےپھیلاؤ،عوام بے بس، تشویشناک صورتحال

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) آنکھوں کی بیماری آشوب چشم کا تیزی سےپھیلاؤ،عوام بے بس، تشویشناک صورتحال

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان شہر کے مضافاتی علاقوں پیرعادل، لاڈن، اور دری میرو میں آنکھوں کی ایک مہلک بیماری نے ہنگامہ مچا دیا ہے۔ اس بیماری کی زد میں سکول جانے والے بچے، نوجوان اور بوڑھے سبھی آ رہے ہیں۔ آنکھوں سے پانی بہنا، شدید خارش، سوزش اور لالی کی شکایات عام ہیں۔

    اس صورتحال میں محکمہ صحت کے ارباب اختیار غائب ہیں۔ شہریوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے لیے کوئی سرکاری کیمپ یا احتیاطی تدابیر نہیں بتائی جا رہی ہیں۔ محکمہ صحت کے افسران اپنے ائیر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہیں۔ عوام کو نہیں پتا کہ اس مشکل وقت میں کہاں جائیں۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی جلد از جلد تشخیص اور علاج بہت ضروری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپنی آنکھوں کی دیکھ بھال پر خاص توجہ دینے اور کسی بھی قسم کی علامت ظاہر ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اپیل کی ہے۔

    متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس بیماری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔