Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ:ٹریکٹر ٹرالی نے پیدل جاتی 10 سالہ بچی کو کچل دیا

    اوکاڑہ:ٹریکٹر ٹرالی نے پیدل جاتی 10 سالہ بچی کو کچل دیا

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر )ٹریکٹر ٹرالی نے پیدل جاتی 10 سالہ بچی کو کچل دیا
    اوکاڑہ کے علاقے منڈی احمد آباد کے نواحی گاؤں جلاں والی میں ٹریکٹر ٹرالی پیدل جاتی دس سالہ بچی پر چڑھ گئی. بچی موقع پر جاں بحق ہو گئی

    بچی کی نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹریکٹر ڈرائیور کی لاپروائی اور غلط ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوا حادثہ میں دس سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئی ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کرنے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی

    جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت کنساء دختر عمران کے نام سے ہوئی جو منڈی احمد آباد کی رہائشی تھی

  • اوکاڑہ:حضرت کرمانوالہ کی سالانہ عرس  کی تقریبات شروع ہوگئیں

    اوکاڑہ:حضرت کرمانوالہ کی سالانہ عرس کی تقریبات شروع ہوگئیں

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر )اوکاڑہ حضرت اسماعیل شاہ المعروف حضرت کرمانوالہ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات شروع ہوگئیں۔ایک ہزار سے زائد پولیس افسران ۔اہلکار سیکورٹی کے انتظامات پر مامور ڈی پی او آ فس میں مانیٹرنگ روم قائم کردیا گیا

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں حضرت کرمانوالہ میں پیر حضرت اسماعیل شاہ کا سالانہ عرس کی تقریبات کا انعقاد کر دیا گیا، مریدین کی امد کا سلسلہ شروع دربار منتظمین کی طرف سے مریدین کے کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں 24 گھنٹے لنگر عام رہے گا دربار کے باہر مختلف سٹال سج گئے۔

    نعت خواہوں قوالوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

    دربار پر اور ارد گرد سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار افسر اور جوان ۔لیڈیز پولیس سیکورٹی پر مامور کر دئے گئے ہیں۔

    ڈی پی او اوکاڑہ منصور امان نے سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور خصوصی ہدایات جاری کیں ۔ڈی پی او آ فس میں ایک کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائیگی۔

    عرس کی تقریبات 28 فروری تک جاری رہیں گی

  • سیالکوٹ: دوران ڈکیتی مزاحمت پرشہری زخمی،پٹاخہ چلانے سے گھر کو آگ لگ گئی

    سیالکوٹ: دوران ڈکیتی مزاحمت پرشہری زخمی،پٹاخہ چلانے سے گھر کو آگ لگ گئی

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض )دوران ڈکیتی مزاحمت پرشہری زخمی،پٹاخہ چلانے سے گھر کو آگ لگ گئی
    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ میں تھانہ سبز پیر کے علاقہ معراجکے سٹاپ کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے دوران واردات مزاحمت پر 46 سالہ محمد نصیر کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا

    جسے ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا

    سیالکوٹ کے قصبہ اگوکی میں پٹاخہ چلانے کے باعث گھر میں آگ لگ گئی،گھریلو سامان خاکستر ہو گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات قصبہ اگوکی میں مرجان چوک کے قریب پیش آیا ۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ۔

    متاثرہ گھر کے مالک نوید کے مطابق 70ہزار مالیت کا گھریلو سامان جل گیا ہے جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی سے 50ہزار مالیت کا سامان اور گھر کو جلنے سے بچا لیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: گورنمنٹ کمیونٹی کالج فار ویمن گھوئینکی میں بیادِ فیض چوتھی محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی

    سیالکوٹ: گورنمنٹ کمیونٹی کالج فار ویمن گھوئینکی میں بیادِ فیض چوتھی محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی ( بیوروچیف شاہد ریاض سے) فکرِسخن کے پلیٹ فارم سے گورنمنٹ کمیونٹی کالج فار ویمن گھوئینکی میں بیادِ فیض چوتھی محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جو کہ بانیِ فکرِ سخن سمیرا ساجد ناز اور صدر فکرِ سخن محمد اعجاز غوری کی معاونت سے اور فکرِ سخن کے تمام اراکین کی محبت و خلوص کی وجہ سے بھر پور طریقے سے سر انجام پائی جس میں شہرِ اقبال و ضلع سیالکوٹ کے نامور شعراء کرام نے اپنی تشریف آوری سے محفلِ مشاعرہ کو چار چاند لگا دئیے.

    عظیم شاعر فیض احمد فیض کی 112ویں سالگرہ کے موقع پر تمام شعراء نے اپنا اپنا کلام پیش کر کے فیض احمد فیض کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ ضلع سیالکوٹ کے بہترین گلوکارعلی عمران ابنِ رفاقت اور مریم انصر نے کلامِ فیض ترنم سے پڑھا اور محفل کو رونق بخشی۔ محفلِ مشاعرہ کی صدارت شاعر تنویر احمد تنویر اور خصوصی مہمان ڈاکٹر عامر اقبال نے کی.

    مہمانِ اعزاز شاعر افتخار شاہد اور عامر رفیق عامر نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کی. دیگر حاظرین میں جناب ایوب احمد شفیقی صاحب اور نوجوان شعراء میں میاں جہانزیب، شائق سعیدی، فرقان فرضی اور ارسلان ارسل بھٹی شامل تھے۔

    فکرِ سخن کی ٹیم کے اراکین جنرل سیکرٹری ساجدہ چوہدری، میڈیا چئیر پرسن صغریٰ جعفری، سیکرٹری میڈیا پرسن عائشہ نوید نے اپنے اپنے فرائض بہ احسن طریق سر انجام دیے. جنرل سیکرٹری ساجدہ چوہدری کی نظامت میں تقریب انتہائی شاندار رہی۔

    محفل میں موجود سامعین و حاضرین کی جانب سے بے پناہ داد و تحسین نے شعراء کرام کی خوب پذیرائی کی. ایک خوبصورت شام محفلِ مشاعرہ بیادِ فیض دلکش انداز میں ذہنوں اور دلوں پر گہرے نقوش ثبت کرتے ہوئے اور ڈھیروں یادیں سمیٹتے ہوئے فکرِ سخن کی کتاب میں ایک خوبصورت پنہ جوڑنے میں کامیاب رہی۔

  • وادی رمبور ،کیلاش قبیلے کی معروف شخصیت دورم شاہ انتقال کرگئے

    وادی رمبور ،کیلاش قبیلے کی معروف شخصیت دورم شاہ انتقال کرگئے

    چترال (گل حماد فاروقی)وادی رمبور کیلاش قبیلے کی معروف شخصیت دورم شاہ انتقال کرگئے،کیلاش روایات کے مطابق کی تین دن تک رسومات ادا کی جائیں گی

    مرنے والے شخص کو روائتی ٹوپی پہنائی جاتی ہے۔ جسمیں 100روپے، پانچ سو اور ہزار ہزاراور 5000کے نوٹ لگائے جاتے ہیں اور خشک میوہ جات کے ڈبے رکھےجاتے ہیں؛ جبکہ میت کے قریب اس کے قریبی عزیز و رشتہ دار بیٹھتے ہیں اور باقی قبیلے کے افراد رقص کرتے اور روائتی نغمے گاتے ہیں

    چترال کے پہاڑوں کے دامن میں رہنے والے ہزاروں سالوں سے آباد کیلاش قبیلے کے لوگ اپنی مخصوص ثقافت، نرالے دستور، رسم و رواج اور نہایت دلچسپ تہواروں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ یہ شاید دنیا کی واحد قوم ہے جو اپنی میت کو بھی خوشی خوشی رخصت کرتے ہیں۔

    وادی کیلاش رمبور میں معروف شخصیت دورم شاہ کیلاش طویل علالت کے بعد انتقال کرگیے۔ آنجہانی دورم شاہ چترال لیویز یعنی بارڈر پولیس سے حوالدار ریٹائر ہوئے تھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن بھی رہے ہیں ان کی عمر اسی سال بتائی جاتی ے جو گاؤں بلانگورو رومبور کا رہائشی تھا۔ وادی کیلاش کے تینوں وادیوں بمبوریت، بریر اور رمبور سے کیلاش قبیلے کے خواتین و حضرات ان کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کیلئے رمبور میں جمع ہوچکے ہیں۔

    کیلاش روایات کے مطابق مرد کے فوتگی پر تین دن تک رسومات ادا کی جاتی ہیں جبکہ خاتون کی فوتگی پر ایک یا دو دن۔ اس دوران کیلاش خواتین رقص کرتی ہِیں اور میت کے سرہانے گول دائرے میں رقص کرکے گھومتے ہویے مذہبی گیت گاتی ہیں مگر ان کا یہ رقص عام تہواروں میں ہونے والے رقص سے بالکل علیحدہ ہوتا ہے۔

    مرد حضرات ڈھولک بجاتے ہین اور مرد بھی رقص کرکے اس رسم شریک رہتے ہیں۔ میت کے گھر دس سے لیکر سو تک بکریاں، گائیں اور بیل ذبح کئے جاتے مگر یہ جانور مسلمانوں سے ذبح کروایا جاتے ہیں تاکہ وادی میں رہنے والے سب لوگ اس کا گوشت کھاکر اس ضیافت میں شرکت کرسکیں

    مرنے والے کی رشتہ دار تین کنستر یعنی ٹین دیسی گھی، پنیر اور دیسی روٹیاں لاتی ہیں جومہمانوں کو پیش کی جاتی ہیں۔ میت کے سرہانے ان کے قریبی رشتہ دار، بیٹی، بیوی، بہن بیٹھ کر روتی ہے جبکہ باقی لوگ اس کے چارپائی کے سرہانے ارد گرد گیت گاتے ہوئے رقص کرتے ہیں۔

    ان کی میت کو کیلاش مذہبی جگہہ جسٹکان میں رکھا جاتا ہے جہاں آگ جلاکر لوگوں کو سردی سے بچایاجاتا ہے۔ اس دوران میت کو ایک چار پائی میں ڈال کر جسٹہ کان میں رکھا جاتا ہے اور اس کے ٹوپ میں پچاس، سو، پانچ سو، ہزار اور پانچ ہزار کے نوٹ بھی سجائے جاتے ہیں جسےعزت اور اکرام کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔

    میت کے سرہانے تازہ اور خشک پھلوں کے ساتھ ساتھ سگریٹ اور نسوار بھی رکھی جاتی ے۔ جبکہ آنے والے مہمانوں میں بھی نسوار تقسیم کی جاتی ہے۔ یہ رسم تین دن تک دن رات لگاتار بغیر کسی وقفے کے جاری رہتی ہے۔ آخری دن کیلاش قبیلے کے لوگ میت کو چارپائی میں ڈال کر قبرستان لے جاتے ہیں مگر اس دوران ہوائی فائرنگ بھی کرتے ہیں جسےمیت کے اعزاز میں ایک سلامی سمجھی جاتی ہے۔ میت کو قبرستان میں دفنا کر اس کے ساتھ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والا سامان بھی رکھا جاتا ہے جس میں پنیر، شہد، کپڑے اور شکاری بندوق بھی شامل ہے مگر آج کل بندوق نہیں رکھی جاتی۔ مرد کے موت پر اس کی بیوی کئی ماہ تک گھر کے اندر رہتی ہے اور سوگ مناتی ہےان کو الگ کرکے کھانا دیا جاتا ہے۔

    جو لوگ اس کے دفنانے میں شریک ہوکر قبرستان تک جاتے ہیں واپسی پر وہ ایک ندی کے کنارے بیٹھ کر ہاتھ دھوتے ہیں پھر اکر ضیافت کھاتے ہیں۔

    ماضی میں کیلاش لوگ اپنے مردوں کو ایک لکڑی کی صندوق میں ڈال کر کھلا چھوڑتے تھے مگر چند دن بعد گلنے سڑنے کے بعد اس کی تعفن سے پوری بستی کو نہایت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا اسی وجہ سے آج کل کیلاش لوگ اپنے مردوں کو دفناتے ہیں تاکہ اس کی بدبو کی وجہ سے کسی کو تکلیف نہ ہو۔

    کیلاش عقیدے کے مطابق جب کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کی پیدایش پراس کے گھر والے خوشی مناتے ہیں مگر جب وہ مر جاتا ہے تو اسے خوشی خوشی دوسرے دنیا میں رحصت کرنا چاہیے۔ اور جس میت پر جتنا زیادہ بکرے کاٹے جاتے ہیں اتنا ہی اسے نہایت معزز سمجھا جاتا ہے جبکہ کیلاش قبیلے کے رہنما قاضی میت کے سرہانے کھڑے ہوکر ان کی تعریف کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہیں جو عزت اور اکرام کی علامت سجھی جاتی ہے۔

    کیلاش لوگ اپنے میت پر زیادہ بکریاں کاٹنے کی وجہ سے اکثر مالی مشکلات کا بھی سامنا کرتے ہیں مگر ہزاروں سالوں سے جاری اس رسم کو انہوں نے اسی طرح اصلی حالت میں رکھا ہوا ہے ۔

    اس مخصوص اور نہایت دلچسپ رسم کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں سیاح بھی وادی کیلاش کا رخ کرتے ہیں۔ تاہم راستوں کی خرابی کی وجہ سے اکثر سیاح وادی کیلاش میں جانے سے گریز کرتے ہیں تاکہ راستے میں سفری مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔

  • سیالکوٹ: اتوار پتنگ مافیاء کیلئے بھاری رہا،پولیس کا کریک ڈاؤن، 72  گرفتار

    سیالکوٹ: اتوار پتنگ مافیاء کیلئے بھاری رہا،پولیس کا کریک ڈاؤن، 72 گرفتار

    سیالکوٹ باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)ضلعی پولیس کا اتوار کے دن ضلع بھر میں پتنگ مافیا کےخلاف کریک ڈاؤن، کارروائی کے دوران 72 ملزمان کو گرفتار کیا گیا

    گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ہزاروں کی تعداد میں پتنگیں اور سینکڑوں کیمیکل ڈوریں برآمد کر کے ملزمان کے خلاف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔

    ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال کا کہنا ہے کہ قاتل ڈور پھرنے سے متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں. پتنگ مافیا کے خلاف کارروائی کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے.

  • لنڈی کوتل:جمرودپولیس نے آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

    لنڈی کوتل:جمرودپولیس نے آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)جمرودپولیس نے آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

    خیبر جمرود پولیس کی ائس کے خلاف کامیاب کارروائی موٹرکار کے زریعہ ائس اسمگل ناکام بنادی گئی خفیہ خانوں سے 3 کلوگرام ائس برآمد 2 ملزمان گرفتار مقدمہ درج مزید تفتیش جاری۔

    ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کے جاری کردہ احکامات پر منشیات کے خلاف مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہیں ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کی خفیہ اطلاع پر اے ایس ایچ او مولاداد نے بائی پاس روڈ پر سپشل ناکہ بندی کے دوران کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ائس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی گاڑی نمبرAJG601 کے خفیہ خانوں سے 3 کلوگرام ائس برآمد کرکے ملزم مصطفیٰ سکنہ پشاور اور سید آیت خان سکنہ جمرود غنڈی کو گرفتارکر کے جمرود حوالات منتقل کر دیا گیا۔

    ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں مکرو دھندہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا اور دیگر ساتھیوں کی نشاندھی بھی کی ملزمان ملک کے دیگر اضلاع کو مختلف قسم کے منشیات اسمگل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کردیا گیا

    ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کردیا گیا

    ڈیرہ غازیخان(نامہ نگار) انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کاافتتاح کیا۔
    ضلع ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو مہم26فروری تایکم مارچ تک جاری رہے گی۔ضلع میں8لاکھ562بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائےجائینگے

    ڈپٹی کمشنر نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے اور انکی فنگر مارکنگ بھی کی۔افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں رضوان نذیر،پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرادریس لغاری،ڈی ایچ او ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈی ایس وی عطاء اللہ ساجد،یونیسف،ڈبلیو ایچ او کےنمائندوں ودیگر افسران شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائینگے،ضلعی انتظامیہ،ہیلتھ اور الائیڈ محکمے الرٹ ہیں،والدین اپنے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں،

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں بھی انسداد پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،پولیو ٹیموں اور ورکرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کررہے ہیں،

    پولیو مہم قومی کاز ہے،کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،میں اور میرے افسران فیلڈ میں پولیو ورکرز کی ورکنگ کا جائزہ لینگے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں رضوان نذیر نے بھی بچوں کو حفاظتی پلائے۔

  • گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے 2 افراد کو اغوا کرلیا

    گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے 2 افراد کو اغوا کرلیا

    میرپور ماتھیلو، باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے 2 افراد کو اغوا کرلیا

    تفصیل کے مطابق گھوٹکی میں بدامنی کی آگ تھم نہ سکی ،مزید دو شہری مبینہ طور پر اغوا ہو گئے،ذرائع کابتانا ہے کہ اغوا ہونے والے دونوں کا تعلق
    گھوٹکی کے نواحی گاؤں سرحد سے ہے

    مغویوں کے ورثاء کاکہنا ہے کہ لکڑیوں کے تاجر عبدالستار اور ان کے ساتھی دوست کو ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا ہے، نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے لکڑیاں خریدنے کیلئے بلوا کر اغوا کر لیا ہے

    گھوٹکی پولیس کاکہنا ہے کچو بنڈی ون تھانہ کی حدود میں مغویوں کی آخری لوکیشن آ رہی ہے جن کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے.

  • یواے ای ،عجمان  فیکٹری میں آگ لگنے سے9پاکستانی زخمی

    یواے ای ،عجمان فیکٹری میں آگ لگنے سے9پاکستانی زخمی

    متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں کیمیائی مصنوعات کے ڈپو میں آتشزدگی سے 9 پاکستانی زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں میں گل داد ، نواب اور امام بخش کا تعلق ضلع بے نظیر آباد سندھ جبکہ اکرم ڈیرہ غازی خان پنجاب سے ہے

    پاکستانی قونصل خانے کے مطابق عجمان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے چار زخمیوں کو ابتدائی طور پر عجمان کے خلیفہ بن زید ہسپتال لے جایا گیا گل داد ، نواب اور امام بخش کا تعلق ضلع بے نظیر آباد سندھ جبکہ اکرم کا ڈیرہ غازی خان پنجاب سے ہے امام بخش کو بعد میں شیخ شخبوت میڈیکل سٹی ابوظہبی منتقل کر دیا گیا ۔

    اعجاز نامی زخمی شیخ زید اسپتال شارجہ، شاہد اور ظہور کویت اسپتال شارجہ جبکہ سکندر القاسمی اسپتال شارجہ میں داخل ہے پاکستانی قونصل خانے کے مطابق تمام زخمیوں کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جا رہی ہے قونصلیٹ جنرل دبئی کے ویلفیئر ونگ نے اسپتالوں کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔

    پاکستانی قونصل جنرل دبئی حسین محمد تحقیقات کیلئے پاکستانی مشن عجمان پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔