Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر  کی زیر صدارت اجلاس، ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور فیصل ولید اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد انعم علی خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) کے جاری منصوبوں کی نگرانی کی جائے اور ریونیو سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت جاننے کے لیے تواتر سے فیلڈ وزٹس کیے جائیں۔

    احمد عثمان جاوید نے تمام افسران پر زور دیا کہ عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • گھوٹکی: سیلاب سے سینکڑوں گاؤں زیرِ آب، متاثرین کا احتجاج، انتظامیہ پر غفلت کا الزام

    گھوٹکی: سیلاب سے سینکڑوں گاؤں زیرِ آب، متاثرین کا احتجاج، انتظامیہ پر غفلت کا الزام

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں سیلاب سے سینکڑوں گاؤں زیرِ آب، متاثرین کا احتجاج، انتظامیہ پر غفلت کا الزام
    تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی میں حالیہ سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاؤں پانی میں ڈوب گئے، درجنوں مکانات تباہ ہوئے اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔ متاثرین نے انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی امداد نہ ملنے پر شدید احتجاج کیا۔

    گاؤں جاڑو خان شیخ کے متاثرین نے مقامی رہنماؤں کمال مہر، نظیر احمد شیخ، جسقم شہید بشیر خان، اور میر حسن لاشاری کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سیلاب کو کئی دن گزر جانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی امدادی کارروائی شروع نہیں کی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی سے بچوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، اور مچھروں کی کثرت کے باعث ملیریا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مویشی بھی بیمار ہو رہے ہیں، لیکن کوئی ڈاکٹر علاج کے لیے نہیں پہنچا۔ اس صورتحال نے ان کے مالی اور جانی نقصان کو مزید بڑھا دیا ہے۔

    متاثرین نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ
    * سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔
    * متاثرین کو ادویات، خوراک اور عارضی رہائش فراہم کی جائے۔
    * جانوروں کے لیے بھی فوری طبی امداد کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: نجی یونیورسٹی میں یو آئی گرین میٹرک رینکنگ پر ورکشاپ کا انعقاد،گورنرپنجاب مہمان خصوصی

    سیالکوٹ: نجی یونیورسٹی میں یو آئی گرین میٹرک رینکنگ پر ورکشاپ کا انعقاد،گورنرپنجاب مہمان خصوصی

    سیالکوٹ(بیورورپورٹ)سیالکوٹ کی ایک نجی یونیورسٹی میں "یو آئی گرین میٹرک رینکنگ” کے حوالے سے دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں اور توانائی کے مسائل پر آگاہی پیدا کرنا تھا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے اس طرح کی ورکشاپس اور سیمینارز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا اور اس حوالے سے پاکستان اقوام متحدہ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

    گورنر نے کہا کہ حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پنجاب کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہوگی اور ایک قوم کی حیثیت سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام یونیورسٹیوں میں ماحولیاتی موضوعات پر نئے پروگرامز اور ڈگریاں متعارف کروائی جائیں گی تاکہ اس مسئلے کا بہتر حل تلاش کیا جا سکے۔

    ورکشاپ کے دوران "گرین کیمپس”، "انرجی پروڈکشن” اور "آلودگی” جیسے اہم موضوعات پر ماہرین نے اظہارِ خیال کیا۔ شرکاء نے بتایا کہ اس ورکشاپ سے تیار ہونے والا روڈ میپ حکومت کو پیش کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

  • میرپورخاص: پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، 11 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص: پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، 11 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ کے احکامات پر میرپورخاص پولیس نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اشیاء برآمد کی ہیں۔ ان میں 1 کلو سے زائد چرس، 5 ہزار لیٹر سے زائد دیسی شراب، ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، غیر قانونی اسلحہ اور بڑی تعداد میں مضر صحت گٹکے اور دیگر منشیات شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے واضح کیا ہے کہ میرپورخاص میں جرائم کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • میرپورخاص:ڈاکٹر عمران فاروق کی 15ویں برسی،  قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اہتمام

    میرپورخاص:ڈاکٹر عمران فاروق کی 15ویں برسی، قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اہتمام

    میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی 15ویں برسی کے موقع پر میرپورخاص میں ان کی یاد میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ تقریب ایم کیو ایم پاکستان کے ڈسٹرکٹ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق، رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارج آفاق احمد خان، اور دیگر اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، رکن مرکزی کمیٹی اے پی ایم ایس او حارث راجپوت اور یوسی چیئرمین سمیت مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔

    تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عمران فاروق اور تحریک کے دیگر شہداء کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے علاوہ، ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم اور دیگر رہنماؤں نے سابق حق پرست چیئرمین میونسپل کمیٹی میرپورخاص کامران شیخ کے بڑے بھائی ڈاکٹر عمران شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

  • گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نمائشی میچز کا انعقاد، آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز مہمان خصوصی

    گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نمائشی میچز کا انعقاد، آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز مہمان خصوصی

    گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان ) آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان نیل ہاکنز نے گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام مردوں اور خواتین کے نمائشی ہاکی میچ کھیلے گئے۔ یہ میچز گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے، جس کی نگرانی پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور اولمپیئن طاہر زمان نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گوجرہ آکر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ خود بھی ہاکی کے کھلاڑی رہے ہیں، اگرچہ زیادہ اچھے نہیں تھے۔ انہوں نے مزاحاً کہا کہ "گوجرہ کا پانی پی لیا ہے، ہوسکتا ہے اس سے اچھا ہاکی کھلاڑی بن جاؤں۔”

    ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گوجرہ کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہاکی کا حیران کن ٹیلنٹ موجود ہونے کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پاکستان کو قومی کھیل ہاکی کے مستقبل کے لیے سپورٹ کرنی چاہیے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    اس پروگرام کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمائشی میچوں کو دیکھنے کے لیے شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا اوچ شریف کا ہنگامی دورہ، امدادی پیکج کا اعلان لیکن آفت زدہ علاقہ قرار نہ دینے پر مایوسی

    وزیراعلیٰ پنجاب کا اوچ شریف کا ہنگامی دورہ، امدادی پیکج کا اعلان لیکن آفت زدہ علاقہ قرار نہ دینے پر مایوسی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ اوچ شریف کا ہنگامی دورہ کیا اور متاثرین کے لیے ایک جامع امدادی پیکج کا اعلان کیا، تاہم علاقے کو "آفت زدہ” قرار نہ دینے پر مقامی عوام میں گہری مایوسی پائی جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے اوچ شریف کے نواحی علاقے بلہ جھلن میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ، ایم پی اے ملک خالد محمود وارن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے وزیراعلیٰ کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرہ خاندانوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

    مریم نواز نے متاثرین سے براہ راست ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور فوری امداد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے لیے خصوصی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ اس دوران ایک موقع پر انہوں نے کیمپ میں موجود ایک بچے کو گود میں اٹھا کر متاثرین کے دل جیت لیے۔

    دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے سرکاری منچن بند کا معائنہ کیا اور مستقبل میں سیلابی خطرات سے بچاؤ کے لیے اسے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے متاثرین کی بحالی کے لیے ایک جامع امدادی پیکج کا اعلان کیا جس میں مالی امداد، رہائشی سہولیات کی فراہمی، زراعت کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو شامل ہے۔

    مقامی عوام اور سماجی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ کے بروقت دورے اور امدادی پیکج کا خیرمقدم کیا، لیکن علاقے کو باضابطہ طور پر آفت زدہ قرار نہ دیے جانے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ان کے گھر، کھیت اور روزگار مکمل طور پر تباہ کر دیے ہیں اور آفت زدہ علاقہ قرار نہ دینا ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوچ شریف اور گردونواح کو فوری طور پر آفت زدہ علاقہ قرار دے کر خصوصی فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ متاثرین کی مکمل بحالی ممکن ہو سکے۔

  • خانپور مہر: سکول کی چھت گرنے سے متعدد طلبہ زخمی

    خانپور مہر: سکول کی چھت گرنے سے متعدد طلبہ زخمی

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری)گھوٹکی کے علاقے خانپور مہر کے گاؤں احمد آباد میں ایک پرائمری اسکول کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے کئی معصوم طلبہ زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق کلاس میں مصروف تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اچانک چھت کا ایک حصہ گر گیا جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ ملبے تلے دب گئے۔ فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    سماجی رہنماؤں نے اس واقعے کو محکمہ تعلیم کی شدید غفلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ یہ واقعہ اسکولوں کی بوسیدہ عمارتوں اور ان کی دیکھ بھال میں غفلت جیسے اہم مسائل کی طرف توجہ دلاتا ہے۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ:سروائیکل کینسر ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، عوام افواہوں سے گریز کریں. ڈی ایچ او فیضان ارشد

    ٹوبہ ٹیک سنگھ:سروائیکل کینسر ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، عوام افواہوں سے گریز کریں. ڈی ایچ او فیضان ارشد

    گوجرہ (سٹی رپورٹر،محمد اجمل) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے پھیلائی جانے والی منفی ویڈیوز اور افواہیں بے بنیاد ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مستند طبی ماہرین کی رہنمائی پر اعتماد کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم 15 سے 27 ستمبر تک ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ہے، جس کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف سے منظور شدہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور مستقبل میں بچیوں کو مہلک بیماری سے تحفظ دے گی۔

    ڈاکٹر فیضان ارشد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور وہ منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

  • گوجرہ: آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ہاکی اسٹیڈیم آمد، شاندار استقبال

    گوجرہ: آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ہاکی اسٹیڈیم آمد، شاندار استقبال

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ایکسیلنسی نیل ہاکنز نے گوجرہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہمانِ خصوصی کے ساتھ ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ چیف کوچ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین طاہر زمان اور کوچ شیخ محمد عثمان نے بھی پرتپاک خیر مقدم کیا۔

    نیل ہاکنز نے اپنے پیغام میں کہا کہ گوجرہ کو ہاکی کے حوالے سے منفرد مقام حاصل ہے اور اس شہر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ آ کر بے حد خوشی ہوئی، خصوصاً بچوں اور بچیوں کا کھیل دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو استاد اسلم روڈا کے نام سے منسوب ہاکی اسٹک کا سووینئر اور 1994 ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم کے دستخطوں والی خصوصی ہاکی اسٹک پیش کی گئی، جبکہ انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔