Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرہ: طالبعلموں کا بس پر دھاوا، ڈرائیور و کنڈکٹر تشدد کا نشانہ

    گوجرہ: طالبعلموں کا بس پر دھاوا، ڈرائیور و کنڈکٹر تشدد کا نشانہ

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) تھانہ سٹی کی حدود چوک تکیہ پھمن سائیں میں فیصل آباد سے بہاولپور جانے والی بس پر تقریباً 30 طالبعلموں نے دھاوا بول دیا۔ مشتعل طالبعلموں نے بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، لاتوں، گھونسوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا جبکہ بس کی اسکرین اور شیشے توڑ کر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ واقعے کی فوٹیج وائرل ہو گئی ہے جس میں واضح طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    کنڈکٹر کے مطابق طالبعلم اس کی جیب سے 55 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون بھی چھین کر لے گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس نے نامعلوم طالبعلموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب: مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام علمائے کرام کا اجلاس

    ننکانہ صاحب: مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام علمائے کرام کا اجلاس

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیراہتمام ضلعی سیکرٹریٹ میں علمائے کرام کا ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانِ خصوصی شعبہ دعوت و اصلاح پاکستان کے مدیر حافظ عبدالروف تھے جبکہ جنرل سیکرٹری محمد ثاقب مجید اور مدیر شعبہ دعوت و اصلاح ضلع امیر حمزہ سمیت ضلع بھر سے علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اجلاس میں موجودہ سیلابی صورتحال اور شعبہ خدمتِ خلق کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حافظ عبدالروف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام معاشرے اور خصوصاً نوجوان نسل کی اصلاح اور تربیت میں مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں نوجوان مختلف چیلنجز سے دوچار ہیں، ایسے میں علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ منبر و محراب سے اصلاحی پیغام عام کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ اگر نوجوان نسل کو دینی و اخلاقی اقدار سے جوڑ دیا جائے تو پورا معاشرہ مثبت تبدیلی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ حافظ عبدالروف نے مزید کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نہ صرف دعوت و اصلاح کے میدان میں سرگرم ہے بلکہ خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت مصیبت زدہ افراد کی عملی مدد کو بھی اپنا شعار بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ اس جدوجہد میں تنظیم کا ساتھ دیں اور اپنی صلاحیتیں قوم و ملت کی بھلائی کے لیے وقف کریں۔

  • ڈیرہ غازی خان: دفتر محتسب پنجاب کو عالمی معیار پر خدمات پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ

    ڈیرہ غازی خان: دفتر محتسب پنجاب کو عالمی معیار پر خدمات پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) دفتر محتسب پنجاب ڈیرہ غازی خان کو عالمی معیار کے مطابق عوامی خدمات فراہم کرنے پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ریجنل دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    ایڈوائزر دفتر محتسب ڈیرہ غازی خان راؤ محمد سلیم نے خطاب میں کہا کہ عوامی داد رسی اور شکایات کے بروقت ازالے کے باعث یہ اعزاز ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کی بدانتظامی، تاخیر، لاپرواہی اور بدعنوانی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ شہری بغیر کسی فیس کے سادہ کاغذ پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ شکایات کے ازالے کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 30 تا 40 دن کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ شکایت کنندگان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کارروائی سے باخبر رکھا جاتا ہے اور دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ صوبائی محتسب کی ہیلپ لائن 1050 کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ درخواست بذریعہ ڈاک یا ادارے کی ویب سائٹ پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے، اور شہری اپنی درخواست کی پیش رفت بھی بآسانی دیکھ سکتے ہیں۔

  • منڈی بہاولدین: سعودی عرب میں اعجاز احمد رحمانی انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

    منڈی بہاولدین: سعودی عرب میں اعجاز احمد رحمانی انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

    منڈی بہاولدین (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد افنان طالب ) سویہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ہر دل عزیز اعجاز احمد ولد حاجی محمد اسلم رحمانی سعودی عرب میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج (17 ستمبر 2025) کو بعد نماز ظہر ضلع منڈی بہاولدین کے نواحی گاؤں سویہ میں ادا کی جائے گی۔

    اعجاز احمد ایک شفیق اور محبت کرنے والی شخصیت کے مالک تھے جنہیں ان کی ہمدردی اور دوستی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی ناگہانی موت کو دوست احباب اور اہل علاقہ نے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ چودھری قیصر ڈورا، سیرت علی بلھا، شمشیر حیدر بھٹی، دانش رضا بھٹی، عامر فاروق بھٹی، جنید طالب رحمانی، اصغر علی رحمانی، زوہیب طالب رحمانی، چوہدری قیصر بلھا اور طالب حسین رحمانی سمیت دیگر عزیز و اقارب اور دوستوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی ہے۔

  • اوچ شریف: ایم پی اے عامر علی شاہ کی اسمبلی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور وکالت

    اوچ شریف: ایم پی اے عامر علی شاہ کی اسمبلی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور وکالت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) دریائے ستلج اور چناب کے حالیہ سیلاب سے تباہ حال اوچ شریف کے عوام کی آواز پنجاب اسمبلی کے ایوان میں گونج اٹھی۔ عوامی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے اپنے حلقے کے متاثرین کی کسمپرسی اور دلخراش حالات کو جذباتی انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں دیہات پانی میں ڈوب گئے، ہزاروں گھر منہدم ہو گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ بھوک اور بیماری کا شکار ہیں۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے کر راشن، خیمے، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

    انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی غفلت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “اعلانات اور وعدوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، عملی اقدامات ہی سہارا ہیں، بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

    ” مقامی عوام نے اپنے نمائندے کی جرات مندانہ وکالت پر خوشی اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور معاوضے کے ساتھ بحالی کے منصوبے بنائے جائیں۔

  • اوچ شریف: ناصر ٹاؤن میں کھلے ہولز اور گندا پانی، شہری اذیت میں مبتلا

    اوچ شریف: ناصر ٹاؤن میں کھلے ہولز اور گندا پانی، شہری اذیت میں مبتلا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) ناصر ٹاؤن اس وقت بدترین صورتحال کا شکار ہے جہاں سیوریج کے کھلے ہولز اور گندا پانی گلیوں کو دلدل میں بدل چکا ہے۔ کھلے ہولز دہکتے تندور کی مانند موت کے دہانے بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود میونسپل کمیٹی نے نہ تو نکاسیٔ آب کا انتظام کیا اور نہ ہی خطرناک ہولز کو ڈھانپنے کی زحمت کی۔ مرد، خواتین اور بچے گھروں سے نکلنے سے خوفزدہ ہیں جبکہ بزرگ اور مریض شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ہولز فوری طور پر نہ بھرے گئے تو میونسپل کمیٹی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

    مکینوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اوچ شریف کے قلب میں واقع ناصر ٹاؤن کے لوگ دوسرے درجے کے شہری ہیں جنہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے؟

  • گوجرہ: قاری حافظ محمد ریاض کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر پُرتکلف تقریب

    گوجرہ: قاری حافظ محمد ریاض کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر پُرتکلف تقریب

    گوجرہ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر محمد اجمل) قاری حافظ محمد ریاض نے عربی زبان و ادب میں "پی ایچ ڈی غیر منقوط نعت رسول مقبول ﷺ” کا مرحلہ مکمل کر لیا، جس کی خوشی میں محمد رمضان گجر نے پُرتکلف دعوت کا اہتمام کیا۔

    تقریب میں پنجاب ٹیچر یونین کے اساتذہ سمیت محمد اقبال گورایہ، ظہیر اکبر، چوہدری محمد الیاس، محمد ارشاد، ظہور احمد کنوینئر ای ایس ٹی عریبک ٹیچرز ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیش امام مولوی محمد بشیر، ملک آصف اور میڈیا نمائندگان ڈاکٹر محمد اجمل و عبدالرحمن جٹ نے خصوصی شرکت کی۔

    شرکاء نے قاری حافظ محمد ریاض کو پھولوں کے ہار پہنائے، گلدستے پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ قاری صاحب کی یہ کامیابی علاقہ چک نمبر 297 ج ب گوجرہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

  • سیالکوٹ: سمبڑیال میں خاتون پر بدترین تشدد، ملزم گرفتار، چالان عدالت میں پیش

    سیالکوٹ: سمبڑیال میں خاتون پر بدترین تشدد، ملزم گرفتار، چالان عدالت میں پیش

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)تھانہ سمبڑیال کے علاقہ محلہ راجپوتاں میں خاتون پر بدترین تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سبحان ولد ظہیر کے خلاف مقدمہ نمبر 2272/25 بجرم 354/506/451 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا تھا، جس میں ملزم نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔

    بعد ازاں مدعیہ کے خاوند کی درخواست پر صلح کے لیے دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے پر ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ نمبر 2303/25 بجرم 506(2) درج کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جوڈیشل حوالات بھیج دیا جبکہ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد جیسے بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

  • ننکانہ صاحب: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 250 کلو مضر صحت گوشت تلف

    ننکانہ صاحب: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 250 کلو مضر صحت گوشت تلف

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں مضر صحت گوشت کی ترسیل کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں ٹیموں نے سیم بچیانہ روڈ پر بڑی کارروائی کی، جس دوران LRJ-98 نمبر گاڑی کو چیک کیا گیا۔

    سینئر ویٹرنری اسپیشلسٹ نے موقع پر گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔ کارروائی کے دوران 250 کلو مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا، گاڑی پولیس کے حوالے کر دی گئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    معائنے کے دوران انتہائی لازم مہریں اور دیگر اہم دستاویزات بھی موجود نہ تھیں جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گوشت کو گاڑی کی ڈگی میں چھپایا گیا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ گوشت ننکانہ صاحب شہر میں فروخت کیا جانا تھا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کے نام پر جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خوراک کے انتخاب میں محتاط رہیں اور مشکوک معاملات کی اطلاع 1223 پر دیں۔

  • گوجرانوالہ: انٹرنیشنل جٹ کونسل کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

    گوجرانوالہ: انٹرنیشنل جٹ کونسل کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

    گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں انٹرنیشنل جٹ کونسل کی ٹیم کی چوہدری حافظ رضا مصطفیٰ چیمہ اور چوہدری نبی احمد چیمہ کی دعوت پر الحسین میرج ہال میں آمد ہوئی جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر ٹیم میں صدر پنجاب انٹرنیشنل جٹ کونسل چوہدری محمد صدیق جٹ، چیئرمین چوہدری محمد اظہر چیمہ، چوہدری محمد اصغر ساہی، چوہدری شفقت سمرا اور رضوان احمد سندھو شامل تھے۔

    استقبال کرنے والوں میں چوہدری شوکت علی وڑائچ اور چوہدری وقاص پرویز چیمہ شامل تھے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل جٹ کونسل کے بنیادی اصول، مقاصد اور تنظیمی ڈھانچے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

    کونسل کے بنیادی مقاصد میں جٹ برادری کے اتحاد، ترقی اور فلاح کے لیے پالیسی سازی اور عملدرآمد، تعلیمی، معاشی اور سیاسی شعور پیدا کرنا، نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور کاروباری مواقع فراہم کرنا، جٹ برادری کی تاریخ، ثقافت اور ورثے کو محفوظ رکھنا، مستحق خاندانوں کی مدد کرنا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کمیونٹی کی نمائندگی کرنا شامل ہیں۔

    قوانین و ضوابط کے مطابق رکنیت صرف جٹ برادری کے افراد کو دی جا سکتی ہے۔ رکنیت کی دو اقسام ہیں: جنرل ممبر اور ایگزیکٹو ممبر، جس کے لیے فارم، شناختی کارڈ اور حلف نامہ لازمی ہوگا۔ کونسل کے اجلاس سال میں کم از کم دو بار ہوں گے جبکہ بڑے فیصلے دو تہائی اکثریت سے کیے جائیں گے۔ مالی شفافیت کے لیے کونسل کا اپنا بینک اکاؤنٹ قائم کیا جائے گا اور سالانہ آڈٹ لازمی ہوگا۔

    انتظامی ڈھانچے میں صدر، سینئر نائب صدر، جنرل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری، پبلک ریلیشنز آفیسر، انفارمیشن سیکرٹری اور ضلعی و تحصیل سطح کے کوآرڈینیٹرز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف ڈویژنل چیپٹرز، یوتھ ونگ اور ویمن ونگ بھی فعال کردار ادا کریں گے۔

    عملی تجاویز میں لاہور میں مرکزی دفتر کا قیام، سالانہ جٹ کنونشن کا انعقاد، اسکالرشپ فنڈ کی فراہمی، بزنس نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کی تیاری اور برادری کے فعال افراد کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس بنانا شامل ہیں۔