Baaghi TV

Author: غنی محمود قصوری

  • افغان باشندوں بارے ضلعی انتظامیہ نے عوام کے نام اہم وارننگ جاری کر دی

    افغان باشندوں بارے ضلعی انتظامیہ نے عوام کے نام اہم وارننگ جاری کر دی

    قصور
    ضلعی انتظامیہ قصور نے ضلع بھر کے شہریوں کے نام اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ کی ہدایت کی روشنی میں حکومتی پالیسی کے تحت غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے
    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی افغان شہری کو مکان، دکان یا دیگر جگہ کرائے پر دینے سے گریز کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
    انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات حکومتی ہدایات کی روشنی میں کئے جا رہے ہیں تاکہ غیر قانونی رہائش اور کاروباری سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے
    حکام نے واضح کیا ہے کہ مکان مالکان، دکاندار اور پراپرٹی ڈیلرز کرایہ داری سے قبل مکمل کوائف اور قانونی حیثیت کی جانچ ضرور کریں
    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون پر عمل درآمد میں مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں
    کسی بھی مشتبہ افغان شہری و خاندان کی اطلاع ریسکیو 15 پر قصور پولیس کو دیں
    آپکی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی

  • قصور کا رہائشی 18 سال بعد انڈین جیل سے رہا ہو کر گھر واپس پہنچ گیا

    قصور کا رہائشی 18 سال بعد انڈین جیل سے رہا ہو کر گھر واپس پہنچ گیا

    قصور
    انڈین جیل سے قصور کا رہائشی 18 سال بعد رہا ہو کر گھر واپس پہنچ گیا

    تفصیلات کے مطابق قصور کا رہائشی محمد اقبال بھٹی تقریباً 18 سال بھارتی جیل میں قید رہنے کے بعد رہا ہو کر وطن واپس پہنچ گیا
    قصور کے رہائشی محمد اقبال بھٹی کو 2008 میں بھارت میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں اس پر جاسوسی اور حساس دستاویزات رکھنے کا الزام لگا کر گرفتار کیا گیا تھا
    بعد میں مقدمہ بھارتی عدالت میں چلا اور بھارتی عدالت نے 17 سال قید کی سزا سنائی مگر سزا پوری ہونے کے بعد رہا نا کیا گیا تھا

    پاکستان ہائی کمیشن کی کوششوں اور دونوں ممالک کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کارروائی مکمل ہونے پر ان کو گزشتہ دن واہگہ بارڈر لاہور پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے وہ اپنے وطن پہنچ کر اپنے گھر واپس پہنچے

  • ماہ رمضان کی آمد،ایل پی جی کی دکانوں پر رش،قیمت میں اضافہ

    ماہ رمضان کی آمد،ایل پی جی کی دکانوں پر رش،قیمت میں اضافہ

    قصور
    ماہِ رمضان کی آمد کے باعث ایل پی جی گیس کی دکانوں پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ گزشتہ تین دنوں کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں تین بار اضافہ کر دیا گیا ہے
    جس کے باعث ایل پی جی کی فی کلو قیمت بڑھ کر 350 روپے تک پہنچ گئی ہے
    جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں
    سحری کے اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہے
    خصوصاً دیہی علاقوں کے مکین جہاں سوئی گیس کی سہولت دستیاب نہیں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور انہیں گھریلو ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے
    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر ایل پی جی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے

  • آمد رمضان پر شہریوں کی ضلعی انتظامیہ سے سخت اپیل

    آمد رمضان پر شہریوں کی ضلعی انتظامیہ سے سخت اپیل

    قصور
    آمدِ رمضان پر ضلعی انتظامیہ کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی سخت نگرانی کی اپیل
    رمضان المبارک کی آمد قریب ہے اور شہری حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے
    شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، ملاوٹ کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے
    عوامی نمائندوں اور سماجی حلقوں نے زور دیا کہ انتظامیہ اپنی کارروائیاں صرف شہری مراکز اور سہولت بازاروں تک محدود نہ رکھے بلکہ دیہی علاقوں کا بھی باقاعدہ دورہ کرے
    ان کا مؤقف ہے کہ دیہات میں قیمتوں کی نگرانی نسبتاً کمزور ہوتی ہے جس کا فائدہ بعض عناصر اٹھاتے ہیں
    شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بلیک مارکیٹنگ اور منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری قیمتوں پر آٹا، چینی، گھی، دالیں اور دیگر بنیادی اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے، تاکہ کم آمدن طبقہ بھی رمضان کی برکتوں سے مستفید ہو سکے
    ضلعی حکام کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سلسلہ تیز کیا جائے گا
    عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار اقدامات محض اعلانات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عملی نتائج بھی سامنے آئیں گے

  • سینیئر صحافی،بابائے صحافت کی وفات پر اظہار تعزیت

    سینیئر صحافی،بابائے صحافت کی وفات پر اظہار تعزیت

    قصور
    پھول نگر کے سینئر صحافی، بابائے صحافت اور پنجاب پریس کلب پھول نگر کے چیئرمین حاجی عبدالحفیظ عاصم مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے اناللہ واناالیہ راجعون
    ان کے انتقال کی خبر علاقے بھر میں غم کی لہر دوڑا گئی صحافتی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے
    مرحوم طویل عرصہ سے شعبۂ صحافت سے وابستہ تھے اور انہوں نے اپنی عملی زندگی حق گوئی، دیانت داری اور عوامی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی
    وہ نہ صرف صحافی برادری میں ایک معتبر اور باوقار نام تھے بلکہ نوجوان صحافیوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بھی سمجھے جاتے تھے
    ان کی قیادت میں پریس کلب نے صحافتی اقدار کے فروغ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا
    اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ حاجی عبدالحفیظ عاصم نے ہمیشہ اصولی مؤقف اپنایا اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا
    ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا
    ضلع بھر کی تمام صحافتی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے
    اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے آمین

  • قصور میں شدید دھند،ٹریفک حادثہ میں بہن جانبحق ،بھائی شدید زخمی

    قصور میں شدید دھند،ٹریفک حادثہ میں بہن جانبحق ،بھائی شدید زخمی

    قصور
    شدید دھند ،رائیونڈ قصور روڈ پر نجی فیکٹری کی بس نے بہن بھائی کو کچل دیا،بہن موقع پر زندگی کی بازی ہار گئی،بھائی شدید زخمی

    تفصیلات کے آج صبح قصور شہر و گردونواح میں شدید ترین دن کا راج رہا
    قصور رائیونڈ روڈ پر اسی دھند کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں رائیونڈ قصور روڈ پر واقع قصبہ راؤخانوالہ کی رہائشی حناء بی بی زندگی کی بازی ہار گئی
    آج صبح تقریباً 7:30 بجے حنا بی بی اپنے بھائی فہد کیساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر راؤخانوالہ سے قصور کی جانب جا رہی تھی کہ پل جبومیل کراس کرکے حویلی کشمیریانوالی نزد گیس فیکٹری کے قریب انہوں نے ایک کنٹینر کو اوور ٹیک کیا تو قصور سے رائیونڈ کی جانب آتی نجی فیکٹری کی بس سے ٹکڑا گئے ،جس کے باعث حنا بی بی کے سر کے اوپر سے بس کا ٹائر گزر گیا اور وہ موقع پر زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ اس کا بھائی فہد شدید زخمی ہو گیا
    زخمی فہد کو ریسکیو 1122 قصور اور پولیس چوکی اورڑاہ تھانہ راجہ جنگ نے ہسپتال پہنچایا
    واضع رہے کہ اس روڈ پر فیکٹری کی گاڑیوں سے ابتک درجنوں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ پوری سڑک پر ماسوائے تھانہ راجہ جنگ،کہیں بھی کوئی بھی ٹریفک اہلکار موجود نہیں ہوتا جو گاڑیوں ،ٹرکوں،کنٹینرز و بائیکس وغیرہ کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروا سکے

  • معروف ریسٹورنٹس کی من مانیاں،سیلز ٹیکس عوام کے بل میں،نوٹس کی اپیل

    معروف ریسٹورنٹس کی من مانیاں،سیلز ٹیکس عوام کے بل میں،نوٹس کی اپیل

    قصور میں معروف ریسٹورنٹس کی من مانی، سیلز ٹیکس عوام پر ڈال دیا گیا
    قصور شہر میں متعدد معروف ریسٹورنٹس کی جانب سے سیلز ٹیکس براہِ راست گاہکوں سے وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق سیلز ٹیکس کی ذمہ داری دکاندار پر عائد ہوتی ہے، تاہم بیشتر ریسٹورنٹس بل میں اضافی ٹیکس شامل کر کے صارفین سے زبردستی وصول کر رہے ہیں۔
    شہریوں کے مطابق مارکیٹ میں بڑا گوشت تقریباً 1000 روپے فی کلو دستیاب ہے، مگر اسی گوشت کی کڑاھی 2600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح چکن کی اوپن مارکیٹ قیمت تقریباً 450 روپے فی کلو ہے، لیکن باربی کیو اور چکن کڑاھی کی مد میں فی کلو سینکڑوں روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔
    صارفین کا مؤقف ہے کہ کھانے کی تیاری، مصالحہ جات اور دیگر اخراجات اپنی جگہ، مگر قیمتوں میں اس قدر غیر معمولی اضافہ اور اس پر مزید سیلز ٹیکس کی وصولی سراسر زیادتی ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر باقاعدہ ریٹ لسٹ بھی آویزاں نہیں کی جا رہی، جس سے من مانے نرخ وصول کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
    عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ قصور اور پرائس کنٹرول مینجمنٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس کی انسپکشن کر کے اصل ریٹ لسٹ جاری کی جائے، سیلز ٹیکس کی قانونی حیثیت واضح کی جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے

  • ڈی سی کے گن مین کی سینئیر صحافی سے بدتمیزی پر صحافی برادری سراپا احتجاج

    ڈی سی کے گن مین کی سینئیر صحافی سے بدتمیزی پر صحافی برادری سراپا احتجاج

    قصور
    ڈپٹی کمشنر کے گن مین کی بدتمیزی پر ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور کا احتجاج

    قصور میں پیش آنے والے واقعے پر ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور کے بانی و صدر سردار شریف سوہڈل نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے
    صدر District Press Club, Kasur نے کہا کہ سینئیر صحافی ملک اعجاز احمد کے ساتھ ڈی سی کے گن مین کی بدتمیزی قابل افسوس ہے اور کسی بھی صحافی کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دی جائے گی
    ضلع بھر کے پریس کلب و صحافتی تنظیموں نے مشترکہ مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر قصور فوری طور پر متعلقہ اہلکار کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کریں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ انتظامیہ اور صحافی اپنے دائرہ کار میں کام بااحسن سرانجام دے سکیں
    نیز اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اہلکار صحافیوں پر افسر شاہی کا دھونس ڈالنے سے گریز کریں اور بدسلوکی کے ڈرامے بند کریں ورنہ صحافی اپنے ساتھیوں کے قانونی دفاع میں کسی بھی وقت قدم اٹھانے سے نہیں ہچکچائیں گے
    انتظامیہ اور صحافیوں کو باہمی تعاون کے ساتھ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، نہ کہ ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑنے پر

  • ڈی پی اور قصور کی اہم کانفرنس میں اہم احکامات ،افسران کے تبادلے

    ڈی پی اور قصور کی اہم کانفرنس میں اہم احکامات ،افسران کے تبادلے

    قصور
    ڈی پی او کی زیر صدارت اہم میٹنگ، متعدد ایس ایچ اوز کے تقرر و تبادلے
    قصور میں ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کی زیر صدارت تھانوں میں تعینات سکیورٹی افسران کے ساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا
    میٹنگ میں انچارج سکیورٹی محمد ذوالفقار بھٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی
    ڈی پی او قصور نے معاشرتی برائیوں کے انسداد، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، غیر قانونی پٹرول پمپس اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئیں
    ڈی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے
    دریں اثناء ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے ضلع بھر میں متعدد ایس ایچ اوز کے تقرر و تبادلے کے احکامات بھی جاری کر دیے
    جاری کردہ احکامات کے مطابق انسپکٹر محمد ادریس چدھڑ کو ایس ایچ او تھانہ الہ آباد، انسپکٹر ابرار جمیل کو ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ جبکہ سب انسپکٹر آصف جاوید خاں کو ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے
    اسی طرح انسپکٹر حیدر علی کو تھانہ مصطفیٰ آباد اور انسپکٹر تصدق حسین کو تھانہ صدر قصور میں تعینات کیا گیا ہے
    ڈسٹرکٹ پولیس قصور کے مطابق یہ تقرریاں انتظامی امور کو مذید بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کو مؤثر بنانے کے لیے کی گئی ہیں

  • قصور میں بھی بسنت منانے کی اجازت کا عوامی مطالبہ

    قصور میں بھی بسنت منانے کی اجازت کا عوامی مطالبہ

    قصور
    تاجروں کی نمائندہ شخصیات نے بسنت منانے کی اجازت کا مطالبہ کر دیا

    تفصیلات کے مطابق قصور میں تاجروں کی نمائندہ شخصیات نے پنجاب حکومت سے بسنت میلہ منعقد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے
    انجمن تاجران قصور کے چئیرمین شہزاد ساجد شیخ اور جنرل سیکرٹری و راہنما پاکستان پیپلز پارٹی ،آصف علی کھوکھر نے کہا کہ بسنت میلہ قصور کی ثقافتی پہچان اور سوغاتوں کی مشہوری کا اہم ذریعہ ہے
    ان کا کہنا تھا کہ بسنت کے موقع پر لوگ قصور کی فالودہ، اندرسے اور مٹھائیاں دور دراز علاقوں سے خریدنے آتے ہیں جس سے نہ صرف مقامی تاجروں کی آمدن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ قصور کی روایتی مصنوعات کی شہرت بھی بڑھتی ہے
    شہزاد ساجد اور آصف علی کھوکھر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مناسب احتیاطی اقدامات کے ساتھ بسنت میلہ منعقد کرنے کی اجازت دے تاکہ مقامی معیشت اور ثقافتی روایت دونوں کو فروغ ملے