Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی

    ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی

    بالی وڈ کے معروف فلم میکر اور ہدایتکار ڈیوڈ دھون کے بیٹے اور بالی وڈ اداکار ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی سے متعلق تاریخ سامنے آ گئی-

    باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق ورون اور نتاشا بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے علی باغ میں 24 جنوری کے دن شادی کریں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی تقریبات کا آغاز 22 جنوری سے ہو گا اور 26 جنوری کو ممبئی میں ان کا گرینڈ ریسیپشن ہو گا جس میں بالی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

    شادی کے اس موقع پر ورون دھون کی ہونے والی بیوی ڈیزائنر نتاشا دلال اپنا عروسی جوڑا خود ڈیزائن کریں گی جب کہ اداکار ورون دھون کنال راول کا ڈیزائن کردہ لباس پہنیں گے۔

    ورون کی شادی کی تقریبات کا آغاز سنگیت نائٹ سے ہوگا جس میں سلمان خان، ارجن کپور، سارہ علی خان، ملائیکا اروڑا، جھانوی کپور، کرن جوہر اور دیگر بالی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

  • امریکی اداکارہ  جسیکا کیمپبل 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

    امریکی اداکارہ جسیکا کیمپبل 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

    معروف امریکی اداکارہ جسیکا کیمپبل 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

    باغی ٹی وی :فلم ‘الیکشن’ سے شہرت حاصل کرنے والی امریکی اداکارہ کے گھر والوں نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جسیکا کیمپبل 29 دسمبر کو پورٹ لینڈ میں انتقال کر گئی تھیں۔

    جسیکا کیمپبل نے اپنے کیریئر کا آغاز 1992 میں فلم ‘بیسٹ انٹرسٹ آف دی چلڈرن’ سے کیا، بعد ازاں 1999 میں انہوں نے فلم ‘الیکشن’ میں اداکاری کر کے کافی شہرت حاصل کی تھی۔

    امریکی اداکارہ نے اداکاری کے کیرئیر کو چھوڑ کر نیچروپیتھک سرجن بننے کا فیصلہ کیا تھا اور ان کے گھر والوں کے مطابق دوران پریکٹس وہ ایک مریض کو دیکھ کر چل بسیں۔

  • پاکستان کا قدیم ترین اور حیرت انگیزجانور جسے ماہرین نے وہیل کا جد امجد قرار دیا

    پاکستان کا قدیم ترین اور حیرت انگیزجانور جسے ماہرین نے وہیل کا جد امجد قرار دیا

    آج سے تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ سال پہلے جہاں اٹک و فتح جنگ شہر کے درمیان ”کالا چٹا پہاڑ“ نامی سلسلہ کوہ واقعہ ہے لاکھوں سال قبل ان میں سے بیشتر علاقے سمندر کا حصہ تھے اور یہیں یہ حیرت انگیز جانور گہرے پانیوں میں شکار کیا کرتا تھا۔

    باغی ٹی وی : وہیل کو عام طور پرمچھلی لکھ دیا جاتا ہے جو کہ غلط ہے کیونکہ وہیل کا شمار دودھ پلانے والے جانوروں یعنی ممالیہ میں ہوتا ہے جبکہ وہیل کے ارتقائی آباؤ اجداد آج سے کروڑوں سال پہلے خشکی پر اُن علاقوں میں رہا کرتے تھے جو آج پاکستان کا حصہ ہیں۔

    آج سے کروڑوں سال پہلے، خشکی پر رہنے والے، وہیل کے یہ آبا و اجداد اپنی جسامت اور جسمانی ساخت کے اعتبار سے کتوں/ بھیڑیوں کی طرح دکھائی دیتے تھے جنہیں پاکی سیٹس Pakicetus کہا جاتا ہے-

    یہ ایک گوشت خور شکاری جانور تھا جو کہ لمبوترے جسم، لمبی تھوتھنی، مظبوط جبڑوں اور تیز دانتوں کے ساتھ ساتھ ایک لمبی دم رکھتا تھا۔ بنیادی طور پر یہ خشکی کا جانور تھا لیکن شکار کے لیے اپنے وقت کا ایک بڑا حصہ پانی میں بھی گزارا کرتا تھا۔

    اس کے لمبے شکل کی جسامت اسے تیرنے اور غوطہ لگانے میں مدد دیتی تھی جیسے کچھ مچھلیاں لمبے جسم کی حامل ہوتی ہیں۔

    ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق پاکی سیٹس کی جسمانی لمبائی 7 فٹ تک ہوا کرتی تھی جبکہ اس کے وزن کا اندازہ 50 پاؤنڈ تک لگایا گیا ہے۔

    بنیادی طور پر اس کی خوراک مچھلی اور آبی جانوروں پر مشتمل ہوتی تھی تاہم اس کی خوراک میں کچھ زمینی جانور بھی شامل ہوسکتے تھے۔

    پاکی سیٹس کا پہلا ڈھانچہ سال1981 میں اٹک میں کالا چٹا پہاڑ سے برآمد ہوا تھا۔ یہ جانور ماہرین آثار قدیمہ کے لیے ایک معمہ تھا کیونکہ اس کا جسم زمینی جانوروں سے ملتا جلتا تھا جبکہ کھوپڑی کسی وہیل جیسی تھی اور اس کے گھٹنے کی ہڈیاں سبزی خور جانوروں سے مشابہہ تھیں۔

    سال2001 میں اس کے مزید ڈھانچے برآمد کیے گئے جو کہ کافی حد تک مکمل تھے۔ طویل تحقیقات کے بعد 2009میں اس جانور کو آج کی وہیل کا جد امجد قرار دیا گیا تاہم اس پر تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں ہوئیں-

    کہا جاتا ہے کہ پاکی سیٹس کی معدومی کا اندازہ 4 کروڑ 10 لاکھ سال قبل کا ہے معدومی کی کوئی کنفرم وجوہات کا اندازہ تو نہیں مگر غالب امکان یہی ہے کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں اس کی معدومی کا سبب بنی ہوں گی۔

  • واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی:صارفین کے رد عمل نے واٹس ایپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا

    واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی:صارفین کے رد عمل نے واٹس ایپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا

    سان فرانسسکو: معروف سماجی ایپ “واٹس ایپ” عوامی تنقید کے بعد یوٹرن لینے پر مجبور ہوگئی اور فیس بک سے ڈیٹا شیئرنگ اقدام تین ماہ کیلئے مؤخر کردیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی :غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واٹس ایپ نے اپنی متنازعہ پرائیویسی پالیسی کے متعلق ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹاشیئرنگ پالیسی میں تبدیلی تین ماہ کے لیے مؤخر کردی گئی ہے۔


    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واٹس ایپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہم سے رابطہ کرنے والے ہر فرد کا شکریہ۔ ہم واٹس ایپ صارفین سے براہِ راست رابطہ کرکے ’غلط فہمی‘ کا ازالہ کریں گےآٹھ فروری کو کسی کے بھی اکاؤنٹ ختم یا معطل نہیں کئے جائیں گے، مئی میں ہم اپنے کاروباری منصوبے کو دوبارہ پیش کریں گے۔


    ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صارفین کو ہماری شرائط جاننے اور جائزہ لینے کا مناسب وقت مل جائے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم کوئی اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ کو حالیہ دنوں صارفین کی جانب سے پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا کیونکہ انتظامیہ نے واضح کیا کہ جو صارف اس پالیسی سے اتفاق نہیں کرے گا وہ 8 فروری کے بعد اس کا واٹس ایپ بلاک کردیا جائے گا۔

    پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی:واٹس ایپ کی دو بہترین متبادل ایپس دستیاب

    واٹس ایپ کے سربراہ کا نئی پرائیویسی پا لیسی پر وضاحتی بیان

    ‏واٹس ایپ پالیسی میں تبدیلی: ترکی نے موبائل مسیجنگ کی اپنی ایپ تیار کر لی

    ترک مسابقتی اتھارٹی کا فیس بک اور واٹس ایپ کے خلاف تحقیقات کا آغاز

  • حرا مانی کی گلوکاری کی دنیا میں انٹری، پہلے ہی گیت نے دھوم مچا دی

    حرا مانی کی گلوکاری کی دنیا میں انٹری، پہلے ہی گیت نے دھوم مچا دی

    ڈرامہ اداکارہ حرا مانی کے پہلے ہی گیت ’ سواری‘ نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے-

    باغی ٹی وی : ’یقین کا سفر‘، ’دل موم کا دیا‘، ’آنگن‘، ’دو بول‘ ،’میرے پاس تم ہو‘ ، اور ’محبتیں چاہتیں ‘ جیسے سپرہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ حرا مانی نے گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور وہ پہلے ہی گانے سے صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

    حرا مانی نے ثابت کردیا کہ وہ نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ سریلی آواز کی مالک بھی ہیں۔ جس کا اندازہ آج ریلیز ہونے والے گیت سے لگایا جا سکتا ہے۔ کشمیر بیٹ کی جانب سے اداکارہ کا پہلا ویڈیو گیت ’سواری‘ جاری کر دیا گیا ہے جس میں حرا گیت گاتے ہوئے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

    گیت ’ سواری ‘ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 4 منٹ 20 سیکنڈ کی اس ویڈیو کو محض 20 گھنٹوں میں 2لاکھ پچانوے ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کے لیے مثبت ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

    صارفین نے ویڈیو پر تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو میں حرا کے تاثرات قابل دید ہیں اور گیت بھی تفریح سے بھرپور ہے۔

  • قصور پولیس کی کاروائی: زیادتی کی کوشش معہ قتل کی واردات میں ملوث ملزم گرفتار

    قصور پولیس کی کاروائی: زیادتی کی کوشش معہ قتل کی واردات میں ملوث ملزم گرفتار

    قصور: زیادتی کی کوشش معہ قتل کی واردات میں ملوث ملزم گرفتار

    باغی ٹی وی :قصور تھانہ گنڈا سنگھ پولیس کی کاروائی، زیادتی کی کوشش معہ قتل کی واردات میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل گنڈا سنگھ کے علاقے سے کھیتوں میں 12سالہ وحید زخمی حالت میں ملا معصوم وحید شدید زخمی حالت میں چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    نامعلوم ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی سٹی کی زیر نگرانی سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی پولیس ٹیم نے دو روز کے انتہائی قلیل وقت میں 17 سالہ ملزم یاسین کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا-

    ملزم نے انکشاف کیا کہ 12 سالہ وحید نے بدفعلی سے انکار کیا جس کا گلہ چھری سے کاٹ دیا اور فرار ہو گیا-

    ملزم یاسین نے اعتراف کیا کہ اس نے دو ماہ قبل بھی وحید کو زیادتی کا نشانہ بنایا لیکن دونوں فریقین میں کمپرومائز کے باعث پولیس رپورٹ نہیں کی-

    تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے مقدمہ میں 302/377/511 دفعات ایزاد کر کے مزید تفتیش شروع کر دی-

    ڈی پی او قصور عمران کشور نے کہا کہ معصوم بچے کیساتھ جنسی زیادتی کی کوشش معہ قتل میں ملوث ملزم کو سخت سزا دلوائی جائے گی۔

    عمران کشور نے مزید کہا کہ شہری جنسی زیادتی جیسے واقعات میں کمپرومائز کی بجائے پولیس رپورٹ لازمی کروائیں تاکہ سوسائٹی میں ایسے بھیڑیوں کی نشاندہی ہو سکے۔

  • قصور: چونیاں میں جنسی تشدد کا ایک اور خوفناک واقعہ،شہری خوف و ہراس میں مبتلا

    قصور: چونیاں میں جنسی تشدد کا ایک اور خوفناک واقعہ،شہری خوف و ہراس میں مبتلا

    چونیاں النور کالونی میں نجی مدرسے کا قاری جنسی بلا نکلا –

    باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق اہل محلہ کا کہنا ہے کہ چونیاں قاری فاروق مدرسے میں اسلامی تعلیم حاصل کرنے والے بچے اور بچیوں سے نازیبا حرکات کرتا تھا ۔

    بچوں سے نازیبا حرکات کرنے پر اہل محلہ نے قاری کی درگت بنائی جس پر قاری نے منتیں کیں اور معافیاں مانگیں اور اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا-

    چونیاں زین کے والد سلیم نے بتایا کہ میرے بیٹے کو قاری فاروق دوستی کرنے پر مجبور کررہا تھا بہانوں سے بچے کے جسم کو ٹچ کرتا تھا-

    چونیاں قاری فاروق چشتیاں سے چونیاں نجی مدرسے میں پڑھانے آیا تھا بچوں کی شکایات پر مدرسے کی انتظامیہ نے قاری کو بغیر قانونی کارروائی کروائے مدرسے کی بدنامی نہ ہو فرار کروا دیا-

    متاثرہ بچے زین کے والد سلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ چونیاں میں چونیاں آئے اور عوام سے وعدہ کیا تھا کہ چونیاں شہر کو سیف سٹی بنائیں گے مگر وعدہ وفا نہ کیا بچوں کی حفاظت کے لیے وعدہ کیا گیا تھا –

    زین نامی بچے کا کہنا ہے کہ قاری مجھے دوستی پر مجبور کرتا تھا اور نازیبا حرکات بھی کرتا تھا جو قاری کی بات نہ مانتا قاری اسے روز سبق کے بہانے سزا دیتا تھا-

  • محسن نقوی کی آج 24 ویں برسی منائی گئی

    محسن نقوی کی آج 24 ویں برسی منائی گئی

    آج اردو زبان کے معروف شاعر محسن نقوی کی 24 ویں برسی منائی گئی-

    باغی ٹی وی :محسن نقوی 5 مئی 1947 کو ڈیرہ غازی خان کے محلّے سادات میں پیدا ہوئے تھے، ان کا مکمل نام سید غلام عباس نقوی تھا شعر کہنے کے لئے محسن بطور تخلص استعمال کرتے تھے۔

    انہوں نے بچپن سے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم کی طرف بھی بے حد توجہ دی اور مسجد کے ساتھ ساتھ گھر میں بھی قرآن مجید کی تلاوت اور ناظرہ پر توجہ دیتے تھے محسن نقوی شہید نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے اردو میں ایم اے کیا اور انہیں ایام میں آپ کی شاعری کا پہلا مجموعہ بند قبا شائع ہوا۔

    محسن نقوی اپنے 6 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور انہوں نے اپنی پہلی غزل میٹرک کے دوران کہی اور ڈیرہ غازی کے ہفت روزہ شمارے ہلال میں کالم بھی لکھا کرتے تھے جبکہ ملتان سے شائع ہونے والے روزنامہ ’’امروز‘‘ میں بھی کالم نگار کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔

    محسن نقوی گورنمنٹ کالج ڈیرہ غازی خاں کے مجلہ ‘الغازی’ کے مدیر اور کالج کی یونین کے نائب صدر بھی تھے جب انہوں نے ‘فکر جدید’ نمبر شائع کیا تو ادبی حلقوں میں تہلکہ مچ گیا اور پاکستان بھر کے ادبی حلقوں میں محسن نقوی کا نام پہنچ گیا –

    کالج کے تمام پروفیسر محسن نقوی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

    محسن نقوی شہید نے سنہ 1979 میں پاکستان پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرکے سیاست میں اپنا بھرپور کردار ادا کیااور ان کا سمار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوں میں ہوتا تھا.

    انہوں نے پاکستان کی سابقہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کے لیے ایک نظم ‘یااللہ یارسول ، بے نظیر بے قصور’ لکھی تھی محسن نقوی کے اردو اشعار کے مجموعوں میں “عذابِ دید، خَیمۂِ جاں، برگِ صِحرا، بندِ قبا، مَوجِ ادراک، طُلُوعِ اشک، فُراتِ فکر، ریزۂِ حرف، رختِ شب، رِدائے خواب، حقِ ایلیا” شامل ہیں۔

    اردو شاعری میں محسن نقوی کی حیثیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن مرثیہ ان کا خاص موضوع تھا۔

    محسن نقوی کو ان کی خدمات کے سلسلے میں 1994ء میں انہیں صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

    15 جنوری 1996 کی ایک شام اس محسن نقوی کو نامعلوم دہشت گردوں نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنا کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہم سے جدا مداحوں سے جدا کر دیا ۔

  • گھر کی دیواروں پر اب گوبر کا پینٹ کیا جائے گا

    گھر کی دیواروں پر اب گوبر کا پینٹ کیا جائے گا

    نئی دہلی : مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے ایک ایسا پینٹ لانچ کیا ہے جس میں گائے کا گوبر شامل ہے اور اس کو کھادی کمیشن نے تیار کیا ہے-

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک زمانہ تھا جب دیہاتوں میں گوبر سے گھر کے صحن اور دیواروں کو لیپا جاتا تھا لیکن اب گاؤں میں بھی سیمنٹ کے پکے مکان بن رہے ہیں اس لئے یہ باتیں اب ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے ایک ایسا پینٹ لانچ کیا ہے جس میں گائے کا گوبر شامل ہے اور اس کو کھادی کمیشن نے تیار کیا ہے۔

    یہ پینٹ اپنی طرح کا پہلا پینٹ ہوگا اور اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے ایک طبقہ کے مذہبی جذبات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔دنیا میں ویسے تو ہر چیز پر تحقیق ہوتی ہے اور حال ہی میں وبائی کورونا وائرس پر بہت تحقیق ہوئیں اور پینٹ بنانے والی کمپنیوں نے وائرس مخالف پینٹ بنانے کی تشہیر کر دی لیکن ابھی تک کسی تحقیق میں گوبر کے فائدوں پر مبنی پینٹ کی تحقیق کی خبر نہیں آئی ہے-

    رپورٹس کے مطابق کھادی کمیشن کے تیار کردہ گوبر کے پینٹ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ماحولیات دوست ہے، نقصان دہ پینٹ نہیں ہے اور یہ اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریا بھی ہے۔

    اس پینٹ کو گھر کی اندرونی اور باہری دونوں دیواروں پر لگایا جا سکتا ہے۔ڈسٹیمپر اور املشن پینٹ سفید بیس میں دستیاب ہیں اور ان میں دوسرے رنگوں کو ملا کر اپنی مرضی کا رنگ تیار کیا جا سکتا ہے۔مرکزی وزیر نیتن گڈکری نے اس پینٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے گاؤں کی معیشت کو فروغ ملے گا اور ایسی کوششوں سے لوگوں کی گاؤں کی جانب واپسی شروع ہو جائے گی اس پینٹ کی قیمت بھی بہت کم ہے۔ ڈسٹیمپر کی قیمت صرف 120 روپے فی لیٹر ہے اور ایک لیٹر املشن کی قیمت 225 روپے ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ کئی سال سے گائے کی ہر چیز کے استعمال پر زور دیا جا رہا ہے اور اس کو سماج کے ایک طبقہ کے مذہبی جذبات سے جوڑ کر بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ گائے کے نام پر لنچنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارت ایسےترقی کر کے آگے بڑھیں گا یا پیچھے ہٹے گا۔

  • ترک ٹیم کے ہمراہ ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے  ہمایوں سعید کا دعویٰ

    ترک ٹیم کے ہمراہ ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے ہمایوں سعید کا دعویٰ

    ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کے پروڈیوسر کمال تکیدین اور اداکار جلال آل کی جانب سے 5 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے جانے کے بعد ہمایوں سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اور دیگر ارکان ترک ٹیم کے ہمراہ ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے۔

    باغی ٹی وی :ہمایوں سعید نے گزشتہ روز13 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں ترک ٹیم کے ہمراہ کھچوائی گئی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور عدنان صدیقی پروڈیوسر کاشف انصاری کے ساتھ مل کر ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے۔

    انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں ترک ٹیم کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی، ساتھ ہی انہوں نے ترک ٹیم کی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور دیگر سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔


    انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ اور ان کے دوست اداکار عدنان صدیقی پروڈیوسر کاشف انصاری کے ساتھ مل کر ترک ٹیم کے ساتھ ٹی وی سب سے کا بڑا منصوبہ پیش کریں گے۔


    انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے پر تعاون کی یقین دہانی کرانے پر وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر شبلی فراز اور شہریار آفریدی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے لکھا کہ مذکورہ مشترکہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کی دوستی کا نیا آغاز ہوگا اور یہ اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔

    ہمایوں سعید نے ترک پروڈیوسر کمال تکیدین کی ویڈیو بھی ٹوئٹ کی، جس میں وہ دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے ‘ترک لالا’ پر بات کرتے دکھائی دیئے۔

    ترک پروڈیوسر نے بتایا کہ ‘ترک لالا’ ایک تاریخی کردار ہے، جس پر دونوں ممالک مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

    کمال تکیدین نے اپنی ویڈیو میں پاکستانی اداکاروں اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    انہوں نے ویڈیو میں تعاون کی یقین دہانی کرانے پر صدر مملکت، وزیر اعظم، سی پیک کے چیئرمین، گورنر سندھ اور عدنان صدیقی سمیت ہمایوں سعید کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    ہمایوں سعید نے مذکورہ ٹوئٹ میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ انہوں نے ‘ارطغرل غازی’ کے پروڈیوسر کمال تکیدین اور اداکار جلال آل کی میزبانی کی اور ان کا شکریہ اداکیا ساتھ ہی ہمایوں سعید نے لکھا کہ وہ انشاءاللہ انہیں دوبارہ جلد ہی پاکستان میں دوبارہ ملیں گے-

    دوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی مذکوریہ ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کی -اور کمال تکیدین اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو خوش آئند قرار دیا-

    ہمایوں سعید کی پوسٹ اور کمال تکیدین کی ویڈیو سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں ممالک ‘ترک لالا’ پر بنائے جانے والے ڈرامے کو نجی سطح پر بنائیں گے تاہم انہیں حکومتی تعاون حاصل رہے گا۔

    تکیدین فلمز پروڈکشن اور کاشف انصاری فلمز پروڈکشن کمپنیوں نے گزشتہ برس کے اختتام پر مشترکہ پروڈکشن کے تحت منصوبے بنانے کا معاہدہ بھی ہوا تھا، تاہم اس وقت واضح نہیں کیا گیا تھا کہ دونوں کس معاہدے پر مل کر کام کریں گے اور ممکنہ طور پر پاکستانی پروڈکشن ادارے کو ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی مالی معاونت حاصل ہوگی۔

    اور تاحال دونوں اداروں نے واضح نہیں کیا کہ وہ ترک لالا کو مشترکہ طور پر بنائیں گے یا نہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کب تک ہوگی اور اس کی کہانی کون لکھے گا اور اس کی کاسٹ میں کون شامل ہوں گےاور ترک لالا کی شوٹنگ کہاں ہوگی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس منصوبے کے آغاز میں مزید ایک سال سے زائد کا وقت لگے گا۔