Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • پاکستان میں مزید 263 کورونا کیسز رپورٹ

    پاکستان میں مزید 263 کورونا کیسز رپورٹ

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید11 افراد جاں بحق ہوگئے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 33 ہزار767 کورونا ٹیسٹ کیے گئے مزید 263 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 79 ہزار636 ہوگئی جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 606 ہو گئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 0.77 فیصد رہی۔

    کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

    کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

    سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

    پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

  • چینی کے ایکس ملز ریٹ 42 روپے کلو کم ہو گئے

    چینی کے ایکس ملز ریٹ 42 روپے کلو کم ہو گئے

    صرف 10 یوم میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 42 روپے کلو کم ہو گئے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ شوگر ملیں جنوبی پنجاب اور سندھ میں 15نومبر کو کرشنگ سیزن کا آغاز کریں گی جبکہ سنٹرل پنجاب کے ساتھ صوبہ خیبر پختونخوا میں 20نومبر کو کرشنگ سیزن شروع کریں گی –

    احساس راشن پروگرام:خیبر پختونخوا کے 2 کروڑ سے زیادہ کم آمدنی والے شہریوں کے لیئے سبسڈی

    سندھ میں مزید 3 شوگر ملوں نے 15 نومبر سے پہلے کرشنگ سیزن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جن میں فاران شوگر ملز‘ میرپور خاص شوگر ملز‘ رانی پور شوگر ملز جبکہ ہفتہ 13نومبر کو سندھ کی باندی شوگر ملز بینظیر آباد‘ تھرپارکر شوگر ملوں نے کرشنگ شروع کر دی ہے-

    ظلم کی زنجیریں ٹوٹ رہی ہیں، نیب گردی کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے، بلاول بھٹو

    جس کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں ہفتے کی صبح چینی کا ایکس ملز ریٹ گر کر 97 روپے اور وسطی پنجاب میں 99 روپے پچاس پیسے اوپننگ ایکس ملز ریٹ ہو گیا۔

    شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک کے مطابق 3نومبر کو چینی کے ایکس ملز ریٹ 140 تک پہنچ چکے تھے لیکن 4 سے 13 نومبر کے 10 دنوں میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 41سے 42روپے کلو کم ہو گئے۔

    پاکستان نےناقابل یقین حد تک اچھی کرکٹ کھیلی :حسین منظرپھرسےدیکھنےلیےمنتظرہوں:چینی سفیر

  • دپیکا اور نواز الدین صدیقی کے ساتھ وائرل تصاویر پر شہریار منور کی وضاحت

    دپیکا اور نواز الدین صدیقی کے ساتھ وائرل تصاویر پر شہریار منور کی وضاحت

    پاکستان کے معروف اداکار شہریار منورکا حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ وائرل ہونے والی اپنی تصاویر پر وضاحتی بیان سامنے آیا ہے انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ نہ تو با لی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ہمراہ کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ نوازالدین صدیقی کے پاؤں پڑے تھے۔

    باغی ٹی وی : شہریار منور کی تصاویر اور ویڈیوز پر صارفین نے منفی تبصرے کئے تھے جس پر شہریار صدیقی نے وضاحت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے اداکار ’فوچیا میگزین‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایوارڈز تقریب کے دوران ان کی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر بناکر انہیں غلط انداز اور رنگ میں شیئر کرکے وائرل کیا گیا۔

    شہریار منور نے بتایا کہ ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ جن دوستوں سے ملنے گئے تھے، ان سے ملنے کے لیے دپیکا پڈوکون بھی وہاں آئی اور پھر ان دونوں کے درمیان بطور فنکار نہیں بلکہ ایک عام انسان گفتگو ہوئی۔

    شہریار منور نے بتایا کہ وہ دبئی میں فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت کے لیے گئے تھے، جہاں انہیں ان کی مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ پر ایوارڈ دیا گیا مگر کسی بھی ویب سائٹ نے اس متعلق کوئی خبر نہیں دی۔

    انہوں نے بتایا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل کرکے ان دونوں سے متعلق غلط باتیں پھیلانا شروع کی گئی تھیں، جس پر انہوں نے اپنی پی آر ٹیم کی خدمات حاصل کرکے بہت ساری جگہوں سے وہ تصاویر ڈیلیٹ کروادیں۔

    شہریار منور کے مطابق ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات ذاتی تھی اور ان کی پرائیویسی میں مداخلت کرکے ان کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی انہوں نے کہا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تصویر وائرل ہونے سے ان سمیت بولی وڈ اداکارہ کے ساتھ بھی کوئی مسئلہ ہوسکتا تھا دپیکا کے ساتھ کسی بھی فلم یا دوسرے منصوبے میں کام نہیں کرنے جا رہے، بس وہ اتفاقی ملاقات تھی، جسے غلط رنگ دیا گیا۔

    شہریار منور کے مطابق انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پاؤں احترامًا اور اپنی سندھی روایات کے مطابق چھوئے، کیوں کہ سندھی روایات کے مطابق جس شخص کا احترام کیا جاتا ہے، انہیں ہاتھ جوڑ کر اور ان کے پاؤں چھوکر ان کی عزت کی جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اور ماہرہ خان جب نوازالدین صدیقی کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے تو ماہرہ نے ان سے مذاق میں کہا کہ نوازالدین صدیقی مرشد ہیں، ان کے پاؤں چھوئیں، جس پر انہوں نے بھی مذاق مذاق میں ان کے پاؤں پر ہاتھ رکھے اور سوشل میڈیا پر 30 منٹ کی گفتگو میں صرف اسی منظر کو وائرل کیا گیا۔

  • پنجاب : کمالیہ میں 80 سالہ ضعیف خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی، ملزم گرفتار

    پنجاب : کمالیہ میں 80 سالہ ضعیف خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی، ملزم گرفتار

    صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں ایک 80 سالہ ضعیف خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ کمالیہ صدر پولیس تھانے میں گاؤں کھوکھراں والی کی رہائشی بیوہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر میں مدعیہ نے بتایا کہ وہ رات کو اپنے گھر میں سو رہی تھیں کہ جب گاؤں چھا راجے والی کا رہائشی ملزم آدھی رات کو ان کے گھر میں گھس آیا اور ملزم نے ان پر قابو پا کر ان کی گردن میں رسی ڈال کر انہیں باندھا اور اس کے بعد مبینہ طور پر ریپ کردیا۔

    بعدازاں پولیس نے معمر خاتون کو طبی معائنے کے لیے کمالیہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا پولیس نے اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    اس سے قبل لاہور میں 10 سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا،ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس کی ہدایت پر 10 سالہ بچے سے بدفعلی زیادتی کرنے والا ملزم گرفتارکر لیا گیا،شاد باغ پولیس کی بروقت کاروائی کی وجہ سے اب ملزم سلاخوں کے پیچھے ہے بچے کے والد کی درخواست پر فوری کاروائی کرتے ملزم کو گرفتار کیا گیا ملزم عبدالشکور نے بچے کو چیز دینے کے بہانے اپنی دوکان پر زیادتی کا نشانہ بنایا ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ تفتیش جاری ہے،ایس پی سٹی رضوان طارق کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کا جنسی استحصال اور تشدد کرنے والے درندہ صفت انسان کسی رعائیت کے مستحق نہیں-

    قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد افضال احمد کوثر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آدھی رات کے بعد گھروں میں گھس کر گن پوائنٹ پر فیملیز کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والا غنی گینگ گرفتارکرلیا،

    ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کا کہنا تھا کہ ملزمان نے سیکٹرزکے قریب نالوں میں رہائش رکھی ہوئی تھی،ملزمان واردات کرنے کے بعد اسی رات افغانستان فرار ہوجاتے تھے،اس گینگ کا سرغنہ عبدالغنی عرف عبدالوحد عرف عثمان پولیس کو گزشتہ 15 سال سے مطلوب تھا جس نے غنی گینگ بنارکھا تھا، ساتھی ملزمان میں عبدالوہاب، حضرت خان،خدئے رام،جنت گل،محمد کریم،عامر خان اور عزیز اللہ شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے کی نقدی ڈائمنڈ سیٹ سمیت 60 تولے طلائی زیورات ،قیمتی موبائلز، برآمد کئے گئے ہیں،ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونشن بھی برآمد کیا گیا تھا-

  • خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات:پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون  لےجانے اور تصویر بنانے پر پابندی

    خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات:پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون لےجانے اور تصویر بنانے پر پابندی

    خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کیلئےہدایات جاری کردیں پریذائیڈنگ افسر تمام اانتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے عمل پر کسی کو اثرانداز نہیں ہونے دیاجائےگا پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون لے جانے یاتصویر بنانے پر پابندی ہو گی فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی پر کارروائی کی جائے گی۔ پریذائیڈنگ افسر تمام اانتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    الیکشن کمیشن نے مردوں اور خواتین کیلئے پولنگ اسٹیشن پرالگ الگ راستوں کے انتظام کی ہدایت کی ہیںمشترکہ پولنگ اسٹیشن کی صورت میں فارم 17کے کالم میں اندراج کرنا ہوگا پولنگ افسر ووٹر کا اصلی شناختی کارڈ چیک کریں گےسیکیورٹی اہلکار پریذائیڈنگ افسر کے احکامات کے پابند ہوں گے-

    الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر اکاؤنٹ فارم پرکرنا ضروری ہےامیدواروں اور ایجنٹس کے دستخط بھی لینے ہوں گے علاوہ ازیں دونوں فارمز پرسینئر اے پی او کے دستخط کرانے ہوں گے الیکشن کمیشن نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ دونوں فارم مکمل کرکے آراو کو جلد پہنچانا ضروری ہوگا تمام انتخابی سامان متعلقہ آراوکو پہنچانا ضروری ہے۔

    علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں-

  • آنے والی 4 برسوں میں کیا ہوگا ؟آریان کے مستقبل سے متعلق نجومی  کی حیران کن پیشگوئیاں

    آنے والی 4 برسوں میں کیا ہوگا ؟آریان کے مستقبل سے متعلق نجومی کی حیران کن پیشگوئیاں

    بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے مستقبل کے بارے میں بھارت کی معروف نجومی جانوی گور نے حیران کن پیشگوئیاں کی ہیں کہا کہ 2021 ان کے تشکیل نو کا سال ہے-

    باغی ٹی وی : آریان خان منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد حال ہی میں تین ہفتے جیل میں گزار کر آئے ہیں۔ جیل میں گزارا گیا پورا عرصہ ان کے لیے نہایت مشکل تھا آریان خان کے اوپر جیل میں گزارے گئے دنوں کے بہت ہی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ابھی تک ان کی ذہنی کیفیت سنبھل نہیں سکی آریان خان کو جیل سے رہا ہوئے کئی روز گزر چکے ہیں لیکن وہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔ آریان خان جب سے جیل سے باہر آئے ہیں وہ زیادہ تر وقت اپنے کمرے میں ہی گزارتے ہیں بالکل چپ چاپ اور خاموش سے ہوگئے ہیں۔

    آریان خان گزشتہ روز 12 نومبر کو 24 برس کے ہوگئے خان فیملی نے اپنے بڑے بیٹے کی سالگرہ حال ہی میں ہوئے واقعات کی وجہ سے نہایت خاموشی سے منائی بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارت کی معروف ٹیرو کارڈ ریڈر جانوی گور نے آریان خان کی زندگی اور مستقبل کے حوالے سے کئی حیران کن باتیں بتائی ہیں۔

    انہوں نے بتایا آریان خان1997 میں چائینز علم نجوم کے مطابق آکس سال میں پیدا ہوئے اور 2021 بھی ایک آکس سال ہے یہ تبدیلی کا سال ہے اور آریان کی زندگی کی تشکیل نو کا وقت ہے۔

    جانوی گور نے بتایا آریان کی زندگی میں توازن 2025 میں آئے گا اور آنے والے 4 برس آریان کی زندگی کے ایسے سال ہوں گے جن میں وہ خود کو تلاش کریں گے یہ ان کے آگہی کے سال ہوں گے۔ آریان کی روح نجات کی تلاش میں ہے۔

    ٹیرو کارڈ ریڈرنے کہا آریان خان ایک بہت ہی اچھے گھرانے میں پیدا ہوئے، زندگی نے یقینی طور پر اس تمام عرصے میں انہیں تھوڑا سا پریشان رکھا ہے لیکن آکس سال انہیں حقائق کو جانچنے اور اپنی زندگی کے مقصد کا ادراک کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

    جانوی گور نے آریان کو اپنے سماجی روابط مختصر رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا آریان بالی ووڈ اور ہالی ووڈ دونوں میں اپنی قسمت آزمائیں گے لیکن انہیں بڑی کامیابی ایک انسان دوست کے طور پر بطور آرٹسٹ فن کوفروغ دینے سے ملے گی۔ اس کے علاوہ وہ موسیقی میں بھی قسمت آزمائیں گے۔ جانوی گور نے کہا آریان کو اپنی صحت کو پہلی ترجیح دینی چاہئے۔ جم ، یوگا اور رقص یہ سب ان کے لیے بطور تھراپی کام کریں گے۔

    معروف نجومی نے آریان کے مستقبل کے بارے میں کہا کہ وہ بیرون ملک منتقل ہوجائیں گے اور وہیں اپنے خاندان کی پرورش کریں گے۔ ٹیرو کارڈ ریڈر نے بلیوں کو آریان خان کی خوش بختی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آریان کو بلیوں کو اپنے ارد گرد رکھنا چاہئے۔

  • ایک ہی پودے پر مختلف اقسام کے پھل اگانے کا عالمی ریکارڈ

    ایک ہی پودے پر مختلف اقسام کے پھل اگانے کا عالمی ریکارڈ

    میلبورن: عراقی نژاد آسٹریلوی شہری حسام صراف نے ایک ہی پودے پر پانچ مختلف اقسام کے پھل اگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے –

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق،حسام صراف کی اس کاوش کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے حال ہی میں تسلیم کیا ہے حسام صراف کے مطابق بہت چھوٹی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ آسٹریلیا آگئے تھے اور پچھلے کئی سال سے شیپرٹن، وکٹوریا میں مقیم ہیں۔

    حسام صراف کہتے ہیں کہ باغبانی کا شوق انہیں اپنے بزرگوں سے ورثے میں ملا ہے اور وہ بچپن میں کئی کئی مہینوں تک اپنے دادا کے باغ میں ان کا ہاتھ بٹانے اور باغبانی سیکھنے میں گزارتے تھے وہ باغبانی میں کچھ الگ کرنا چاہتے تھے لہذا انہوں نے ایک پودے پر مختلف پھل اگانے کی کوششیں شروع کردیں۔

    رپورٹ کے مطابق طویل محنت کے بعد آخرکار حسام کو کامیابی حاصل ہوگئی اور وہ ایک ہی پودے پر سرخ و سفید شفتالو (نیکٹرائن)، سفید اور زرد آڑو (peaches)، سرخ و زرد آلوچے (plums)، پیچ کاٹ (آڑو اور خوبانی کا کراس)، خوبانی، بادام اور چیری اگانے میں کامیاب ہوگئے۔

    ویسے تو یہ دس اقسام کے پھل بنتے ہیں مگر اِن میں سے شفتالو اور آلوچے کا تعلق ایک ہی نوع (species) کے پھلوں سے ہے جبکہ پیچ کاٹ اپنے آپ میں صرف دو انواع کا کراس ہے جو اپنے آپ میں کوئی علیحدہ نوع شمار نہیں ہوتی۔

    حسام صراف کے مطابق انہوں نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ایک پودے پر پانچ انواع کے پھل (یعنی آلوچہ، خوبانی، بادام، آڑو اور چیری) اگانے کے عالمی ریکارڈ کےلیے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو ای میل بھیجی۔

    جواب میں ادارے نے یہ کہہ کر ان کا دعوی مسترد کردیا کہ اس طرح کا ایک ریکارڈ پہلے ہی چلی کے لوئی کاراسکو کے نام ہے جنہوں نے ایک درخت پر پانچ انواع والے پھل اگائے تھے حسام نے صرف وہ ریکارڈ برابر کیا ہے، کوئی نیا ریکارڈ نہیں بنایا حسان نے یہ جواب دیکھ کر کاراسکو کے ریکارڈ کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ اس میں آڑو اور شفتالو کو پھلوں کی دو الگ الگ انواع میں شمار کیا گیا ہے، حالانکہ وہ ایک ہی نوع کی دو مختلف اقسام ہیں۔

    اسی دلیل کے ساتھ حسام نے ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا چھان بین کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈ کے منتظمین نے حسام کی یہ دلیل تسلیم کرلی اس طرح کاراسکو کا ریکارڈ پانچ سے کم ہو کر چار پر آگیا اور ایک درخت پر سب سے زیادہ یعنی پانچ اقسام کے پھل اُگانے کا عالمی ریکارڈ حسام کے نام کردیا گیا۔

    حسام صراف کا کہنا ہے کہ ایک درخت پر کئی اقسام کے پھل اگا کر وہ نئی نسل کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایک دوسرے سے بہت مختلف ہونے کے باوجود ہم آپس میں مل جل کر رہ سکتے ہیں-

    گنیز بک کے مطابق پیوند شدہ پھلوں کی پانچ اقسام آلوچہ، خوبانی، بادام، آڑو اور چیری تھیں۔ حسام نے یہ ریکارڈ ٹائٹل نئی نسل کو "پرامن بقائے باہمی” کا پیغام فراہم کرنے کی کوشش کی، جہاں رنگ، شکلیں اور شاخوں پر مختلف پتے اور پھل معاشرے میں تنوع کی علامت ہیں، اور یہ کہ ہم احترام اور قبولیت کے ساتھ کیسے رہتے ہیں۔ درخت کا تنا ‘مدر فطرت’ کی ایک استعاراتی نمائندگی ہے جو ہمیشہ ہم سب کو متحد کرتا ہے۔

  • ڈاکٹر فاروق ستارکی سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات

    ڈاکٹر فاروق ستارکی سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات

    دبئی: ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان دبئی میں اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان سیاسی خلا کو دور کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی طویل ملاقات میں سیاسی خلاء کو دور کرنے کے لیے طویل مشاورت کی گئی اور ماضی کے اختلافات بھلا کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا جبکہ ملاقات میں دیگر رہنماؤں سے مزید رابطے بحال اور تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے دونوں رہنماؤں نے آئندہ ملاقات میں سیاسی حکمت عمل طے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کا یکجا ہونا ضروری ہے۔ ہم دونوں جلد دوسری ملاقات کر کے مزید مشاورت بھی کریں گے-

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم نے سابق گورنر سندھ سمیت دیگر رہنماوں کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت بھی دی تھی اس ضمن میں ایم کیوایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینرعامر خان نے ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاست میں واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی باتیں قابلِ ستائش ہیں۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی صورت میں پہلے سے ایک پلیٹ فارم موجود ہےعامر خان نے سابق گورنر سمیت دیگر رہنماؤں کو شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں سب کو دعوت دیتا ہوں ایم کیو ایم میں شامل ہوکر اسے مضبوط کریں ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، شمولیت کرنے والوں کو احترام اور عزت کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا اور انہیں دل سے قبول کیا جائے گا۔

  • اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے

    اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے

    سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق سینئر ادا کار سہیل اصغر کچھ ایک ہفتے سے علیل اور اسپتال میں داخل تھے، ان کا ڈیڑھ سال قبل بڑی آنت کا آپریشن بھی ہوا تھا۔

    سہیل اصغر کے اہل خانہ نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل نماز عصر کے بعد کراچی بحریہ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سہیل اصغر پاکستانی مزاح کار، اسٹیج اور ٹی وی اداکار ہیں، اُنہوں نے لاہور سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، اُنہوں نے لاہور میں تیار کیے جانے والے مزاحیہ اسٹیج ڈراموں سے بنیادی شہرت حاصل کی۔

    اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں لاگ، خدا کی بستی، کاجل گھر، دکھ سکھ ، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس، چاند گرہن اور دیگر ڈرامے شامل ہیں اِس کے علاوہ 2003 میں اُنہوں نے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین پر قدم رکھا اور فلم ’مراد ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اُس کے بعد اُنہوں نے فلم ’ماہ نور‘ میں بھی کام کیا۔

  • آرمی چیف سے امریکا، چین اور روس کے نمائندگان خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکا، چین اور روس کے نمائندگان خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا، چین اور روس کے نمائندگان خصوصی برائے افغانستان نے جی ایچ کیو میں ملاقاتیں کیں-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں یں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور طویل المدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لئے مربوط کوششوں کے لیے افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا-

    چین کی وزارت خارجہ کے افغانستان کے امور کے خصوصی ایلچی ایمبیسیڈر یو ژیاونگ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا۔

    انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی استحکام کے حصول کے سلسلے میں پرامن اور خوشحال افغانستان کے لئے کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے لئے روسی فیڈریشن کے صدر کے خصوصی نمائندے ضمیر کابلوف سے ملاقات کے موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے اور روس کے ساتھ طویل مدتی اور پائیدار کثیر الجہتی تعلقات کا خواہاں ہے۔

    روسی فیڈریشن کے صدر کے خصوصی نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔