Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • ڈینگی وائرس کنٹرول سے باہر: پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    ڈینگی وائرس کنٹرول سے باہر: پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    لاہور: ڈینگی کی روک تھام کے لیے پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لئے شہری میاں صابر نے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

    درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ حکومت نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، حکومت کی جانب سے ڈینگی اسپرے بھی نہیں کروایا گیا، عدالت حکومت کو فوری ڈینگی اسپرے کروانے کے احکامات جاری کرے اور صوبے میں فوری ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ایمرجنسی نافذ کروانے کے لیے حکومت کو ہدایات جاری کرے۔

    لاہور کے بعد پشاور میں بھی ڈینگی دوا کی قلت

    خیال رہے کہ ڈینگی اور دوا کی قلت دونوں پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوگیا بخار کی جن دواؤں کی قلت پیدا ہوئی ہے ان کی متبادل دوائیں بھی نایاب ہوگئی ہیں جس کے باعث مریض اور ان کے اہل خانہ پریشان ہیں۔

    چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں ڈینگی سے 371 افراد متاثر ہوئے 283 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے تاہم اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کم ہونے کا رجحان جاری ہے جہاں ایک دن میں 45 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی گزشتہ روز کے پی میں ڈینگی کے 150 سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے، پشاور میں 10 مریض وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں-

  • کوئٹہ:پولیس وین کے قریب دھماکہ ،3 شہری زخمی

    کوئٹہ:پولیس وین کے قریب دھماکہ ،3 شہری زخمی

    کوئٹہ: نواں کلی میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    کوئٹہ کے علاقے نواں کلی پہلے اسٹاپ میں پولیس وین کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جب کہ دھماکہ خیز مواد سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی عام شہری ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب صو بہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں راغگان ڈیم کے نزدیک پولیس اہلکاروں کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ا دھماکے کے بعد پولیس اور فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، جبکہ ایک اضافی چوکی بھی قائم کردی گئی۔

  • سالانہ عرس حضرت نظام الدین اولیا ؒپربھارت کیجانب سے پاکستانی زائرین کوویزے جاری نہ ہو سکے

    سالانہ عرس حضرت نظام الدین اولیا ؒپربھارت کیجانب سے پاکستانی زائرین کوویزے جاری نہ ہو سکے

    پاکستان نے بابا گورونانک کے جنم دن کے لئے 3 ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے دیئے ہیں جبکہ بھارت کی طرف سے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہ ہوسکے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کا 552 واں جنم دن منانے کے لئے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری 17 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے، پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی نے 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر ویزے جاری کئے ہیں-

    ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکھ یاتری، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ننکانہ صاحب میں گوردوارا جنم آستھان اور کرتارپور میں گوردوارا دربار صاحب سمیت مختلف گوردوارے جاسکیں گے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری بھی گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے جو مکمل آزادی کے ساتھ پاکستان میں موجود اپنے مقدس مقامات پر جاسکیں گے، انہیں قیام و طعام، سیکیورٹی، میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جائے گی، حکومت پاکستان کی طرف سے کسی بھی ملک سے آنے والے یاتری پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

    وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کےلئےآنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا ہےاپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے دنیا بھرسے آٹھ ہزارسے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں صوفیا،گرواورجوگیوں کی سرزمین پرسکھ یاتریوں کوخوش آمدید کہتے ہیں۔

    دوسری طرف برصغیر پاک و ہند کے معروف بزرگ صوفی حضرت نظام الدین اولیا ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات 22 سے 26 نومبرتک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شروع ہورہی ہیں، لیکن بھارتی حکومت نے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے، پاک بھارت مذہبی سیاحت کے 1974 کے معاہدے کے تحت بھارتی حکومت پاکستانی زائرین کو ویزے دینے کی پابند ہے، لیکن بھارتی حکومت کافی عرصہ سے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کررہی ہے۔

  • ضلع باجوڑ :راغگان ڈیم کے نزدیک ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    ضلع باجوڑ :راغگان ڈیم کے نزدیک ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    صو بہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں راغگان ڈیم کے نزدیک پولیس اہلکاروں کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او قابل شاہ نے بتایا کہ باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے راغگان ڈیم میں سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا، اور دھماکے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جب کہ دھماکے کی شدت اور آواز سے دور دور تک خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ڈی پی او صمد خان نے کہا کہ صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب اہلکاروں کو آئی ای ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا دھماکے کے بعد پولیس اور فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، جبکہ ایک اضافی چوکی بھی قائم کردی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل عبدالحیان اور کانسٹیبل سراج کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کردی ہے ۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ضلع باجوڑ میں گزشتہ روز21 اکتوبر کو ریموٹ کنٹرول دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے ‘آئی ایس پی آر’ کے مطابق باجوڑ کے علاقے ڈبرائی میں آئی ای ڈی دھماکا سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ہوا-

    دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے 28 سالہ لانس نائیک مدثر اور 26 سالہ سپاہی جمشید شہید ہوئے دھماکے میں 2 پولیس کانسٹیبلز سپاہی عبدالصمد اور سپاہی نور رحمٰن بھی شہید ہوئے تھے۔

  • اپوزیشن حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے،ن لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے     خورشید شاہ

    اپوزیشن حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے،ن لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے خورشید شاہ

    خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے،ن لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی مشترکہ حکومت بنانے کی بات نہیں ہوئی میرے لیےکوئی وزارت عظمیٰ کا فیصلہ نہیں ہوا ہےمیرے وزیر اعظم بننے سے کوئی پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑے گا۔

    خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں پارلیمنٹ طاقتور ہوگی تو سارے ادارے مضبوط ہوں گے چاہتے ہیں مہنگائی کا سونامی ختم ہو، عوام سکون کی سانس لیں۔

    اس سوال پر کہ کیا ان ہاوس تبدیلی پر اپوزیشن کو راضی کر رہے ہیں؟ جس پر خورشید شاہ سوال ٹال گئے اور جواب میں کہاکچھ ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو بتائی نہیں جاتیں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے،مریم اورنگزیب اور مریم نواز بھی پی ڈی ایم میں موجود ہیں، ہم مل بیٹھ کر بات کریں گے، ن لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، اب ہر چیز بہتر ہوتی جائے گی،غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی ،اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا کریڈٹ میرا نہیں سب کا ہے،لانگ مارچ بہت دور ہے، اللہ کرے گا پہلے ہی کام ہوجائے گا۔

  • پاکستان نے 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے

    پاکستان نے 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے

    نئی دہلی : پاکستانی ہائی کمیشن نے تقریباً 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے لیے 1974 کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکولز کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر تک گرو نانک کے 552ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں-

    ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکھ یاتری، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ننکانہ صاحب میں گوردوارا جنم آستھان اور کرتارپور میں گوردوارا دربار صاحب سمیت مختلف گوردوارے جاسکیں گے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری بھی گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ہائی کمیشن نے اس موقع پر پاکستان آنے والے زائرین کے لیے روحانی طور پر فائدہ مند یاترا کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

    یاتریوں کے ویزوں کا زیادہ سے زیادہ تعداد میں اجرا پاکستان میں مذہبی مقامات کی یاترا کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی کوششوں کے عین مطابق ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کےلئےآنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا ہے


    فوادچوہدری کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے دنیا بھرسے آٹھ ہزارسے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں صوفیا،گرواورجوگیوں کی سرزمین پرسکھ یاتریوں کوخوش آمدید کہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں سہولت فراہم کرنے کے لیے نومبر 2019 میں گرو نانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر ویزا فری کرتارپور صاحب کوریڈور کے تاریخی افتتاح سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں نیا تعمیر شدہ گوردوارا کرتارپور صاحب کمپلیکس پاکستان کے عوام اور اس کی قیادت کی طرف سے بھارت اور دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے تحفہ ہے۔

  • ملک بھر میں مزید231 کورونا کیسز رپورٹ،مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد

    ملک بھر میں مزید231 کورونا کیسز رپورٹ،مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد

    پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید11افراد جاں بحق ہوگئے-

    باغی ٹی وی : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 33 ہزار862 کورونا ٹیسٹ کیے گئے مزید231 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 79 ہزار373 جبکہ مجموعی اموات کی تعداد28ہزار 595ہو گئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد رہی۔

    سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 73ہزار81، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 79 ہزار، پنجاب میں 4 لاکھ 41 ہزار720،اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار275، بلوچستان میں 33 ہزار391، آزاد کشمیر میں 34 ہزار506 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار400 ہو گئی ہے۔

    کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 12 ہزار 972افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار600، خیبرپختونخوا 5 ہزار790، اسلام آباد 948، گلگت بلتستان 186، بلوچستان میں 358 اور آزاد کشمیر میں 741 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • خام تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی

    خام تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی

    خام تیل کی عالمی قیمتیں82.87 ڈالر فی بیرل ہوگئیں جب کہ دوسری جانب اوگرا نے 16 نومبر سے یکم دسمبر تک قیمتوں کیلیے تعین شروع کردیا۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت میں 1.6فیصد کمی دیکھی گئی جس کے ساتھ ہی فی بیرل قیمت 81.51ڈالرز پر آگئی برطانوی خام تیل کی قیمت میں 70 سینٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جس کے بعد برطانوی خام تيل کی قيمت 82.17 فی بيرل ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب امريکی خام تيل کی قيمت ميں بھی 80 سينٹ کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد امريکی خام تيل کی قيمت 80.79 فی بيرل ہوگئی ہے امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتوں میں بھی 2.1 فیصد کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی بیرل کی نئی قیمت 79.90 ڈالرز ہوگئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل تک رہی، تاہم 6 نومبر کو حکومت نے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے قیمتوں کا تعین کیا جبکہ رواں ہفتے عالمی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے،جس کے باعث مقامی قیمتوں میں اضافے کا جواز نہیں۔

    تاہم حکومت تمام ٹیکسوں کی موجودہ شرح لاگو کرکے قیمتیں برقرار رکھ سکتی ہے، لیوی ٹیکس ختم یا کم کرکے صارفین کو پٹرول اور ڈیزل پر 9 روپے تک سہولت بھی مل سکتی ہے اوگرا قیمتوں سے متعلق سمری 14 نومبر کو وزارت خزانہ بھجوائے گی۔

  • آصف زرداری کیخلاف 25 سال پرانے کیس میں  نیب اپیلیں سماعت کے لیےمقرر

    آصف زرداری کیخلاف 25 سال پرانے کیس میں نیب اپیلیں سماعت کے لیےمقرر

    سابق صدر آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیس میں نیب اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیےمقرر کرلی گئیں۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانی نیب اپیلیں سماعت کے لئے مقرر کرلی گئی ہیں آصف زرداری کے خلاف اُرسز ٹریکٹر اور اے آروائی گولڈ ریفرنسز میں نیب اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر کے روز سماعت کیلئے مقرر کی ہیں۔

    اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ کرے گا۔

    خیال رہے کہ آصف زرداری پر اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں 10 ملین ڈالر رشوت کا الزام تھا، آرسز ٹریکٹر ریفرنس میں ٹریکٹر اسکیم میں ان پر کرپشن کا الزام تھا، احتساب عدالت نے سابق صدر کو دونوں مقدمات میں بری کیا تھا-

    1947 کی آزادی کو بھیک قرار دینے پر بھارتی شہری کنگنا رناوت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

    انڈا فرائی ہوجائے گا؟ہاں ہوجائے گا۔حماد اظہرسے گیس کی فراہمی پردلچسپ سوالات زبردست…

    نیب نے آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کر رکھا ہے، نیب نے 2014ء میں آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کیا، اور آج تک سابق صدر کو نوٹس نہ ہوسکا، گزشتہ سماعت پر نیب نے نئے پراسیکیوٹر کی تعیناتی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو بینن پرفردجرم عائد

  • ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے ہمیں اس سے سیکھنا ہے کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے     بابر اعظم

    ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے ہمیں اس سے سیکھنا ہے کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے بابر اعظم

    لاہور: بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹیم سے خطاب میں کہا کہ ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، ہمیں اس سے سیکھنا ہے، کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے-

    باغی ٹی وی : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا آسٹریلیا کے ساتھ میچ میں حسن علی کی کمزور باؤلنگ اور بعد ازاں 19ویں اوور میں ڈراپ کیچس فیلڈنگ اور رن آؤٹس کے مواقع بھی ضائع ہوئے جس نے آدٹریلیا کا فائنل میں سفر آسان کر دیا-

    کپتان بابر اعظم نے میچ کے دوران غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے یہ کوشش بھی کی کہ ایک شکست سے ٹیم میں بدامنی کی فضا قائم نہ ہو جائے،سیمی فائنل کے بعد انھوں نے ڈریسنگ روم میں پلیئرز سے خطاب کیا جس کی ویڈیو پی سی بی نے سوشل میڈیا پر جاری کی۔


    ویڈیو میں بابر نے پہلے ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا، پھر کہا کہ سب کو معلوم ہے ہم نے کہاں غلط کیا اور کہاں بہتر کرنا چاہیے تھا،ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، ہمیں اس سے سیکھنا ہے، کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے اور یہ نہ کہے کہ اس نے ایسا کردیا یا ویسا کردیا، ہماری ٹیم ایک یونٹ بن چکی اس کو ٹوٹنا نہیں چاہیے، کپتان ہونے کے ناطے میں سب کو بیک کرتا ہوں، ہم ہار گئے ہیں کوئی مسئلہ نہیں، دکھ تو ہوا مگر یہ وقت ایک دوسرے کو حوصلہ دینے کا ہے،ہم اس شکست سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ کرکٹ میں یہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام میچز میں ہر کھلاڑی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، کسی بھی کپتان کو اپنی ٹیم سے یہی توقع ہوتی ہے،ہمارا بہترین ماحول رہا، ٹیم بڑی مشکل سے جڑتی اوراس میں وقت لگتا ہے،ہمیں اسی ماحول کو برقرار رکھنا ہے، کوشش اور محنت جاری رکھیں تو نتائج خود بخود ہی آئیں گے۔

    کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کوچنگ پینل کے سربراہ ثقلین مشتاق نے کہا کہ اب کھلاڑیوں میں دوستی کی فضا مزید بہتر اور ایک دوسرے پر اعتماد زیادہ ہونا چاہیے، اچھے تجربات کو دہرانا اور غلطیوں کو سدھارنے کیلیے محنت کرنا ہے،سیکھتے ہوئے یقین کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

    بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ ہم سیمی فائنل ہار گئے مگر کارکردگی پر فخر ہونا چاہیے،محمد رضوان اور شاداب خان نے بہترین پرفارم کیا،اپنے سر اٹھاکر رکھیں،جو اچھا کیااس کو جاری رکھیں جو غلطیاں ہوئیں ان کو بھی نہ بھلائیں بلکہ بہتری لانے کیلیے انفرادی اور ٹیم کے طور پر کام کریں۔

    قبل ازیں میچ کے بعد میڈیاکانفرنس میں کپتان نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کیا مگر سیمی فائنل کا دن مایوس کن رہا، ہم نے اچھے رنز بنائے تھے تاہم اچھی طرح میچ کو ختم نہیں کرسکے، مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہم اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، کیچ ڈراپ نہ ہوتے تو شاید صورتحال کچھ اور ہوتی، ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔

    حسن علی کے اہم کیچ چھوڑنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پیسر ہمارے اہم بولر ہیں،انھوں نے کئی میچز جتوائے ہیں، ان کو پورے ٹورنامنٹ میں اعتماد دیتے رہے ہیں، پرفارمنس نہ ہونا آپ کے ہاتھ میں نہیں، ہم صرف پوری محنت کرسکتے ہیں، حسن تھوڑی مایوسی کا شکار ہیں تاہم ہم ان کا حوصلہ بڑھائیں گے، امید ہے آگے جاکر وہ پرفارم کریں گے۔