Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • پاکستان میں کورونا سے مزید 3 ہزار60 افراد متاثر

    پاکستان میں کورونا سے مزید 3 ہزار60 افراد متاثر

    پاکستان میں کورونا کی لہر میں شدت،24 گھنٹوں میں 57 اموات

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے ملک بھر میں کورونا سے اموات کا اموات کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے مزید 57 اموات ہوئی ہیں-


    این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 58 ہزار670 ٹیسٹ کئے گئے3 ہزار60 نئے کیس سامنے آ گئے۔ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح تقریبا 5.21 فی صد رہی۔

    پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار99 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 97 ہزار802 ہو چکی ہے۔

    کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں-

    خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور پانچویں مرحلے میں30 سال سے زائد سال کے درمیان عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسین کی رجسٹریشن جاری ہے-

  • گرلڈ مٹن چانپیں  بنانے کا طریقہ

    گرلڈ مٹن چانپیں بنانے کا طریقہ

    گرلڈ مٹن چانپیں

    وقت: 40سے 45منٹ

    5سے 6افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار
    مٹن چانپیں 1کلو
    دہی ½ کپ
    پیاز (گرائنڈ کئے ہوئے) ¼ کپ
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1½ کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1½ کھانے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    خشک دھنیا پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    کچری پاؤڈر (گوشت گلانے کے لئے) 2کھانے کے چمچ
    لیموں کا رس 3کھانے کے چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    سجاوٹ کے لئے:
    پیاز کے ٹکڑے 8سے10ٹکڑے
    لیموں کے قتلے 6سے 8 عدد
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 1چائے کا چمچ

    طریقہ کار:
    مٹن کی چانپوں پر لیموں کا رس، نمک اور کچری پاؤڈر اچھی طرح ملیں اور دو گھنٹے کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ بڑے پیالے میں گھی کے علاوہ تمام اجزائے ترکیبی ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں مٹن کی چانپیں ڈال کر 2گھنٹے کے لئے میری نیٹ کریں۔ لوہے کی سلاخوں پر مٹن کی 4یا5چانپیں پرو دیں اورکوئلوں کی انگیٹھی پر پکائیں۔ ان پر گھی لگاتے رہیں یہا ں تک کہ وہ مکمل طورپر پک جائیں۔ لیموں اورچاٹ مصالحہ چھڑکیں، پیاز اور لیموں کے قتلوں سے سجائیں اوراپنی پسند کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ انگیٹھی پر چانپوں کو پکاتے وقت تیل بجائے گھی استعمال کریں کیونکہ تیل تیزی سے جل جاتا ہے اور کڑوا ذائقہ دیتا ہے۔

  • غذائیں جن کا استعمال موسم  گرما میں زیادہ کرنا چاہیئے

    غذائیں جن کا استعمال موسم گرما میں زیادہ کرنا چاہیئے

    موسم گرما میں مرغن، تلی ہوئی بازار سے تیار شد ملنے والی غذاؤں کے استعمال سے گریز کر کے قدرتی، تازہ اور سادہ، صاف گھر میں بنے کھانوں کو ترجیح دینی چاہیئے اور یہی عادت گرمیوں میں متعدد شکایات اور گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے مفید بھی ثابت ہوتی ہے ۔

    طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں بہت سے بیکٹیریاز اور وائرسز زیادہ متحرک اور جَلد افزائش پاتے ہیں اسی لیے غذائی ماہرین کی جانب سے گرمیوں میں تازہ اور سادہ غذا کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

    مندرجہ ذیل درج غذاؤں کے استعمال سے نہ صرف گرمی کی شدت میں کمی آئے گی بلکہ صحت پہلے سے بہتر ہو جائے اور آپ خود کو شدید گرمیوں میں بھی پر سکون اور توانا محسوس کریں گے ۔

    زیادہ پانی کی مقدار:
    گرمی ہو یا سردی پانی کی مقدار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے، گرمیوں میں پسینے کے سبب جسم سے نمکیات اور پانی زیادہ خارج ہو جاتا ہے لہٰذا گرمیوں میں پانی کا استعمال دُگنا تجویز کیا جاتا ہے، ٹھنڈا پانی پینے کے سبب فوری طور پر معدے کی گرمی اور جسمانی درجہ حرارت نیچے آتا ہے، پانی اضافی گرمی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے زہریلے اثرات کے اخراج میں بھی مدد دیتا ہے ۔

    پانی والی غذائیں:
    طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دیں جن میں سیب، آڑو، تربوز اور کھیرا وغیرہ شامل ہے جبکہ کھٹی غذاؤں سے دور رہیں جو کہ تیزابیت کو بڑھا کر معدے کی گرمی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

    دہی اور ٹھنڈا دودھ
    دہی معدے کی صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریاز کی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے، دہی کےاستعمال سے معدے کی گرمی میں کمی آتی ہے اور گرمیوں میں نکلنے والے دانوں سے چھٹکارہ حاصل ہونے میں مدد ملتی ہے جبکہ نظام ہاضمہ اور دیگر اعضاء بھی فعال ہوتے ہیں جبکہ ٹھنڈا دودھ بھی معدے کے درجہ حرارت اور تیزابیت کو کم کرنے میں مددگار ہے، ٹھنڈے دودھ کا گلاس رات کو پرسکون نیند سونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    ابلے ہوئے چاول:
    معدے میں گرمی کی اکثر علامات سامنے نہیں آتیں مگر بے آرامی، بھوک نہ لگنا، خالی پیٹ قے محسوس ہونا اور چکر آنا معدے کی گرمی کے اسباب ہوسکتے ہیں لہٰذا ایسی علامات سامنے آنے پر ابلے ہوئے سفید چاول بھی معدے کو ٹھنڈک پہنچا سکتے ہیں، دہی کے ساتھ سادے چاول کھانا اس اثر کو زیادہ تیز کردیتا ہے۔

    پودینہ:
    پودینہ بھی معدے کی گرمی دور کرنے میں مدد دے سکتا ہے جس کی وجہ اس کی ٹھنڈی تاثیر ہے، پودینے کا بطور سلاد، مشروب میں شامل کر کے یا چٹنی بنا کر کھانے سے غذا جلد ہضم ہوتی ہے اور انسان خود کو تروتازہ پرسکون اور ہلکا محسوس کرتا ہے ۔

    سیب کا سرکہ:
    ایک گلاس پانی میں 2 سے 3 چائے کے چمچ سیب کے سرکے اور ایک کھانے کے چمچ شہد کو مکس کریں اور اس مکسچر کو پی لیں، یہ فرحت بخش احساس دلاتا ہے، یہ مشروب معدے ، سینے اور تیذابیت کا احساس کم کر کے گرمی کی شد میں کمی لاتا ہے۔

    گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے لسی کے مختلف مزیدار اور لذیذ فلیورز

  • واٹس ایپ کا جلد ہی زبردست فیچر متعارف کرانے کا اعلان

    واٹس ایپ کا جلد ہی زبردست فیچر متعارف کرانے کا اعلان

    سلیکان و یلی: فیس بک کی میسیجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جلد ہی ایک زبردست فیچر متعارف کرانے کا اعلان-

    باغی ٹی وی : واٹس ایپ پر نظر رکھنے والی ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABeta کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ او ٹی پی (ون ٹائم پاس ورڈ) کے نام پر ہونے والی دھوکا دہی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جسے ’فلیش کال‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    اس نئے فیچر کی بدولت اب صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے 6 عدد پر مشتمل سیکیورٹی کوڈ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ یہ فیچر خود کار طریقے سے صارف کے فون نمبر کی تصدیق کردے گا تاہم فلیش کال فیچر کے لیے استعمال کنندہ واٹس ایپ کو فون کال کے لاگ تک رسائی دینا ضروری ہوگی جس کے بعد واٹس ایپ خود ہی کال وصول کرکے صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی تصدیق کردے گا۔


    ویب سائٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ ورژن 2.21.11.7 کے واٹس ایپ میں موجود ہے رپورٹ میں شائع ہونے والے اسکرین شاٹ کے مطابق فلیش کالز ایک آپشنل فیچر ہے اور یہ استعمال کنندہ پر منحصر ہے کہ وہ واٹس ایپ کو اپنے کال لاگ تک رسائی دے یا نہیں۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کو او ٹی پی کی آڑ میں ہونے والی اس دھوکا دہی سے متعدد بار آگاہ کرچکی ہے جس میں سائبر کرمنلز استعمال کنندہ کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کے لیے عموما گمراہ کن پیغامات بھیجتے تھے-

    کہ آپ کو او ٹی پی کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کرنا ضروری ہے، اور نہ کرنے کی صورت میں آپ کے اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ کردیا جائے گا صارف جیسے ہی او ٹی پی ہیکر کو بھیجتا ہے وہ اس کا اکاؤنٹ ہیک کرلیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ویب سائٹ ویب بیٹا انفو نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ واٹس ایپ نے ‘نیو آرکائیو’ نامی فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے جو صارفین کو غیر ضروری چیٹ سے دور رکھے گا۔

    پہلے اگر آپ کسی غیر ضروری چیٹ کو آرکائیو کرتے تھے تو وہ مکمل طور پر نظروں سے دور نہیں ہوتی تھی، وہ شخص جس کی چیٹ آرکائیو ہوتی تھی اس کے میسج بھیجنے پر اسکرین کے اوپر اس کا نام شو ہوجاتا تھا اور آرکائیو ہوئی چیٹ خود باخود ختم ہوجاتی تھی۔


    تاہم اب آرکائیو ہونے والی غیر ضروری چیٹ نیا پیغام آنے کی صورت میں بھی اسکرین کے اوپر نہیں دکھائی دے گی۔

    یہ سہولت فی الحال بہت مخصوص بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کی رسائی میں ہے جب کہ عام اینڈرائیڈ ورژن کے صارفین کچھ عرصے بعد اسے استعمال کر سکیں گے۔

    اس آپشن کا انتخاب کرنے کیلئے سب سے پہلے ایپ کی سیٹنگز میں جائیں اور چیٹ کے آپشن کو منتخب کرلیں۔

    وہاں آپ کو ‘کیپ چیٹس آرکائیوڈ ‘کا آپشن نظر آئے گا جسے ان ایبل کردیں، ان ایبل کرنے کے بعد چیٹ سب سے نیچے چلی جائے گی، اس طرح آپ اس فیچر سے مستفید ہو سکیں گے تاہم یہ فیچر واٹس ایپ بیٹا 2.21.11.1 ورژن کیلئے دستیاب ہوگا۔

  • انڈین آئیڈل ون کے فاتح کی ہی شو پر شدید تنقید

    انڈین آئیڈل ون کے فاتح کی ہی شو پر شدید تنقید

    گلوکار ابھیجیت ساونت نے 2004 میں انڈین آئیڈل کے پہلے سیزن میں کامیابی حاصل کی تھی مگر اب انہوں نے ہی شو پر شدید تنقید کی ہے-

    باغی ٹی وی :ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابھیجیت ساونت نے کہا کہ اس شو کو بنانے والے اب گلوکاروں کی صلاحیت کی بجائے ان کے دردناک پس منظر پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کررہے ہیں۔

    ابھیجیت ساونت کی جانب سے یہ تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب انڈین آئیڈل کو آن لائن کشور کمار کے حوالے سے خصوصی قسط پر تنقید کا سامنا ہوا۔

    اس شو میں شرکت کرنے والے کشور کمار کے بیٹے امیت کمار نے بتایا تھا کہ شو کی انتظامیہ نے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ اس میں شریک امیدواروں کی ستائش کریں، چاہے ان کو گانا پسند نہ بھی آئے۔

    اب ایک انٹرویو میں ابھیجیت ساونت نے کہا کہ شو میں موسیقی پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے المیہ کہانیوں اور گلوکاروں کی غربت میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی جاتی ہے اور ان کی صلاحیت کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔

    گلوکار کا کہنا تھا ریجنل رئیلٹی شوز کو دیکھنے والوں کو اپنے پسندیدہ امیدواروں کے پس منظر کے بارے میں بمشکل ہی کچھ معلوم ہوتا ہے اور ان شوز میں مکمل توجہ گلوکاری پر دی جاتی ہے، مگر ہندی رئیلٹی شوز میں شریک افراد کی المیہ کہانیوں کو دکھایا جاتا ہے ساری توجہ ہی اس پر ہوتی ہے ۔

    ابھیجیت ساونت نے کہا کہ شو میں جعلی لو اسٹوریز اور ڈراما کا اضافہ کیا جارہا ہے اور اس کے لیے عوام بھی ذمہ دار ہے۔

    اابھیجیت کے مطابق جب میں شو کا حصہ تھا تو ایک بار گاتے ہوئے میں گانے کے بول بھول گیا اور ججز نے مجھے ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا، مگر میں کہہ سکتا ہوں کہ اگر آج ایسا ہوتا، تو اس طرح کی صورتحال کو ناظرین کے لیے ڈرامائی بناکر پیش کیا جاتا ہے، مگر دیکھنے والے بھی اس کے ذمہ دار ہیں، لوگ زیادہ سے زیادہ ڈراما دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • کائی سے مضبوط ، لچک دار اور دیدہ زیب ڈیزائن والا کپڑا تیار

    کائی سے مضبوط ، لچک دار اور دیدہ زیب ڈیزائن والا کپڑا تیار

    سائنس دانوں نے کائی کوفوڈ سپلیمنٹ میں استعمال کرنے کے بعد اس کا ایک اور ماحولیاتی استعمال تلاش کرلیا ہے جی ہاں اب کئی سے مظبوط ، لچک دار اور دیدہ زیب ڈیزائن والا کپڑا تیار کیا جائے گا-

    باغی ٹی وی :سائنس جریدے ایڈوانسڈ فنکشنل میٹریلز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نیدر لینڈ کی یونیورسٹی آف راکیسٹر کے محقیقین کائی سے مظبوط ، لچک دار اور دیدہ زیب ڈیزائن والا کپڑا تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    اس تحقیق میں شامل ریسرچر سری کانتھ بالا سبرا مینیئن کا کہنا ہے کہ کائی سے بنے لباس مستقبل میں فیشن کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سہہ جہتی پرنٹنگ جاندار فنکشنل مادوں کی بناوٹ کے لیےایک طاقت ور ٹیکنالوجی ہے اور اس جان دار مادے کے ماحولیاتی اور انسانوں کے لیے بننے والی ایپلی کیشنز کے لیے بہت امکانات ہیں۔

    اس مادے سے نہ صرف کپڑے، بلکہ مصنوعی پتے، فوٹو سینتھیسز کھال بھی تیار کی جاسکتی ہے-

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے کائی کو فوٹو سینتھیسز مادے میں پرنٹ کرنے کے لیے تھری ڈی پرنٹر اور نئی بائیو پرنٹنگ تکنیک استعمال کی۔

    فوٹو سینتھیسز مادے کو تخلیق کرنےکے لیے ہم نے بے جان بیکٹریل سیلولوز(پو دوں کے خلیوں کی دیواروں میں موجود نشاستہ) سے آغاز کیا بیکڑیل سیلولوز ایک نامیاتی مادہ ہے جو کہ بیکٹریا کی جانب سے پیدا اور خارج کیا جاتا ہے، بیکٹریل سیلولوز میں لچک، سختی، مظبوطی اور اپنی شکل میں رہنے کی خاصیت پائی جاتی ہے۔

    سائنسدانوں نے بیکٹریل سیلولوز کو بطور کپڑا اورخرد بینی کائی ( مائیکرو الجی) کو بطور روشنائی استعمال کیا اور پرنٹنگ کے لیے نئی بائیو پرنٹنگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے جاندار کائی کو بیکٹریل سیلولوز پر پرنٹ کیا۔

    خورد بینی کائی اور بے جان بیکٹیریل سیلولوز کے ملاپ کے نتیجے میں ایک ایسا انوکھا مادہ بنا جو کہ کائی کا فوٹو سینتھیسز معیاراور بیکٹریل سیلولوز کی مظبوطی رکھتا ہے، یہ مادہ سخت، لچک دار ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست، بایو گریڈایبل اور بنانے میں سادہ ہے۔

    محقیقین کا کہنا ہے کہ اس مادے سے نہ صرف کپڑے، بلکہ مصنوعی پتے، فوٹو سینتھیسز کھال بھی تیار کی جاسکتی ہے۔ کائی سے بننے والے کپڑوں سے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات میں کمی آئے گی جبکہ اسے عام کپڑوں کی طرح بار بار دھونے کی ضرورت بھی نہیں پیش آئے گی جس سے پانی کی بچت بھی ہوگی۔

    یاد رہے کہ کائی کے کپڑے بنانےکے لیے ماضی میں بھی کئی تجربات کیے جاچکے ہیں تاہم ان کی کپڑوں کی پائیداری کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔

  • سلمان خان کا میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل  کی موت پر شدید دُکھ کا اظہار

    سلمان خان کا میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل کی موت پر شدید دُکھ کا اظہار

    بالی ووڈ کو نامور گیت دینے والے معروف میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل عرف لکشمن 78 سال کی عُمر گزشتہ روز دل کا دور پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے چل بسے ہیں-

    باغی ٹی وی: میوزک ڈائریکٹر کی موت پر جہاں مداحوں اور معروف شخصیات نے غم کا اظہار کیا وہیں سلمان خان کی جانب سے اپنی فلموں کے میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل عرف لکشمن کی موت پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔


    سلمان خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا کہ ’رام لکشمن، میری کامیاب اور سُپر ہٹ فلموں ’میں نے پیار کیوں کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’پتھر کے پھول‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کے میوزک ڈائریکٹر تھے۔‘

    بالی ووڈ اداکار نے لکھا کہ ’لکشمن کی اچانک موت کی خبر سُن کو شدید افسوس ہوا میں اس مشکل گھڑی میں میوزک ڈائریکٹر لکشمن کے سوگوار اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

    واضح رہے کہ میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل عرف لکشمن گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرگئے میڈیا رپورٹس کے مطابق میوزک ڈائریکٹر نے گزشتہ دنوں ہی کورونا وائرس کی دوسری ڈوز لگوائی تھی لیکن جب وہ گھر آئے تو اُنہیں کمزوری محسوس ہونے لگی جس کے بعد ڈاکٹر نے گھر میں ہی اُن کا علاج کیا۔

    بھارتی میڈیا نے بتایا کہ وجے پٹیل کی طبیعت مزید بگڑی اور گزشتہ روز اُنہیں دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ دُنیا سے کوچ کرگئے۔

    78 سالہ میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل اور سریندر کی جوڑی رام لکشمن کے نام سے مشہور ہوئی تھی بھارتی میوزک انڈسٹری کی اس مقبول ترین جوڑی نے 80 کی دہائی میں بالی ووڈ کو کئی ہٹ گانوں کی موسیقی دی تھی-

  • ارمینہ خان کے لئے عوامی خدمات کے عوض برطانوی ایوراڈ

    ارمینہ خان کے لئے عوامی خدمات کے عوض برطانوی ایوراڈ

    پاکستانی اداکارہ ارمینا خان اور ان کے شوہر فیصل خان کو عوامی خدمات کے عوض برطانیہ کی مقامی حکومت نے ایوارڈ سے نواز دیا۔

    باغی ٹی وی :اداکارہ ارمینا خان کی پیدائش اور پرورش برطانیہ میں ہی ہوئی اور انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری سے قبل برطانیہ میں ہی کام کیا تھا ارمینا خان اپنی زندگی کا زیادہ وقت برطانیہ میں ہی گزارتی ہیں-

    برطانیہ میں رہائش کی وجہ سے وہ وہاں سماجی مسائل سمیت ہر طرح کی عوامی خدمات کے لیے متحرک دکھائی دیتی ہیں، وہ جہاں سوشل میڈیا پر برطانیہ کے اندرونی سماجی مسائل پر بات کرتی رہتی ہیں، وہیں وہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسائل کو بھی اپنا موضوع بناتی ہیں۔

    برطانیہ میں عوامی خدمات کے عوض میں ہی انہیں اور ان کے شوہر فیصل خان کو برطانوی ریاست انگلینڈ کی کاؤنٹی لنکاشائر کے ٹاؤن برنلے کے میئر نے ایوارڈ سے نوازا۔

    ارمینا خان نے برنلے ٹاؤن کے پاکستانی نژاد میئر اور ہاؤس آف لارڈز کے رکن واجد خان اور ان کی اہلیہ انعم خان سے ملاقات سمیت ان کی جانب سے ایوارڈ وصولی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہیں ان کی عوامی خدمات کے عوض ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    ارمینا خان نے ٹوئٹر پر 22 مئی کو برنلے کے میئر اور ان کی اہلیہ سے شوہر کے ساتھ ملاقات اور ایوارڈ لینے کی تصاویر شیئر کیں –


    عوامی خدمات کے اعتراف پر ایوارڈ دیے جانے پر ارمینا خان نے برنلے کے میئر کا شکریہ ادا کیا جب کہ متعدد شوبز شخصیات نے اداکارہ کو مبارک باد بھی پیش کی۔

    میئر نے ارمینا خان کے شوہر فیصل خان کو بھی ایوارڈ سے نوازا اور انہوں نے بھی ایوارڈ وصولی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی نژاد میئر کی تعریف کی اور ساتھ ہی برنلے اور لنکا شائر کاؤنٹی کے افرد سے گزارش کی کہ وہ میئر کا ساتھ دیں-

  • گرم لاوے پر پکایا جانے والا  آتش فشانی پیزا

    گرم لاوے پر پکایا جانے والا آتش فشانی پیزا

    گوئٹےمالا: ڈیوڈ گارسیا نامی شیف 1,000 ڈگری سینٹی گریڈ جتنے شدید گرم لاوے پر پیزا بناتا ہے جو سوشل میڈیا پر ’آتش فشانی پیزا‘ اور ’لاوا پیزا‘ جیسے ناموں سے بھی مشہور ہورہا ہے۔

    باغی ٹی وی : سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں آتش فشاں ’پاکایا‘ اس سال فروری سے اُبل رہا ہے جس کی وجہ سے آس پاس رہنے والے لوگ شدید خوفزدہ ہیں لیکن ڈیوڈ گارسیا نامی ایک مقامی اکاؤنٹنٹ اور شوقیہ باورچی نے اسی گرم اور پگھلے ہوئے لاوے کو اپنا باورچی خانہ بنا لیا اور وہاں پیزا پکانا شروع کردیا۔

    اس پرخطر ماحول میں پیزا پکانا اپنے آپ میں جان جوکھم کا کام ہے تاہم اسی وجہ سے گارسیا کا ’لاوا پیزا‘ یا ’آتش فشانی‘ پیزا مشہور بھی ہے –

    گرم اور پگھلے ہوئے آتش فشانی لاوے پر پیزا پکانے کےلیے گارسیا نے عارضی میز کے علاوہ خصوصی کپڑوں، جوتوں اور برتنوں تک کا انتظام کیا ہوا ہے جو شدید گرمی برداشت کرسکتے ہیں۔

    تازہ پیزا پکانے کےلیے وہ آتش فشاں کے قریب ہی پیڑے بناتے ہیں اور انہیں خاص ٹرے میں پھیلا کر گرم سرخ لاوے پر جمی راکھ میں دس سے پندرہ منٹ کےلیے رکھ دیتے ہیں۔

    تیار ہوجانے کے بعد وہ مقامی گاہکوں اور سیاحوں کو گرما گرم پیزا بھی وہیں پیش کرتے ہیں ویسے تو اس پیزا کا باقاعدہ نام ’’پاکایا پیزا‘‘ ہے لیکن سوشل میڈیا پر یہ ’لاوا پیزا‘ اور ’وولکینک پیزا‘ (آتش فشانی پیزا) جیسے ناموں سے مشہور ہورہا ہے۔

  • جاپانی ڈاکٹر نے اللہ اکبر کے ذکر سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا

    جاپانی ڈاکٹر نے اللہ اکبر کے ذکر سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا

    قدیم تھراپی کے ماہر جاپانی ڈاکٹر نے اللہ اکبر کے ذکر سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا –

    باغی ٹی وی :میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر شوتارو ٹاکائی کا تعلق جاپان کے شہر ٹوکیو سے ہے وہ قدیم جاپانی تھراپی کے ذریعے جوڑوں اور پٹھوں کے علاج میں مہارت رکھتے ہیں۔

    ڈاکٹر شوتارو ان دنوں لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں مقیم ہیں انہوں نے اللہ کے ذکر سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرلیا ہے اور اب پاکستان میں ہی لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں ان کا اسلامی نام علی رکھا گیا ہے۔

    نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے جاپانی ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے کندھے میں کافی درد رہتا تھا، جاپان میں ان کے ایک پاکستانی دوست مقصود نے انہیں سید بابر بخاری سے متعلق بتایا جو ان کے دوست تھے جو اللہ اکبر کا ذکر کرکے علاج کرتے ہیں، انہوں نے ٹیلی فون پر میری ان سے بات کروائی ، بابر بخاری نے مجھے اللہ اکبر کا ذکر کرنے کا کہا اور صرف 5 منٹ میں میرا کندھے کا درد ختم ہوگیا جو میرے لیے حیرت انگیزتھا۔

    ڈاکٹر علی کے مطابق اس کے بعد وہ یہاں پاکستان آگئے، بابر بخاری سے ملے اور اسلام قبول کرلیا –

    جاپانی ڈاکٹرعلی نے اپنے طریقہ علاج کے بارے میں بتایا کہ وہ جس مخصوص آلے سے تھراپی کرتے ہیں اسے سی ایس 60 کہا جاتا ہے ، یہ ایک لٹو کی طرح ہے جو ان کے ایک انجنیئر دوست نے تیار کیا تھا اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسانی جسم میں آکسائیٹ کی موجودگی کی تشخیص کرتا ہے اور جب اسے جسم کے مختلف حصوں میں موجود رگوں اور پٹھوں پر رگڑا جاتا ہے تو ان کی بندش کھل جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ علاج سے لوگوں کی بڑی تعداد شفایاب ہورہی ہے اور جاپان میں اس طریقہ علاج کو سرکاری سطح پرتسلیم کیا جاتا ہے تاہم ڈاکٹرعلی خود روحانی طریقہ علاج سے کافی متاثرہیں-