Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہے،طلال چوہدری

    علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہے،طلال چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر طلال چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشرہ علیمہ خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علیمہ خان کو اپنے انٹرویو میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔

    باغی ٹی وی : رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انتشار کا وژن صرف جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد سیاست ہے یہ وہ ٹولہ ہے جو اپنے سیاسی مفاد کے لئے ہر حربہ استعمال کرنا چاہتا ہےعلیمہ خان یہ بتائیں کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہو ئے عوام کو کیا دیا؟ بانی پی ٹی آئی نے صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ کیا، سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنانے کا دعویٰ کرنے والوں کو کیا معلوم کہ ملک معاشی وژن سے چلتا ہے سلائی مشینوں کی کمائی سے نہیں۔

    طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی نے اقتدار میں رہتے ہوئے قومی پیسہ لوٹ کر اپنے اور اپنے خاندان کے لئے جائیدادیں بنائیں توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کی چوری کا حساب تو دینا ہوگا عمران خان نے جو جرم کیا اس کی سزا بھگت رہے ہیں، توشہ خانہ چوری، القادر ٹرسٹ پراپرٹی ،ممنوعہ فنڈنگ اور 9 مئی واقعات عوام نہیں بھولے، علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہےاسی وجہ سے ایسی بے بنیاد باتیں کر رہی ہیں۔

    طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ آپ اور آپ کی پارٹی 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات میں ملوث ہے، آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کئے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا خون حساب مانگ رہا ہے بانی پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیاعوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیئے علیمہ خان کو اپنے انٹرویو میں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے مطالبات نہ مانے گئے تو ترسیلات زر روکنے کی کال دوں گا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام اور بے گناہ کارکنوں کی رہائی بانی کے مطالبات ہیں، بانی نے یہی دو مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف بھیجا ہے۔

  • مدارس بل:حکومت جلد فیصلہ کر لے  تو بہتر ہے،حافظ حمداللہ

    مدارس بل:حکومت جلد فیصلہ کر لے تو بہتر ہے،حافظ حمداللہ

    اسلام آباد: رہنما جے یو آئی حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مدارس بل پر حکومت جلد فیصلہ کرلے تو بہتر ہے، یہ نا ہو کہ دیر ہو جائے۔

    باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے سے گفتگو میں حافظ حمداللہ نے کہا کہ مدارس بل کے معاملے میں حکومت سیاسی، اخلاقی، قانونی طورپر ہارچکی ہے، تنظیمات مدارس اور جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں کوئی ترمیم قبول نہیں ہے مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا ہے لہٰذا اس کاگزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، یہی جے یو آئی اور تنظیمات مدارس کا حکومت سے مطالبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کا تقاضا ہے کہ پارلیمنٹ کا منظورکردہ بل تسلیم کیا جائے، گیند اب حکومت کی کورٹ میں ہے، اب بھی وقت ہےحکومت فیصلہ کرے ورنہ دیر ہو جائے گی، پارلیمنٹ کے فیصلے فیٹف کے حوالے نہ کریں یا پھر قوم کو بتادیں ایوان میں فیصلےعوام کی نہیں فیٹف کی مرضی سےہوں گے۔

    قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ مدارس بل اب ایکٹ بن چکا ہے اب ہم کوئی ترمیم قبول نہیں کریں گے اور یہ بات نہ مانی گئی تو پھر ایوان کی بجائے میدان میں فیصلہ ہوگا، ہمارا مؤقف ہے کہ مدارس بل اب ایکٹ بن چکا ہے اور اب اگر بل کو ایکٹ تسلیم کیے بغیر دوبارہ منظوری کے لیے پیش کیا گیا تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی، سابق صدر عارف علوی نے ایک بل پر دستخط نہیں کیا تو بل ایکٹ بن گیا، یہ ایک نظیر بن چکی ہے اب صدر کو اختیار حاصل نہیں، اگر صدر 10 دن کے اندر دستخط نہیں کرتے تو قانون بن جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے 26 ویں ترمیم میں مدارس سے متعلق جے یو آئی کا تجویز کردہ بل منظور کیا تھا مگر بعد ازاں صدر نے بل پر اعتراض کر کے اسے واپس بھیج دیا تھا۔

  • ایاز صادق کی  حکومت اور  اپوزیشن کو مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی پیشکش

    ایاز صادق کی حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی پیشکش

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔

    باغی ٹی وی: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کےلیے مذاکرات بہت ضروری ہیں اور مذاکرات کے لیے میرا دفتر اور گھر ہر وقت حاضر ہے،سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

    واضح رہے کچھ دنوں سے حکومت اور اپوزیشن بالخصوص تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی خبریں زیر گردش ہیں مگر اب تک کسی جانب سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی،اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پی ٹی آئی سنجیدہ ہے تو حکومت کو مثبت پیغام دے کہ یہ ان کی کمیٹی ہےاور ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں-

    وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس وقت بھی مذاکرات کی بات کررہے تھے جب کہا جارہا تھا کہ چھوڑوں گا نہیں،قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ اگر اب آپ نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے تو کم از کم حکومت کو باقاعدہ پیغام تو دیں۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن مذاکرات نہیں کریں گے یہ سسٹم نہیں چل سکتا پی ٹی آئی سنجیدہ ہے تو حکومت کو مثبت پیغام دے کہ یہ ان کی کمیٹی ہےاور ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم اسپیکر کو کہیں گے کہ وزیر اعظم سے بات چیت کریں، اسپیکر کے پاس بیٹھ کر اس معاملے کو مثبت انداز میں آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

  • پشپا 2  پریمیئر میں بھگدڑ سے زخمی بچہ دماغی طور پر مردہ قرار

    پشپا 2 پریمیئر میں بھگدڑ سے زخمی بچہ دماغی طور پر مردہ قرار

    پشپا 2 کے پریمیئر میں بھگدڑ سے زخمی بچے کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

    باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے زخمی ہونے والے 9 سالہ لڑکے کی حالت کے بارے میں ایک اپڈیٹ فراہم کی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ اسے دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا ہے،سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ میں پھنسنے کی وجہ سے 9 سالہ سریتیج کو آکسیجن نہ مل سکی جس کی وجہ سے اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تلنگانہ کے ہیلتھ سیکریٹری نے بتایا تھا کہ لڑکے کی حالت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور اب بھی اس کے صحت یاب ہونے کی امید ہےتاہم سریتیج کی صحت کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق اب اسے دماغی مردہ قرار دیا گیا ہے اور بچہ وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہے۔

    اسپتال کے میڈیکل بلیٹن کے مطابق سریتیج اب بھی بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہےاس کی دماغی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے براہِ راست پھیپھڑوں میں ٹیوب کے ذریعے آکسیجن پہنچانے کے لیے ایک سرجری کا منصوبہ بھی بنایا جارہا ہے تا کہ وینٹیلیٹر پر اس کا انحصار بتدریج کم کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ 4 دسمبر کو ”پشپا2“ کے پریمیئر کے دوران حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے دوران سریتیج کی ماں، ریوتی، اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں جس کا مقدمہ ٹالی وڈ اداکار الو ارجن اور دیگر 2افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا بعدازاں پشپا 2 کے مرکزی اداکارکو اس واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن انہیں ہفتہ کی صبح رہا کر دیا گیا تھا،اداکار کو 50,000 روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت مل گئی تھی، اداکار نے متاثرہ خاندان کو 25 لاکھ روپے کی مالی اعانت فراہم کرنے اور بچے کے علاج کے پورے اخرا جات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • روہت شرما  کپتانی سے دستبرادر ہورہے ہیں؟ سنیل گواسکر کی پیشگوئی

    روہت شرما کپتانی سے دستبرادر ہورہے ہیں؟ سنیل گواسکر کی پیشگوئی

    نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے بھی روہت شرما کی کپتانی چھوڑنے کی پیشگوئی کی تھی-

    باغی ٹی وی: بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر و کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ٹیسٹ میچز میں کارکردگی نا دکھانے کی صورت میں روہت شرما کی جانب سے کپتانی چھوڑی جاسکتی ہے،روہت شرما اگر میلبرن اور سڈنی میں فلاپ ہوئے تو وہ خود دستبردار ہو جائیں گے اور سلیکٹرز کے فیصلے کا انتظار نہیں کریں گے۔

    سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ روہت بارڈر گواسکر ٹرافی کے آخری دونوں میچز میں حصہ لیں گے لیکن اگر وہ رنز بنانے سے قاصر رہے تو ٹیم کی قیادت الگ ہوجائیں گے، ایشون نے بھی ٹیم پر بوجھ بننا گوارا نہیں کیا انہیں لگتا تھا کہ وہ اب پلئینگ الیون میں شامل نہیں ہوسکتے تو ریٹائرمنٹ لے لی، اسی طرح روہت بھی بوجھ بننا گوارا نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کپتان روہت شرما نے ڈگ آؤٹ کے نزدیک اپنے گلوز پھینک دیے تھے، جس پر ریٹائرمنٹ کی باز گشت سنائی دینے لگی،آج روہت شرما پہلی اننگز میں محض 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ وہ اس سیریز کے دوران اب تک بڑا اسکور نہیں بنا سکے ہیں، روہت شرما نے آخری 13 ٹیسٹ اننگز میں 11.83 کی اوسط سے صرف 152 رنز بنائے ہیں،روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ خراب کارکردگی کے باعث ان پر سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر تنقید کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے-

  • آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 3 وینیوز پر کرائے جانے کا امکان

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 3 وینیوز پر کرائے جانے کا امکان

    دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 3 وینیوز پر کرائے جانے کا امکان ہے۔

    باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے میچز لاہور اور کراچی منتقل کیے جانے کا امکان ہے، راولپنڈی اسٹیڈیم میں سپائیڈر کیمرے نہ ہونے سے پروڈکشن کوالٹی متاثر ہوگی، ڈرون اور سپائیڈر کیمرے کے بغیر کوریج ورلڈ کپ یا چیمپئنز ٹرافی کے معیار پر پورا نہیں اترتی۔

    آئی سی سی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز پروڈکشن کوالٹی میں کوئی سمجھوتہ نہیں چاہتے، بی سی سی آئی کے انکار کے بعد بھارت کے میچز دبئی میں شیڈول کئے جارہے ہیں، آئی سی سی کا موقف ہے کہ چار وینیوز پر بیک وقت انتظامات کرنے میں خرچا زیادہ آئے گا،کیمروں کی تنصیب، ہوٹلنگ، ٹریولنگ اور برینڈنگ کا بجٹ بھی بڑھ جائے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ راولپنڈی سمیت لاہور اور کراچی میں میچز کرانے کا خواہش مند ہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے 14 دسمبر کو شیڈول کا باقاعدہ اعلان کئے جانا تھا،آئی سی سی اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر حتمی وینیوز اور شیڈول کا اعلان کرے گی، پی سی بی اور بی سی سی آئی میں 2027 تک آئی سی سی ایونٹس کیلئے اتفاق رائے ہوچکا ہے، پی سی بی کی جانب سے اس معاملے پر واضح موقف ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے

    ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی میں اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل یا فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرتی تو ایونٹ پورا پاکستان میں ہی کھیلا جائے بصورت دیگر ایک سیمی فائنل اور فائنل بھارتی ٹیم کے پہنچنے پر متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا،ایونٹ میں پاک بھارت میچ بھی دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارتی ٹیم اپنے تینوں گروپ میچز اسی مقام پر کھیلے گی، ہائبرڈ ماڈل ماننے کی صورت پر آئی سی سی نے پاکستان کو 2027 کے بعد ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی دے گا جبکہ 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ کے ناک آؤٹ میچز کا معاملہ بعد طے ہوگا۔

  • چنئی ائیرپورٹ سے ایئر انڈیا کا ملازم سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا

    چنئی ائیرپورٹ سے ایئر انڈیا کا ملازم سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا

    بھارتی شہر چنئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے ایئر انڈیا کا ملازم سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

    باغی ٹی وی: حکام کے مطابق ایئر انڈیا کے کیبن کریو ممبر کو چنئی کے ہوائی اڈے پر مسافر کو 24 قیراط کے 1 کلو 700 گرام سونا اسمگل کرنے میں مدد دینے کے الزام میں پکڑا گیا ایئرپورٹ حکام کے طیارے کے اسٹاف ممبر اور ایک مسافر کو اس وقت روکا گیا جب وہ دبئی سے ایئر انڈیا کی ایک پرواز کے ذریعے چنئی پہنچے تھے مسافر نے فلائٹ کے اندر جہاز کے عملے میں شامل ایک ملازم کو سونا دینے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    دوسری جانب حکام نے چنئی ایئرپورٹ سے ہی کینیا کی خاتون کو 14 کروڑ سے زائد بھارتی روپے مالیت کے کوکین کے 90 کیپسولوں سمیت حراست میں لے لیا۔

    کسٹمز حکام نے بتایا کہ کینیا کی خاتون مسافر ایتھوپین ایئر لائنز کے ذریعے ادیس ابابا سے چنئی ائیر پورٹ پہنچی تھی، اسے شک کی بنیاد پر روکا گیا، تلاشی لینے پر اس کے سامان سے کوکین کے 90 کیپسول برآمد ہوئے خاتون کے قبضے سے مجموعی طور پر 1 کلو 400 گرام کوکین برآمد ہوئی، منشیات کو تجزبہ کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا، جبکہ غیر ملکی خاتون کوعدالتی حراست میں جیل روانہ کر دیا گیا۔

  • سندھ اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

    سندھ اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

    اسلام آباد: صوبہ سندھ اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    باغی ٹی وی: سندھ میں سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا،21 دسمبر سے 31 دسمبر تک چھٹیاں ہوں گی محکمہ تعلیم سندھ نے سردیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

    صوبہ پنجاب میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیامحکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے صوبے میں موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا،نوٹیفکیشن کے مطابق نجی و سرکاری سکولز میں 20 دسمبر سے 10 جنوری 2025 تک چھٹیاں ہوں گی اور موسم سرما کی تعطیلات کے بعد 13 جنوری کو سکولز دوبارہ کھل جائیں گے۔

    علاوہ ازیں حکومت سندھ نے سردیوں میں اسکول کے بچوں کیلئے یونیفارم کوڈ میں نرمی کردی، بچے کسی بھی رنگ کا سویٹر، جوتے اور موزے پہن کر اسکول جاسکیں گے، صوبائی وزیر تعلیم نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی لہر کے پیش نظر اسکولوں میں طلبہ کے لیے یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت جاری کردی ہے اور اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کی جانب سے نجی اسکول کو باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

    مراسلے میں نجی اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ سردیوں کے دوران نجی اسکول طلبہ کے یونیفارم کے سلسلے میں نرمی برتیں، اسکول کے بچوں کی صحت کی خاطر سردی سے بچاؤ کے اقدامات میں ان کے ساتھ تعاون کریں اور سردی کے دنوں میں طلبہ جو گرم کپڑے پہننا چاہیں انہیں اس کی اجازت دی جائے بچے سوئیٹرز ، بلیزرز ،جیکٹس ، کوٹس، ٹوپی ، موزے اور جوتے اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق استعمال کرسکتے ییں، بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے یہ پالیسی یا نرمی سردی کے پورے موسم میں قابل اطلاق ہے، اسکول کی کلاسوں میں بھی سردی سے بچاؤ کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔

  • پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ نومبر  میں  72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا

    پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ نومبر میں 72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا

    کراچی: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ مالی سال کے 5 مہینوں میں 94 کروڑ ڈالر سرپلس رہا۔

    باغی ٹی وی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ 72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، نومبر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس فروری 2015 کے بعد بلند ترین ہے، نومبر 2024 میں تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 2.35 ارب ڈالر رہا۔

    اسٹیٹ بینک کیمطابق مالی سال کے 5 مہینوں میں کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سرپلس رہا جولائی سے نومبر تک تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 14.55 ارب ڈالر رہا، جولائی سے نومبر تک ملکی برآمدات 13.28 ارب ڈالر رہیں جولائی سے نومبر تک ملکی برآمدات 13.28 ارب ڈالر رہیں جولائی سے نومبر تک ملکی درآمدات 22.97 ارب ڈالر رہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پانچ مہینوں کا تجارتی خسارہ 9.68 کروڑ ڈالر رہا پانچ مہینوں کا تجارتی خسارہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں سے 10 فیصد زائد ہے جولائی سے نومبر تک ملکی درآمدات 22.97 ارب ڈالر رہیں، مالی سال کے پانچ مہینوں کا تجارتی خسارہ 9.68 ارب ڈالر رہا، پانچ مہینوں کا تجارتی خسارہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں سے 10 فیصد زائد ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق خسارے کی ادائیگی کے لیے رواں سال 33 فیصد اضافی رقوم رہیں پانچ مہینوں میں ورکرز ترسیلات 14.76 ارب ڈالر موصول ہوئیں، پانچ مہینوں کی بیرونی ادائیگیوں اور وصولیوں کے بعد 94 کروڑ ڈالر اضافی رہے، نومبر میں آئی ٹی برآمدات 32.4 کروڑ ڈالر رہیں، اکتوبر کے مقابلے میں نومبر کی آئی ٹی برآمدات 2 فیصد کم رہیں۔

  • مدارس رجسٹریشن معاملہ: ایم کیو ایم نے مولانا کی حمایت کردی

    مدارس رجسٹریشن معاملہ: ایم کیو ایم نے مولانا کی حمایت کردی

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے-

    باغی ٹی وی : سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات کی، ملاقات میں مدارس رجسٹریشن سے متعلق سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل پر گفتگو متوقع تھی، ایم کیو ایم کی قیادت کی آمد پر مولانا فضل الرحمان نے خوشی کا اظہار کیاخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مولانا صاحب سے ہر دور میں ملاقات ہوتی رہی ہے، 26ویں ترمیم کے موقع پر بھی سب کے اپنے اپنے مؤقف تھے۔

    جے یو آئی کی طرف سے سینیٹر کامران مرتضٰی، مولانا عبدالغفورحیدری، سنیٹرعطاء الرحمان، مولانا اسعد محمود اوراسلم غوری موجود تھے۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا آج متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت ہمارے پاس آئی، ان کا آنا ہمارے لیے خوشی کی بات ہے، ہمارا یہی مطالبہ ہے حکومت دینی مدارس کاگزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے، چاہتے ہیں سیاسی تنازعہ کے بغیرمعاملات خوش اصلوبی سے حل ہوں۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول نے کہا کہ آج ہم نے مولانا کے مؤقف پر کھل کر بات کی ہے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے قانون سازی کے عمل کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کا عمل مکمل ہو چکا ہےایوان صدر نے مدارس سے متعلق قانون سازی کو الجھادیا اور اس بات پر زور دیا کہ مدارس سے متعلق بل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیےدینی مدارس کے حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

    خالد مقبول نے بھی اس بات کی حمایت کی اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، ہم ہر دور میں مولانا فضل الرحمن کے پاس آتے رہے ہیں، ہم نے آج مولانا کے موقف کو سمجھنے کی کوشش کی ہے، مذاکرات سے ہی تناز عا ت کا حل سیاسی جماعتوں کا حسن ہے-

    اس موقع پر گورنر نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت درج کیا جائے کامران ٹیسوری نے بھی وضاحت کی کہ ہم تو وزیر تعلیم ہی مولانا صاحب کے پاس لے آئے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔