Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمینل ریکارڈ چیک کروانے کا فیصلہ

    کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمینل ریکارڈ چیک کروانے کا فیصلہ

    کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کا کریمینل ریکارڈ چیک کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیرصدارت حادثات کی روک تھام کےلئے اہم اجلاس ہوا جس میں تمام پبلک سروس اور کمرشل ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ اور ڈرائیونگ ہسٹری چیک کروانے کا حکم دیا گیاایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ کو حادثات کی وجوہات اور ان،کی روک تھام کے ممکنہ اقدامات کا خصوصی ٹاسک دیا گیا، لاہور میں تقریباً پانچ فیصد کمرشل گاڑیاں رجسٹرڈ جبکہ 48فیصد مہلک حادثات ان،کی وجہ سے رونما ہوئے۔

    اب کوئی بھی ٹرانسپورٹ یونین کریکٹر سرٹیفکٹ کے بغیر اور ریکارڈ یافتہ ڈرائیور کو گاڑی نہ دے، سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ جرائم یا بار بار حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو ڈرائیونگ سے دور رکھا جائے غیر ذمہ دار ڈرائیورز کو دوبارہ گاڑیاں دینے والے مالکان کارروائی کی زد میں آئیں گے، اب حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز اور سہولت کاروں دونوں کا احتساب ہوگا۔

    اجلاس میں تمام کمرشل ڈرائیورز و پبلک سروس وہیکل ڈرائیورز کے لائسنس کی جانچ پڑتال کا بھی فیصلہ کیا گیا، سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ویلڈ لائسنس رکھنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی جائے گی،لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے حادثات کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی نافذ ہے،حادثات کی بڑی وجوہات ختم کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا،روڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،زیرو ٹولرنس پالیسی اپنانا ہوگی۔

  • امریکا کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے، ایرانی وزیر خارجہ

    امریکا کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے، ایرانی وزیر خارجہ

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جارحیت میں علاقائی ممالک بھی شریک ہوئے تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

    آفیشل ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ رات فیلڈ مارشل عاصم منیر ، سعودی عرب اور ترک وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی،عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جارحیت میں علاقائی ممالک بھی شریک ہوئے تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ایرانی سپریم لیڈر کے سینئر مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ایرانی انفراسٹرکچر پر حملوں کا نتیجہ امریکی حاکمانہ نظام کی تباہی ہو گی، ایرانی انفراسٹرکچر پرحملے کیے گئے تو میدان جنگ سے باہر اثرات ہوں گے، مغربی طاقتوں کی جانب سے ڈھائی سو سال میں بنایا گیا گلوبل آرڈر تباہ کر دیا جائے گا، نظام کے ستون ٹوٹیں گے تو کمانڈ سینٹر بچے گا نہ لوٹ کیلئے مارکیٹ بچے گی۔

    ایرانی خبررساں ایجنسی وانا کے مطابق ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا تو ایران نے وسیع پیمانے پر جوابی کارروائی کے منصوبے تیار کر رکھے ہیں،عہدیدار نے امریکی میڈیا میں ممکنہ حملوں سے متعلق رپورٹس کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ہر صورتحال کے لیے تیار ہے ہم نے صہیونی ریاست کے اہم انفراسٹرکچر اور خطے میں امریکی توانائی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے جامع ردعمل کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے اور ہم اس پر عملدرآمد کے لیے تیار ہیں۔

  • نظام چلانے والوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا،امیر جماعت اسلامی

    نظام چلانے والوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا،امیر جماعت اسلامی

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہےکہ،نظام چلانے والوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا،دل بڑا کر کے نیشنل ڈائیلاگ کا آغاز کریں-

    اپنے اہم ویڈیو بیان میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نظام چلانے والوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا،دل بڑا کر کے نیشنل ڈائیلاگ کا آغاز کریں،بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے،عوام کی رائے پر آئندہ کوئی ڈاکا نہ ڈالنے کا عزم ضروری ہےآئندہ جس کو لوگ چاہیں ووٹ دیں، جس کو چاہیں مسترد کر دیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ترامیم کے ذریعے یرغمال بنائی گئی عدلیہ کو آزاد ، ججزکی تعیناتی میرٹ پر کی جائے،انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کرائے جائیں، ووٹرز افراد کے بجائے پارٹی منشور اور لسٹ دیکھ کر ووٹ دیں،موروثی سیاسی نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے،جماعتوں میں بھی حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے،بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے اور بروقت انتخابات کرائے جائیں،آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے لیے واضح چیپٹر شامل کیا جائے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس اور صوبوں کی تشکیل پر اتفاق رائے قائم کیا جا سکتا ہے، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے بڑا جرگہ یا قومی کمیشن تشکیل دیا جائے،تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کانفرنس بلائی جائے،معدنیات اور قدرتی وسائل کے لیے جامع قومی پالیسی بنائی جائے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے،انڈسٹری کی ترقی کے لیے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات سستی کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں غریب، مڈل کلاس اور امیر سب کے لیے یکساں نظام قائم کیا جائے،آئندہ اے آئی کا انقلاب ہے،آئی ٹی میں بھی بنیادی مواقع دئیے جائیں،پاکستان کے پاس اضافی بجلی ہے، جس کا بوجھ عوام پر کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں ڈالا جاتا ہے،بجلی کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے،عوام کی جیب سے چند افراد کوپالا جا رہا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بڑےبڑے ڈیٹا سنٹرز بنائےجائیں اس میں ماہرین کو شامل کریں،زراعت ریڑھ کی ہڈی ہے،جاگیرداری نظام کےخاتمے سےانقلابی اقدام اٹھائیں،کارپورٹ فارمنگ مسئلے کا حل نہیں، کوآپریٹ فارمنگ مسئلے کا حل ہے،کوآپریٹ فارمنگ میں کاشتکار، کسان ، حکومت اور مڈل مین اسٹیک ہولڈرز ہوتے ہیں،کپاس اورگندم کی کاشت کو بہتر کرنےکی ضرورت ہےاسپورٹس کے اداروں کو گراس روٹ لیول پر ڈویلپ کیا جائے،تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہنا چاہئے، مقابلے کے امتحان کو اردو زبان میں ہونا چاہئے،نیشنل ڈائیلاگ کے ذریعے ہی سسٹم بدل سکتا ہے، ورنہ عوام میں نفرت پھیلے گی۔

  • دادو میں سکول جانیوالی طالبات سمیت 5 لڑکیاں لاپتا

    دادو میں سکول جانیوالی طالبات سمیت 5 لڑکیاں لاپتا

    دادو: ضلع دادو کے شہر میہڑ میں اسکول جانے والی تین طالبات سمیت مجموعی طور پر پانچ لڑکیاں غائب،ہوگئیں،جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق لاپتا ہونے والی طالبات میں فاطمہ جانوری، روشنی تیونو اور تنزیلہ پنہور شامل ہیں، جو آٹھویں جماعت کی طالبات اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبات ہیں میہڑ سے بروہی برادری کی دو مزید نوجوان لڑکیوں کے بھی لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد شہر سے مجموعی طور پر پانچ لڑکیوں کی گمشدگی سامنے آئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،واقعے کا آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور خصوصی ٹیمیں بچیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    دوسری جانب ایس ایس پی دادو نے کہا ہے کہ معصوم بچیوں کی گمشدگی میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

    ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی،ہے-

    محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے شمال میں موجود ہوا کا کم دباؤ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے، جس کے باعث بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل پاکستان کے جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش کا آغاز ہوچکا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر کوٹ میں 169 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکی بدین میں بھی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہےتھرپارکر، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہ یار سمیت کئی اضلاع میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

    اسی طرح پنجاب کے شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی نشیبی مقامات زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور اور نوشہرہ میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    پیشگوئی کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد، نیز مری، گلیات اور کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا،جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں میں اچانک طغیانی بھی آ سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے اور کہیں کہیں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔

    کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران ہلکی سے معتدل بارش اور مضافاتی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز یا موسلادھار بارش ہو سکتی ہے،محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • آزاد کشمیر انتخابات: حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی

    آزاد کشمیر انتخابات: حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی

    مظفرآباد: شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں آج پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے.

    آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر ووٹنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا، ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود متاثرہ سڑکیں مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر دو بجے کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے پیش آنے والی زحمت پر معذرت کا اظہار کیا ہے،دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے دیگر تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

  • تنوع کو اپنانا اور مختلف نقطۂ نظر کو سمجھنا مؤثر قیادت کی بنیادی خصوصیات ہیں، عاصم افتخار

    تنوع کو اپنانا اور مختلف نقطۂ نظر کو سمجھنا مؤثر قیادت کی بنیادی خصوصیات ہیں، عاصم افتخار

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل کے عالمی اداروں اور نئی سوچ کی تشکیل میں فعال کردار ادا کریں-

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں منعقدہ کانفرنس کے نوجوان شرکا سے خطاب میں انہوں نے نوجوانوں کو مستقبل کے سفارت کار، پالیسی ساز، کھلاڑی، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات، جدت کار اور کمیونٹی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والے کل کے اداروں اور نظریات کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

    انہوں نے نوجوانوں کو تجسس، ہمدردی اور مختلف آرا کو کھلے دل سے سننے اور قبول کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تنوع کو اپنانا اور مختلف نقطۂ نظر کو سمجھنا مؤثر قیادت کی بنیادی خصوصیات ہیں، بین الاقوامی تعلقات کی کئی نمایاں کامیابیاں ان افراد کی مرہونِ منت ہیں جنہوں نے رکاوٹوں کے باوجود پل تعمیر کیے، اختلافات کے باوجود مشترکہ نکات تلاش کیے اور تعاون کے راستے اختیار کیے۔

    عاصم افتخار احمد نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل انہی لوگوں کے ہاتھوں تشکیل پائے گا جو تقسیم کے بجائے تعاون، محاذ آرائی کے بجائے مکالمے اور خوف کے بجائے امید کا راستہ اختیار کریں گے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مثبت سوچ، باہمی احترام اور مشترکہ مقاصد کے ذریعے ایک بہتر اور پُرامن عالمی مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • ایران پر حملہ فوری معاہدے سے مشروط قرار دے کر منسوخ کر دیا، صدر ٹرمپ

    ایران پر حملہ فوری معاہدے سے مشروط قرار دے کر منسوخ کر دیا، صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ حملہ مؤخر کرنے اور ویک اینڈ پر حملے کا منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران اور خطے کے کئی ممالک کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت متعدد علاقائی رہنماؤں نے بھی کشیدگی کم کرنے اور جنگ سے گریز پر زور دیا ہےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران پر ممکنہ حملہ مؤخر کر دیا گیا ہے اور ویک اینڈ پر حملے کا منصوبہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور خطے کے دیگر ممالک کی درخواست پر حملہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ان کے مطابق یہ اقدام دنیا کے مستقبل اور ایران کی بقا کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اسرائیل نے بھی حملے مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر امریکا اور اس کے اتحادی تباہ کن کارروائی کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاسعودی ولی عہد نے ایران پر امریکا کی جانب سے بڑے حملوں کے ممکنہ منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لائی جائے اور فوجی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

    دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان نے بھی امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جائے،قطری ثالثوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور عمانی حکام سے رابطے کیے ہیں تاکہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔

  • پیرو میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

    پیرو میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

    لاطینی امریکی ملک پیرو میں نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے جانے والا ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ پرواز بھرنے کے چند لمحوں بعد گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 11 مسافر اور عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ جنوبی پیرو کے شہر پسکو کے قریب پیش آیا، جہاں سے سیاحتی طیارے نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے کچھ دیر بعد نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے پرواز بھری تھی،طیارے میں 11 مسافر اور 2 پائلٹ سوار تھے، پرواز بھرنے کے فوراً بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پیرو کے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی تک حادثے کی وجوہات سے متعلق کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

    نازکا لائنز دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک مشہور تاریخی مقام ہے، جہاں ان پراسرار زمینی نقوش کو فضاء سے دیکھنے کے لیے روزانہ سیاحتی پروازیں چلائی جاتی ہیں۔

  • آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ کا عمل شروع

    آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ کا عمل شروع

    آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت آج مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے 9 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

    الیکشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 95 ہزار 66 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 400 مرد جبکہ تین لاکھ 82 ہزار 167 خواتین ووٹرز شامل ہیں،جبکہ پاکستان میں مقیم کشمیری پناہ گزینوں کی 12 نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 834 ہے، جن میں 2 لاکھ 47 ہزار 776 مرد اور 1 لاکھ 91 ہزار 54 خواتین ووٹرز شامل ہیں، ڈویژن بھر میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے بھی آج پولنگ جاری ہےجموں اور وادی کشمیر کی 6، 6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم 4 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ان نشستوں پر مجموعی طور پر 143 امیدوار میدان میں ہیں،ان میں سے 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس جبکہ 209 کو نارمل قرار دیا گیا جبکہ پاکستان میں مقیم کشمیری پناہ گزینوں کی 12 نشستوں کے لیے ایک ہزار 57 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہوں گےآزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن سمیت ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر تمام انتظامات مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے حقِ رائے دہی بھرپور انداز میں استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔