Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • کیرالہ:غلط شناخت پر گرفتاری،پولیس کا وحشیانہ تشدد ، مسلمان بس ڈرائیور دم توڑ گیا

    کیرالہ:غلط شناخت پر گرفتاری،پولیس کا وحشیانہ تشدد ، مسلمان بس ڈرائیور دم توڑ گیا

    کیرالہ کے ضلع کولم میں 29 سالہ مسلمان نوجوان اور نجی بس ڈرائیور ‘سیاد’ پولیس کے مبینہ وحشیانہ تشدد کے باعث ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

    کشمیر میڈیا سروس اور مقامی ذرائع کے مطابق، 29 سالہ سیاد کو ایک 13 سالہ لاپتا بچے کی شکایت پر کینڈرا پولیس نے حراست میں لیا تھا اگرچہ اگلی ہی صبح لاپتا بچہ بخیریت اپنے گھر پہنچ گیا، جس کے بعد پولیس نے سیاد کو بھی چھوڑ دیا، لیکن اس مختصر حراست کے دوران پولیس کا رویہ انتہائی سفاکانہ رہا-

    اہلِ خانہ کے مطابق، سیاد حراست سے قبل مکمل صحت مند تھا، لیکن پولیس کی بے رحمانہ مار پیٹ کے باعث وہ رہائی کے بعد اس قدر نڈھال ہو گیا کہ پانی پینے سے بھی قاصر رہا،حالت مسلسل بگڑنے اور سینے میں شدید درد کی شکایت پر جب اسےہسپتال منتقل کیا گیا تو ایکسرے رپورٹس میں اس کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی پائیں گئیں، تشدد کے باعث پھیپھڑوں میں شدید انفیکشن پھیل گیا،جس پر اسے انتہائی تشویشناک حالت میں ترواننت پورم کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر زندگی کی بازی ہار گیا۔

    شکایت کنندہ نے خود میڈیا کو دیے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ اس نے پولیس موبائل میں پولیس اہلکاروں کو سیاد پر بدترین تشدد کرتے دیکھا، جہاں وہ شدید درد کے باعث چیختا چلاتا رہا،اس جابرانہ واقعے کے بعد پولیس کے خلاف عوام میں شدید اشتعال پھیلا ہوا ہے مقامی رکنِ اسمبلی این بالاگوپال نے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کیرالہ پولیس کے رویے اور حراست کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔

    مقتول کے لواحقین نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر کے ان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ فی الوقت ڈسٹرکٹ کرائم برانچ نے معاملہ درج کر کے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    بھارت میں پولیس حراست کے دوران تشدد اور ہلاکتوں پر انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیمیں مسلسل تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں رپورٹ کے مطابق اکثر اوقات اقلیتی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو بناء کسی ٹھوس ثبوت اور محض شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہےبھارتی آئین اور قانون کے مطابق کسی بھی فرد کو حراست کے دوران جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا غیر قانونی ہے اور بھارتی سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے تحت حراست میں لیے گئے شخص کا طبی معائنہ کرانا لازمی ہوتا ہے، جس کی اس کیس میں صریحاً خلاف ورزی کی گئی۔

  • عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1000 روپے کمی ہو گئی ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 10ڈالر کی کمی سے 4ہزار 40ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کی کمی سے 4لاکھ 26ہزار 436روپے کی سطح پر آگئی،فی 10 گرام سونے کی قیمت 857روپے کی کمی سے 3لاکھ 65ہزار 600روپے ہو گئی۔

    عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 68 سینٹس کے اضافے سے 58ڈالر 12سینٹس کی سطح پر آنے کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 68روپے کے اضافے سے 6ہزار 291روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 58روپے کے اضافے سے 5ہزار 393روپے کی سطح پر آگئی۔

  • ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں،وزیراعظم

    ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں،وزیراعظم

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں-

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاور سیکٹر کے تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد و کاروبار کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےپاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کے پیداواری شعبے اور ایف بی آر کے اعداد و شمار میں ہم آہنگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف بی آر کا ٹریکنگ نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے، جس پر چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہےایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والے افراد اور کاروباری ادارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت آئندہ بھی برآمدی اور مقامی صنعت کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرتی رہے گی۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں موجود ہوں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل بروقت سنے اور حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، مشروبات، اسٹیل، پولٹری، خوردنی تیل و گھی اور ٹائرز کے شعبوں میں بھی دسمبر تک ڈیجیٹل ٹریکنگ نظام فعال کرنے کی ہدایت دی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز اور کھاد کے شعبوں میں ٹریکنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ مزید پانچ شعبوں میں اس کا نفاذ آخری مراحل میں ہے، جہاں 700 ارب روپے سے زائد ٹیکس استعداد موجود ہے۔ مزید نو پیداواری شعبوں میں بھی ٹریکنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے 560 ارب روپے کی اضافی ٹیکس استعداد سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

    اجلاس کو ایف بی آر میں افرادی قوت، تربیت، میرٹ پر تقرریوں، پیئر ریویو نظام، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے حوالے سے اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی،بتایا گیا کہ 957 تھرڈ پارٹی آڈیٹرز تعینات کیے جا چکے ہیں، جبکہ کسٹمز کے فیس لیس نظام کے لیے 280 گڈز ایویلیوایٹرز کی بھرتی جاری ہے۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ متبادل تنازعاتی حل (ADRC) فورم کے تحت جون 2026 تک 377 درخواستوں میں سے 152 کو 90 روز کے اندر نمٹا کر 54 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ممکن بنائی گئی، جبکہ ٹیکس مقدمات میں غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کم کرنے کے لیے کیس اسکرونٹی کمیٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں، اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی فہرست مرتب کی جائے تاکہ یومِ آزادی پر انہیں ایوارڈز سے نوازا جا سکے، جبکہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا فوری تھرڈ پارٹی آڈٹ اور ویلیڈیشن بھی کرائی جائے۔

  • اسحاق ڈار کا کویتی  وزیر خارجہ کاسرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر خیرمقدم

    اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ کاسرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر خیرمقدم

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ الشیخ جراح جابر الاحمدصباح کا وزارتِ خارجہ میں ان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر خیرمقدم کیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما پہلے ون آن ون ملاقات کریں گے، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوںگے،مذاکرات کے دوران پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا،اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی دونوں ممالک کے مؤقف اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

    یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • 31 جولائی سے سندھ بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے31 جولائی سے 2 اگست کے دوران کراچی سمیت صوبہ سندھ کے تمام اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیجِ بنگال میں موجود ہوا کا شدید کم دباؤ مزید شدت اختیار کر کے ‘ڈیپ ڈپریشن’ میں تبدیل ہو چکا ہے، جو اس وقت بھارت کی ریاستوں اڑیسہ اور چھتیس گڑھ پر موجود ہے اس کے علاوہ بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے مون سون کی مرطوب ہواؤں کا ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخلے کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ پہلے ہی ملک کے شمالی حصوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

    اس موسمیاتی سسٹم کے تحت 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران پورے سندھ میں شدید تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ متاثر ہونے والے اضلاع میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹہ ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نوابشاہ اور نوشہرو فیروز، دادو، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی، کشمور، لاڑکانہ اور کراچی شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران متوقع مصلادھار بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد (نوابشاہ)، حیدرآباد، بدین، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، دادو اور جیکب آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے،انتظامیہ اور متعلقہ ادارے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

  • اسلام آباد پولیس بھرتی ٹیسٹ کے دوران امیدوار جان کی بازی ہار گیا

    اسلام آباد پولیس بھرتی ٹیسٹ کے دوران امیدوار جان کی بازی ہار گیا

    اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے جاری فزیکل ٹیسٹ کے دوران ایک نوجوان امیدوار جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کے مطابق پولیس لائنز اسلام آباد میں بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ کے دوران امیدوار اسحاق دوڑ کے مرحلے میں شریک تھا کہ اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا،گرمی، حبس اور شدید جسمانی مشقت کے باعث نوجوان کی سانس پھول گئی، جس کے بعد وہ زمین پر گر پڑا،واقعے کے فوراً بعد اسحاق کو پولیس لائنز میں موجود ایمبولینس کے ذریعے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا،تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ چکا تھا۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے اسحاق کی عمر 24 سے 25 سال کے درمیان بتائی گئی ہےمرحوم اسحاق کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ سے تھا،واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی اور حقائق کے تعین کا عمل جاری ہے۔

    اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لئے پاکستان بھر میں مختلف بھرتی سینٹرز پر فزیکل ٹیسٹ کے انعقاد کے پہلے دن،اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے تمام عمل کی نگرانی کی، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر بہترین سکیورٹی و انتظامی امور کو یقینی بنایا گیا۔

  • لاہور: نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما  قتل

    لاہور: نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما قتل

    لاہور میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے پی ٹی آئی رہنما کو قتل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عبداللہ طارق کے نام سے ہوئی ہے، دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے عبداللہ طارق پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے،واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر ریت کی ٹھیکداری کا کام کرتا تھا، گلبرگ میں یہ فزیو تھراپی کے لیے آیا تھا،موٹرسائیکل سواروں نے کلینک کے اندر آکر فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتول کا چند ماہ پہلے اوکاڑہ میں لڑائی جھگڑ ا بھی ہوا تھا۔

    پولیس نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے، مقتول تحریک انصاف کی ٹکٹ پر اوکاڑہ سے ایم پی اے کا امیدوار تھا،واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے جائے وقوع کا دورہ کیااور بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے جنہوں نے چار گولیاں چلائیں، مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے ہے، وہاں ان کی پرانی دشمنی ہے 7 ماہ قبل بھی ان پر اوکاڑہ میں حملہ ہوا تھا، سی سی ٹی سی فوٹیج کے ذریعے قاتلوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔

    فیصل کامران کے مطابق عبد اللہ طارق روٹین میڈیکل چیک کےلئے آئے تھے، فائرنگ کی زد میں آکر مقتول کا ڈاکٹر بھی زخمی ہوا، ڈاکٹر کے بازو میں گولی لگی ، حالت خطرے سے باہر ہے، مقتول عبداللہ طاہر ریت پھندی کا کاروبار کرتے تھے،فائرنگ کرنے والے شوٹرز کی کلوزسرکٹ فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی عبداللہ طاہر پر قاتلانہ حملہ ہوا، دیرینہ دشمنی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • ایران کا سعودی عرب پر میزائل حملوں سے اظہار لاتعلقی

    ایران کا سعودی عرب پر میزائل حملوں سے اظہار لاتعلقی

    ایران نے سعودی عرب پر میزائلوں حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیاہے-

    ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے (آئی آر آئی بی) کے مطابق ایران کے ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران سعودی عرب میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے دیگر ممالک سے داغے گئے میزائلوں یا راکٹوں سے کسی بھی تعلق کی سختی سے تردید کرتا ہےخطے میں امریکی مفادات کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی کو ایران سے منسوب کرنا بڑی غلط فہمی ہے، ان کارروائیوں کو ایران سے منسوب کرنا خطے کی صورتِ حال سے آگاہی کے فقدان کا نتیجہ ہے۔

    یہ بیان سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کی جانب سے مشرقی صوبے میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے نئے ڈرون حملوں کی اطلاع دینے کے بعد سامنے آیا ہے، جن کا الزام سعودی حکام نے عراق میں موجود ایران نواز ملیشیاؤں پر عائد کیا ہے۔

    سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے اس واقعے کو عراق سے کیا جانے والا ایک اور “دہشت گرد حملہ” قرار دیتے ہوئے اس کا الزام “ایران سے منسلک گروہوں” پر عائد کیا،کہاکہ سعودی عرب مناسب وقت اور مناسب مقام پر اس حملے کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے عراق میں ایران نواز گروہوں پر حملے کی تصدیق کی ہے ،غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سینٹکام کا کہنا ہے کہ،اس نے سعودی عرب کی افواج کے ساتھ مل کر عراق میں ایران نواز گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے،عراق کے نیم فوجی گروپ حشد الشعبی (پاپولر موبلائزیشن فورسز) نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ان کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیاجس میں 10 اہلکار ہلاک ہوئے۔

  • بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شدت 4 ریکارڈ

    بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شدت 4 ریکارڈ

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے-

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کے علاقے رکھنی سے تقریباً 5 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا زلزلے کی گہرائی 37 کلومیٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث اس کے جھٹکے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے،زلزلے کے جھٹکے کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے، شہری خوفزدہ ہو گئے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔

    زلزلہ درمیانی شدت کا تھا، تاہم اس کی گہرائی نسبتاً زیادہ ہونے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوراً بعد مختلف اضلاع میں ٹیموں کو متحرک کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جاسکیں، ابتدائی سروے کے دوران کسی عمارت کے گرنے یا بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زلزلے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اداروں اور مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں صورتحال معمول کے مطابق ہے اور متعلقہ ادارے کسی بھی غیر معمولی پیش رفت پر عوام کو بروقت آگاہ کریں گے،زلزلے کی صورت میں گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر لفٹ کا استعمال نہ کریں، بجلی اور گیس کے کنکشن چیک کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

  • آزاد کشمیر انتخابات : پیپلز پارٹی کیجانب سے دھاندلی کے الزامات،پر مریم نوازکا سخت ردعمل

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات پر پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر ایک بار پھر سخت ردعمل دیا ہے-

    مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مختصر پیغام میں پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہاکہ،پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟-

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل اپنے ویڈیو بیان میں مریم نواز نے پیپلز پارٹی سے آزاد کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں،انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا تھا کہ وہ سیاسی بیان بازی کے بجائے اپنے بیانیے، کارکردگی اور عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مسلم لیگ (ن) نے کھلے دل سے شکست تسلیم کی تھی، لیکن آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیئے، جب کارکردگی نہ ہو تو دھاندلی کا الزام لگانا آسان ہوتا ہے، جبکہ عوام نے ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔