Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • آج سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل

    آج سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل

    پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کی پیشگوئی کی،ہےیہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

    لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھیں، آسمانی بجلی اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

  • طالبان کا اسماعیلی جماعت خانوں کو مساجد میں تبدیل کرنے کا حکم

    طالبان کا اسماعیلی جماعت خانوں کو مساجد میں تبدیل کرنے کا حکم

    افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے معاون مشن (UNAMA) نے اپنی تازہ ترین سہ ماہی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ طالبان نے صوبہ بدخشان میں اسماعیلی برادری کے کم از کم 33 جماعت خانوں (عبادت گاہوں) کو بند کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے طالبان کی ‘وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر’ نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ بدخشان میں اسماعیلی برادری کے جماعت خانوں کی بندش کا سلسلہ شروع کیا اور پیروکاروں کو وہاں عبادت سے روک دیا،بند کیے جانے والے 33 جماعت خانوں میں سے 17 زیبات (Zebak) کے ضلع میں، 14 اشکاشم (Ishkashim) میں اور 2 واخان (Wakhan) کے علاقے میں واقع ہیں طالبان حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ان عمارتوں کو اب مساجد کے طور پر استعمال کیا جائے۔

    یوناما کی رپورٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے طالبان کی وزارتِ خارجہ نےموقف اختیار کیا ہےکہ جائزہ رپورٹوں کےمطابق ہر جماعت خانے کی صورتحال دوسرے سے مختلف تھی اور اس حوالے سے تمام فیصلے انفرادی نوعیت کی بنیاد (Case-by-Case) پر کیے گئے ہیں، طالبان کا دعویٰ ہے کہ بعض علاقوں میں مساجد کی کمی تھی، جبکہ بعض جماعت خانوں کو رہائشی مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

    یوناما کی رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ طالبان نے صرف اسماعیلی برادری ہی نہیں بلکہ اہل تشیع کی مذہبی سرگرمیوں پر بھی سخت قدغنیں عائد کی ہیں، عاشورہ کے موقع پر پروان اور لوگر کے اضلاع میں شیعہ برادری کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی مذہبی تقریبات صرف مخصوص کردہ مساجد تک ہی محدود رکھیں،جبکہ،کابل میں عاشورہ کے مذہبی پرچم لہرانے اور ان کی نمائش کرنے کی پاداش میں طالبان نے شیعہ برادری کے 45 افراد کو حراست میں بھی لیا۔

  • بارکھان میں مسلح افراد کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، ڈی ایس پی شہید

    بارکھان میں مسلح افراد کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، ڈی ایس پی شہید

    بلوچستان کے ضلع بارکھان میں مسلح افراد کی پولیس گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی رکھنی مرید بگٹی شہید ہوگئے۔

    بلوچستان کے ضلع بارکھان میں نامعلوم افراد نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس مرید بگٹی شہید ہوگئے،پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کھنہ چوکی کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

    ایس پی بارکھان عبدالحق نے بتایا کہ ڈی ایس رکھنی مرید بگٹی علاقے میں گشت کر رہے تھےکہ بارکھان کے علاقے کھٹہ چوکی کے مقام پر مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی، مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس بارکھان مرید بگٹی شہید ہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری کیلئے موقع پر پہنچ گئی ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

  • ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے اور سینٹکام کے مرکز پر حملہ

    ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے اور سینٹکام کے مرکز پر حملہ

    ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے اور سینٹکام کے مرکز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمزمیں وارننگ نظر انداز کرنے والے 3 آئل ٹینکرز کو بھی روک دیا گیاامریکی فوج کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جنھیں روک لیا گیا ہے، امریکی فورسز چوکس اور ہائی الرٹ ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایران نے اردن میں واقع امریکی اڈے کی جانب بیلسٹک میزائل داغے تھے اردن کی فضاؤں میں دھماکے سنے گئے ،جہاں میزائل دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو روکا ہے۔

    دوسری جانب کویت کی وزراء کونسل نے ایران کی جانب سے ملک کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک قرار دیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کویتی کابینہ نے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ ایران کے حملے خطے میں کشیدگی میں سنگین اضافہ ہیں اور یہ نہ صرف کویت بلکہ پورے خلیجی خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ کویت اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، ملکی دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گےکویتی حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خطے میں مزید کشیدگی روکنے، بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنانے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

    واضح رہے امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے تین روز قبل ایران پر ایک روز کے لیے حملے روکنے کا حکم دیا تھا تاہم مطالبات پورے نہ ہونے پر جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی تھی۔

  • تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب کی عراق پر جوابی کارروائی

    تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب کی عراق پر جوابی کارروائی

    سعودی عرب نے اپنی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود ایران نواز ملیشیاؤں کے مخصوص ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی یہ کارروائی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مکمل تعاون اور رابطے کے ساتھ انجام دی گئی،سعودی وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت کی مسلح افواج نے عراق میں ان اہداف کو نشانہ بنایا جو سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات پر حملوں میں ملوث عناصر سے منسلک تھے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی رائل فضائیہ نے عراق میں چار مقامات پر حملے کیے ان میں بصرہ، واسط، کربلا اور نینوی کا میدان شامل ہے سعودی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عراق میں موجود ایران نواز ملیشیا مسلسل سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جن کو اب جواب دیا جا رہا ہےیہ کارروائی قومی سلامتی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے کی گئی۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ سعودی عرب اپنی خودمختاری، شہریوں اور اہم قومی تنصیبات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے بھی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت حاصل حق دفاع خود کے مطابق کیا گیا ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں نے عراق سے ڈرون حملے کر کے سعودی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کے بعد یہ محدود اور ہدفی کارروائی کی گئی،مملکت خطے میں کشیدگی بڑھانے کی خواہاں نہیں تاہم اگر اس کی سلامتی، خودمختاری یا قومی مفادات کو خطرہ لاحق ہوا تو دفاع کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

  • کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر قبضہ یا عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا،بلاول بھٹو

    کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر قبضہ یا عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا،بلاول بھٹو

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت کی بنیاد امن، انصاف اور عوامی حقوق ہیں، اس لیے جمہوریت کے نام پر ناانصافی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

    مظفر آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں عوام خود فیصلہ کریں کہ آیا یہ حقیقی جمہوری عمل تھا یا نہیں،میرپور ڈویژن کے عوام نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں، انہوں نے چودھری یاسین، ملک ظفر، قاسم مجید، سردار سلطان، چودھری اخلاق، اور دیگر کامیاب امیدواروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض حلقوں میں عوامی مینڈیٹ تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی اور کہا کہ میرپور اور کوٹلی کے عوام کے ووٹ پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بعض پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو مبینہ طور پر باہر نکالا گیا، حملوں کے واقعات پیش آئے اور سیکیورٹی انتظامات مؤثر نظر نہیں آئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات اور ایک کارکن کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

    انہوں نے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی یا آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائےریاستی فیصلوں میں قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے اور کسی جماعت کے مفاد کو پاکستان کے مفاد پر ترجیح نہیں دی جا سکتی، پیپلز پارٹی ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم عوامی مینڈیٹ، جمہوری حقوق اور آزاد کشمیر کے وقار کے تحفظ کی جدوجہد بھی پوری قوت سے جاری رکھے گی۔

    آخر میں انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ مرحلوں میں مزید متحرک رہیں، عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور ووٹ کے حق کے تحفظ کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے، کسی بھی شہری کو ووٹ کے حق سے محروم یا بائیکاٹ پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، جبکہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے پارٹی اپنی آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کسی جماعت کے بجائے اپنے علاقے اور مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین امیدوار کا انتخاب کریں اور ووٹ ڈالتے وقت امیدوار کی صلاحیت، کردار اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھیں مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کریں کیونکہ ووٹ کا بائیکاٹ کسی مسئلے کا حل نہیں، جمہوری عمل میں بھرپور شرکت ہی مؤثر راستہ ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرپور میں عوامی مینڈیٹ متاثر ہوا اور کہا کہ موجودہ صورتحال کی شفاف تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن قائم کیا جائے۔ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر قبضہ یا عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، جبکہ اپنے کارکنوں اور امیدواروں کے خلاف تشدد بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پرامن اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اس لیے کسی کو اشتعال انگیزی کی کوشش نہیں کرنی چاہیے،انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقِ رائے دہی اور عوامی مینڈیٹ کا دفاع کرے گی اور 2 اگست کے انتخابات میں کسی کو عوام کا ووٹ چوری نہیں کرنے دیا جائے گا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے 30 جولائی کو مظفرآباد میں ہونے والے پارٹی کے عوامی جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کارکن خود بھی آئیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ساتھ لائیں تاکہ کشمیری عوام کا مؤقف دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی طاقت ہی جمہوری جدوجہد کی اصل قوت ہے اور عوامی مینڈیٹ کی کامیابی کا جشن بھی عوام کے ساتھ مل کر منایا جائے گا۔

  • غیر ضروری آسامیوں اور اداروں کا  خاتمہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے،وزیراعظم

    غیر ضروری آسامیوں اور اداروں کا خاتمہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت کے ذریعے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جائے۔

    وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی حکومت کے حجم میں کمی اور اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے اقدامات پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے کہا کہ غیر ضروری آسامیوں اور عہدوں کا خاتمہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے انہوں نے ہدایت کی کہ رائٹ سائزنگ کے تحت ختم کی گئی آسامیوں اور اداروں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے تاکہ عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) اور پاسکو کو بند کیا جا چکا ہے، جس سے قومی خزانے پر اخراجات کا بوجھ کم ہو رہا ہے،رائٹ سائزنگ اقدامات کے نتیجے میں سول حکومت کے اخراجات کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تناسب کم ہوا ہے، جبکہ مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے،سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) اور خودمختار اداروں کی رائٹ سائزنگ سے متعلق تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔

    بریفنگ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری مکمل ہو چکی ہے، جبکہ متعدد دیگر سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں،وزیراعظم نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کو ہدایت کی کہ اپنی باقی ماندہ سفارشات ایک ماہ کے اندر مکمل کرے اور حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے۔

    اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار،تجزیہ :شہزاد قریشی

    نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار،تجزیہ :شہزاد قریشی

    نواز شریف کی سیاسی میراث اور مریم نواز کا ابھرتا ہوا قومی کردار

    آزاد کشمیر کے نتائج اور پنجاب کی کارکردگی مریم نواز کی بڑھتی ہوئی سیاسی طاقت

    میرپور سے پنجاب تک، عوامی اعتماد نے مریم نواز کی سیاسی حیثیت مستحکم کر دی

    تجزیہ شہزاد قریشی

    پاکستان کی سیاسی تاریخ میں چند شخصیات ایسی ہیں جو وقت کے سخت ترین امتحانات سے گزرنے کے باوجود عوامی سیاست میں اپنی اہمیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہتی ہیں۔ نواز شریف کا شمار بھی انہی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اقتدار کے عروج بھی دیکھے، جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کیں، جلاوطنی کے کٹھن مراحل سے بھی گزرے، مگر اس کے باوجود وہ آج بھی پاکستان کی سیاست کے ایک مؤثر اور مرکزی کردار کے طور پر موجود ہیں۔

    آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات، خصوصاً میرپور ڈویژن کے نتائج، اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاسی جڑیں آج بھی مضبوط ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان نتائج کے پیچھے ایک جانب نواز شریف کی سیاسی بصیرت اور عوامی مقبولیت کارفرما ہے تو دوسری جانب پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات نے بھی ووٹرز کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔

    اسی تناظر میں مریم نواز کی سیاسی شخصیت بھی تیزی سے ابھر کر سامنے آئی ہے۔ اگرچہ عملی سیاست میں ان کا عرصہ دیگر سینئر سیاست دانوں کے مقابلے میں زیادہ طویل نہیں، لیکن مختصر مدت میں انہوں نے اپنی سیاسی صلاحیتوں، عوامی رابطے اور انتظامی انداز سے اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ عوامی اجتماعات میں ان کی موجودگی، کارکنوں کا جوش و خروش اور بڑی تعداد میں عوام کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ وہ ملک کی سیاست میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔

    مریم نواز کی سیاسی کامیابی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے سیاسی ورثے کو صرف برقرار رکھنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اپنی طرزِ قیادت کے ذریعے اسے ایک نئی جہت دینے کی کوشش کی ہے۔ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ان کی سرگرمیوں نے انہیں نوجوان اور متحرک قیادت کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

    اگر موجودہ سیاسی رجحانات اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مریم نواز مستقبل کی پاکستانی سیاست میں ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور سیاسی سرگرمیاں اس امر کی غمازی کرتی ہیں کہ آنے والے برسوں میں ان کا شمار پاکستان کی نمایاں اور کامیاب سیاسی شخصیات میں ہو سکتا ہے۔

    پاکستان کی سیاست میں قیادت کا تسلسل ہمیشہ ایک اہم موضوع رہا ہے، اور موجودہ حالات میں یہ تاثر مضبوط ہوتا دکھائی دیتا ہے کہ نواز شریف کے بعد مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو آگے بڑھانے والی ایک مؤثر اور مضبوط سیاسی قوت کے طور پر اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔

  • مومنہ اقبال کیس : ثاقب چدھڑ کے خلاف رپورٹ عدالت میں پیش

    مومنہ اقبال کیس : ثاقب چدھڑ کے خلاف رپورٹ عدالت میں پیش

    اداکارہ مومنہ اقبال اور رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع کی این سی سی آئی اے کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی تفتیشی رپورٹ میں ثاقب چدھڑ کو تفتیش کے دوران قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

    اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے سے متعلق مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی،سیشن کورٹ لاہور میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کے روبرو ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔

    عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شریک ملزمہ سمیرا نے حال ہی میں اپنا موبائل فون تحقیقاتی حکام کے حوالے کیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مقدمے سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا جا سکے، فریقین کے وکلاء سے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کر لیے،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور تفتیش کے نتیجے میں وہ قصور وار پائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب مومنہ اقبال کے وکیل عدنان نے عدالت سے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کے مؤکلہ کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا عبوری ضمانت ختم کی جائے،عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے حتمی دلائل طلب کر لیے۔

  • ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں کمی

    ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں کمی

    ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے-

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد ملک میں ایک تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے میں فروخت ہونے لگا،اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 687 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے مقرر ہوگئی،جبکہ،بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 43 ڈالر کی کمی سے 4ہزار 050ڈالر کی سطح پر آگئی،ہے-

    اسی طرح، فی تولہ چاندی کی قیمت 174روپے کی کمی سے 6ہزار 223روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 149روپے کی کمی سے 5ہزار 335روپے کی سطح پر آگئی۔

    صرافہ ڈیلرز کے مطابق حالیہ کمی کے بعد زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ چند روز کے دوران مقامی مارکیٹ میں مزید کمی یا استحکام دیکھنے کو مل سکتا ہے، تاہم کسی بھی بڑی عالمی معاشی یا سیاسی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔