Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • بلاول بھٹو زرداری: وراثت سے ریاستی وژن تک،تجزیہ   شہزاد قریشی

    بلاول بھٹو زرداری: وراثت سے ریاستی وژن تک،تجزیہ شہزاد قریشی

    بلاول بھٹو زرداری: وراثت سے ریاستی وژن تک

    تجزیہ شہزاد قریشی

    ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید پاکستان کی سیاست کے وہ نام ہیں جنہوں نے صرف اقتدار نہیں کیا بلکہ ایک سیاسی سوچ، ایک نظریہ اور ایک سمت دی۔ ذوالفقار علی بھٹو کو بجا طور پر عالمی سطح کا رہنما اس لیے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے قومی خودمختاری، عوامی وقار اور خارجہ پالیسی میں خودداری کو ترجیح دی، جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے مقابل جمہوریت کو ایک عالمی آواز دی آج بلاول بھٹو زرداری انہی دو فکری روایتوں کے وارث ہیں، مگر اصل سوال یہ ہے کہ وہ اس وراثت کو مستقبل کے پاکستان کے لیے کس وژن میں ڈھالتے ہیں۔ پاکستان اس وقت معاشی کمزوری، ادارہ جاتی عدم توازن، سماجی ناانصافی، اور عوام کا نظام سے اعتماد اٹھ جانا ایسے مسائل ہیں جن کا حل وقتی نعروں سے ممکن نہیں۔ بلاول بھٹو کے لیے یہ موقع بھی ہے اور امتحان بھی کہ وہ خود کو صرف ایک جماعتی لیڈر نہیں بلکہ ریاستی سطح کے سیاستدان کے طور پر پیش کریں۔

    پیپلز پارٹی کا بنیادی نظریہ ہمیشہ ریاست اور عوام کے درمیان ایک مضبوط سماجی معاہدے پر مبنی رہا ہے۔ آج اس معاہدے کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے، جہاں ریاست شہری کو تعلیم، صحت اور انصاف فراہم کرے اور شہری ریاست پر اعتماد بحال کرے۔ بلاول بھٹو اگر اس سماجی معاہدے کو اپنی سیاست کی بنیاد بنا لیں تو وہ بھٹو ازم کو محض ماضی کی یاد نہیں بلکہ مستقبل کی ضرورت بنا سکتے ہیں۔ سیاسی وژن کا تقاضا یہ بھی ہے کہ معیشت کو محض اعداد و شمار کے بجائے انسانی ترقی سے جوڑا جائے۔ روزگار پر مبنی معیشت، زرعی اصلاحات، مقامی صنعت کی سرپرستی اور کمزور طبقات کے لیے سماجی تحفظ—یہ وہ نکات ہیں جو بلاول بھٹو کو دیگر سیاستدانوں سے ممتاز کر سکتے ہیں۔ ایک واضح معاشی بیانیہ ہی عوام کے اعتماد کو بحال کر سکتا ہے۔

    خارجہ پالیسی کے میدان میں بھی بلاول بھٹو کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی خوددار اور فعال سفارت کاری کو جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھائیں۔ عالمی طاقتوں سے برابری کی بنیاد پر بات چیت اور کشمیر و فلسطین جیسے اصولی مؤقف یہ سب ایک قومی لیڈر کے وژن کا حصہ ہوتے ہیں۔ آخر میں سوال یہی ہے کہ کیا بلاول بھٹو زرداری سیاست کو صرف اقتدار کی جنگ سمجھتے ہیں یا ریاست کی تعمیر کا عمل؟ اگر وہ وژن، اصول اور عوامی وابستگی کو اپنا راستہ بناتے ہیں تو وہ صرف ایک بڑے نام کے وارث نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کی سیاست کا ایک سنجیدہ حوالہ بن سکتے ہیں۔ قوم آج بھی ایک ایسے سیاسی وژن کی منتظر ہے جو ماضی کی عظمت سے سبق لے کر مستقبل کی سمت متعین کرے—اور یہ موقع بلاول بھٹو کے سامنے ہے۔

  • رواں مالی سال کی پہلی ششماہی: ملکی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ

    رواں مالی سال کی پہلی ششماہی: ملکی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ

    کراچی: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملکی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ملکی تجارت اور معیشت کو بڑا دھچکا پہنچا۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف شعبوں کی برآمدات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے غذائی اجناس کی برآمدات میں 40.29 فیصد کمی ہوئی، جس کا حجم 2 ارب 36 کروڑ ڈالرز تک رہ گیا گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں غذائی اجناس کی برآمدات تقریباً 4 ارب ڈالرز تھیں اسی طرح چاول کی برآمدات میں 49.90 فیصد کمی، سبزیوں کی برآمدات میں 36.80 فیصد کمی، مقامی خشک میوہ جات کی برآمدات میں 63.78 فیصد کمی اور پلاسٹک کے سامان کی برآمدات میں 43.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    فارماسوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں 28.67 فیصد کمی جبکہ ٹرانسپورٹ کے سامان کی برآمدات میں 36.51 فیصد کمی دیکھی گئی اس کے برعکس ٹیکسٹائل شعبہ اپنی برآمدات میں معمولی اضافہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا اور اس دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 9 ارب 16 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گی تاہم مجموعی برآمدات میں کمی کے باعث معیشت پر دباؤ برقرار ہے۔

    ماہرین کے مطابق برآمدات میں کمی کی بنیادی وجوہات عالمی طلب میں کمی، برآمدی لاگت میں اضافہ، لاجسٹک اور مارکیٹ رسائی کے مسائل، اور عالمی منڈیوں میں مسابقتی دباؤ ہیں،ماہرین نے اس رجحان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے حکومتی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

  • انٹارکٹیکا کے نیچے چھپے راز سامنے آ گئے

    انٹارکٹیکا کے نیچے چھپے راز سامنے آ گئے

    سائنسدان یہ جاننے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ انٹارکٹیکا کی سرزمین میں برف کی موٹی تہوں کے نیچے کون سے حیران کن راز پوشیدہ ہیں۔

    ماہرین نے برف سے ڈھکے اس براعظم سے متعلق ایسی غیر معمولی تفصیلات پیش کی ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی انٹارکٹیکا میں جمی ہوئی کئی کلومیٹر موٹی برف اب تک سائنس دانوں کے لیے اس کی اصل زمینی ساخت کو جاننے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی رہی تاہم جدید نقشہ سازی کی انتہائی اعلیٰ تکنیک کے استعمال سے یہ مشکل بڑی حد تک حل کر لی گئی ہے۔

    تحقیق میں سیٹلائٹ ڈیٹا، جدید ریڈار سسٹمز اور انٹارکٹیکا میں گلیشیئرز کے سرکنے کی طبیعیات کو استعمال کیا گیا ہے تحقیق کے نتائج کے مطابق انٹارکٹیکا کی برف کے نیچے ہزاروں بلند و بالا چوٹیاں، وسیع و عریض وادیاں اور گہری، تنگ گھاٹیاں دفن ہیں انکشاف ہونے والی یہ جغرافیائی ساخت بڑے پہاڑی سلسلوں، پیچیدہ زمینی نشیب و فراز اور وسیع وادیوں پر مشتمل ہے جو اس خطے سے متعلق اب تک کی سب سے حیران کن اور جامع دریافت سمجھی جا رہی ہے۔

    سائنسدانوں کے مطابق یہ معلومات نہ صرف انٹارکٹیکا کی جغرافیائی تاریخ کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں گی بلکہ مستقبل میں برفانی چادروں کے پگھلاؤ اور عالمی سطح سمندر میں ممکنہ اضافے کی پیشگوئی کے لیے بھی انتہائی اہم ثابت ہوں گی۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، بنگلا دیش نے پاکستان سے رابطہ کر لیا

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، بنگلا دیش نے پاکستان سے رابطہ کر لیا

    بنگلا دیشی حکومت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر پاکستان حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

    وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق اگر بنگلا دیش کا ایشو حل نہ کیا گیا تو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے کا جائزہ لے گاپاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ انڈیا کو کسی ملک کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بنگلا دیش کی معقول اور درست وجوہات ہیں اور ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے پاکستان نے بنگلا دیش کو اس معاملے پر مکمل اسپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے-

    واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت سے میچز منتقل کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔

    بھارت:منی پور میں اغوا اور اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون انتقال کر گئی

    گل پلازہ آتشزدگی:عوام اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہیلپ لائنز قائم

    امریکی جریدے نے مودی حکومت کے شائننگ انڈیا دعوے بےنقاب کر دیئے

  • بھارت:منی پور میں اغوا اور اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون انتقال کر گئی

    بھارت:منی پور میں اغوا اور اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون انتقال کر گئی

    منی پور کی کُکی برادری کی ایک 20 سالہ خاتون، جو 2 سال قبل نسلی جھڑپوں کے دوران اغوا اور اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئی تھی، شدید صدمے اور جسمانی ز خمیو ں کے باعث جاں بحق ہو گئی-

    میڈیا رپورٹ کے مطابق منی پور کی یہ خاتون مئی 2023 میں مییتی اور کُکی برادری کے درمیان ہونے والی نسلی جھڑپوں کے دوران اغوا ہوئی تھی جولائی 2023 میں بھارتی ٹی وی سے گفتگو میں خاتون نے بتایا کہ اسے سفید بولیرو میں اغوا کیا گیا اور پھر 3 افراد نے باری باری زیادتی کی اس دوران اس نے شدید جسمانی اور نفسیاتی صدمہ برداشت کیا صبح کے وقت اسے موقع ملا اور وہ بینڈ فولڈ ہٹاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون شدید زخمی ہونے، نفسیاتی صدمے اور رحم کے مسائل کے باوجود زندہ بچ گئی تھی، مگر علاج کے باوجود اس کی صحت بگڑ گئی اور 10 جنوری 2026 کو اس نے دم توڑ دیا اس کی والدہ نے بتایا کہ بیٹی سانس لینے میں مشکلات کا شکار تھی اور اس نے اپنی مسکراہٹ اور زندگی کی چمک کھو دی تھی۔

    خاتون نے اپنی پہلی پولیس رپورٹ میں الزام لگایا کہ اغوا کرنے والے 4 افراد میں سے 3 نے اسے ہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ کُکی تنظیموں نے الزام لگایا کہ بعض ’میرا پائی بی‘ افراد نے اسے مییتی افراد کے حوالے کیا یہ واقعہ منی پور میں جاری نسلی کشیدگی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کی ایک تلخ یاد دہانی ہے، اور اس کا اثر متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی پر آج بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

  • گل پلازہ   آتشزدگی:عوام اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہیلپ لائنز قائم

    گل پلازہ آتشزدگی:عوام اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہیلپ لائنز قائم

    کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے واقعے کے بعد عوام اور متاثرہ خاندانوں کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہیلپ لائنز قائم کر دی گئی ہیں تاکہ گمشدہ افراد اور صورتحال سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے تاحال عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں اور پانی و فوم کے ذریعے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی نے بتایا ہے کہ کسی بھی قسم کی معلومات یا گمشدگی سے متعلق اطلاع ڈی سی ساؤتھ کو دی جائے شہری 03135048048، 02199206372 اور 02199205625 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ گمشدہ افراد سے متعلق تفصیلات بھی انہی نمبرز پر فراہم کی جائیں۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق عوام کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ساؤتھ زون پولیس نے بھی علیحدہ ہیلپ لائن قائم کر دی ہے شہری معلومات کے لیے 02199205670، 02199201196 اور 02199205691 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    گل پلازہ آتشزدگی:متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا ئے گی،وزیراعظم

    واضح رہے کہ گل پلازہ میں ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب آتشزدگی گیس لیکج کے باعث گراؤنڈ فلور پر دھماکے کے بعد شروع ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے باعث گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں جل گئیں جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، آتشزدگی کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں، اور ان کے اہل خانہ اسپتالوں اور عمارت کے گرد اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کی شدت کے باعث عمارت کے کچھ حصے گر گئے، اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ایک فائر فائٹر سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہےاہل خانہ کے مطابق رات تک متاثرہ افراد سے رابطہ ممکن تھا لیکن اب فون بند ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر بھی متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جمع ہے، جو اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے بے چینی کا شکار ہیں۔

    گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری

    حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں فراز، کاشف، عامر اور شہروز شامل ہیں، جبکہ فائر فائٹر فرقان کی لاش بھی ٹرماسینٹر پہنچائی گئی ہے ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر صورتحال اب بھی نازک اور غیر یقینی ہے۔

  • امریکی جریدے  نے مودی حکومت کے شائننگ انڈیا دعوے بےنقاب کر دیئے

    امریکی جریدے نے مودی حکومت کے شائننگ انڈیا دعوے بےنقاب کر دیئے

    مودی حکومت کے شائننگ انڈیا دعوے عالمی تجزیے میں بے نقاب ہو گئے،امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کی سفارتی اور عسکری کامیابیوں کا بار بار ذکر اور پاکستانی قیادت کے ساتھ مثبت روابط بھارت کے لیے سفارتی سطح پر سبکی کا باعث بنے-

    امریکی جریدے فارن افیئرز نے اپنے تازہ تجزیے میں کہا ہے کہ بھارت کا خود کو امریکا کا ایک مضبوط ’’اسٹریٹجک ستون‘‘ قرار دینے کا دعویٰ حالیہ واقعات کے بعد کمزور پڑتا دکھائی دے رہا ہےمئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے بعد واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات اپنی تاریخ کے شدید ترین تناؤ سے گزر رہے ہیں۔

    فارن افیئرز کے مطابق جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو پاکستان نے کھلے دل سے سراہا، جبکہ بھارت نے امریکی ثالثی کو مسترد کیا امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کی سفارتی اور عسکری کامیابیوں کا بار بار ذکر اور پاکستانی قیادت کے ساتھ مثبت روابط بھارت کے لیے سفارتی سطح پر سبکی کا باعث بنے، امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ مجوزہ تجارتی معاہدے پر دستخط سے انکار کیا اور بھارتی برآمدات پر اضافی محصولات عائد کیے، جس سے دوطرفہ تعلقات مزید متاثر ہوئے ان اقدامات کے باعث امریکا میں یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ بھارت ایک قابلِ اعتماد اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر ہاتھ سے نکل سکتا ہے۔

    ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی،انڈیگو پر ریکارڈ جرمانہ عائد

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت معمولی سفارتی اختلافات پر امریکا سے دوری اختیار کرتا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ ایک پراعتماد اور مستحکم شرا کت دار نہیں، 25 سالہ تعلقات کا صرف انا اور بیانیے کے دباؤ پر متزلزل ہونا اس شراکت داری کی ادارہ جاتی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، پاک بھارت جنگ بندی درحقیقت بھارتی درخواست پر امریکی مداخلت سے ممکن ہوئی، تاہم بھارت داخلی سیاسی وجوہات کی بنا پر اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے مسئلہ امریکی ثالثی نہیں بلکہ بیانیے پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنے کی بھارتی خواہش ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت ایک طرف امریکی ثالثی کو مسترد کرتا ہے جبکہ دوسری جانب چین کے مقابلے میں امریکا سے غیر مشروط حمایت کا خواہاں ہے، جو ایک واضح تضاد ہے جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام دوہرے معیار کے بجائے برابری اور حقیقت پسندانہ سفارتی تعلقات سے ہی ممکن ہے۔

    ہم اب بھی ساتھ رہتے ہیں، سنیتا آہوجا کی گووندا سے طلاق کی تردید

  • پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    کراچی:پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی-

    باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سی ای او سلمان نصیر کے ساتھ میٹنگ میں بیشتر فرنچائزز نے آکشن پر آمادگی ظاہر کر دی چیئرمین بورڈ کی منظوری سے اسے لاگو کر دیا جائے گا، اتوار کو ورکشاپ میں ٹیم اونرز کو آکشن کے طریقہ کار سے آگاہی فراہم کی جائے گی دوسری جانب تمام پرانی 5فرنچائزز نے 4کھلاڑیوں بشمول برانڈ ایمبیسیڈر برقرار رکھنے کا مطالبہ کر دیا، نئی ٹیموں نے صفر ریٹینشن کا کہا تھا، اس پر بھی حتمی فیصلہ چیئرمین کریں گے۔

    واضح رہے کہ جمعے کو پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ میں چیئرمین بورڈ محسن نقوی نے بھی ٹیم اونرز کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اوپن آکشن فارمولے کو اپنایا جائے، اس کا کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا،جبکہ انہوں نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھانے کا بھی مشورہ دیا تھا-

    پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی،انڈیگو پر ریکارڈ جرمانہ عائد

    ہم اب بھی ساتھ رہتے ہیں، سنیتا آہوجا کی گووندا سے طلاق کی تردید

  • ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی،انڈیگو  پر ریکارڈ جرمانہ عائد

    ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی،انڈیگو پر ریکارڈ جرمانہ عائد

    بھارت کی سول ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی نے دسمبر میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی پر ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو پر ریکارڈ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    ریگولیٹر کے مطابق پائلٹس کی ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی کے باعث پروازوں کی منسوخی کا بحران پیدا ہوا، جس پر انڈیگو پر 222 ملین بھارتی روپے (تقریباً 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر) کا جرمانہ کیا گیا، جو اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے اتھارٹی نے ایئرلائن کے اعلیٰ حکام کو وارننگ بھی جاری کی ہے، جن میں چیف آپریٹنگ آفیسر اسیدرے پورکیراس اور آپریشن کنٹرول سینٹر کے سینئر نائب صدر جیسن ہرٹر شامل ہیں۔ ریگولیٹر نے ہدایت دی ہے کہ جیسن ہرٹر کو موجودہ آپریشنل ذمہ داریوں سے ہٹا دیا جائے۔

    حکام کے مطابق انڈیگو کو 5.51 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ریگولیٹری احکامات پر عملدرآمد اور طویل المدتی اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکےانڈیگو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ اور انتظامیہ حکومتی احکامات کا مکمل جائزہ لے رہی ہے اور مناسب وقت پر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ دسمبر کے ابتدائی ہفتوں میں انڈیگو نے تقریباً 4,500 پروازیں منسوخ کیں، جس کے باعث ملک بھر میں ہزاروں مسافر پھنس گئے اور ہوائی اڈوں پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

  • شعبان المعظم کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا،رویتِ ہلال ریسرچ کونسل

    شعبان المعظم کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا،رویتِ ہلال ریسرچ کونسل

    لاہور:غیرسرکاری تنظیم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026 سے ہوگا۔

    کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق پاکستان میں پیر 19 جنوری 2026ء کی شام ہلالِ شعبان کی رویت ممکن نہیں ہوگی، جس کے باعث شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026ء سے ہوگا نیا چاند اتوار 18 اور پیر 19 جنوری 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا پیر 19 جنوری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے۔

    انہوں نے بتایا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے گا گلگت اور مظفر آباد میں یہ فرق 29 منٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور چارسدہ میں 30 منٹ، کوئٹہ میں 31 منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں 33 منٹ ہوگا، حالانکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے۔

    ہم اب بھی ساتھ رہتے ہیں، سنیتا آہوجا کی گووندا سے طلاق کی تردید

    رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ان سائنسی حقائق کی بنیاد پر مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی پیر 19 جنوری 2026ء کی شام نہ ننگی آنکھ سے، نہ دوربین اور نہ ہی ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ہلال دیکھا جا سکے گا اس طرح رجب المرجب کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026ء سے ہوگا۔

    واضع رہے کہ شعبان المعظم کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گی۔

    خطے میں بھارت کا علاقائی اثر و رسوخ کمزور ہونے لگا،سفارتی تنہائی کا سامنا