Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • صدر ٹرمپ  یوکرین کو روس پر حملوں کیلئے اکسانے لگے

    صدر ٹرمپ یوکرین کو روس پر حملوں کیلئے اکسانے لگے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو روسی علاقے میں حملے کرنے کی ترغیب دی ہے-

    روئٹرز کے مطابق فنانشل ٹائمز نے منگل کو رپورٹ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نجی طور پر یوکرین کو روسی علاقے میں حملے کرنے کی ترغیب دی ہے، یہاں تک کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی پوچھا ہے کہ کیا وہ ماسکو کو نشانہ بنا سکتے ہیں اگر امریکہ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار فراہم کیے-

    اخبار نے گفتگو سے واقف دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بات کرنے کے ایک دن بعد 4 جولائی کو اپنے یوکرائنی ہم منصب سے ایک کال میں بات کی،ٹرمپ نے یوکرین کو امریکی ساختہ ATACMS میزائل بھیجنے پر بھی تبادلہ خیال کیا-

    جمشید دستی نااہل قرار، تعلیمی اسناد جعلی نکلیں

    وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر تبصرہ کے لیے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ رائٹرز اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکے،ٹرمپ نے اس وقت کہا تھا کہ وہ پیوٹن کے ساتھ کال سے مایوس ہوئے ہیں کیونکہ ایسا نہیں لگتا کہ روسی رہنما یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کو روکنے کے خواہاں ہیں۔

    واضح رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ 50 دن کے اندر ختم کرے ورنہ اسے بڑے پیمانے پر نئی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ٹرمپ نے کیف کے لیے نئے ہتھیاروں کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے، وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سربراہ مارک روٹے کے ساتھ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ’ ہم روس سے بہت زیادہ ناخوش ہیں۔’

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ اگر 50 دنوں میں کوئی معاہدہ نہیں ہوتا تو ہم بہت سخت ٹیرف لگائیں گے، تقریباً 100 فیصد ٹیرف۔’ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ’ ثانوی ٹیرف’ ہوں گے جن کا نشانہ روس کے باقی ماندہ تجارتی شراکت دار ہوں گے، اس طرح ماسکو کی پہلے سے عائد مغربی پابندیوں کے باوجود بچنے کی صلاحیت کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    کانگریسی رہنما پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

    جنوری میں اپنی دوسری مدت صدارت کا آغاز کرنے کے فوراً بعد، ٹرمپ نے پیوٹن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش شروع کی تھی، کیونکہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے اس وعدے کو پورا کرنے کی کوشش کی تھی کہ یوکرین جنگ کو 24 گھنٹوں میں ختم کر دیں گے۔

    پیوٹن کی طرف ان کے اس جھکاؤ نے کیف میں خدشات پیدا کردیے تھے، ان خدشات کو فروری میں اس وقت تقویت ملی تھی، جب اوول آفس میں ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی سرزنش کی تھی۔

    لیکن ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں پیوٹن پر بڑھتے ہوئے غصے اور مایوسی کا اظہار کیا، کیونکہ روسی رہنما نے تین سالہ جاری جنگ کو ختم کرنےکے بجائے یوکرین حملے تیز کردیے ہیں ٹرمپ نے پیر کو پیوٹن کے بارے میں مزید کہا کہ’ میں یہ نہیں کہنا چاہتا کہ وہ قاتل ہے، لیکن وہ ایک سخت آدمی ہے۔’

    پچھلے ہفتے، ٹرمپ نے پیر کو روس کے بارے میں ایک اعلان کا اشارہ دیا تھا، پھر انہوں نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ یوکرین کو اہم پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام بھیجیں گے تاکہ اسے روسی حملوں کی بڑھتی ہوئی شدت سے بچنے میں مدد مل سکے واشنگٹن نے بھی اس ماہ کے اوائل میں کیے گئے اس اعلان سے یو ٹرن لے لیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ کیف کو کچھ ہتھیاروں کی ترسیل روک دے گا۔

  • پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل کیا،وزیر خزانہ

    پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل کیا،وزیر خزانہ

    وزیر خزانہ کا کہناہے کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل کیا، جس کے نتیجے میں دوسری قسط جاری ہوئی-

    وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے معروف عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ’موڈیز‘ کی ٹیم کے ساتھ ورچوئل اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان کی معاشی صورت حال، اصلاحاتی اقدامات، اور معاشی استحکام کی جانب ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔

    وزیر خزانہ نے موڈیز کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل کیا، جس کے نتیجے میں دوسری قسط جاری ہوئی اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) میں بھی پیش رفت ہوئی ہے انہوں نے پاکستان کی معیشت میں مہنگائی میں نمایاں کمی، پالیسی ریٹ میں نرمی، روپے کی قدر میں استحکام، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، ترسیلات زر میں اضافہ اور جون کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر کے 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے جیسے مثبت اشاریے بھی پیش کیے۔

    کانگریسی رہنما پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

    وزیر خزانہ نے بجٹ میں شامل مالیاتی اقدامات، تجارتی اصلاحات، برآمدات پر مبنی ترقی اور کفایت شعاری پر بھی روشنی ڈالی انہوں نے امریکا کے ساتھ ترجیحی ٹیرف تک رسائی کی بات چیت کو بھی تعمیری اور مثبت قرار دیا، محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ سے ایک ارب ڈالر کا کمرشل فنانسنگ معاہدہ کیا ہے، جب کہ پانڈا بانڈ کے اجرا اور یوروبانڈ مارکیٹ تک دوبارہ رسائی کی تیاری بھی جاری ہے۔

    ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں بہتری کے لیے وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل اصلاحات، ٹیکنالوجی کا استعمال اور سخت مانیٹرنگ پر زور دیا اور بتایا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر ان اصلاحات کی نگرانی کر رہے ہیں ان کا ہدف آئندہ 2 برس میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو 13 تا 13.5 فیصد تک لے جانا ہے، موڈیز ٹیم کی جانب سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم نے دیے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ معاشی اصلاحات، نجکاری اور ادارہ جاتی بہتری کے حکومتی اقدامات عالمی سطح پر تسلیم کیے جائیں گے،پاکستان پائیدار ترقی، عالمی اعتماد کی بحالی اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے جڑنے کے عمل میں پوری سنجیدگی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

    ائیر انڈیا حادثہ:پائلٹ کے ڈپریشن اور دماغی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف

  • کانگریسی رہنما  پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

    کانگریسی رہنما پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

    پہلگام میں قتل عام کرنے والے مشتبہ افراد کو تلاش نہ کر پانے پر بھارتی حکومت کو تنقید کا سامنا ہے،کانگریسی رہنما تیجسوی پرکاش پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑیں،انہوں نے گودی میڈیا کو سرکس قرار دیا-

    سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے پانے بیان میں کہاکہ پہلگام واقعے کو تقریباً تین ماہ گزر چکے ہیں، اور اس واقعے کے مرتکب ابھی تک نامعلوم ہیں،بی جے پی کے زیر اہتمام سوشل میڈیا کا یہ سرکس کافی ہے، "رپورٹس” اور "اطلاعات کے مطابق” جیسے مبہم الفاظ کے پیچھے چھپا ہوا ہےیہ صحافت نہیں ہے یہ ایک خلفشار ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہم واضح جوابات، احتساب اور شفافیت کا مطالبہ کرتے ہیں، نہ کہ ایسے بیانیے جو اقتدار میں رہنے والوں کو الجھانے اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہوں،مزید خاموشی نہیں،مزید کور اپس نہیں۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل 2025ء کو، بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پہلگام کے قریب بیسارن گھاس کے میدان میں ایک دہشت گرد حملے میں کم از کم 28 سیاح ہلاک اور 20 سے لوگ زیادہ زخمی ہوئے۔ یہ حملہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد خطے میں سب سے مہلک حملوں میں سے ایک ہے، اِس حملے میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا انڈیا کی جانب سے پاکستان کو بالواسطہ طور پر اس کا ذمہ دار ٹھہرا کر معاہدوں کی معطلی، سرحد کی بندش، ویزوں کی منسوخی اور سفارتی عملے کی بے دخلی جیسے اقدامات کیے گئے۔

    پاکستان کی جانب سے بھی انڈین اقدامات کے جواب میں ویسے ہی اقدامات سامنے آئے اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان نے پہلگام حملے کو ایک ’فالس فلیگ‘ آپریشن قرار دے دیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اس حملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور یہ کہ پاکستان اس سلسلے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

    بھارتی دفاعی تجزیہ کاروں نے بھی پہلگام حملے کو سکیورٹی کی ناکامی قرار دیا، بھارتی عوام نے بھی پہلگام واقعہ میں سکیورٹی کی ناکامی کو مورد الزام ٹھہرایابھارتی اپوزیشن کے سیاست دانوں نے بھی سوال پوچھے کہ وہاں پر سکیورٹی کیوں نہ تھی؟ پہلگام حملے سے پہلے سکیورٹی کیوں ہٹائی گئی؟ کیا یہ ایجنسیوں کی ناکامی نہیں ہے؟

    پہلگام حملے میں مارے جانے والے شخص کے معصوم بچے نے بھی بھارتی حکومت پر الزام عائد کیا، بھارت کے مذہبی پنڈتوں نے بھی کہا کہ سب سے پہلے تو چوکیدار کو پکڑیں اور پوچھیں تم کہاں تھے؟بھارتی فوج کے سابق اہلکاروں نے بھی پہلگام حملے پر سوالات اٹھائے، بھارتی عوام نے سوال کیا کہ پہلگام پاکستان بارڈر سے 200 کلومیٹر دور ہے کیسے گھس آئے اتنی دور تک حملہ آور؟-

  • کے پی پولیس کے دو سراغ رساں کتے ریٹائر ہوگئے

    کے پی پولیس کے دو سراغ رساں کتے ریٹائر ہوگئے

    پشاور:دہشتگردوں کے درجنوں منصوبے ناکام بنانے والے کے پی پولیس کے دو سراغ رساں کتے ریٹائرڈ ہوگئے۔

    کے پی پولیس کے دو سراغ رساں کتے اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے دس سال بعد اسپیشل یونٹ سے جدا ہوگئے، دونوں بی ڈی یو خیبرپختونخوا کے اس یونٹ کا حصہ تھے جو وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ، گورنر، اور اعلیٰ سکیورٹی حکام کی سکیورٹی کلیئرنس سے لےکر قبائلی اضلاع میں بموں کو ناکارہ بنانے کے لئے خدمات سر انجام دیتا ہے، برٹش ڈاگز کو ریٹائرمنٹ کے بعد گود لینے والوں کی لائنیں لگ گئیں، پولیس کا ہتھیار کہلانے والے ڈیٹکیٹو ڈاگز مزید سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    ائیر انڈیا حادثہ:پائلٹ کے ڈپریشن اور دماغی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    اس حوالے سے کے پی کے نائن یونٹ کے ڈاریکٹر عادل ابدال نے نجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ دونوں سراغ رساں کتوں کا سکیورٹی آپریشنز میں اہم کردار ہوتا تھا، دو بڑی آئی ڈیز جن سے تباہی ہو سکتی تھی وہ بھی انہوں نے ناکارہ بنانے میں مدد دی، روٹس کلئیرنس کے دوران مشتبہ درجنوں اشیا کے حوالے سے یونٹ کو باخبر رکھنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیاان کی مخصوص تربیت ہوتی ہے ٹریننگ کے بعد ان کو کے نائن یونٹ کا حصہ بنایا جاتا ہے ان کی عمر بڑھنے کی وجہ سے انکی ریٹائرمنٹ ہوگئی لیکن پھر بھی یہ کے پی پولیس کا اثاثہ ہی رہیں گے

    پاکستان اور روس کے درمیان آئندہ ماہ مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان

  • ائیر انڈیا حادثہ:پائلٹ کے ڈپریشن اور دماغی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    ائیر انڈیا حادثہ:پائلٹ کے ڈپریشن اور دماغی مسائل میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کے دماغی مسائل اور ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    گزشتہ ماہ 12 جون کو ایک بوئنگ 787-8 طیارہ (فلائٹ AI 171) احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیاتھا جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 229 مسافر، عملے کے 12 ارکان اور آس پاس کے 19 افراد شامل تھے اس حادثے میں ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا،جب کہ طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے تاہم اب اس حوالے سے انکشاف ہو اہے کہ پائلٹ کو دماغی مسائل اور ڈپریشن کا مسئلہ تھا-

    برطانوی روزنامہ ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تفتیش کاروں کو دیئے گئے میڈیکل ریکارڈ کے مطابق طیارے کا پائلٹ ڈپریشن اور دماغی صحت کے دیگر مسائل میں مبتلا تھا 56 سالہ کیپٹن سُمیت سبھروال بدقسمت ائیر انڈیا طیارے کے لیڈ پائلٹ تھےحالیہ 3 سے 4 برسوں کے دوران کیپٹن سُمیت سبھروال نے ذہنی صحت کے مسائل کے سبب میڈٰیکل چھٹیاں بھی لی تھیں ‘۔

    انڈین ایوی ایشن کے سیفٹی ایکسپرٹ موہن رنگاناتھن نے ٹیلی گراف کو بتایا کہ مجھے کئی پائلٹس نے بتایا تھا کہ کیپٹن سُمیت سبھروال ذہنی مسائل کا شکار تھے، سبھروال نے 2022 میں اپنی والدہ کے انتقال کی چھٹیاں بھی لی تھیں جبکہ ان کے بوڑھے والد کی دیکھ بھال کا ذمہ بھی سُمیت کے ذمے ہی تھا-

    5 اگست کو احتجاج کی کال پر پی ٹی آئی کی مرکزی اور پنجاب قیادت میں اختلافات

    دوسری جانب ائیر انڈیا نے سُمیت سبھروال کی دماغی صحت سے متعلق رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم ائیر لائن کی پیرنٹ کمپنی ٹاٹا گروپ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پائلٹ کے ریکارڈ کو بھی تبدیل کیا جاچکا ہے گزشتہ برس ستمبر میں کام پر آنے سے قبل پائلٹ کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا ہوگا جس کے بعد ہی پائلٹ کو کام پر واپس آنے کے لیے کلیئرنس دی گئی ہوگی-

    ادھر طیارہ گرنے کے واقعے کی تفتیش کے طریقۂ کار پر بھارتی پائلٹس ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کر کے حادثے کی تحقیقات میں شفافیت کا مطالبہ کردیا ہے پائلٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے مناسب ماہرین کو شامل نہیں کیا گیا،جبکہ حادثے میں مرنے والوں کے ورثاء نے بھی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے-

    پاکستان اور روس کے درمیان آئندہ ماہ مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان

    بھارتی وزیر مملکت برائے سول ایوی ایشن مرلی دھر موہول نے کہا کہ بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے دوسرے ممالک بھیجنے کی ضرورت نہیں تھی، طیارہ گرنے سے متعلق حتمی رپورٹ آنے تک کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا بھارت کے ایئر کرافٹ ایکسیڈینٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے "CUTOFF” پوزیشن میں چلے گئے تھے ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند اور جہاز نیچے آنے لگا، کاک پٹ ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ کو دوسرے سے پوچھتے سنا گیا کہ اس نے ’کٹ‘ کیوں کیا؟ تو دوسرے پائلٹ نے جواب دیا کہ اس نے ایسا نہیں کیا۔

    24 اور 26 نومبر کے 14 مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت خارج ، گرفتار کرنیکا حکم

  • 5 اگست کو احتجاج کی کال پر پی ٹی آئی کی مرکزی اور پنجاب قیادت میں اختلافات

    5 اگست کو احتجاج کی کال پر پی ٹی آئی کی مرکزی اور پنجاب قیادت میں اختلافات

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب کی چیف آرگنائزر نے 5 اگست کو احتجاج نہ کرنے پر عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

    پی ٹی آئی کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر مرکزی رہنما 90 دن میں فائنل احتجاج کی کال پر قائم ہیں، پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ 5 اگست کو فائنل کال کے مؤقف پر ڈٹ گئی ہیں ، پنجاب کی چیف آرگنائزر نے احتجاج نہ کرنے پر عہدہ چھوڑنےکی دھمکی دے دی ہے، جبکہ اس سے قبل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف 5 اگست کو اپنے بانی عمران خان کی گرفتاری کے 2 سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی۔

    پاکستان اور روس کے درمیان آئندہ ماہ مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی اور پنجاب کی قیادت اپنے اپنے مؤقف کے ساتھ آمنے سامنے آگئی ہیں، پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ پارٹی کو 5 اگست کے احتجاج پر قائم رہنا چاہیے، پنجاب میں وہ 5 اگست کو احتجاج کی کال دے سکتی ہیں عالیہ حمزہ نے پنجاب کی تنظیم اور عہدیداروں کو 5 اگست کے احتجاج کی تیاریوں کی ہدایت بھی کر دی ہے، مرکزی قیادت نے مقامی عہدیداروں کی خواہش کےمطابق احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغام پر ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 5 اگست کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

    24 اور 26 نومبر کے 14 مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت خارج ، گرفتار کرنیکا حکم

  • پاکستان اور روس کے درمیان آئندہ ماہ مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان

    پاکستان اور روس کے درمیان آئندہ ماہ مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان

    پاکستان اور روس کے درمیان مال بردار ٹرین آئندہ ماہ چلائی جائے گی، مال بردار ٹرین لاہور سے روس تک چلائی جائے گی۔

    دفتر خارجہ حکام کے مطابق مال بردار ٹرین کا پائلٹ پراجیکٹ اگست میں شروع کیا جائے گا، پہلی مال بردار ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہو گی جو ایران ، ترکمانستان اور قازقستان سے ہوتے ہوئے روس پہنچے گی،مال بردار ریل گاڑی سے مختلف اشیا روس، ترکمانستان اور قازقستان سے پاکستان پہنچیں گی ، اس اقدام سے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    واضح ر ہے کہ چند دن پہلے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے روس کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان اور روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے پروٹوکول پر دستخط بھی کیے تھے۔

    24 اور 26 نومبر کے 14 مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت خارج ، گرفتار کرنیکا حکم

    سانحہ سوات : رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں جمع ، حکومتی اقدامات اور نظام میں خامیوں کا انکشاف

    عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس واپس لینے کی استدعا مسترد

  • 24 اور 26 نومبر کے 14 مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت خارج ، گرفتار کرنیکا حکم

    24 اور 26 نومبر کے 14 مقدمات میں عمر ایوب کی ضمانت خارج ، گرفتار کرنیکا حکم

    راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر 2024 کے احتجاج کے 14 مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی ضمانت خارج کردی۔

    منگل کے روز اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران ملزم اور اس کا وکیل غیر حاضر تھے، فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم عمر ایوب کی 14 مقدمات میں ضمانت خارج کرتے ہوئے عمر ایوب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی-

    اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف راولپنڈی اور اٹک میں 24 اور 26 نومبر 2024 کے پر تشدد احتجاج کے الزام پر مقدمات درج ہیں،پی ٹی آٗئی رہنما عمرایوب نے مذکورہ مقدمات میں اپنے وکیل ڈاکٹر بابر عوان کے ذریعے عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھی ، وہ 24 اور 26 نومبر کے 14 سے زائد مقدمات میں عبوری ضمانت پر تھے۔

    عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس واپس لینے کی استدعا مسترد

    واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2025 میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر کے احتجاج پر پی ٹی آئی کے 86 ورکرز کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 86 ورکرز کی ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا جج نے وکلائے طرفین کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے 86 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان

  • عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس واپس لینے کی استدعا مسترد

    عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس واپس لینے کی استدعا مسترد

    الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس واپس لینے کی استدعا مسترد کر دی-

    کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی، سماعت میں عمر ایوب کے وکیل نے اسے خلاف قواعد قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے نوٹس واپس لینے کی استدعا کی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔

    عمر ایوب کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 31 دسمبر تک گوشواروں کی تفصیلات جمع کروانا ہوتی ہیں قواعد کے مطابق غلط گوشوارے جمع ہونے کے 120 روز کے اندر الیکشن کمیشن رکن اسمبلی کے خلاف شکایت درج کر سکتا ہے، جب کہ الیکشن کمیشن نے رواں برس 29 اپریل کے بعد نوٹس بھیجا۔

    سانحہ سوات : رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں جمع ، حکومتی اقدامات اور نظام میں خامیوں کا انکشاف

    ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد نے درخواست گزار کے وکیل کو بتایا کہ کمیشن نے پہلا نوٹس مقررہ مدت کے اندر بھجوایا تھا اور الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کو فیئر ٹرائل کا موقع دیا ہے،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی۔

    آئندہ ماہ ای وی پنک موٹر سائیکل مفت میں خواتین کو دی جائیں گی، شرجیل میمن

  • سانحہ سوات :  رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں جمع ، حکومتی اقدامات اور نظام میں خامیوں کا انکشاف

    سانحہ سوات : رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں جمع ، حکومتی اقدامات اور نظام میں خامیوں کا انکشاف

    پشاور ہائیکورٹ میں سانحہ سوات سے متعلق 384 صفحات پر مشتمل تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرا دی گئی۔

    عدالت نے دریا کنارے غیر محفوظ تعمیرات اور سیلابی خطرات کے پیش نظر دریاؤں کو محفوظ بنانے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے 10 افسران اور ذمے دار افراد کے بیانات قلمبند کیے اور واقعے کی تحقیقات کیلئے محکموں کے افسران کو الگ الگ تفتیش کیلئے بلایاجن میں سوات پولیس کے سربراہ، ڈی جی ریسکیو، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈپٹی کمشنر سوات، ٹی ایم او سوات، اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں نے اپنی تفصیلی رپورٹس جمع کرائیں۔ ان رپورٹس میں سیلاب سے پہلے اور بعد میں کی گئی تیاریوں، حکومتی ردعمل اور معطل کیے گئے افسران کے حوالے سے تفصیلات موجود ہیں رپوٹ میں واقعے کے بعد حکومتی اقدامات، معطل افسران، سیلاب سے پہلے اوربعد میں کی گئی تیاریوں کی تفصیلات، اور سانحہ سے قبل کیے گئے اقدامات اور نظام میں موجود خامیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ سوات کے 3 دن بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی ہدایت کی تاہم اس سے پہلے کسی موثر اقدام کا کوئی ثبوت نہیں ملا، رپورٹ میں بارشوں سے جاری پیشگی آگاہی پیغامات کے ثبوت بھی عدالت کو فراہم کیے گئے،رپورٹ میں محکموں کی باہمی کوآرڈینیشن کی کمی اور خطرات سے نمٹنے کے لیے مناسب حکمت عملی نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کی پیش گوئی، دفعہ 144 کے نفاذ اور خطرات سے آگاہی سے متعلق جاری کردہ اعلامیے موجود تھے، تاہم ان پر موثر عملدرآمد نہیں کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ عوام کو بروقت پیشگی آگاہی دینے کے شواہد بھی رپورٹ میں شامل ہیں، مگر نظام کی خامیوں نے نقصان کو بڑھا دیا۔

    آئندہ ماہ ای وی پنک موٹر سائیکل مفت میں خواتین کو دی جائیں گی، شرجیل میمن