اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ردعمل کے طور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اہم ویڈیو پیغام۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور حکومت پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پر زور مذمت کرتا ہوں. ان کے شایع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے. لوگ مشتعل ہیں اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے. ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی، اور زینوفوبیا کا رحجان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی اس معاملے کی نشاندہی کی اور دنیا سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر، مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے رحجانات کو کیسے روکا جائے جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں،اور ان کے خلاف بند کیسے باندھا جائے؟ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے ہم آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتےہیں۔لیکن آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور اس مسئلے کا تدارک کریگی اور ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرےگی۔ حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہم نے اپنے جذبات، حکومت فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ نہ صرف ایسی گستاخانہ حرکت نہ دہرائی جائے بلکہ جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے
Author: Khalid Mehmood Khalid

کلبھوشن کیلئے وکیل مقرر کرنے کا معاملہ: بھارتی سفارت خانے نے کوئی جواب نہیں دیا
کلبھوشن کیلئے قونصل کی تقرری کے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کل ہو گی۔سماعت لاجر بنچ پر مشتمل چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کریں گے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن کیلئے وکیل مقرر کرنے کے حکم نامے پر بھارتی سفارت خانے نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ہائیکورٹ نےگزشتہ سماعت پر عدالتی معاونت کیلئے وکلا مقرر کر دیے تھے۔تاہم عدالتی معاونین عابد حسین منٹو، حامد خان، مخدوم علی خان، اٹارنی جنرل نے بھی کوئی جواب داخل نہیں کرایا۔ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت میں عدالت نے معاونین عدالت سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں معاونت کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ کل کی سماعت وزارت قانون کی جانب سے دائر درخواست بھارتی جاسوس کلبوشن جادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کیلئے ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکومت پاکستان کو ایک بار پھر کمانڈر جادیو کے حقوق کیلئے بھارت سے رابطہ کرنے کا حکم دیا تھا۔آج ہائی کورٹ کے اوقات کار کے وقت میں بھارتی ہائی کمیشن نے کوئی وکالت نامہ جمع نہیں کرایا۔ کل کلبوشن جادیو کیس پر سماعت کے لئے ہائی کورٹ نے سیکورٹی پلان جاری کر دیا،

معطل سارک چیمبر آف کامرس کی بحالی کے لئے سارک کے تمام رکن ممالک سے بات کروں گا۔ سیکرٹری جنرل سارک تنظیم
سارک تنظیم کے سیکرٹری جنرل ایسالہ رووان ویراکون نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جلد ہی معطل کی جانے والی سارک چیمبر آف کامرس کی قانونی حیثیت کی بحالی کے لئے سارک کے تمام رکن ممالک سے بات کریں گے۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایسالہ رووان ویراکون جنہوں نے اس سال مارچ میں سارک کی مرکزی تنظیم کے 14 ویں سیکرٹری جنرل کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ انہوں نے سارک چیمبر کے رکن ممالک کے بعض تاجروں کے ایک وفد سے ورچوئل ملاقات میں یقین دلایا ہےکہ وہ سارک کے تمام رکن ممالک سے رابطہ کریں گے اور تمام ممالک کے وزرائے تجارت کی کانفرنس کروانے کے لئے کوشش کریں گے جس میں سارک چیمبر آف کامرس کوکام کرنے کی اجازت دئے جانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سارک رکن ممالک کے وزرائے تجارت کا اجلاس گزشتہ کئی سال سے منعقدنہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق اب تک بھارت سمیت کئی رکن ممالک نے سارک چیمبرآف کامرس کے سالانہ واجبات بھی ادا نہیں کئے۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق اس وقت آئندہ دو سال کے لئے سارک چیمبر آف کامرس کی صدارت

پاکستان کے پاس ہے اور معروف تاجر افتخار علی ملک چیمبر کے صدر کی حیثیت سے اس سال مارچ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں لیکن سارک تنظیم میں موجود بھارت کے حامی رکن ممالک کی لابی نے بھارتی دباو کے باعث دل سے پاکستان کی صدارت قبول نہیں کی۔ ماضی میں یہ روایات رہی ہیں کہ سارک چیمبر آف کامرس کی قانونی مدت پوری ہونے کے باوجود تمام رکن ممالک کے تاجروں کے معمول کے کام جاری رکھے جاتے تھےاور کاروباری سرگرمیاں بھی زوروشور سے جاری رہتی تھیں جب کہ سارک تنظیم کی طرف سے سارک چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں پرکسی قسم کی پابندی بھی نہیں لگائی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ سارک تنظیم کے سیکرٹری جنرل نےاپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سارک چیمبرآف کامرس کو معطل کر کے مکمل طور پر غیر فعال کر دیا ہے اور اس کے عہدیداروں کو سارک کا نام استعال کرنے سے بھی روک دیاگیا ہے جس کے باعث سارک چیمبر آف کامرس کے صدرافتخار علی ملک سمیت تمام عہدیدار معطل ہو گئے ہیں۔ سارک تنظیم کے سیکرٹری جنرل پر کئی ممالک بھارت نواز ہونے کا الزام بھی عائد کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ سارک چیمبر آف کامرس کو کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہے اور تمام رکن ممالک کے وزرائے تجارت کا اجلاس نہ ہونے کا بہانہ بنا رہے ہیں۔ سارک چیمبرز آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک کی قیادت میں ایک وفد نے حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور ان سے معاملے کو اعلی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا لیکن بھارت اس وقت سارک کا نام بھی سننا گوارہ نہیں کررہا بلکہ اس کے برعکس خلیج بنگال کے ساتھ بسنے والے ممالک کی نمائندہ تنظیم BIMSTEC پر زیادہ توجہ دے رہا ہے جس میں بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش، برما، بھوٹان، نیپال، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
چین نے گالوان ویلی سے اپنی فوجیں نہ ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، باغی ٹی وی کی خصوصی رپورٹ
پیپلز ری پبلکن آرمی نے گالوان ویلی میں زیر زمین فائبر آپٹک تاروں کا جال بچھا دیا ہے۔ اس سلسلے میں زیر زمین سرنگ کے راستے انتہائی تیزی سے کام کیا گیچین نے گالوان ویلی سے اپنی فوجیں نہ ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ بیجنگ میں انتہائی قابل اعتماد ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیپلز ری پبلکن آرمی نے گالوان ویلی میں زیر زمین فائبر آپٹک تاروں کا جال بچھا دیا ہے۔ اس سلسلے میں زیر زمین سرنگ کے راستے انتہائی تیزی سے کام کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کام پینگانگ لیک کے علاقے میں کیا گیا۔ اور اطلاعات یہ بھی ہیں کہ چین سرنگ کو مزید آگے لے جانے کے لئے بھی تیزی سے کام کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کو چین کی ان تمام تیاریوں کا علم اس سال کے شروع میں ہوا تھا تاہم بھارت کو اس بات کی سمجھ نہیں آرہی تھی کہ ایک ایسے علاقے میں جہاں نہ تو شہری آبادی زیادہ ہے اور نہ ہی مواصلاتی رابطوں کو بڑھانے کی کوئی خاص ضرورت ہے چین فائبر آپٹک تاروں کی تنصیب کیوں کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چین کا اس علاقے میں فائبر آپٹک تاروں کی تنصیب کا اہم مقصد یو اے وی ڈرونز ( Unmaned Aerial Vehicals Drones) کا بھرپور آغاز اور استعمال کرنا ہے جن کو اسی فائبر آپٹک کیبل کے جال سے کنٹرول کی جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں چینی فوج کے جوانوں کو آنے والے سخت سردی کے موسم میں کم سے کم ڈیوٹیاں دی جائیں گی جب کہ ان کی جگہ ڈرونز کا استعمال کثرت سے ہوگا۔ بھارت کو اس بات کا اندازہ ہے کہ سخت سردی کے موسم جنگ کرنا مشکل ترین کام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت ایل اے سی پر تعینات اپنی تیس ہزار کے قریب فوج کو سخت سردی برداشت کرنے کے قابل بنا رہا ہے اوراس مقصد کے لئےایک خطیر رقم بھی خرچ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت نے ایم 777 طیارہ شکن توپیں، ٹی 90 میزائل فائرنگ ٹینک اور کندھے پر رکھ کر چلانے والا جدید ترین اینٹی ٹینک میزائل سسٹم ایل اے سی کی قریبی چوکیوں پر پہنچا دیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی فضائیہ کےسی 17ہیوی لفٹرز کے ساتھ ساتھ اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز اورسی 130 سپیشل آپریشنز ائرکرافٹ اوربھارتی بحریہ کے سرویجلنس طیاروں کو بھی قریبی علاقوں میں پہنچا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی کوشش ہے کہ اگر چین نے علاقے سے فوجیں واپس نہ بلائیں تو آنے والے سردی کے موسم میں فوجی طریقہ استعمال کرکے اپنی برتری ثابت کرے اورگالوان ویلی کا علاقہ جہاں کبھی بھارت کا مکمل کنٹرول ہوا کرتا تھا ایک بار پھر سے اس کا کنٹرول بحال ہو جائے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت جنگ کے موڈ میں ہے لیکن چین کے مقابلے میں اس کی پوزیشن بے حد کمزور ہے۔

An M114 155 mm Howitzer in firing position. 
بھارت میں پھنسے ہوئے 200 پاکستانی شہریوں کی 3 ستمبر کووطن واپسی
کورونا وائرس لاک ڈاون اور پاک بھارت سرحدیں بند ہونے کے باعث بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی فریاد سنی گئی۔ بھارت میں پھنسے ہوئے 200 پاکستانی شہریوں کی 3 ستمبر کوواپسی ہو گی۔ پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی اٹاری واہگہ بارڈر کے راستے ہو گی۔ واہگہ بارڈر ایک بار پھر خصوصی طور پر کھولا جائے گا۔ پاکستانی شہری بھارت میں مختلف شہروں گجرات۔مہاراشٹر۔مدھیہ پردیش ۔دہلی۔ راجھستان میں پھنسے ہوے تھے۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں کی وجہ سے مذکورہ پاکستانیوں کی وطن واپسی ممکن ہورہی ہے۔

110سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دے دی
بھارتی ریاست کیرالہ کے ملاپورم ضلع سے تعلق رکھنے والی 110 سالہ خاتون نے وبائی مرض کورونا کو شکست دے کر بھارت کی پہلی سب سے بوڑھی صحت یاب ہونے والی خاتون کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خاتون جس کا نام رندتھنی واریاتھ پاتھو ہے۔ 18 اگست کو سرکاری میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تو اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اسے فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا جہاں اس خاتون نے اپنے علاج کے لئے ڈاکٹروں کا بھرپور ساتھ دیا اور اپنی بیماری کو خندہ پیشانی سے قبول کیا۔ مسلسل علاج کے بعد گزشتہ روز اس کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا تو وہ منفی آگیا جس کے بعد اس خاتون کوہسپتال سے فارغ کر کے گھر بھیج دیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس خاتون کو کورونا وائرس اس کی بیٹی سے منتقل ہوا۔ اس کی بیٹی گھر پر ہی زیرعلاج تھی جو کہ اب صحت یاب ہو چکی ہے۔ کیرالہ کے وزیر صحت کے کے شیلجا نے 110 سالہ خاتون کے کورونا کو شکست دینے کو بڑا واقعہ قرار دیتے ہوئے اسپتال کے ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر صحت نے خاتون کو صحت یاب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ بھی بھجوایا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خاتون کی مزید چند دن خصوصی دیکھ بھال کی جائے گی اور ایک ڈاکٹر روزانہ اس کے گھر جا کر اس کا چیک اپ کرے گا۔

قومی اردو کونسل کے بین الاقوامی اردو ویبینار کا آغاز
بھارت میں قومی اردو کونسل کے بین الاقوامی اردو ویبینار کا آغاز آج سے ہو گیا ہے۔ بھارت کے مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نشنک نےڈیجیٹل طریقے سےکانفرنس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں اردو ادب کے فروغ اور مصنفین کی حوصلہ افزائی کے لئے متعدد ایوارڈوں کے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ جلد ہی ان ایوارڈوں کو زمرہ ادبیات اور زبان کی کٹیگری میں حتمی طورپر عام کردیا جائے گا۔ اس سے قبل وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے دفتر میں افتتاحی تقریب ہوئی، جس میں قومی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد ، وائس چیئر مین شاہد اختر موجود تھے ۔
الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے دور میں میں اردو مصنفین کی ذمہ داری کے موضوع پر ہو رہی اس کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر تعلیم نےاردو کےفروغ کے لئے قومی اردو کونسل کی کاوشوں اور اسکیموں کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے اردو زبان کو ہندوستانی اور بھائی چارے کی زبان بتاتے ہوئے پوری دنیا کو اردو پڑھنے کے لئے دعوت دی ۔ انھوں نے کہا کہ اردو زبان ہندوستان میں پروان چڑھی ہے اور اردو دنیا کی ساتویں بڑی زبان ہے، جس کی خوشبوپوری دنیامیں پھیل رہی ہے۔ انھوں نے اردوادیبوں کوالیکٹرانک میڈیا اور شوشل میڈیا پر فعال ہونے کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ کےقلم میں طاقت ہے اور آپ کی تخلیقات معیاری ہیں تو شوشل میڈیا پر اس کو ضرور سراہا جائے گا اور پڑھا جائے گا۔ کوئی نہیں کہہ سکتا ہے کہ اس کو قارئین میسر نہیں آرہے ۔
وزیر تعلیم نے اردو مصنیفین کی حوصلہ افزائی کے لئے متعدد اردو ایوارڈ شروع کرنے کا اعلان کیا ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ انھوں نے کونسل کے وائس چیئرمین اور ڈائریکٹر کے مشورہ کے بعد امیر خسرو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ، مرزا غالب ایوارڈ ، پریم چند ایوارڈ ، پنڈت نول کشور ایوارڈ ، آغا حشر کشمیری ایوارڈ ، رام بابو سکسینہ ایوارڈ ، دیاشنکر نسیم ایوارڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ کرونا کی وباء کے باعث پیدا ہوئی دوری کو ٹیکنالوجی نے قربت میں تبدیل کردیا ہے ۔ انھو ں نے کہا کہ اردو مصنفین کو شوشل میڈیا کی طاقت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انھوں نے بتایا کہ اولین امیر خسرو ایوارڈ تین لاکھ روپے پر مبنی ہے ، جبکہ باقی تمام ایوارڈ ایک ایک لاکھ روپے کے ہوں گے ۔ قومی اردو کونسل کے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد اختر نے کہا کہ کونسل پہلے ہی اردو کو فروغ دینے اور ٹکنالوجی کے استعمال کے لئے کام کر رہی ہے ۔ موبائل ایپ سے لیکر آن لائن اردو لرننگ کورس چلائے جارہے ہیں ۔
انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کی گورنر ہاوس آمد
انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کی گورنر ہاوس آمدکے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات ہوئی۔ گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور کووڈ 19 سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقعہ پر گیبریلا کیویس بیرن نے کووڈ 19 کے دوران فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے بہتری آئی۔ گیبریلا کیویس بیرن نے کہا کہ پاکستان کے کورونا وباء سے بچاؤ اور پھیلاو کنٹرول کرنے کے اقدامات مثالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بہتری کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیں گے۔گورنر پنجاب چوہدری سرورنے کہا کہ عالمی برادری اور آئی پی یو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا سے قبل ہی کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر کے لاک ڈاون کا سامنا ہے جب کہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاکستان اپنا بھرپور گردار ادا کر رہا ہے۔

منگلا ڈیم سے دریائے جہلم میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا
منگلا ڈیم میں پانی کا لیول خطرناک حد کو چھو جانے کے بعد حکام نے منگلا ڈیم کے دروازے کھول دئیے اور دریائے جہلم میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا جس سےدریائے جہلم میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکام نے دریائے جہلم سے ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذکر دی ہے۔ دریائے جہلم کے تمام فلڈ پوائنٹ پر ریسکیو کی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام کی اطلاع کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر چلے جانے کے لئے مساجد میں اعلانات کروائے جارہے ہیں۔

آج دنیا بھارت کو، اسکی ہندتوا سوچ کے سبب تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔شاہ محمود قریشی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس، چئیرمین قائمہ کمیٹی ملک احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے اراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کوافغان طالبان کے نمائندہ وفد سے ہونیوالی ملاقات اور تبادلہ ء خیال کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بہت پہلے واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کا استعمال بے معنی ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان شروع سے اس موقف کا حامی ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل، افغان سربراہی مذاکرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ آج دنیا بھارت کو، اسکی ہندتوا سوچ کے سبب تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج کشمیریوں کی جدوجہد کو جبر کے خلاف، سب سے بڑی اندرونی مزاحمت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
اس موقعہ پراراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر احسن انداز میں اجاگر کرنے اور کامیاب خارجہ پالیسی کے ذریعے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔












