Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کوٹ لکھپت میں سلنڈر دھماکا، خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی

    کوٹ لکھپت میں سلنڈر دھماکا، خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی

    لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں واقع پیکو روڈ پر ایک گھر کے کچن میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکا اچانک کچن میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا، جس کے فوراً بعد آگ نے کچن اور قریبی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ اور ایمبولینس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا کر گھر میں پھنسے افراد کو باہر نکالا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں 40 سالہ عظمیٰ بی بی، 22 سالہ فضا بی بی، 22 سالہ زوہا، 14 سالہ کوتابا اور 45 سالہ عظمت جھلس کر زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھریلو گیس سلنڈرز کے استعمال میں احتیاط برتیں، معیاری سلنڈر اور ریگولیٹر استعمال کریں اور گیس لیکیج کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

  • گوادر میں تیز رفتار مسافر کوچ حادثے کا شکار، 9 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    گوادر میں تیز رفتار مسافر کوچ حادثے کا شکار، 9 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    گوادر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ گوادر کے علاقے ہڈ گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں کراچی سے جیونی جانے والی ایک تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کنارے الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کوچ میں سوار متعدد مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو کر کوچ کے اندر پھنس گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو کوچ سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کر دی گئیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے جیونی جا رہی تھی اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تکنیکی خرابی کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

  • سی ٹی ڈی کی کاروائیاں،لاہور سے بھارتی ایجنٹ سمیت پنجاب سے  49 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کاروائیاں،لاہور سے بھارتی ایجنٹ سمیت پنجاب سے 49 دہشت گرد گرفتار

    دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی مختلف شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں، حکام کے مطابق ایک ہفتے میں 49 دہشت گرد گرفتار کیے گئے جبکہ لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ پکڑا گیا۔

    حکام کے مطابق گرفتار بھارتی ایجنٹ سے بارودی مواد، اسلحہ اور اہم عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کرلیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے دوران 6131 کومبنگ آپریشنز کے دوران 599 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کرکے عوام میں خوف وہراس پھیلانا چاہتے تھے، کومبنگ آپریشنز میں 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • درختوں کی کٹائی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم جاری

    درختوں کی کٹائی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم جاری

    اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی کے خلاف ہائی کورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو 2 فروری تک درختوں کی کٹائی سے روکنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ،جسٹس خادم حسین سومرو نے 4 صفحات کا تحریری حکم جاری کر دیا ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکمنامہ میں کہا کہ سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین 2 فروری تک اسلام آباد سے کوئی درخت نا کاٹیں عدالت نے سی ڈی اے ، وزرات موسمیاتی تبدیلی اور انوئر مینٹل ایجنسی کو نوٹس جاری کر دیا گیا،عدالت نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر فریقین تفصیلی جواب آئندہ سماعت تک جمع کرائیں ،عدالت نے حکمنامہ میں کہا کہ درخواست گزار نے بتایا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی میں درخت کاٹے جا رہے ہیں ،درخواست گزار کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈیننس اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، درخواست گزار کے مطابق سی ڈی اے حکام نے ابھی تک نہیں بتایا ہزاروں درخت کاٹنے کی وجہ کیا تھی ،

    اسلام آباد کے درخواست گزار شہری نوید احمد کی جانب سے وکیل مدثر عباسی پیروی کر رہے ہیں،عدالت نے تحریری حکمنامہ میں کہا کہ سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں، فریقین آئندہ سماعت سے قبل پٹیشن پر شق وار جواب جمع کرائیں، درختوں کی کٹائی کے جواز اور اس کی قانونی بنیاد کی وضاحت پر جامع رپورٹ پیش کریں،

  • کوٹ مومن،دھند کی وجہ سے حادثہ،ایک ہی خاندان کے14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کوٹ مومن،دھند کی وجہ سے حادثہ،ایک ہی خاندان کے14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کوٹ مومن کے علاقے گلاپور بنگلہ کے قریب شدید دھند کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مزدا ٹرک بے قابو ہو کر گلاپور نہر میں جا گرا۔ حادثہ تھانہ مڈھ رانجھا کی حدود میں رات 1:45 بجے پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جو فیصل آباد اپنے ایک رشتہ دار کی فوتگی پر جا رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا مزدا ٹرک نمبر FDS-17-456 تھا، جو سفید رنگ کا اور تقریباً 17 فٹ لمبا تھا۔ گاڑی میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے۔ شدید دھند کے باعث ڈرائیور کو سامنے کا راستہ نظر نہ آیا جس کے نتیجے میں گاڑی پل سے نیچے نہر میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
    جاں بحق افراد کی تفصیل:
    مصری خان ولد اکرم، عمر 50 سال
    حلیمہ بی بی زوجہ غلام عباس، عمر 65 سال
    یاسین ولد رمضان، عمر 65 سال
    سونیا بی بی زوجہ طارق، عمر 35 سال
    پٹھانی بی بی زوجہ ولایت، عمر 35 سال
    ہانیہ دختر ممتاز، عمر تقریباً 2/3 سال
    امن فاطمہ زوجہ ندیم عباس، عمر 19 سال
    رانی زوجہ ممتاز، عمر 35 سال
    حارث ولد ندیم، عمر 2 سال
    وسیم عباس ولد عباس، عمر 30 سال
    اوزین فاطمہ دختر ندیم، عمر 2 سال
    محمد ثقلین رضا ولد ظہیر، عمر 2 سال
    حورم دختر ظہیر، عمر 6 سال
    آمنہ دختر ممتاز، عمر 16 سال
    شدید زخمی افراد:
    شمیم زوجہ لیاقت، عمر 32 سال
    پروین زوجہ وسیم عباس، عمر 26 سال
    نازیہ زوجہ ظہیر عباس، عمر 40 سال
    معمولی زخمی افراد:
    حسنین ولد عباس، عمر 4 سال
    ظہیر عباس ولد غلام عباس، عمر 33 سال
    ممتاز ولد شیر محمد، عمر 40 سال
    کاشف ولد ظہور احمد، عمر 32 سال
    ندیم عباس ولد غلام عباس، عمر 22 سال

    پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی اصل وجہ دھند اور تیز رفتاری کو قرار دیا جا رہا ہے۔

  • باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ، باغی ایوارڈز کی تقسیم کا سلسلہ جاری

    باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ، باغی ایوارڈز کی تقسیم کا سلسلہ جاری

    باغی ٹی وی کی جانب سے 14ویں سالگرہ کے موقع پر ادارے سے وابستہ نمائندگان، بیورو چیفس، اینکرز اور لکھاریوں کی خدمات کے اعتراف میں باغی ایوارڈز دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ سال 2026 کے ابتدائی چار باغی ایوارڈز دیے جا چکے ہیں،

    باغی ٹی وی کی جانب سے دیا جانے والا پہلا باغی ایوارڈ انچارج نمائندگان باغی ٹی وی ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو ان کی صحافتی خدمات اور ادارے کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا،منعقدہ تقریب میں ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز اعوان نے سی ای او باغی ٹی وی ،سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان کی ہدایت پرڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو باغی ایوارڈ سے نوازا،

    دوسرا باغی ایوارڈ بیورو چیف باغی ٹی وی قصور طارق نوید سندھو کو دیا گیا، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خبروں کی بروقت ترسیل کے ذریعے ادارے کا نام روشن کیا،قصور دفتر میں منعقدہ تقریب میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر قصور تابندہ سلیم، ممتاز اعوان، ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی نے طارق نوید سندھو کو ایوارڈ سے نوازا.

    تیسرا باغی ایوارڈ بیورو چیف باغی ٹی وی سیالکوٹ مدثر اشفاق رتو کے حصے میں آیا، جن کی محنت، دیانت داری اور صحافتی معیار کو سراہا گیا۔سیالکوٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران ممتاز اعوان، ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی، طارق نوید سندھو نے مدثراشفاق رتو کو ایوارڈ سے نوازا.

    چوتھا باغی ایوارڈ باغی ٹی وی کے معروف،نوجوان اینکر زین العابدین شاہ کو دیا گیا، جنہوں نے اپنے منفرد انداز اور جاندار پروگرامز کے ذریعے ناظرین میں بھرپور مقبولیت حاصل کی،زین العابدین شاہ کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب کے دوران باغی ایوارڈ سے نوازا گیا.

    باغی ٹی وی انتظامیہ کے مطابق باغی ایوارڈز کی تقسیم کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور باغی ٹی وی سے وابستہ تمام نمائندگان اور لکھاریوں کو مرحلہ وار باغی ایوارڈ سے نوازا جائے گا، تاکہ ان کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی باغی ٹی وی کی جانب سے 80 سے زائد نمائندگان اور لکھاریوں میں ڈیجیٹل اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ باغی ٹی وی اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی اور عزت افزائی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

  • فرقہ واریت کے خاتمے کیلیے سیر ت النبی سے رجوع  کرنا چاہئے،سیف اللہ قصوری

    فرقہ واریت کے خاتمے کیلیے سیر ت النبی سے رجوع کرنا چاہئے،سیف اللہ قصوری

    گورنمنٹ جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ مریدکے میں تقریب صحیح بخاری،حافظ طلحہ سعید،محمد یعقوب شیخ و دیگر کا خطاب
    ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجیس ایجوکیشن پنجاب ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کی شرکت

    گورنمنٹ جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ مریدکے کے زیرِ اہتمام تقریبِ صحیح بخاری سے جید علما کرام،مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ کے علمی ورثے کو دنیا بھر میں عام کریں گے اور اپنے طلباء کو جدید دور کے چیلنجز کے لیے تیار کریں گے،وطن عزیز پاکستان کو سیاسی و مذہبی فرقہ واریت سے نکالنے کا ذریعہ رسول اللہ کی سیرت کی تعلیمات کی طرف رجوع ہے، آج امت کو سب سے زیادہ ضرورت ایسے علماء اور مشائخ کی ہے جن کی زندگی تقویٰ، علم و حکمت، امانت و دیانت اور اعلیٰ اخلاق و کردار کی عملی تصویر ہو،دینی مدارس وطن عزیز پاکستان کے محافظ ہیں،

    ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ پروفیسر سیف اللہ قصوری ،نائب صدر مرکزی مسلم لیگ پروفیسر طلحہ سعید ،حافظ عبد الرؤف ،ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجیس ایجوکیشن پنجاب محبوب احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ میاں نذیر احمد ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن شیخوپورہ رانا نعیم عباس،اسسٹنٹ کمشنر مریدکے توصیف بھٹی،جوائنٹ سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ محمد یعقوب شیخ ،مدیر گورنمنٹ جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ مفتی عبدالرحمن عابد،ڈائریکٹر الایمان ایجوکیشن کمپلیکس مفتی یوسف طیبی،سرپرست اعلیٰ بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن مفتی عبداللطیف،ناظم اعلیٰ بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن مفتی احسان الحق شہبازو دیگر نے تقریب صحیح بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں علماء کرام، جامعہ کے اساتذہ ،طلبہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ کا آغاز کرنے والے حافظ عبدالسلام بن محمد پر اللہ اپنی رحمت فرمائے اور انہیں انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کے ساتھ اکٹھا کرے۔یہ جامعہ دین کی خدمت، تربیت اور تعلیم کا کارواں ہے، جو ہمیشہ آگے بڑھتا رہے گا۔ حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کی بجائے ہمیں امام بخاری رحمہ اللہ کے طرز عمل کو اپنانا ہوگا، جو اعتدال، تحقیق اور علم کی روشنی سے بھرپور ہے۔ تمام مکاتب فکر میں صحیح بخاری کو جو مقام حاصل ہے اس کی روشنی میں ہمیں امت مسلمہ کی فکری رہنمائی کرنی چاہیے،حافظ عبد الرؤف ، محمد یعقوب شیخ ، مفتی عبدالرحمن عابد،مفتی یوسف طیبی، مفتی عبداللطیف، مفتی احسان الحق شہبازو دیگر کا کہنا تھاکہ ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں فتنوں نے فرد اور معاشرے دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، یہ فتنے ایمان و عمل کو کمزور کرتے اور معاشرے میں فساد و انتشار پیدا کرتے ہیں،اخلاقی سطح پر بے حیائی، فحاشی اور عریانی کو عام کیا جا رہا ہے، جس سے خاندانی نظام تباہی کی طرف جا رہا ہے،سیاسی سطح پر فتنہ انگیزی، بغاوت اور تکفیر امت کو مزید تقسیم کر رہی ہے ، اگر ہم ان فتنوں سے بچنا چاہتے ہیں تو ہمیں دین کے صحیح علم اور اس پر عمل کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، سنتِ نبوی ﷺ سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہوگا،

  • ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ میرا،کسی نے قائل نہیں کیا،ٹرمپ

    ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ میرا،کسی نے قائل نہیں کیا،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملہ نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے انہیں ایران پر حملہ نہ کرنے کے لیے قائل نہیں کیا۔

    وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا عرب اور اسرائیلی حکام نے آپ کو ایران پر حملہ نہ کرنے کے لیے قائل کیا؟اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، میں نے خود اپنے آپ کو قائل کیا،گزشتہ روز ایران میں 800 افراد کو پھانسی دی جانی تھی لیکن کسی کو پھانسی نہیں دی گئی، اس کا بہت بڑا اثر پڑا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی قدر کرتے ہیں کہ کل جن افراد کو پھانسیاں دی جانی تھیں اب ایرانی قیادت انہیں پھانسی نہیں دے گی۔

    گزشتہ روز امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران پر ممکنہ امریکی فوجی حملہ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی،رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے بدھ کے روز صدر ٹرمپ سے بات کی، اسی روز امریکی صدر نے یہ بیان دیا کہ انہیں دوسری جانب سے انتہائی اہم ذرائع سے معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران میں مظاہرین کی ہلاکتیں رک گئی ہیں اور مظاہرین کی سزائے موت پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔ اس سے قبل برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کا فیصلہ آخری لمحوں میں تبدیل کیا،دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی خلیجی ملکوں کی سفارتی کوششوں کے باعث عمل میں آئی۔ سعودی عرب، قطر اور عمان نے واشنگٹن سے ہنگامی مذاکرات کیے اور ٹرمپ کو فوجی کارروائی مؤخر کرنے پر یہ کہہ کر آمادہ کیا کہ تہران کو اپنے ‘اچھے عمل’ کا مظاہرہ کرنےکا موقع دینا چاہیے۔

  • جہاں آبادی نام کی چیز نہیں، وہاں پر بھی انٹرنیٹ ٹاورز لگے،کیوں؟وزیراعلیٰ بلوچستان

    جہاں آبادی نام کی چیز نہیں، وہاں پر بھی انٹرنیٹ ٹاورز لگے،کیوں؟وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کے بہت سارے علاقوں میں انٹرنیٹ کے لیے کھمبے لگے ہوئے ہیں، یہ کس کے فنڈ سے لگے ہیں؟ کیوں لگے ہیں؟ جہاں آبادی نام کی چیز نہیں، وہاں پر بھی انٹرنیٹ ٹاورز لگے ہوئے ہیں، اس کے پیچھے کوئی دماغ ہے ، یہ سارے وہ ٹولز ہیں جو ریاست کے خلاف استعمال کیے گئے۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ تین ارب روپے لگاکربلوچستان کے تمام اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور اسپتالوں میں فائبرکیبل بچھا رہے ہیں، بلوچستان میں اس کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کریں گے تاکہ پتا چل سکے کہ اس انٹرنیٹ کا استعمال کیا ہے۔ بلوچستان کے بہت سارے علاقوں میں انٹرنیٹ کیلئے کھمبے لگے ہوئے ہیں اورکس کے فنڈ سے لگے ہیں؟ کہاں سے لگے ہیں کیوں لگے ہیں؟ حیران ہوتا ہوں سانگان جیسے علاقے جہاں آبادی نام کی چیز نہیں وہاں پربھی انٹرنیٹ ٹاور لگے ہوئے ہیں،ہیلی کاپٹرپرجارہا ہوتا ہوں تو ان علاقوں میں 4 جی سروسز چل رہی ہوتی ہیں، ایسا کیوں ہے؟ اس کے پیچھے کوئی دماغ ہے یہ سارے وہ ٹولز ہیں جو ریاست کے خلاف استعمال کیے گئے۔

  • باغی ٹی وی کے اینکر زین العابدین شاہ کے اعزاز میں لاہور میں تقریب،ایوارڈ سے نوازا گیا

    باغی ٹی وی کے اینکر زین العابدین شاہ کے اعزاز میں لاہور میں تقریب،ایوارڈ سے نوازا گیا

    باغی ٹی وی سے شہرت حاصل کرنے والے، پاکستان میں کم عمری میں سب سے زیادہ پارلیمنٹیرینز کے انٹرویوز کرنے والے معروف نوجوان صحافی اور اینکر پرسن زین العابدین شاہ لندن سے پاکستان آئے،ان کی پاکستان آمد کے موقع پر لاہور کے معروف کیفیو کیفے جیل روڈ میں ایک پرتکلف ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریب کا اہتمام معروف بزنس مین اور زین العابدین شاہ کے قریبی دوست عبداللہ نے کیا، جبکہ گیسٹ کوآرڈینیشن کے فرائض معروف اینکر پرسن اور قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن سے وابستہ اے آر ماڈھا نے انجام دیے۔دیار عشق کی اقرا ء پارس بھی منتظمین میں شامل تھیں جو معزز مہمانوں کے استقبال سے لے کر آخر تک تقریب میں متحرک رہیں، اس موقع پر ملکی میڈیا کے نامور اور ابھرتے ہوئے صحافیوں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے،زین العابدین شاہ نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز لاہور سے کیا اور بعد ازاں لندن منتقل ہوئے، تاہم بیرونِ ملک قیام کے باوجود وہ صحافت سے مسلسل وابستہ رہے۔ اس وقت وہ لندن میں ایک نجی چینل کے مارننگ شو کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی صحافت کا نام روشن کر رہے ہیں۔

    زین العابدین شاہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں سینئر صحافی و اینکر پرسن عمر دراز گوندل، محمد شعیب،حمزہ علی، میمونہ چیمہ، شاکر اعوان، شہزاد روشن گیلانی، سلمان خان،عظیم بٹ، اعظم اعظم، ڈاکٹر ثمر عباس، احتشام اللہ بحلیم، فرحان خان، تحریم قاضی، اومان، چوہدری نعمان، نبیل رشید، احسن ظفر، راشد اکرم، اقرا آغا، خرم ملک, میاں طیب سولہری،مزمل حسین سیالوی، طارق بن نواز ،توقیر کھرل،ذیشان المانی،رانا مزمل حسین،رائے حیدر کھرل،احسن قاسم،سمیت میڈیا سے وابستہ دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کے موقع پر زین العابدین شاہ کی شاندار صحافتی خدمات اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز اعوان کی جانب سے انہیں اعزازی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا،

    اس موقع پر زین العابدین شاہ نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا صحافتی سفر باغی ٹی وی سے شروع ہوا اور آج بھی اسی ادارے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں دوستوں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے، لیکن پاکستان میں چند روز کے لیے آمد پر، خاص طور پر لاہور میں جس محبت اور خلوص کے ساتھ دوستوں نے استقبال کیا، وہ ان کے لیے باعثِ فخر اور خوشی ہے۔ انہوں نے تقریب کے منتظمین اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پرشرکا کے لئے پرتکلف کھانے کا انتظام کیا گیا تھا، فوٹو سیشن کے ساتھ ساتھ کیک بھی کاٹا گیا،