Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • لاہور،مکان میں آگ ،5 افرادجھلس کر زخمی

    لاہور،مکان میں آگ ،5 افرادجھلس کر زخمی

    لاہور: بیدیاں روڈ کے علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجے میں پانچ افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ محلہ نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو آگاہ کیا، جس پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے باعث ایک خاتون، ایک مرد اور دو بچوں سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد جھلس گئے۔ زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، تاہم ابتدائی طور پر واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا، جس سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

  • سکردو: پنجاب سے آنے والی خاتون ٹک ٹاکر نجی ہوٹل سےگرفتار

    سکردو: پنجاب سے آنے والی خاتون ٹک ٹاکر نجی ہوٹل سےگرفتار

    سکردو میں پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹک ٹاکر کو پولیس نے نجی ہوٹل سے حراست میں لے کر وومن پولیس اسٹیشن سکردو منتقل کر دیا

    مذکورہ خاتون حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر سکردو میں اپنی ویڈیوز اور سرگرمیوں کے باعث خاصی توجہ حاصل کر رہی تھیں۔پولیس ذرائع کے مطابق سکردو پولیس کو خاتون ٹک ٹاکر کے خلاف ایک خفیہ رپورٹ موصول ہوئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ مقامی روایات کے منافی طرزِ عمل اور مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور انہیں نجی ہوٹل سے حراست میں لے لیا گیا۔سکردو پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو قانونی تقاضوں کے مطابق وومن پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات اور شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے ہوٹل انتظامیہ سے بھی متعلقہ ریکارڈ حاصل کر لیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقامی اقدار اور قوانین کے تحفظ کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے، تاہم کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کی جاتی ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے تک کسی حتمی رائے کا اظہار قبل از وقت ہوگا، جبکہ خاتون ٹک ٹاکر کو تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مزید پیش رفت تفتیش کے بعد متوقع ہے۔

  • طالبان رجیم کی حکمرانی کے مضر اثرات میں پاکستان سرِفہرست ملک

    طالبان رجیم کی حکمرانی کے مضر اثرات میں پاکستان سرِفہرست ملک

    ین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق طالبان رجیم کی حکمرانی کے مضر اثرات میں پاکستان سرِفہرست ملک ہے

    دی ڈپلومیٹ کے مطابق 2021 میں طالبان کی واپسی کو پاکستان نے خطے میں استحکام کا موقع سمجھا، مگر نتائج برعکس نکلے – پاکستان نے طالبان کی سفارتی اور انسانی سطح پر بھرپور حمایت کی – اس کے باوجود پاکستان کی سلامتی کی صورتحال بگڑتی گئی – طالبان کی واپسی کے بعد پاکستان کو دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا کرنا پڑا – افغانستان میں ٹی ٹی پی، القاعدہ اور داعش خراسان کے دہشت گرد بدستور سرگرم ہیں -افغان سرزمین مسسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے -افغانستان سے ہونے والے سرحد پار حملوں میں تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد سب سے زیادہ ملوث ہیں ،پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کی شمولیت 70 فیصد تک پہنچ چکی ہے – بھارت نے کابل میں دوبارہ سفارتی موجودگی قائم کر کے طالبان قیادت سے روابط کو تیزی سے وسعت دی ہے – طالبان اور بھارت کے بڑھتے روابط پاکستان کے لیے خطرے کے طور پر ابھر رہے ہیں – دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان 80 ہزار زائد جانوں کی قربانی دے چکا ہے – پاکستان نے ابتدا میں تصادم کے بجائے مکالمے، ثالثی اور علاقائی سفارتکاری کو ترجیح دی -پاکستان کی جانب سے دو طرفہ بات چیت، مذہبی ثالثی اور علاقائی سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی گئی،متحدہ عرب امارات کی ثالثی سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی سرحدی علاقوں سے منتقلی پر اتفاق ہوا – وعدوں کے باوجود طالبان نے ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی –

    دی ڈپلومیٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے وعدوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان نے مکالمے کے ساتھ محدود عسکری کارروائی کی حکمتِ عملی اپنائی گئی،پاکستان کو ستمبر اور اکتوبر 2025 میں افغانستان میں سرگرم ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا پڑا ، پاکستان نے اس کے باوجود سفارتی راستے مکمل طور پر بند نہیں کیے – ترکی اور قطر پاکستان اور طالبان کے درمیان ثالثی میں شامل رہے –

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ اور طلباء سے خصوصی نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ اور طلباء سے خصوصی نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیت مختلف مدارس اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہاولپور کے عوام کی تحریکِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان میں خدمات پرانہیں خراجِ تحسین پیش کیا،تقریب میں قومی و علاقائی صورتحال، آپریشن بنیان المرصوص اور قومی سلامتی میں پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی،سیشن میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے بھارتی گٹھ جوڑ اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا زیرِ بحث رہا،اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے پاکستان کی قومی سلامتی کے مفہوم اور مقاصد پر تفصیلی آگاہی کو سراہا ،شرکاء نے میڈیا لٹریسی کو نوجوانوں کے شعور اور رائے کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا

    شرکا کا کہنا تھا کہ میڈیا لٹریسی منفی پروپیگنڈا اور دشمن کے بیانیہ سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے،شرکاء نے ہر مشکل میں قوم کے ساتھ کھڑے رہنے پر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ،مدارس کے طلبہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ریاست اور آئین کا سر فخر سے بلند رکھا ہے،تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے

  • افواج پاکستان میں "ملٹی ڈومین آپریشنز” جنگی محاذ پر کا میابی کی ضمانت

    افواج پاکستان میں "ملٹی ڈومین آپریشنز” جنگی محاذ پر کا میابی کی ضمانت

    افواج پاکستان بدلتے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ "ملٹی ڈومین آپریشنز” کے لیے بھرپور تیاری میں مصروف ہیں

    ملٹی ڈومین آپریشنز میں فضائی، زمینی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر، خودکار نظام اور انفارمیشن آپریشنز کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت دشمن کے خلاف مربوط انداز میں استعمال کیا جاتا ہے ،فضائی برتری، کثیر المقاصد ڈرونز اور دور مار کرنے والے ہتھیاروں کے ہم آہنگ استعمال سے دشمن کی نقل و حرکت نا ممکن بنا دی جاتی ہے ،تباہ کن بمباری اور سائبر اور انفارمیشن آپریشنز سے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت مفلوج کر دی جاتی ہے، پاکستان میں بنائے گئے ہتھیاروں اور جدید ڈرونز دوست ممالک سے خریدے گئے ہتھیاروں کے ساتھ مربوط انداز میں استعمال کیے جاتے ہیں ،یہ مشترکہ جنگ کا بہترین نمونہ ہے جہاں فضائی اور زمینی طاقت کے ساتھ دشمن کے دفاع کو تہس نہس کر دیا جاتا ہے

    افواج پاکستان کی یہ مشقیں جدید ٹیکنالوجی، تباہ کن فائر پاور اور انتہائی درست نشانہ بندی کی صلاحیتوں کا مظہر ہیں ، یہ مشقیں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف سروسز کے باہمی اشتراک کو نمایاں کرتی ہیں، جو ملٹی ڈومین آپریشنز کی پہچان ہے،یہ جنگی مشقیں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ افواج پاکستان جدید جنگی تقاضوں کے مطابق”ملٹی ڈومین آپریشنز ” کی منصوبہ بندی اور ان کے مؤثر عملی نفاذ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے.

  • بھارتی میڈیا پر منظم جھوٹ،بدنیتی پر پروپیگنڈہ کی مذمت،تردید کرتے ہیں،حافظ طلحہ سعید

    بھارتی میڈیا پر منظم جھوٹ،بدنیتی پر پروپیگنڈہ کی مذمت،تردید کرتے ہیں،حافظ طلحہ سعید

    مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے اپنے حوالے سے انڈین میڈیا کی جانب سے پھیلائے جانے والے منظم، سو فیصد جھوٹے، بدنیتی پر مشتمل اور پلانٹڈ پروپیگنڈے کی سخت اور بھرپور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحت انہیں یہ مکمل، آئینی اور قانونی حق حاصل ہے کہ وہ بدنیتی پر مشتمل دشمن کے ایسے گھناؤنے پروپیگنڈے کے ایک ایک لفظ کو مسترد کریں اور اس کی مؤثر انداز میں تردید کریں۔

    انڈین میڈیا میں گردش کرنے والے متنازع کلپ کے حوالے سے نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ، حافظ طلحہ سعید کا دوٹوک اور واضح موقف ہے کہ ان بے بنیاد الزامات کا نہ ان سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ان سے کوئی واسطہ ہے۔ یہ الزامات سو فیصد جھوٹے، من گھڑت، بے بنیاد اور پلانٹڈ ہیں، جن کا مقصد دانستہ طور پر پاکستان اور اس کی آئینی سیاسی جماعتوں کو بدنام کرنا ہے۔حافظ طلحہ سعید نے واضح کیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک آئینی و قانونی سیاسی جماعت ہے جو اپنے سیاسی، سماجی اور تعلیمی پروگرامز کے دائرہ کار کو بخوبی پہچانتی ہے اور اسی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔ بہاولپور میں منعقد ہونے والی تقریب بخاری کے سالانہ بچوں کے فنکشن سے متعلق تھی، جسے خوامخواہ بدنیتی کے تحت سو فیصد غلط رنگ دے کر اپنے پروپیگنڈے کا حصہ بنایا گیا۔
    انہوں نے مزید کہا کہ انڈین میڈیا کا یہ طرزِ عمل نہ صرف سو فیصد جھوٹ پر مبنی ہے بلکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی اور قابلِ مذمت مداخلت کے مترادف ہے، جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

    حافظ طلحہ سعید نے حکومتِ پاکستان اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پھیلائے جانے والے اس منفی، سو فیصد جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، اس پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے اور عالمی سطح پر اس کا بھرپور جواب دیا جائے۔ بصورتِ دیگر، حافظ طلحہ سعید واضح کرتے ہیں کہ وہ بنیادی انسانی حقوق کے تحت اس معاملے میں عدالتی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور اس جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

  • سندھ طاس معاہدے کے خلاف بھارتی اقدامات پر امریکی جریدے کی پاکستان کی حمایت

    سندھ طاس معاہدے کے خلاف بھارتی اقدامات پر امریکی جریدے کی پاکستان کی حمایت

    بھارت کا دُلہستی اسٹیج II منصوبہ دریائے چناب پر بھارت کے بالائی کنٹرول اور معاہدے سے انحراف کی نشاندہی کرتا ہے اور سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    دی نیشنل انٹرسٹ نے پاکستان کے قانونی مؤقف کی تائید کر دی،امریکی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، دریائے چناب پر دُلہستی اسٹیج II سندھ طاس معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے، بھارت بالائی منصوبوں اور آبی ڈیٹا روک کر پانی کو ہتھیار بنا رہا ہے، دریائے چناب کا پانی پاکستان کو فراہم کرنا بھارت کی قانونی ذمہ داری ہے،پانی کا بحران جنوبی ایشیا میں بڑا انسانی خطرہ بن سکتا ہے، بھارت کی جانب سے آبی ڈیٹا کی فراہمی روکنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی ثالثی عدالت نے واضح کیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیا میں فوڈ سیکیورٹی کی بنیادی ضمانت ہے، بھارت پر مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے مہیا کرنا قانونی طور پر لازم ہے،پانی کو ہتھیار بنانے کی بھارتی کوشش عالمی عدالتوں اور بین الاقوامی قانون کی نظر میں ناقابل قبول ہے۔

  • تیراہ میں ایف سی کی بروقت کارروائی،برقعہ پہن کر فرار ہونے والے خوارج گرفتار

    تیراہ میں ایف سی کی بروقت کارروائی،برقعہ پہن کر فرار ہونے والے خوارج گرفتار

    خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے برقعہ پہن کر فرار ہونے والے خوارج کو گرفتار کرلیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں جاری آپریشن سے گھبرا کر خوارج نے خواتین کا بھیس بدلنے کے لیے برقعہ استعمال کیا اور آئی ڈی پیز کیمپ کی جانب بزدلوں کی طرح فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فرنٹیئر کور (ایف سی) کی مستعدی نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ پٹرولنگ ایک مشکوک گاڑی کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد ڈرون الرٹ جاری کیا گیا۔ پٹرولنگ پر مامور ایف سی کی کوئیک رسپانس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران ایک خوارجی ہلاک جبکہ چار دیگر خوارج کو برقعہ میں ملبوس حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار خوارج کا تعلق افغان طالبان سے بتایا جا رہا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ کارروائی کے دوران اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ نیٹ ورک اور سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پوری کارروائی ایف سی کے ایک جوان کے کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی، جس میں خوارج کی فرار کی کوشش اور فورسز کی بروقت کارروائی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی تخریب کاری کو ناکام بنایا جائے گا۔علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے مؤثر اقدامات سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہوگا۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر سونے کی اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر سونے کی اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام

    پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ, کراچی پر انٹرنیشنل ڈیپارچرز ٹرمینل پر مسافروں کی کلیئرنس کے دوران سونے اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کی دو علیحدہ کوششیں ناکام بنا دیں۔

    دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر دس (10) ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ جن کا وزن 100 تولہ ہے اور 11,900 امریکی ڈالر ضبط کیے گئے۔ دونوں مقدمات کی مجموعی مالیت تقریباً پانچ کروڑ چھے لاکھ روپے ہے۔ دونوں کیسوں میں کسٹمز ایکٹ، 1969 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔کسٹمز حکام نے دبئی جانے والے ایک مسافر کو فلائٹ نمبر FZ-330 کے ذریعے روانگی کے دوران اس وقت روکا جب بیگیج اسکیننگ میں قیمتی دھات کی ممکنہ موجودگی کا شبہ ظاہر ہوا۔ مشترکہ جانچ کے دوران مسافر کے سامان سے تین (03) ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ برآمد ہوئے، جن میں سے ہر ایک کا وزن 10 تولہ (کل 30 تولہ) تھا۔ سونے کی اینٹیں بڑی مہارت سے موبائل فونز کے اندر چھپا کر رکھی گئی تھیں۔ مزید برآں، مسافر کے بٹوے سے 4,900 امریکی ڈالر کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی، جو کرنسی ڈیکلریشن کاؤنٹر پر ظاہر نہیں کی گئی تھی۔ اس مقدمے کی مالیت تقریباً ایک کروڑ چھپن لاکھ بیاسی ہزار روپے ہے۔

    اس سے قبل، کسٹمز عملے نے استنبول جانے والے ایک اور مسافر کو فلائٹ نمبر TK-709 کے ذریعے روانگی کے دوران روکا، جس کے سامان کی اسکیننگ میں سونے کی اینٹیں چھپائے جانے کا شبہ ظاہر ہوا۔ جوائنٹ ایگزامینیشن کاؤنٹر پر تفصیلی جانچ کے دوران مسافر کے سامان سے سات (07) ایس ٹی بی سونے کی اینٹیں/بسکٹ برآمد ہوئے، جن میں سے ہر ایک کا وزن 10 تولہ (کل 70 تولہ) تھا۔ بعد ازاں مسافر کی جسمانی تلاشی کے دوران 7,000 امریکی ڈالر کی انڈکلیرڈ غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔ اس مقدمے کی مالیت تقریباً تین کروڑ پچاس لاکھ روپے ہے۔دونوں مقدمات میں برآمد شدہ سونا اور غیر ملکی کرنسی ضبط کر لی گئی ہے اور کسٹمز ایکٹ، 1969 کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔یہ کارروائیاں اسمگلنگ کے خلاف ایف بی آر کے پختہ عزم اور قومی خزانے کے تحفظ کے لیے کسٹمز قوانین کے سخت نفاذ کی عکاس ہیں۔

  • جنید صفدر کی شادی، جاتی امرا میں مہندی کی رنگا رنگ تقریب،تصاویر وائرل

    جنید صفدر کی شادی، جاتی امرا میں مہندی کی رنگا رنگ تقریب،تصاویر وائرل

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات باقاعدہ طور پر شروع ہوگئیں۔

    اس سلسلے کی پہلی تقریب مہندی کی صورت میں جاتی امرا میں منعقد کی گئی جس میں قریبی عزیز و اقارب، سیاسی و سماجی شخصیات اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مہندی کی تقریب میں روایتی انداز اور خاندانی وقار نمایاں رہا۔ تقریب میں مہمانوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ، جاتی امرا میں ہونے والی اس تقریب کو خاندانی سطح پر سادہ مگر پُروقار رکھا گیا۔جنید صفدر نے شادی کی تقریبات کے آغاز پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اور ہونے والی اہلیہ شانزے علی روحیل کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ شیئر کی گئی تصاویر میں جنید صفدر نے کالے رنگ کی شلوار قمیض کے ساتھ بھورے رنگ کی شال اوڑھ رکھی ہے، جبکہ شانزے علی روحیل نے شوخ اور خوبصورت رنگوں پر مشتمل دیدہ زیب لہنگا زیب تن کر رکھا ہے۔ دونوں کی جوڑی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ مہندی کی تقریب کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جن میں جوڑے کو مختلف انداز اور پوز میں دیکھا جاسکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے نیک تمناؤں اور مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہورہی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ اس شادی کو سیاسی اور سماجی حلقوں میں خصوصی توجہ حاصل ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو ہوگی، جبکہ 18 جنوری کو دعوتِ ولیمہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ شادی کی دیگر تقریبات بھی محدود اور خاندانی دائرے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔