Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • بھارتی طیاروں کیلیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع

    بھارتی طیاروں کیلیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

    اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال طیاروں اور بھارت کی ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔ اس فیصلے کا اطلاق مسافر، کارگو اور فوجی پروازوں سمیت تمام اقسام کی بھارتی پروازوں پر ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ابتدائی طور پر 23 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بندش میں مرحلہ وار توسیع کی جاتی رہی ہے۔ موجودہ توسیع اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو یورپ، مشرق وسطیٰ اور شمالی امریکہ جانے والی پروازوں کے لیے طویل متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نوٹم کی مدت پوری ہونے پر صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کا فیصلہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ اس دوران پاکستان کی فضائی حدود دیگر تمام بین الاقوامی اور ملکی پروازوں کے لیے بدستور کھلی رہے گی۔

  • ڈگری تنازع کیس،جسٹس طارق جہانگیری وفاقی آئینی عدالت پہنچ گئے

    ڈگری تنازع کیس،جسٹس طارق جہانگیری وفاقی آئینی عدالت پہنچ گئے

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اپنے خلاف ڈگری تنازع کیس میں ہائیکورٹ کی کارروائی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا۔

    جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 9 دسمبر کے دو رکنی بینچ کے حکمنامے کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست قابل سماعت نہیں،انہوں نے وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر رٹ کو خارج کیا جائے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ڈگری کیس ناقابلِ سماعت قرار دینے کی وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں لکھا ہے کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر میرے خلاف تعصب رکھتے ہیں،جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم سومرو کی ٹرانسفر کے خلاف ہم ججز نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جسٹس سومرو نے بنچ میں بیٹھنے سے انکار کر دیا لیکن چیف جسٹس ڈوگر نے نہیں کیا حالانکہ اُنہیں بھی بنچ چھوڑ دینا چاہیے تھا،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ڈویژن بنچ نے نہ صرف میرے خلاف کیس اپنے سامنے مقرر کیا بلکہ مجھے کام سے بھی روک دیا، ایک ایسا آرڈر کیا جسے سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیا اور اہم بات یہ ہے کہ اٹارنی جنرل بھی اُس آرڈر کا دفاع نہیں کر سکے،سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو پہلے اعتراضات پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا لیکن اعتراضات دور کرنے سے پہلے نوٹس کر کے میرا موقف نہیں سنا گیا جو کہ سپریم کورٹ کے آرڈر کی واضح خلاف ورزی تھی،یہ تمام چیزیں ظاہر کرتی ہیں کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی ٹرانسفر کے خلاف میرے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی وجہ سے میرے خلاف متعصب ہیں جس کے باعث وہ اِس بنچ میں بیٹھنے کے اہل نہیں ہیں

    دوسری جانب جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارروائی کو چیلنج کرنے کے لیے 3 سینئر وکلا پر مشتمل قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے،اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس طارق جہانگیری کیس کی پیروی کریں گے جبکہ عزیر بھنڈاری وفاقی آئینی عدالت میں جسٹس جہانگیری کی طرف کیس کی پیروی کریں گے،جسٹس طارق جہانگیزی کی جانب سے اسلام آبادہائیکورٹ میں بھی ڈگری تنازع کیس کے خلاف درخواستیں دائر ہوں گی۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے موقع پر جسٹس طارق جہانگیری نے بینچ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

  • عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب

    عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب کی سبزی منڈیوں میں ایک بڑی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس متعارف کرا دی گئی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماڈرن سبزی منڈیوں میں شفاف نیلامی، ویسٹ ٹو ویلیو نظام، آف سیزن سبزیوں کے لیے جدید کاشتکاری، ہیلپ ڈیسک، سیف سٹی سے آن لائن ٹریکنگ، مناسب لائٹس، صفائی کے انتظامات اور فنکشنل ٹوئلٹس یقینی بنائے جائیں گے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب صوبے میں کوئی مافیا پنپ نہیں سکتا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر زراعت عاشق کرمانی، معاون خصوصی سلمیٰ بٹ، ڈی جی فوڈ امجد حفیظ اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایسے شاندار کام ہو رہے ہیں کہ دوسرے صوبے تقلید کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آف سیزن سبزیوں کے حصول کے لیے جدید طریقۂ کاشت اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا اور ایسے افسران کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں خریداروں اور آڑھتیوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کر دیے گئے ہیں،اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ مری کے عوام کو سستے پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے سپلائی چین سسٹم قائم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مری میں ہول سیل نرخ پر پھل اور سبزیاں دستیاب ہوں گی۔

  • افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گردی،برطانوی حکومت کا ٹریول الرٹ جاری

    افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گردی،برطانوی حکومت کا ٹریول الرٹ جاری

    افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گردی اور خطے کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر برطانوی حکومت نے افغانستان کے لیے ٹریول الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گرد تنظیموں اور خطہ کی بگڑتی سیکیورٹی صورتحال نے عالمی برادری کو خبردارکردیا۔ افغان طالبان رجیم کو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔برطانوی دفترِ خارجہ نے افغانستان کی بدترین سیکیورٹی صورتحال کے باعث برطانوی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے سفر نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ افغان جریدے خاما پریس کے مطابق برطانوی حکومت نے پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافے اور ملک گیر خطرات کے پیشِ نظر یہ اقدام اُٹھایا ہے۔برطانوی دفترِ خارجہ کی جاری کردہ سفری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ متعدد سرحدی گزرگاہیں بند ہونے کے باعث سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے، جبکہ برطانوی شہریوں کو افغانستان میں گرفتاری اور طویل قید کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ برطانوی حکام نے افغانستان جانے کے خواہشمند شہریوں کو ممکنہ خطرات کا لازمی جائزہ لینے کا انتباہ دیا ہے۔

    برطانوی وزارتِ خارجہ نے افغانستان میں موجود برطانوی شہریوں کو فوری انخلاء کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ مغربی حکام کے مطابق افغان طالبان رجیم کے اقتدار میں آنے کے بعد مخدوش سیکیورٹی صورتحال، محدود نقل و حرکت اور سفارتی رسائی نہ ہونے کے باعث سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج خطے میں عدم استحکام اور سیکیورٹی خدشات کے باعث عالمی سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔

  • بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسند تنظیموں کا زور ،اقلیتیں ہندوتوا کی درندگی سے بیزار

    بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسند تنظیموں کا زور ،اقلیتیں ہندوتوا کی درندگی سے بیزار

    بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسند تنظیمیں زور پکڑنے لگی ہیں، جہاں اقلیتیں وزیراعظم نریندر مودی کی ایماء پر ہندوتوا کی ریاستی درندگی سے بیزار دکھائی دیتی ہیں۔

    مودی کے جابرانہ نظام اور ہندوتوا کے شرپسند عناصر کے جاری ظلم و بربریت کے خلاف کوکی زو کمیونٹی کے مطالبات سامنے آ گئے ہیں،بھارتی جریدے اکھرول ٹائمز کے مطابق مظلوم کوکی قبائل نے بھارتی جبر و ستم کے خلاف منی پور میں الگ انتظامی ڈھانچے کو مسائل کا واحد حل قرار دے دیا ہے۔ آمرانہ طرزِ عمل سے چلنے والی بھارتی ریاست منی پور میں کوکی زو کمیونٹی نے باقاعدہ طور پر علیحدہ انتظامی ڈھانچے کا مطالبہ کر دیا ہے،کوکی زو کمیونٹی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جبری نقل مکانی کے ساتھ ساتھ شدید جانی و مالی نقصانات برداشت کیے ہیں، جبکہ حریت پسند تحریکیں کوکی نیشنل آرگنائزیشن اور یونائیٹڈ پیپلز فرنٹ نے بھی علیحدگی کے مطالبے کی حمایت کر دی ہے۔ کمیونٹی کے مطابق طویل ظلم و استبداد کے بعد بی جے پی کی حمایت یافتہ ہندو میتی کمیونٹی کے ساتھ انضمام ممکن نہیں رہا۔

    بی بی سی کے مطابق منی پور میں مئی 2023 سے اب تک نسلی فسادات کے نتیجے میں ہزاروں افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ سفاکیت اور بربریت کے بعد بھارت کی اقلیتی ریاستیں علیحدگی کا فیصلہ کر کے برسرِ پیکار ہیں، جبکہ ہندوتوا راج کے خلاف حریت پسند تحریکیں اس حد تک مضبوط ہو چکی ہیں کہ انہیں دبانا ناممکن ہو گیا ہے۔

  • سڈنی حملہ،آخری رسومات ادا،ملزم پر فردجرم عائد

    سڈنی حملہ،آخری رسومات ادا،ملزم پر فردجرم عائد

    آسٹریلیا میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والے 15 افراد میں سے چند کی آخری رسومات بدھ کے روز ادا کر دی گئی۔ اسی روز پولیس نے مبینہ حملہ آوروں میں سے ایک کے خلاف قتل اور دہشت گردی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے۔

    سڈنی کے علاقے بانڈی میں واقع چاباد آف بانڈی کے باہر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے مقتول ربی ایلی شلینجر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ربی شلینجر اتوار کے روز ہونے والے اس خونریز حملے میں مارے گئے، جو یہودی خاندانوں کو ہنوکہ کی پہلی رات مناتے ہوئے نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
    ربی شلینجر کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب آبدیدہ تھے جب ان کا تابوت، جس پر سنہری اسٹار آف ڈیوڈ بنا ہوا سیاہ مخملی غلاف چڑھا تھا، عبادت گاہ میں لایا گیا۔41 سالہ ربی ایلی شلینجر بانڈی بیچ پر منعقد ہونے والے “ہنوکہ بائے دی سی” پروگرام کے منتظم تھے اور چاباد آف بانڈی میں اسسٹنٹ ربی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ پانچ بچوں کے والد تھے، جن میں ان کا سب سے چھوٹا بیٹا صرف دو ماہ کا ہے۔

    انہیں مقامی طور پر “بانڈی ربی” کے نام سے جانا جاتا تھا اور وہ یہودی برادری میں ایک نہایت محبوب اور مخلص مذہبی رہنما سمجھے جاتے تھے۔ عالمی یہودی تنظیم چاباد کے مطابق، ربی شلینجر نے بانڈی کی یہودی برادری میں مذہبی زندگی کو فروغ دینے کے لیے انتھک محنت کی۔تدفینی تقریب کے دوران ان کے سسر، ربی یہورام اُلمان، اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے روتے ہوئے کہا “وہ بہترین شوہر، بہترین باپ اور بہترین بیٹا تھا۔ آج میں جو کچھ بھی کہوں گا، وہ اس کی عظمت کو بیان کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ تم میرے بیٹے، میرے دوست اور میرے رازدار تھے۔ تمہارے بغیر ایک دن کا تصور بھی ممکن نہیں۔”

    آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے تدفین سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “ربی شلینجر کو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری کمیونٹی میں بے حد محبت حاصل تھی۔ اس دکھ کی گھڑی میں تمام آسٹریلوی عوام کے دل اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”

    بدھ کے روز دیگر متاثرین ریوین موریسن (62)، پیٹر میگھر اور ربی یعقوب لیویٹن (39) کی تدفین بھی مقرر تھی۔

    دوسری جانب ربی شلینجر کی تدفین کے چند گھنٹوں بعد پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ نوید اکرم پر مجموعی طور پر 59 الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں 15 افراد کے قتل،40 افراد کو قتل کرنے کی کوشش،دہشت گردی کی کارروائی انجام دینے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔نوید اکرم کے والد ساجد اکرم (50) کو پولیس نے موقع پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جبکہ نوید اکرم زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ نیو ساؤتھ ویلز کے پولیس کمشنر مال لینن کے مطابق، نوید اکرم کو منگل کے روز کوما سے ہوش آیا اور جیسے ہی وہ بیان دینے کے قابل ہوگا، اس کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

    حکام کے مطابق، حملہ آور داعش (اسلامک اسٹیٹ) کے نظریے سے متاثر تھے، اور انسدادِ دہشت گردی کے حکام کا ماننا ہے کہ دونوں نے گزشتہ ماہ جنوبی فلپائن میں عسکری طرز کی تربیت حاصل کی، جو شدت پسند سرگرمیوں کے لیے بدنام علاقہ ہے۔ساجد اکرم ایک لائسنس یافتہ اسلحہ بردار تھا، جس کے بعد آسٹریلیا کے سخت اسلحہ قوانین پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

    یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب آسٹریلیا میں یہودی مخالف حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جن میں عبادت گاہوں اور یہودی املاک کو نذرِ آتش کرنا اور توڑ پھوڑ شامل ہے۔ یہودی رہنما برسوں سے حکومت سے اس مسئلے پر سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہے تھے۔وزیرِاعظم البانیز نے کہا کہ وہ معاشرے سے یہود دشمنی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون سازی پر نظرِ ثانی کے لیے تیار ہیں اور نفرت انگیز تقاریر کے قوانین کو مزید سخت کیا جا سکتا ہے۔

    نیو ساؤتھ ویلز ہیلتھ کے مطابق، حملے میں زخمی ہونے والے 21 افراد تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔زخمیوں میں 22 سالہ نو آموز پولیس اہلکار جیک ہیبرٹ بھی شامل ہیں، جن کے سر اور کندھے میں گولیاں لگیں اور ایک آنکھ کی بینائی ضائع ہو گئی۔ ان کے خاندان کے مطابق، جیک نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دوسروں کی حفاظت اور مدد جاری رکھی۔اس کے علاوہ، متعدد عام شہریوں کی بہادری کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ ڈیش کیم ویڈیو میں نظر آنے والا ساٹھ سالہ جوڑا بورس اور صوفیہ گورمین، جو ایک مشتبہ حملہ آور سے الجھ پڑے اور اس سے بندوق چھیننے کی کوشش کی، اس دوران جان کی بازی ہار گئے۔ وزیرِاعظم البانیز نے انہیں “آسٹریلوی ہیرو” قرار دیا۔

  • جاوید میاں دادکے دل میں تکلیف،ہسپتال پہنچ گئے

    جاوید میاں دادکے دل میں تکلیف،ہسپتال پہنچ گئے

    پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کو دل میں تکلیف کے باعث کراچی کے معروف قومی ادارہ امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کیے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید میانداد کو دل میں درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا۔ این آئی سی وی ڈی پہنچنے کے بعد ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کے مختلف ٹیسٹ کیے، جن میں اینجیوگرافی بھی شامل تھی۔ طبی رپورٹس کے تفصیلی جائزے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا اور اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد کی حالت تسلی بخش ہے اور دل کے حوالے سے کسی تشویشناک مسئلے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ تمام ٹیسٹ رپورٹس نارمل آنے کے بعد انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

    دوسری جانب جاوید میانداد نے این آئی سی وی ڈی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسپتال سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پہلے سے کہیں بہتر محسوس کر رہے ہیں،جاوید میانداد نے کہا،”اللہ کا شکر ہے میں اب بہت بہتر ہوں، قوم کی دعائیں میرے ساتھ رہیں تو صحت میں مزید بہتری آئے گی۔”

  • پاکستان کی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی کارنامہ

    پاکستان کی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی کارنامہ

    پاکستان کی مایہ ناز خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرنے کی جانب اہم قدم بڑھا لیا ہے۔

    گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ کامیابی کے ساتھ قطبِ جنوبی پہنچ گئی ہیں، جو ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ثمینہ بیگ نے یونین گلیشیئر سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور نہایت مشکل اور چیلنجنگ اسکیئنگ روٹ اختیار کرتے ہوئے ساؤتھ پول تک رسائی حاصل کی۔ اس حوالے سے ان کے بھائی اور معروف کوہ پیما مرزا علی نے بتایا کہ یہ مرحلہ جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی سخت تھا، تاہم ثمینہ بیگ نے غیر معمولی عزم اور حوصلے کے ساتھ اسے کامیابی سے مکمل کیا۔

    مرزا علی کے مطابق قطبِ جنوبی پہنچنے پر ثمینہ بیگ نے پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ گلگت بلتستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن ہوا۔ثمینہ بیگ کا حتمی ہدف ایکسپلورر گرینڈ سلیم کو مکمل کرنا ہے، جس کے لیے دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے (سیون سمٹس) کے ساتھ ساتھ قطبِ جنوبی اور قطبِ شمالی تک پہنچنا لازم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ثمینہ بیگ پہلے ہی سیون سمٹس کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں اور اب اس تاریخی مشن کی تکمیل کے لیے انہیں صرف قطبِ شمالی پہنچنا باقی ہے۔ثمینہ بیگ کی یہ کامیابی پاکستانی خواتین کے لیے حوصلے، عزم اور عالمی سطح پر صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک متاثر کن مثال بن رہی ہے۔

  • وزیر صحت خواجہ عمران نذیرکا گوجرخان کا دورہ،صحافیوں کے تلخ سوالات پر نالاں

    وزیر صحت خواجہ عمران نذیرکا گوجرخان کا دورہ،صحافیوں کے تلخ سوالات پر نالاں

    گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و آبادی اسماء ناز عباسی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان کا دورہ، ایم ایس ٹی ایچ کیو کے ہمراہ پیرامیڈیکل سٹاف نے انکو ایمرجنسی، فارمیسی، اور دیگر وارڈز کا معائنہ کروایا اور بریفنگ دی،

    اس موقع پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سی ایم پنجاب کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت میں اصلاحات لانے کے لیے کوشاں ہیں، جبکہ کلینک آن وہیل کی گاڑیاں گھر گھر جا کر علاج معالجے کی سہولیات باہم پہنچا رہی ہیں۔ جبکہ سی ایم کے احکامات پر مزید ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں اور انکی ہدایات پر شعبہ صحت کے حوالے سے شہریوں کے درپیش مسائل اور دیگر حوالوں سے شکایات کے ازالے کے لیے انکوائریز کا پراسس جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تین ماہ کے اندر فیصلہ کرکے سزا و جزا کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر صحت کے دورے کے موقع پر بینظیر ہسپتال کے ڈاکٹر رفاقت حسین نے اپنے اکلوتے بیٹے کے قتل کیس کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان کے ڈاکٹرز کی جانب سے ایم ایل سی میں ہوشرباء بےضبطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے میڈیکلولیگز سرجن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی رپورٹ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈاکٹرز کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی مقدمے کا اندراج ہو چکا ہے جس پر وزیر صحت نے کہا کہ اگلے 72 گھنٹوں میں اس معاملے کی شفاف انکوائریز تمام ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں مقامی صحافیوں نے ہسپتال کے دیگر عملے کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت ستانی کے متعلق انہیں آگاہ کیا جس پر انھوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایات کیں کہ جو بھی ثبوت اپکو فراہم کیے جائیں تو انکے مطابق اگر واقعی الزامات سچ ثابت ہوتے ہیں تو فوری طور پر سخت کاروائی کی جائے۔

    مزید صحافیوں کی جانب سے ان پر سوالات کی سخت بوچھاڑ کی گئی جس پر وہ غصے میں آ گے اور ڈیوٹی پر معمور سکیورٹی سٹاف نے دھکے دئیے اور وزیر صحت چبھتے تلخ سوالات سے نالاں ہو کر رخصت ہو گے۔

  • خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،متعدد دہشتگردانجام کو پہنچے

    خیبر پختونخوا،بلوچستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں،متعدد دہشتگردانجام کو پہنچے

    خیبر پختونخوا،بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں،

    پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے ضلع ڈیرہ بگٹی کے سوئی ایریا میں ٹاؤن چیئرمین کے دفتر پر دستی بم حملہ کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم دفتر کی جانب پھینکا گیا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تاکہ ملوث عناصر کی نشاندہی اور حملے کے محرکات معلوم کیے جا سکیں۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    ایک الگ واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے قلات مڈوے روڈ پر معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، مقامی ذرائع کے مطابق یہ گاڑیاں ریکوڈک منصوبے سے منسلک تھیں۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر حملے کے بعد گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ اس کے بعد علاقے میں حملہ آوروں اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محفوظ بنا کر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ تاحال کسی کالعدم تنظیم، بشمول بی ایل اے یا بی ایل ایف، نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    مسلح افراد کی جانب سے حملے کے دوران پنجگور شہر میں محکمہ انسداد دہشت گردی کا ایک افسر شہید جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ حملہ چتکان بازار میں ہوا جو ضلع کا مرکزی تجارتی علاقہ ہے، جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے پولیس اسٹیشن، سرکاری دفاتر اور بینکوں پر فائرنگ کی۔ پولیس نے مزاحمت کی اور علاقے کو محفوظ بنایا، شہید اور زخمی اہلکاروں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    حکام کے مطابق بلوچستان میں ریلوے سروس ایک دن کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس، کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل اور کوئٹہ–چمن مسافر ٹرین نہیں چلیں گی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ ریلوے حکام نے تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں بلوچستان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی ریلوے سروسز بار بار متاثر ہوئی ہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    جنوبی وزیرستان کے اعظم ورسک علاقے میں شدت پسندوں نے مبینہ طور پر مقامی لوگوں کے جانور چرا لیے اور بعد میں ایک ویڈیو جاری کر کے جھوٹا دعویٰ کیا کہ یہ جانور سکیورٹی فورسز کے تھے۔ ایک مقامی صحافی کے مطابق یہ جانور علاقے کے رہائشیوں کی ذاتی ملکیت تھے۔ حقائق چھپانے کی کوشش میں شدت پسندوں نے انہیں فوج سے منسوب کیا۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) نے ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دو فرار ہو گئے۔ حکام کو زنگلی کینال کے قریب شمشو کی جانب، تھانہ بدھ بیر کی حدود میں شدت پسندوں کی موجودگی اور بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع پر CTD کی ٹیموں نے آپریشن کیا۔ موقع پر پہنچتے ہی شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند مارے گئے جبکہ دو فرار ہو گئے۔ بعد ازاں سرچ آپریشن میں تین کلاشنکوف اور نو میگزین برآمد ہوئے۔

    پولیس کے مطابق حیات خیل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور اس کا بھائی شہید ہو گئے۔ کانسٹیبل عامر نواز اپنے بھائی خان گل کے ساتھ موٹر سائیکل پر گاؤں جا رہا تھا کہ حملے کا نشانہ بنے۔ دونوں موقع پر ہی جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق ٹپی سکیورٹی پوسٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ شدت پسندوں نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم الرٹ اہلکاروں نے اینٹی ڈرون سسٹم فعال کر کے ڈیوائس کو محفوظ فاصلے پر ناکارہ بنا دیا۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ واقعہ بنوں کے جنیکھیل میں حالیہ ڈرون حملے کے بعد پیش آیا تھا جس میں بچوں سمیت پانچ شہری زخمی ہوئے تھے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسند اب ڈرونز کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ پولیس نے جدید آلات، نئے تھانے اور ایڈوانسڈ ڈرون ٹیکنالوجی یونٹ قائم کر کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

    حکام کے مطابق لوئی ماموند میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مارا جانے والا دہشت گرد افغان شہری تھا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا نام سعید ملا تاج الدین عرف احمدی تھا، جو افغانستان کے صوبہ لوگر کا رہائشی اور کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ تھا۔

    سکیورٹی فورسز نے تحصیل پروآ کے علاقے کوئی بہارہ میں آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت کمانڈر منصور ستوریانی کے طور پر کی ہے، جو کالعدم ٹی ٹی پی کے گھنداپور گروپ سے وابستہ تھا۔ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں مطلوب دہشت گرد مارا گیا، جو کئی سنگین حملوں میں ملوث اور اس کے سر کی قیمت مقرر تھی۔

    حکام کے مطابق اعظم ورسک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ دہشت گرد احسان عرف خالد مہاجر مارا گیا۔ وہ متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں مطلوب تھا۔

    حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں منڈل پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا۔ شدت پسندوں نے پوسٹ پر حملہ کیا تاہم مؤثر جوابی کارروائی کے بعد فرار ہو گئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔