Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • 27 ویں آئینی ترمیم سینیٹ میں پیش کرنے جا رہے ہیں،وزیر قانون

    27 ویں آئینی ترمیم سینیٹ میں پیش کرنے جا رہے ہیں،وزیر قانون

    وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم سینیٹ میں پیش کرنے جا رہے ہیں، ترامیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہونگی تو آئین کا حصہ بنیں گی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کابینہ میں 27 ویں آئینی ترمیم پر بریف کیا گیا، اجلاس میں آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے ہوا ہے، 27 ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، بل کی منظوری کے لیے حکومت، حلیف جماعتوں کے ساتھ شریک ہوگی
    ،کابینہ کی منظوری کے بعد 27 ویں ترمیم کو جوائنٹ کمیٹی میں پیش کرنے کا کہا گیا ہے، چاہتے ہیں کہ کمیٹی میں بل کی شقوں پر سیر حاصل گفتگو ہو سکے، اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور رائے سے لے کر قانون سازی ہو رہی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے ہوا ہے، ججز تبادلوں کا معاملہ جوڈیشل کمیشن کے سپرد کیا جائے گا جبکہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے لیے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، ججز ٹرانسفر پر بحث ہوتی رہی، یہ اعتراض اٹھایا جاتا رہا کہ وزیراعظم یا صدر کا کردار ہے، ججز ٹرانسفر کا معاملہ جوڈیشل کمیشن کے سپرد کیا جا رہا ہے۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا آرٹیکل 243 کے اندر دفاعی معاملہ بہت اہم رہا ہے، آئین میں فیلڈ مارشل عہدہ اس انداز سے نہیں تھا، یہ اعزاز رینک کے ساتھ سیریمونیل بھی ہے، جہاں تک کمانڈ کا تعلق اس پر بھی ترامیم پارلیمان میں رکھی جائیں گی، آئینی ترامیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوں گی تو آئین کا حصہ بنیں گی۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کا وفاقی پولیس پر عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا وفاقی پولیس پر عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی پولیس پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ پی آئی اے کے سابق سی ای او کے 2 شہریوں کے ساتھ لین دین کے تنازع پر درج مقدمات کی تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم دیدیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے مقدمات خارج کرنے کی درخواست کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی تمام درج مقدمات کی آزادانہ تحقیقات کرے۔عدالت نے کہا کہ خاتون، بچوں کے اغواء میں پولیس اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی گئی، متعلقہ افسر سے 20 نومبر تک مقدمات کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی۔عدالت کا کہنا تھا کہ لاہور سے خاتون اور 3 کمسن بچوں کے اغواء کے مقدمے کو مثالی کیس بنایا جائے، ایک خاتون اور اس کی 3 کم سن بیٹیوں کو لاہور سے اغواء کیا گیا، لاہور پولیس کو کوئی اطلاع دی گئی نہ ہی یہ معاملہ انہیں رپورٹ کیا گیا۔تحریری حکم نامے میں سیکریٹری داخلہ حکومت پنجاب، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی کو مناسب ہدایات دیں، پنجاب حکومت اپنے طور پر اس معاملے کی ایک انکوائری کا آغاز کرے۔

  • مسلم لیگ (ق) کا 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت  کا اعلان

    مسلم لیگ (ق) کا 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم ملک میں آئینی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور قومی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہمیشہ قومی مفاہمت اور اداروں کی مضبوطی کو ترجیح دی ہے، اسی جذبے کے تحت مسلم لیگ حکومت کے ساتھ آئینی اصلاحات کے عمل میں بھرپور تعاون کرے گی۔

    پاکستان مسلم لیگ کی سینڑل ورکنگ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس سنئیر نائب صدر چوہدری سالک حسین کی صدرات میں منعقد ہوا ،اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق حسن، چیف آرگنائزرڈاکٹر محمد امجد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، سنئیر راہنماوں انیلہ ایاز چوھدری ،ڈاکٹر رحیم اعوان، رضوان صادق خان، مہرین ملک، عاطف مغل، چوہدری جہانگیر،عظام چوہدری،مونا بخاری اور دیگر راینماوں نے شرکت کی۔اجلاس میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔پارٹی کے سنئیر نائب صدر چوہدری سالک حسین نے 27ویں آئینی ترمیم اور وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے پارٹی کو اعتماد میں لیا، چوہدری سالک حسین نے اجلاس کو بتایا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت ترمیم کے حوالے سے مکمل رابطے میں تھی، گزشتہ روز وزیراعظم میاں شہباز شریف سے مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کی اور 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

    اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ پارٹی راہنماوں نے ترمیم کے حوالے حکومتی حمایت کی توثیق کی، مسلم لیگ نے آئینی ترمیم میں بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے اور ایجوکیشن کو فیڈرل سبجیکٹ قرار دینے کا مطالبہ کیا، مسلم لیگ نے اٹھارویں ترمیم میں بھی تعلیمی نظام کو صوبوں کے حوالے کرنے کی مخالفت کی تھی اور اس سلسلے میں پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر سنیٹر ایس ایم ظفر مرحوم نے اختلافی نوٹ بھی لکھا تھا،مسلم لیگی قیادت سمجھتی ہے کہ ستاسویں آئینی ترمیم سے آئینی اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گی، مسلم لیگ پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر قومی مفاہمت اور اداروں کی مضبوطی کے لیے حکومت کا مکمل ساتھ دے گی۔مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین پنجاب کے صدر ملک ثمین خان، خیبرپختونخواہ کے صدر انتخاب خان، سندھ کے صدر سرائے نیاز خاصخیلی، گلگت بلتستان کے صدر دلفراز خان،جنرل سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر رفیع اللہ کو بھی پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا گیا اور ان سے مشاورت کی گئی۔

  • خوبصورتی اور ذہنی سکون کا راز ،گووندا کی اہلیہ نے بتا دیا

    خوبصورتی اور ذہنی سکون کا راز ،گووندا کی اہلیہ نے بتا دیا

    ممبئی: دنیا بھر میں کامیاب افراد کی ایک مشترکہ عادت ہے ، صبح سویرے اٹھنا۔ اسی روایت کو بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیٹاآہوجا نے بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لیا ہے، جو نہ صرف ان کی صحت بلکہ ان کی چمکدار جلد کا راز بھی بن چکی ہے۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں سنیتا اہوجا نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سے تین سالوں سے روزانہ صبح 4 بجے جاگتی ہیں اور اپنی صبح کا آغاز ’امرِت ویلا‘ سے کرتی ہیں ،یہ عادت مجھے میری بیٹی ٹیِنا نے سکھائی۔ وہ ہمیشہ کہتی تھی کہ ‘ممی، آپ کو امرت ویلا شروع کرنا چاہیے۔’ میں نے دو سے تین سال پہلے یہ عادت اپنائی، اب مجھے الارم لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی، میں خود بخود جاگ جاتی ہوں۔ پھر میں نہا دھو کر ایک گھنٹہ ’جاپ‘ کرتی ہوں۔”انہوں نے مزید کہا کہ ان کی روزمرہ کی روٹین میں صبح کی سیر بھی شامل ہے۔میں ساڑھے پانچ بجے واک کے لیے جاتی ہوں، ایک گھنٹہ واک کے بعد واپس آتی ہوں، کافی پیتی ہوں،

    امرت ویلا کا تصور صدیوں پرانا ہے اور یہ سکھ اور ہندو فلسفہ میں نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ وقت عام طور پر رات کے پچھلے پہر سے لے کر طلوعِ آفتاب تک ہوتا ہے (تقریباً 3 بجے سے 6 بجے کے درمیان)۔ اس وقت کو عبادت، مراقبہ، غور و فکر اور خود سے جڑنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ماہرینِ نفسیات اور نیند کے ماہرین کے مطابق، صبح سویرے جاگنے کی عادت جسمانی و ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ سورج نکلنے سے پہلے جاگنے سے ہارمونل توازن بہتر رہتا ہے۔جلد کی قدرتی چمک میں اضافہ ہوتا ہے۔انسان کی دماغی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت بڑھتی ہے۔نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے اور موڈ مثبت رہتا ہے۔

    سنیتا کا کہنا ہے کہ وہ اس روحانی طرزِ زندگی کو محض مذہبی عمل نہیں بلکہ خود سے محبت اور خود کی دیکھ بھال کا ذریعہ سمجھتی ہیں۔جو بھی عبادت، پوجا پاٹھ یا دھیان آپ صبح چھ بجے سے پہلے کرتے ہیں، وہ آپ کے چہرے پر جھلکتا ہے،

    ماہرینِ صحت بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ صبح کے وقت کی پرسکون فضا، جسم اور دماغ کو ایک خاص قسم کی تازگی عطا کرتی ہے، جو دن بھر کے تناؤ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی ہے

    27 ویں ترمیم کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، مصدق ملک، رانا ثنا اللہ، ریاض حسین پیرزادہ، عون چوہدری، شزرہ منصب اور قیصر احمد شیخ شریک تھے۔ اس کے علاوہ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے،وزیراعظم شہباز شریف نےآذربائیجان کے شہر باکو سے بذریعہ ویڈیو لنک وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی،ذرائع کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے27 ویں آئینی ترمیم پر کابینہ کو بریفنگ دی، اجلاس میں پیپلز پارٹی کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا،بعد ازاں وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی.

    دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس بھی آج ہی ہوگا، ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹ اجلاس میں بطور ضمنی ایجنڈا 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کا بل سینیٹ کی قانون و انصاف کمیٹی کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس اتوار کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے، سینیٹ میں آئینی ترمیم پر بحث کی جائے گی، سینیٹ کی جانب سے آئینی ترمیم پیر کو منظور کیے جانے کا امکان ہے

  • سندھ ہائیکورٹ کا  لوڈشیڈنگ سے متعلق معاملہ نیپرا کو بھیجنے کی ہدایت

    سندھ ہائیکورٹ کا لوڈشیڈنگ سے متعلق معاملہ نیپرا کو بھیجنے کی ہدایت

    سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں لائن لاسز کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کے خلاف امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ لائن لاسز کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے، شہر میں طویل لوڈ شیڈنگ سے معاملات زندگی متاثر ہوتے ہیں،سندھ ہائیکورٹ نے امیر جماعت اسلامی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ سے متعلق معاملہ نیپرا کو بھیجنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے کہا کہ نیپرا شکایت پر ایک ماہ میں فیصلہ کرکے ایم آئی ٹی 2 میں رپورٹ جمع کروائے،سندھ ہائیکورٹ نے کہا مشاہدہ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست قابل سماعت نہیں، نیپرا ایکٹ کے سیکشن 39 کے تحت درخواست گزار کے پاس نیپرا سے رجوع کرنے کا آپشن موجود ہے۔

  • بلوچستان میں 30،خیبر پختونخوا میں 7 دہشتگرد جہنم واصل،اغوا کیے گئے ملازمین بازیاب

    بلوچستان میں 30،خیبر پختونخوا میں 7 دہشتگرد جہنم واصل،اغوا کیے گئے ملازمین بازیاب

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں، متعدد ہلاک، گرفتاریاں، اور اہم کامیابیاں

    بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ متعدد دہشت گرد مارے گئے، کچھ گرفتار ہوئے جبکہ حساس مقامات پر بم حملوں کی کوششیں ناکام بنادی گئیں۔ فورسز کے مطابق کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں جن کا مقصد امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

    سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ پانچ دیسی ساختہ بم (IEDs) برآمد ہوئے۔ذرائع کے مطابق یہ دھماکا خیز مواد پہاڑی سرنگوں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ملا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تمام بموں کو کامیابی سے ناکارہ بنادیا۔ گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔

    سیکیورٹی فورسز نے قلات کے زری علاقے میں ایک بڑے آپریشن کے دوران 30 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم گروہ "فتنہ الہندستان” سے تھا۔ کارروائی کے دوران پہاڑی علاقے میں گھمسان کا مقابلہ ہوا، جس کے بعد اسلحہ، گولہ بارود، اور جدید مواصلاتی آلات برآمد ہوئے۔فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کردیا ہے تاکہ باقی ماندہ عناصر کو بھی پکڑا جا سکے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق آواران کے جھاؤ علاقے میں مبینہ طور پر ڈرون حملے کیے گئے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تین زور دار دھماکے سنے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ ہلاکتوں یا نقصان کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

    پنجگور کے شاپاتان علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ظفر ولد استاد علی اور نعیم ولد حاجی اعظم کے نام سے ہوئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق خاران-جنگل روڈ پر بادو پل کے قریب مسلح افراد نے ایک عارضی ناکہ لگا کر گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی۔انتظامیہ نے واقعے کی تاحال تصدیق نہیں کی تاہم سیکیورٹی فورسز علاقے کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    مامند خیل میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں5دہشت گرد مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں میں افغان شہری عابد عرف فتح اور کالعدم گربز گروپ سے تعلق رکھنے والا عظمت اللہ عرف طوفان شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔

    اسی ضلع میں ایک اور کارروائی کے دوران 55 روز قبل اغوا ہونے والے واپڈا کے پانچ ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔بازیاب افراد میں عدنان، نقیب الرحمان، فرہاد، عبدالوہاب اور جاوید اللہ شامل ہیں۔ اہل خانہ نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

    بنوں ہی میں اغوا کیے گئے ایک شخص کی لاش آزاد منڈی کے قریب سے ملی۔ مقتول کی شناخت محب اللہ کے نام سے ہوئی جو مبینہ طور پر پولیس اور سی ٹی ڈی کا مخبر تھا۔ ذرائع کے مطابق قتل سے قبل اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی۔ علاوہ ازیں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے سب سے مطلوب دہشت گرد "عبیدہ” کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق تنظیم نے خود اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ شب شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چوکی پر حملہ کیا۔فائرنگ کے تبادلے میں ٹی ٹی پی کمانڈر عمران عرف چمتو کی قیادت میں آنے والے دہشت گردوں کو فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔ ایک دہشت گرد نور سعید عرف عبیدہ مارا گیا جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    ایک غیر معمولی اور جرات مندانہ اقدام میں ایک باپ نے اپنے زخمی بیٹے کو، جو دہشت گردی میں ملوث تھا، خود پولیس کے حوالے کردیا۔انتظامیہ نے اس اقدام کو ’’قومی ذمہ داری اور اخلاقی ہمت‘‘ کی اعلیٰ مثال قرار دیا ہے۔ مقامی عمائدین نے اس باپ کو ’’امن کا سفیر‘‘ قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

    طورخم بارڈر ساتویں روز بھی انسانی بنیادوں پر افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے کھلا رہا۔حکام کے مطابق 6 نومبر کو 3,863 افغان شہری جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے افغانستان واپس گئے۔گزشتہ چھ روز میں مجموعی طور پر 32,989 افغان شہری رضاکارانہ طور پر وطن واپس جاچکے ہیں۔تجارت اور معمول کی آمدورفت فی الحال معطل ہے، تاہم انسانی ہمدردی کے تحت واپسی کا عمل روزانہ صبح سے رات گئے تک جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکے۔

  • سر میں خشکی،تیل مفید ہے یا نہیں؟ماہرین کی رائے

    سر میں خشکی،تیل مفید ہے یا نہیں؟ماہرین کی رائے

    دنیا بھر میں سب سے عام مگر پریشان کن مسئلوں میں سے ایک “خشکی” یا “ڈینڈرف” ہے، وہ سفید ذرات جو کندھوں پر گر کر شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔ بعض لوگوں کے لیے یہ وقتی مسئلہ ہوتا ہے، جبکہ کئی افراد کے لیے یہ برسوں جاری رہنے والی کیفیت بن جاتی ہے جس پر کوئی بھی “اینٹی ڈینڈرف شیمپو” کارگر ثابت نہیں ہوتا۔

    ماہرینِ امراضِ جلد کے مطابق خشکی صرف صفائی یا بالوں کی خشکی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک طبی حالت ہے جس کے کئی اسباب ہیں۔ طبّی زبان میں اسے Seborrheic Dermatitis یا ہلکے درجے میں Pityriasis Capitis کہا جاتا ہے۔ جرنل آف کلینیکل اینڈ انویسٹی گیٹو ڈرمیٹولوجی (2019) کے مطابق، دنیا کی بالغ آبادی میں سے تقریباً 50 فیصد افراد کسی نہ کسی درجے کی خشکی کا شکار ہیں۔بھارت اور برصغیر کے دیگر ممالک میں جہاں نمی، آلودگی اور بالوں میں تیل لگانے کا رواج عام ہے، وہاں ماہرین کہتے ہیں کہ خشکی عموماً سردیوں اور برسات کے بعد کے مہینوں میں بڑھ جاتی ہے۔عام تاثر کے برعکس خشکی کا تعلق “میل کچیل” یا صفائی کی کمی سے نہیں ہے۔یہ ایک خوردبینی فنگس Malassezia globosa کی زیادتی سے پیدا ہوتی ہے، جو سر کی جلد کے قدرتی تیل (Sebum) پر پرورش پاتی ہے۔یہ فنگس ان تیلوں کو توڑ کر Oleic Acid پیدا کرتی ہے جو بعض افراد کی جلد کو جلا دیتا ہے، نتیجتاً خارش، سرخی اور سفید ذرات پیدا ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق خشکی اچانک نہیں آتی۔ذہنی دباؤ (Stress) اور ہارمونل تبدیلیاں تیل کی پیداوار بڑھا دیتی ہیں، جو فنگس کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔اسی وجہ سے نوجوانوں اور بلوغت کے دوران یہ مسئلہ زیادہ عام ہے۔سرد، خشک موسم سر کی جلد کو ڈی ہائیڈریٹ کر دیتا ہے جبکہ گرم، مرطوب موسم میں پسینہ اور تیل دونوں بڑھ جاتے ہیں، جس سے فنگس تیزی سے پھیلتی ہے۔تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ مرطوب یا آلودہ شہری علاقوں میں رہنے والے افراد کو مستقل خشکی زیادہ ہوتی ہے۔

    بھارت اور پاکستان میں بالوں میں تیل لگانے کی روایت صدیوں پرانی ہے، مگر ماہرین کے مطابق یہ ہر کسی کے لیے مفید نہیں۔بھاری تیل جیسے ناریل یا سرسوں کا تیل اگر خشکی والے سر پر لگایا جائے تو یہ فنگس کو خوراک فراہم کرتا ہے، جس سے خارش اور سوزش بڑھ جاتی ہے۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ ہلکے وزن والے، دوائی دار یا اینٹی فنگل تیل،سیریم استعمال کریں اور رات بھر تیل لگا کر نہ چھوڑیں کیونکہ یہ گرمی اور نمی کو بند کر کے فنگس کو بڑھاتا ہے۔

    جرنل آف کاسمیٹک ڈرمیٹولوجی (2022) کے مطابق، دو مختلف اجزاء والے شیمپوؤں کو باری باری استعمال کرنے سے فنگس مزاحمت نہیں کرتی اور بہتر نتائج ملتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق علاج میں تسلسل ضروری ہے۔اکثر دوائی دار شیمپوؤں کو 4 تا 6 ہفتے تک ہفتے میں 2-3 مرتبہ استعمال کرنا پڑتا ہے تاکہ نمایاں بہتری آئے۔

    حالیہ تحقیق کے مطابق، خشکی کا تعلق صرف بیرونی عوامل سے نہیں بلکہ جسم کے اندرونی توازن سے بھی ہے۔Frontiers in Microbiology (2020) میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق، جن افراد کو دائمی خشکی ہوتی ہے، ان کے آنتوں کے بیکٹیریا میں تنوع کم اور جسم میں سوزش کے آثار زیادہ پائے گئے۔ ذہنی دباؤ پر قابو پانا بھی ضروری ہے۔ یوگا، ورزش اور نیند کی کمی دور کرنے سے ہارمونل توازن بہتر ہوتا ہے۔

    اگر خشکی کے ساتھ سرخی کانوں، بھنوؤں یا سینے تک پھیل جائے تو یہ عام خشکی نہیں بلکہ Seborrheic Dermatitis ہو سکتا ہے۔اسی طرح اگر موٹی تہیں یا شدید خارش ہو تو یہ Psoriasis یا Eczema کی علامت بھی ہو سکتی ہے، جس کے لیے خود علاج کے بجائے ماہرِ جلد سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ گھریلو ٹوٹکوں پر اندھا دھند انحصار، یا ضرورت سے زیادہ تیل لگانا فائدے کے بجائے نقصان دیتا ہے۔

  • امریکا نے ہنگری کو روسی تیل و گیس کی خریداری پر چھوٹ دے دی

    امریکا نے ہنگری کو روسی تیل و گیس کی خریداری پر چھوٹ دے دی

    امریکا نے اپنے قریبی نیٹو اتحادی ہنگری کو روسی تیل اور گیس کی خریداری پر عائد پابندیوں سے ایک سال کے لیے استثنیٰ دے دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ فیصلہ ہنگری کے توانائی بحران اور یورپی مارکیٹ میں سپلائی کے توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔اہلکار کے مطابق، ہنگری نے اس رعایت کے بدلے تقریباً 600 ملین ڈالر مالیت کی امریکی قدرتی گیس خریدنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے امریکا یورپ میں اپنی توانائی کی برآمدات کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ روس پر انحصار کم کیا جا سکے۔

    خبر ایجنسیوں کے مطابق، یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی تعاون، نیٹو کے کردار اور مشرقی یورپ کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ہنگری کو یقین دلایا ہے کہ امریکا یورپی توانائی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا، جب کہ ہنگری نے اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے امریکی کمپنیوں کے ساتھ مزید معاہدے کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا نے یوکرین جنگ کے بعد روس پر سخت معاشی پابندیاں عائد کی تھیں اور مختلف ممالک کو روسی تیل و گیس کی خریداری سے باز رہنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم ہنگری، جو یورپی یونین کا رکن ہونے کے باوجود روسی توانائی پر خاصا انحصار رکھتا ہے، بارہا ان پابندیوں کے خلاف نرمی کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ چھوٹ ہنگری اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری کا اشارہ ہے، تاہم اس فیصلے پر یورپی یونین کے دیگر رکن ممالک کے تحفظات سامنے آنے کا امکان بھی ہے۔

  • ڈان میڈیا گروپ کا اردو ویب سائٹ بند کرنے کا اعلان، تمام عملہ فارغ

    ڈان میڈیا گروپ کا اردو ویب سائٹ بند کرنے کا اعلان، تمام عملہ فارغ

    پاکستان کے معروف اور بڑے میڈیا گروپس میں سے ایک ڈان میڈیا گروپ نے اپنی اردو ویب سائٹ ڈان اردو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ادارے نے ویب سائٹ سے وابستہ تمام 12 ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔

    متاثرہ ملازمین کے مطابق، انہیں انتظامیہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ یا تو وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں یا ایک ماہ کا نوٹس پیریڈ مکمل کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈان اردو ویب سائٹ 6 دسمبر 2025 کو مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کی وجہ مالی مشکلات بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ادارے کو حالیہ برسوں میں آمدنی میں مسلسل کمی اور اشتہارات کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔

    مارچ 2025 میں، ڈان گروپ نے اپنے ایک اداریے میں دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں نے گزشتہ پانچ ماہ سے ڈان گروپ کو سرکاری اشتہارات نہیں دیے، جس کی وجہ سے ادارے کو مالی بحران کا سامنا ہے۔کئی سالوں سے ڈان اردو ویب سائٹ کو اردو زبان میں خبریں، تجزیے اور رپورٹنگ کے لیے ایک معتبر ڈیجیٹل پلیٹ فارم سمجھا جاتا رہا ہے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے لاکھوں قارئین تازہ ترین ملکی و بین الاقوامی خبریں پڑھتے تھے۔

    میڈیا انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق، یہ فیصلہ پاکستان کے ڈیجیٹل صحافتی منظرنامے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔یہ حالیہ دنوں میں میڈیا انڈسٹری میں ہونے والی دوسری بڑی پیش رفت ہے۔ اس سے قبل، نجی ڈیجیٹل پلیٹ فارم نُکتہ نے بھی اپنے 37 ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اعلان کیا تھا کہ نُکتہ کے تمام 37 ملازمین کو حکومتی نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔صحافتی برادری نے ڈان اردو کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا اداروں کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ صحافیوں کے روزگار محفوظ رہ سکیں۔