Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • پاکستان امن ، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، وزیر اعظم

    پاکستان امن ، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، وزیر اعظم

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں اقلیتوں کے قابل فخر کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد ،انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ، اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور حکومت نے ان کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے تہوار پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزراء ، اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور مختلف اقلیتی برادریوں کے سرکردہ زعماء موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں اقلیتوں اور اکثریت کے مذہبی ، سیاسی نمائندوں کی موجودگی تصور پاکستان کی عملی تصویر ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے پاکستان میں اپنی عبادت گاہوں میں کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی عبادت اور رسومات ادا کرسکتے ہیں ، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے ، قیام پاکستان سے دفاع پاکستان تک ہر محاذ پر اقلیتی برادریوں نے جس طرح قابل فخر کردار ادا کیا ہے اس پر ہمیں ناز ہے ۔ آج کا دن اس حقیقت کو مزید نمایاں کرتا ہے کہ مسلم اور غیر مسلم پاکستانی مل کر وطن عزیز کیخلاف ہونے والی کسی بھی شر انگیزی اور حملے کا مقابلہ کرتے ہیں اور اقلیتوں کیساتھ کسی بھی نا انصافی کے قابل افسوس اور قابل مذمت واقعات کو پاکستان کی اکثریت نے کبھی بھی پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں میں اقلیتوں کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں ان کی نمائندگی موجود ہے ، مسلم لیگ ن کی حکومت میں کھیئل داس کوہستانی وزیر مملکت ہیں، ہندو مسیحی برادری کے ممبران سینیٹ اسمبلیوں میں موجود ہیں۔

    وزیر اعظم نے اقلیتوں کیلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری دی جا چکی ہے ، حکومت کی دوسری بڑی کامیابی قومی اقلیتی کمیشن بل کی سینیٹ و اسمبلی سے منظوری ہے تاکہ کمیشن کو قانونی طور پر مضبوط کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو پرائمری سے یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم تک وظائف دیئے جا رہے ہیں ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں میں بھی ان کو شامل کیا گیا ہے ، میرٹ کے علاوہ ان کیلئے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص ہے، ان کے مذہبی تہواروں پر انہیں تعطیلات دی جاتی ہیں ۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت و تحمل کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد، انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے اندھیروں اور نفرت کی تاریکی کو مٹانے کی جدوجہد میں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہندو برادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں دیوالی کے موقع پر تقریب کے انعقاد پر ہندو برادری نے شکریہ ادا کیا۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج دیوالی کا پروگرام پرامن پاکستان کا پیغام دیتا ہے، پاکستان ایک امن پسند خطہ ہے۔ وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف نے 2015ء میں بطور وزیر اعظم دیوالی کا تہوار سرکاری سطح پر منایا، رواں سال سرکاری سطح پر وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مدرسوں پر حملے کئے لیکن پاک فوج نے جوابی کارروائی میں کسی مذہبی مقام یا سول آبادی پر حملہ نہیں کیا، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام آئینی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے ، بھارت میں تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے مودی کا تکبر خاک میں ملا دیا۔

  • مرکزی مسلم لیگ کی ورکرز کنونشن کی تیاریاں جاری،تنظیمی اجلاس

    مرکزی مسلم لیگ کی ورکرز کنونشن کی تیاریاں جاری،تنظیمی اجلاس

    مرکزی مسلم لیگ کے تحت 2 نومبر کو مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ لاہور، اسلام آباد، سرگودھا، ننکانہ، بدین، خوشاب، ملتان، فیصل آباد،بہاولپور اور دیگر شہروں میں تنظیمی اجلاس منعقد ہوئے ،

    مینار پاکستان ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دو نومبر کو مینار پاکستان ورکرز کنونشن نظریہ پاکستان کے تحفظ، نوجوانوں کی رہنمائی اور دہشت گردی کے خلاف اتحاد کا عملی مظہر ہوگا، قاری یعقوب شیخ نے لاہور،حافظ مسعود کمال،محمد سرور چوہدری نے سرگودھا،خوشاب، فیصل ندیم نے بدین،حمید الحسن نے ننکانہ،عمران لیاقت بھٹی نے بہاولپور،انعام الرحمان نے اسلام آباد ،محمد احسن تارڑ نے فیصل آباد و دیگر قائدین نے ورکرز کنونشن کی کامیابی کے لئے کارکنان کو منظم مہم چلانے کی ہدایت کی،مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان ورکرز کنونشن نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے معاون ثابت ہو گا،امت مسلمہ کو ایک قوم اور ایک ملت بن کر کھڑا ہونا ہو گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مرکزی مسلم لیگ متحرک ہے،بے روزگاری کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے،ورکرز کنونشن میں لاکھوں کارکنان شریک ہو کر خدمت کی سیاست کے عزم کو اجاگر کریں گے

  • گورنر پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کردیئے

    گورنر پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کردیئے

    گورنر سلیم حیدر نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کردیئے، حکومت جلد گزٹ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گی۔

    گورنر پنجاب سلیم حیدر نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کردیئے، گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کا گزٹ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات دسمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء منظوری کے بعد گورنر پنجاب کو ارسال کیا تھا، الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کی استدعا پر نئے بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیاں اور حد بندیوں کا کام نئے ایکٹ کے تحت کرے گا۔

  • پی ٹی آئی دور حکومت میں ایوی ایشن انڈسٹری میں تباہی ہوئی،خواجہ آصف

    پی ٹی آئی دور حکومت میں ایوی ایشن انڈسٹری میں تباہی ہوئی،خواجہ آصف

    وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے امریکا کیلئے جلد پروازیں شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ،کہابرطانیہ کیلئے پروازوں کی اپروول بہت اہم بریک تھرو ہے۔ 25 اکتوبر کو اسلام آباد سے مانچسٹر پہلی پرواز جارہی ہے، مزید نجی ایئرلائنز کی بھی برطانیہ فلائٹس میں دلچسپی ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں ایوی ایشن انڈسٹری میں بہت تباہی کا شکار ہوئی، امریکا کی براہ راست پروازوں کے حوالے سے مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، امید ہے امریکا کیلئے پروازوں کی اجازت بھی مل جائے گی قومی ایئرلائن کی نجکاری اب چند ہفتوں کی بات ہے، نجکاری کے بعد قومی ایئرلائن کے بیڑے میں نئے جہازوں کی شمولیت ہوگی، نئے جہاز بیڑے میں شامل ہونے کے بعد چین، یورپ سمیت ایسٹ میں بھی پروازیں چلاسکتے ہیں، قومی ایئرلائن کی نجکاری کی وجہ سے مزید سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے، ہماری حکومت نے ریگولیٹری سائیڈ پر جو رکاوٹیں تھیں وہ ختم کروادی ہیں۔

  • وقتی طور پرکراچی کے شہریوں کو مسائل ہیں،حل کرلیں گے،شرجیل میمن

    وقتی طور پرکراچی کے شہریوں کو مسائل ہیں،حل کرلیں گے،شرجیل میمن

    سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نےکہا ہےکہ اربوں روپے کی گندم امپورٹ کرنی پڑ رہی ہے، گندم کا ریٹ 4 ہزار 200 روپے فی من مقرر کیا جائے، شارع بھٹو دسمبر میں مکمل ہوگی، خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسی بھی شروع کر رہے ہیں۔

    کراچی میں بی آرٹی آپریشنل کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جائے، سندھ حکومت نے تعلیم حاصل کرنے والی اور نوکری پیشہ خواتین کے لیے پنک اسکوٹر کی سہولت شروع کی ہے، ٹرانسپورٹ بہتر بنانا پہلی ترجیح ہے،گرین لائن وفاق کا منصوبہ تھا، اسی سال سندھ حکومت کو ملا، اسی سال مزید ای وی بسیں روٹس پر آئیں گی، جلد ہی ڈبل ڈیکر بسیں بھی شروع کر رہے ہیں، کوشش ہےکہ ہر شہرکو کور کریں اور شہریوں کو سہولتیں دیں، سندھ کے مختلف شہروں میں پیپلز بس سروس چل رہی ہے، اس سال مزید 3، 4 اضلاع تک پیپلز بس سروس کو توسیع دیں گے، حکومت ہر مسافر پر سبسڈی دے رہی ہے ، کراچی میں بارش کے بعد کچھ سڑکیں خراب ہوئی ہیں جہاں بسوں کو مشکلات ہیں، ان روٹس کی نشاندہی کی ہے، انتظامیہ کام بھی کر رہی ہے، سڑکوں کی وجہ سے پیپلز بس سروس کے چند روٹس پر مسائل ہیں، کچھ ہماری اسکیم التوا کا شکار ہیں اس کی وجوہات بھی ہیں، ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وقتی طور پرکراچی کے شہریوں کو مسائل ہیں ہمیں معلوم ہے، جلد ہی کراچی کے شہریوں کے ان مسائل کو حل کردیں گے، یلو لائن وقت پر ہے، ریڈ لائن پر کام کر رہے ہیں۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھاکہ وفاق سےگندم کا ریٹ 4 ہزار 200 روپے فی من مقررکرنےکا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ اربوں روپے کی گندم امپورٹ کرنی پڑ رہی ہے، آپ اپنے کسان کو سپورٹ نہیں کرو گے تو وہ کیوں گندم اُگائےگا؟ کسی اورکو فائدہ دینے سے بہتر ہےکہ اپنے کسان کو فائدہ دیں۔

  • پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی پی سی بی سے ریکوری کی ہدایت

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی پی سی بی سے ریکوری کی ہدایت

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رقم کی ریکوری سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے گراؤنڈ رینٹ کی مد میں 1 کروڑ 77 لاکھ کی ریکوری نہیں کی گئی،آڈٹ حکام نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ نے پی سی بی سے یکم جنوری 2019 سے 30جون 2022 تک کرایہ وصول نہیں کیا۔ وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس نےکراچی میں 5 لاکھ 5 ہزار 700 مربع گز زمین 99 سالہ لیز پر دی، لیز ایگریمنٹ کے تحت پی سی بی کو یہ زمین 10 روپے مربع گز کے حساب سے الاٹ کی گئی تھی،اجلاس میں کمیٹی نے پی سی بی سے رقم ریکور کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی نے سرکاری زمین پر قابض دیگر اداروں سے بھی رینٹ وصول کرنے کی ہدایت کی۔

    فیڈرل لاجز کے کمرے اور سویٹ نیب افسران کو مستقل طور پر الاٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، وزارت ہاؤسنگ نیب افسران سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے میں ناکام ہوگیا۔ آڈٹ حکام نے سرکاری سویٹ خالی کرانے کی سفارش کردی۔

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا محمد معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں فیڈرل لاجز کے کمرے اور سویٹ نیب افسران کو مستقل طور پر الاٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری ملازمین سے ایک کروڑ 56 لاکھ روپے کرایہ وصول نہ کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔وزارت ہاؤسنگ نیب افسران سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے میں ناکام ہوگیا۔ آڈٹ حکام نے سرکاری سویٹ خالی کرانے کی سفارش کردی جبکہ ذیلی کمیٹی کی فیڈرل لاجز کا خصوصی آڈٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے کرایے کی کٹوتی کی ہدایت کردی۔

  • کراچی،والدین نے نومولود بچی کو تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    کراچی،والدین نے نومولود بچی کو تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    کراچی میں سنگدل والدین نے نو مولود بچی کو تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا، بچی دم توڑ گئی، والدین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی کے علاقے کورنگی چکرا گوٹھ میں سنگدل والدین نے نو مولود بچی کو تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا، بچی دم توڑ گئی، پولیس نے والدین کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق اہل علاقہ نے والدین کی جانب سے بچی کو تیسری منزل سے نیچے پھینکے جانے سے متعلق اطلاع دی تھی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • میرے ہوتے پنجاب کے عوام کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیراعلیٰ پنجاب

    میرے ہوتے پنجاب کے عوام کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیراعلیٰ پنجاب

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیپالپور اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کا شفاف طریقے سے سروے کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے سروے کررہی ہے، 100 ارب روپے گھروں کی بحالی، تعمیر، فصلوں، جانوں کے نقصان پر دینے جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا، میں نے سوچا پہلے پنجاب کے وسائل عوام کے قدموں میں رکھوں، پنجاب کے عوام کی عزت نفس کا بھی خیال رکھا، میرے ہوتے پنجاب کے عوام کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پنجاب حکومت نے متاثرین کیلئے ریلیف کا کام اپنے پیسوں سے کیا۔سیلاب متاثرین کی گھروں میں باعزت بحالی کا آغاز ہونے جارہا ہے، میں نے کرپشن کے تمام راستے بند کردیئے، سیلاب متاثرین کی بحالی کا پیسہ کسی کو نہیں ملے گا، 70 فیصد سروے مکمل کرلیا گیا ہے، سروے کیلئے پورا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ آج سے 15 اضلاع میں معاوضے کی تقسیم کا آغاز ہورہا ہے، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان، بہاولپور، ننکانہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، لودھراں، بہاولنگر، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، نارووال اور گوجرانوالہ میں آج سے آغاز ہوجائے گا،ہتقریباً 72 کیمپ قائم کردیئے ہیں، متاثرین کو معاوضے کی رقم کا چیک اور اے ٹی ایم کارڈ ملے گا

  • بجلی کی پیداوار اور پاور ڈویژن کے اصلاحاتی ایجنڈا پروزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    بجلی کی پیداوار اور پاور ڈویژن کے اصلاحاتی ایجنڈا پروزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار کا بہترین استعمال صنعتی مصنوعات اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے کیا جاسکتا ہے۔

    اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت پاور ڈویژن کی طرف سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور پاور ڈویژن کے اصلاحاتی ایجنڈا پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے وفاقی وزارت توانائی کو بجلی کی پیداوار کے مؤثر استعمال سے صنعتی پیداوار اور زرعی مصنوعات میں اضافے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے بھی پاور ڈویژن کو مختلف سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی طرف سے پالیسی سفارشات پر جاری کام اور دیگر اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن احد خان چیمہ، مشیر برائے صنعت ہارون اختر اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

  • وزیرِ اعظم کا سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

    وزیرِ اعظم کا سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر جائزہ اجلاس ہوا،

    اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. اجلاس کو سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے دفاتر کھول دیئے گئے ہیں جس کی عوام و چیمبرز کی طرف سے پزیرائی کی جارہی ہے. سمیڈا کا نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جا چکا جبکہ آئندہ چند روز میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی مکمل کرلی جائے گی. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسٹرینگ کمیٹی کے احکامات کی بدولت ایس ایم ایز کی استعداد، قرضوں کی فراہمی، سرمائے اور اشتراک میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے. خواتین کی ایس ایم ایز شعبے میں حوصلہ افزائی کیلئے Womenpreneurship Platform تشکیل دیا جارہا ہے جو مصنوعی ذہانت پر مبنی ہوگا. یہ پلیٹ فارم خواتین کو کاروباری شعبے کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رجسٹریشنز، ٹیکس معاملات اور ہنر کی آگاہی بھی دے گا. اجلاس کو ایس ایم ایز کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا.

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چھوٹے و درمیانے پیمانے (SMEs) کی صنعتوں میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہے، اس اقدام کی آگاہی بڑھائی جائے.گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروباری وسعت کیلئے قرض کے حصول میں آسانی ہو.سمیڈا کے روڈ میپ کے اطلاق کی واضح مدت طے ہو اور اطلاق جلد سے جلد یقینی بنایا جائے.پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے. ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں. زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقنی بنائی جائے.وزیرِ اعظم نے سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا.