Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے برطانوی ہائی کمشنر  کی ملاقات

    وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے برطانیہ کی ہائی کمشنر محترمہ جین میریٹ نے تین رکنی وفد کے ہمراہ ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، پولیس اصلاحات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے سندھ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ کے جدید اور ماڈرن پولیسنگ کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف کامیاب جنگ کا انحصار جدید آلات، مؤثر تکنیکس اور ان کے درست استعمال پر ہے۔

    اس موقع پر ہائی کمشنر نے سندھ پولیس کے لیے جدید تربیتی پروگرامز کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پولیس ریفارمز کے شعبے میں بھی مکمل سپورٹ کی پیشکش کی۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت سندھ بین الاقوامی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عوام کو محفوظ، پرامن ماحول کی فراہمی اور آزاد کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اقبال میمن، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ذوالفقار لاڑک سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے عالمی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • اپوزیشن ارکان کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تقرری کا مطالبہ

    اپوزیشن ارکان کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تقرری کا مطالبہ

    اپوزیشن ارکان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تقرری کا مطالبہ کردیا۔

    چیف وہپ عامر ڈوگر نے74 ارکان کے دستخط کے ساتھ محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کی درخواست قومی اسمبلی میں جمع کروا دی۔ اسپیشل سیکریٹری قومی اسمبلی نے درخواست وصول کی، ڈائری نمبر بھی لگادیا۔اپوزیشن ارکان نے قائد حزب اختلاف کی فوری تقرری کا مطالبہ کردیا، خط میں کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی اکثریتی اپوزیشن ارکان کا اعتماد رکھتے ہیں، قائد حزب اختلاف کا عہدہ طویل عرصے سے خالی ہے، محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا عمل مکمل کیا جائے۔

  • ایشیا کپ ٹرافی ،بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشین کرکٹ کونسل کو خط

    ایشیا کپ ٹرافی ،بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشین کرکٹ کونسل کو خط

    ایشیا کپ کی ٹرافی کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے درمیان نیا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کو باضابطہ طور پر ایک خط لکھا ہے جس میں ایشیا کپ کی ٹرافی کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بی سی سی آئی کے خط کا جواب دیتے ہوئے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ "اگر بھارتی بورڈ کو ٹرافی چاہیے تو اس کے لیے ایک باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی، اور ٹرافی اسی تقریب میں دی جائے گی۔”اے سی سی نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ ٹرافی کی حوالگی کے لیے تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں منعقد کی جائے گی، جس میں بھارتی ٹیم یا نمائندے شرکت کر کے ٹرافی وصول کر سکتے ہیں۔

    باخبر ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ تقریب کی تاریخ اور مقام طے کر لیے گئے ہیں، اور اب فیصلہ بھارتی بورڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ شرکت کرے یا نہیں۔

    یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے موقع پر بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود غیر معمولی رویہ اختیار کیا تھا۔ بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث تقریب ادھوری رہ گئی تھی۔بی سی سی آئی نے اس وقت اے سی سی کو تحریری طور پر مطلع کیا تھا کہ وہ ٹرافی موصول نہیں کرے گا، جس کے بعد انتظامیہ نے ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی تھی۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے پیچھے بھارتی حکومت اور مودی سرکار کے دباؤ کا بھی کردار بتایا جا رہا ہے، جس کے تحت بی سی سی آئی نے سیاسی بنیادوں پر یہ فیصلہ کیا۔ تاہم محسن نقوی نے بھارتی ہٹ دھرمی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تقریب جاری رکھی، رنر اپ ٹیم کو انعامات دیے اور بغیر ٹرافی دیے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

    اے سی سی کے حالیہ فیصلے کے بعد اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی بھارتی ٹیم کو صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب وہ دبئی میں منعقدہ باضابطہ تقریب میں شرکت کرے گی۔

  • ایرانی سینئر عہدیدار کی بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک،استعفے کا مطالبہ

    ایرانی سینئر عہدیدار کی بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک،استعفے کا مطالبہ

    ایران کے سینئر ترین دفاعی اور قومی سلامتی عہدیدار ریئر ایڈمرل علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو نے تہران میں عوامی اور سیاسی حلقوں میں بھونچال برپا کر دیا۔

    ریئر ایڈمرل علی شمخانی کا شمار ایران کے ان سینئر ترین عہیداروں میں ہوتا ہے جنہوں نے امریکا کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات میں حصہ لیا تھا اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے ملک میں ہونے والے مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا تھا،امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں دلہن کے ساتھ ہال میں آتے دیکھا گیا، علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی تقریب گزشتہ برس اپریل میں منعقد ہوئی تھی تاہم ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد جنگل میں آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی،ویڈیو میں علی شمخانی کی بیٹی اور اہلیہ کو مغربی طرز کا جدید ترین لباس پہنے دیکھا گیا اور تقریب میں موجود دیگر خواتین بھی بغیر حجاب کے نظر آ رہی تھیں۔

    رئیر ایڈمرل علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ علی شمخانی کو تمام عہدوں سے فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے،ایک اخبار نے علی شمخانی کی تصویر کے ساتھ ہیڈلائن لکھی ’’ اسکینڈل نے دفن کردیا‘‘، جبکہ صحافی عامر حسین موصلا نے سوشل میڈیا پر لکھا ایرانی عہدیدار اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر یقین نہیں رکھتے، وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی زندگی اجیرن رہے۔

  • پرویز الہیٰ فرد جرم کے لیے 6 نومبر کو عدالت طلب

    پرویز الہیٰ فرد جرم کے لیے 6 نومبر کو عدالت طلب

    اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، ملزمان کو 6 نومبر کو طلب کرلیا۔

    انسداد بدعنوانی عدالت لاہور نے مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اینٹی کرپشن عدالت نے 6 نومبر کو ملزمان کو فرد جرم کیلئے طلب کرلیا، عدالت نے پرویز الہٰی کے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل بھی طلب کرلیے۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

  • فتنہ الخوارج کے خلاف کاروائی،خیبر پختونخوا کی عوام کا پاک فوج کی حمایت کا اعلان

    فتنہ الخوارج کے خلاف کاروائی،خیبر پختونخوا کی عوام کا پاک فوج کی حمایت کا اعلان

    فتنہ الخوارج کے خلاف پاکستان کی افواج کی کارروائی کے بارے میں خیبر پختونخوا کے عوام نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    ایک شہری نے کہا کہ پاکستانی فوج نے افغانستان میں جو کارروائی کی ہے یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے۔ دوسرے شہری کا کہنا تھا کہ اگر افغان طالبان فتنہ خوارج کو ختم نہیں کرتے تو پھر ہماری فوج کی یہ مجبوری ہے کہ وہ ختم کرے۔ایک اور شہری نے کہا کہ پاکستان آرمی نے جو حملہ افغانستان میں کیا، جتنا جلدی یہ دہشتگردی کا گند صاف کیا جائے گا اتنا اچھا ہوگا۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے افغانیوں کو مکمل طور پر پاکستان سے نکال دینے کا مطالبہ کیا۔

  • سپریم کورٹ  نے عوامی سہولت کیلئے نیا پورٹل لانچ کردی

    سپریم کورٹ نے عوامی سہولت کیلئے نیا پورٹل لانچ کردی

    سپریم کورٹ نے عوامی سہولت کیلئے نیا پورٹل لانچ کردیا۔ جدید پبلک فیسلیٹیشن پورٹل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی ہدایت پر تیار کیا گیا۔

    اعلامیہ کے مطابق پبلک پورٹل کا لنک سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں شہری عدالتی معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔نئے پورٹل پر کیسز کی معلومات اب نام، نمبر یا درخواست سے دستیاب ہوں گی، ہیلپ لائن 1818 پر سپریم کورٹ سے براہ راست رابطہ بھی ممکن ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق اکثر پوچھے جانیوالے سوالات سیکشن میں عدالتی اصطلاحات کی وضاحت موجود ہے، ایپلیکیشن اسٹیٹس کے سیکشن میں درخواستوں کی ریئل ٹائم نگرانی ہوسکے گی۔نئے پورٹل پر ابتدائی سماعت، التواء اور ویڈیو لنک درخواستوں کی پیشرفت بھی آن لائن دستیاب ہوگی، اوورسیز پاکستانی بھی اب آن لائن اپنے کیسز کی نگرانی کرسکیں گے۔

  • چوہنگ میں 14 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی،دکاندار گرفتار

    چوہنگ میں 14 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی،دکاندار گرفتار

    لاہور: چوہنگ میں 14 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کا افسوسناک واقعہ، کریانہ سٹور کا مالک گرفتار کر لیا گیا

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا پرویز بٹ نے متاثرہ بچی کے گھر کا دورہ کیا،،گھر والوں نے دباؤ میں آ کر ابتدا میں واقعے کو زیادتی کی کوشش قرار دیا،حنا پرویز بٹ کی متاثرہ سے ذاتی ملاقات کے دوران حقیقت سامنے آ گئی،متاثرہ نے بتایا کہ اس کے ساتھ دوکاندار نے زیادتی کا ارتکاب کیا۔حنا پرویز بٹ نے پولیس کو ایف آئی آر میں دفعہ 376 شامل کرنے کی ہدایت کی،ایس پی چوہنگ اور انویسٹی گیشن افسر کو مکمل تفتیش اور ڈی این اے ٹیسٹ کی ہدایت کی،پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا

    حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ کم عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی ناقابلِ معافی جرم ہے۔ایسے درندہ صفت افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا مشن ہے۔

  • اپنے بچوں کو آر ایس ایس، بی جے پی سےبچائیں، پرکاش راج

    اپنے بچوں کو آر ایس ایس، بی جے پی سےبچائیں، پرکاش راج

    معروف بالی ووڈ اداکار پرکاش راج نے ایک مرتبہ پھر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے بھارتی والدین سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔

    اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ایک تصویر شیئر کی، جس میں ایک لڑکے اور لڑکی کو دکھایا گیا ہے جبکہ انکی ٹی شرٹس پر تحریر تھا، بیٹے کو آر ایس ایس سے بچائیں، بیٹی کو بی جے پی سے بچائیں۔پرکاش راج نے اپنی پوسٹ کے ذریعے والدین کو خبردار کیا کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی سیاست سے دور رکھیں جو نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔رپورٹس کے مطابق اداکار نے یہ بیان اپنے ایک قریبی دوست کے مبینہ طور پر بی جے پی کے غنڈوں کے ہاتھوں قتل کے بعد دیا، پرکاش راج عرصہ دراز سے بی جے پی کی مذہبی منافرت پر مبنی سیاست کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اور ہمیشہ انسانیت، امن اور رواداری کا پیغام دیتے ہیں۔

    گزشتہ ماہ 20 ستمبر 2025ء کو چینئی میں ہونے والے ایک بڑے فلسطین حامی جلسے میں بھی پرکاش راج نے طاقتور عالمی قوتوں اور خاموش رہنے والے رہنماؤں پر کڑی تنقید کی تھی۔

  • ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ، سپلائی میں تعطل اور موسمی اثرات ذمہ دار قرار

    ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ، سپلائی میں تعطل اور موسمی اثرات ذمہ دار قرار

    محکمہ پرائس کنٹرول نے ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ سپلائی میں تعطل اور موسمی حالات ہیں۔

    ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں نے ٹماٹر کی فصل کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث منڈیوں میں عارضی قلت پیدا ہوگئی۔ترجمان نے بتایا کہ ٹماٹر کی درآمد میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوئیں، افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی آمد وقتی طور پر متاثر ہونے سے ملکی سپلائی چین دباؤ کا شکار ہوئی۔ اس تعطل نے منڈی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کر دیا۔محکمہ کے مطابق ٹرانسپورٹ کے مسائل اور موسمی تبدیلیوں نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنایا۔ تاہم ترجمان نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے، اور آئندہ ہفتے سے قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے کیونکہ سپلائی معمول پر آنے والی ہے۔ترجمان پرائس کنٹرول نے مزید بتایا کہ نومبر میں سندھ کی نئی فصل مارکیٹ میں آنے سے ٹماٹر کی دستیابی میں بہتری آئے گی، جبکہ پنجاب کی فصل اپریل اور مئی میں تیار ہو کر ملکی ضروریات کو پورا کرے گی۔

    محکمہ پرائس کنٹرول نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے جھانسے میں نہ آئیں، حکومت مارکیٹ کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں ٹماٹر نے شہریوں کے رنگ لال کردیئے ہیں ،ٹماٹر 700 روپے کلو فروخت ہونے لگاتو کہیں 500 روپے، لاہور میں ٹماٹر کا ریٹ پانچ سو روپے ہے، شہری ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافے سے پریشان ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ اس کی قیمت معمول پر لانےکے لیے اقدامات کیے جائیں۔