Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • کراچی،مومن آباد میں 3 منزلہ عمارت گر گئی

    کراچی،مومن آباد میں 3 منزلہ عمارت گر گئی

    کراچی کے علاقے مومن آباد میں ایک تین منزلہ عمارت اچانک گر گئی، جس سے ہلچل مچ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 4 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، اس لیے ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور دیگر متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے بتایا کہ عمارت گرنے سے کچھ دیر پہلے ایک دھماکہ ہوا، جس کے فوراً بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے باعث ایک شخص آگ سے جھلس کر زخمی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت میں ایک سیاسی جماعت کا دفتر قائم تھا، ریسکیو حکام اور پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے اور متاثرین کو جلد از جلد امداد فراہم کی جا سکے۔

    موقع پر موجود ریسکیو اہلکار اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ متاثرہ شخص کی فوری مدد کی جا سکے اور علاقے میں مزید حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

  • چین اور پاکستان مضبوط دوست اور اہم امور میں شراکت دار ہیں،چینی وزارت خارجہ

    چین اور پاکستان مضبوط دوست اور اہم امور میں شراکت دار ہیں،چینی وزارت خارجہ

    چینی وزارتِ خارجہ نے وزیرِ خارجہ کے پاکستان کے دورے سے قبل جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ چین اور پاکستان مضبوط دوست اور اہم امور میں شراکت دار ہیں۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی وزیرِ خارجہ 3 سال میں پاکستان کا دوسرا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران اسٹریٹجک رابطے اور بین الاقوامی و علاقائی امور میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جون میں پاکستانی وزیرِ اعظم نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا، رواں سال فروری میں پاکستان کے صدر نے بھی چین کا دورہ کیا، چینی صدر اور پاکستانی قیادت دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں۔

  • جی ایچ کیو حملہ کیس،شبلی فراز،عمر ایوب سمیت 14 افراد کے وارنٹ جاری

    جی ایچ کیو حملہ کیس،شبلی فراز،عمر ایوب سمیت 14 افراد کے وارنٹ جاری

    راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

    جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی راولپنڈی میں ہوئی،دوران سماعت عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 14 ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں خارج کر دیں،جن ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں خارج ہوئیں ان میں عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوذب، زرتاج گل، احمد چٹھہ، راشد شفیق، رائے مرتضٰی، بلال اعجاز اور چوہدری آصف شامل ہیں،بعد ازاں عدالت نے عدم حاضری پر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا کلاؤڈ برسٹ اور موسمیاتی تبدیلی کی تحقیقات کا آغاز

    خیبرپختونخوا حکومت کا کلاؤڈ برسٹ اور موسمیاتی تبدیلی کی تحقیقات کا آغاز

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ ٹیم موسمیاتی تبدیلی کی وجوہات اور سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب کی شدت کے پیچھے عوامل کی تفصیلی جانچ کرے گی۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم وفاقی وزارت ماحولیات، سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپلیکیشن سینٹر) اور پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ ٹیم خاص طور پر بونیر، صوابی اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں کا دیگر علاقوں کے ساتھ موسمیاتی موازنہ کرے گی تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی جامع سمجھ حاصل کی جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، موسمیاتی ریکارڈ کا 20 سالہ جائزہ لے کر ایک مفصل رپورٹ مرتب کرے گی۔ رپورٹ میں سیلاب کی وجوہات اور مستقبل میں ایسے حادثات سے محفوظ رہنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی تجاویز بھی شامل ہوں گی۔

    اس حوالے سے سیکریٹری محکمہ جنگلات، شاہد زمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور کلاؤڈ برسٹ جیسے واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر خاص طور پر خیبرپختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی کی بڑی وجہ ترقی یافتہ ممالک کی صنعتی سرگرمیاں ہیں، جن سے خارج ہونے والی گرین ہاؤس گیسز موسم پر گہرے اثرات ڈال رہی ہیں۔شاہد زمان نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ فطرت کو محفوظ بنایا جا سکے اور آلودگی کم کی جا سکے۔

  • کراچی،بارش کے بعد پروازوں کا شیڈول متاثر،مسافر پہنچے نہ عملہ

    کراچی،بارش کے بعد پروازوں کا شیڈول متاثر،مسافر پہنچے نہ عملہ

    کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے باعث ملکی اوربین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔

    ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق جناح ٹرمینل سےآپریٹ ہونے والی اندرون ملک کی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں، اسی طرح قومی ائیرلائن کی کراچی سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں،دوسری جانب کراچی سے اندرون ملک جانے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جناح ٹرمینل سے بین الاقوامی پروازیں بھی تاخیر سے آپریٹ ہوئیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ نجی ائیرلائن کی کراچی سے جدہ کی پرواز7 گھنٹے سے زائد تاخیر کاشکار ہے،پرواز کی تاخیر کے باعث مسافروں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، مسافروں کی اکثریت عمرہ زائرین پرمشتمل ہے،ذرائع کے مطابق بارشوں کے باعث مسافروں کی بہت کم تعداد ائیرپورٹ پہنچ سکی، حتیٰ کہ ائیرپورٹ پرتعینات پی اے اے اور ائیرلائنز عملے کی بڑی تعداد بھی ڈیوٹی پر نہ پہنچ سکی،ذرائع کا بتانا ہے کہ فلائٹ انکوائری کے فون نمبر نہیں لگ رہے جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

  • نومئی کیس،عمران خان کی اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی

    نومئی کیس،عمران خان کی اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی

    سپریم کورٹ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی سے متعلق مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

    9 مئی سے متعلق کیسز کی سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ نے کی جس دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، علیمہ خان اور معاون پر اسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے آغاز میں معاون پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، انہیں فوڈ پوائزننگ ہو گئی ہے، وہ آج نہیں آسکتے لہٰذا کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیں، اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ کل سماعت رکھ رہے ہیں، کل دیکھ لیں گے،عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 9 مئی اپیلوں پر کئی بارپراسیکیوٹرز نے سماعت التواء کا شکار بنائی، کم از کم ہمیں اپنے دلائل عدالت میں دینے کی اجازت دیں۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہم آپ سے پہلے استغاثہ کو سنیں گے، استغاثہ کوپہلےاس پیمانے سے گزرنا پڑے گا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار کیسے رہ سکتا ہے،سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو روسٹرم پر بولنے سے روک دیا اور کہا کہ ہم کسی فیملی ممبر کو عدالت میں نہیں بولنے دیں گے،بعد ازاں سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی اپیلوں پر سماعت کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی۔

  • عمران خان کا اراکین قومی اسمبلی پراعتماد ختم،محمود اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر نامزد ہونا واضح دلیل

    عمران خان کا اراکین قومی اسمبلی پراعتماد ختم،محمود اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر نامزد ہونا واضح دلیل

    تحریک انصاف کے اندر شدید سیاسی انتشار اور اختلافات نے پارٹی قیادت کو سخت مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے سابق چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف کے اپنے ہی اراکین اسمبلی پر اعتماد کھو دیا ہے۔ عمران خان پارٹی کے اراکین کی طرف سے پارٹی کی حکمت عملی کے خلاف اپنی مرضی کی باتیں عوام میں کرنے پر شدید نالاں ہیں۔

    عمران خان جیل میں ہیں اور سزا کاٹ رہے ہیں، ایسے میں اراکین اسمبلی کو پی ٹی آئی کے ٹکٹ یا پارٹی کی حمایت سے آزادمنتخب ہو کر ایوان میں پہنچے وہ عمران خان کی پالیسیوں کے خلاف چل رہے ہیں،پارٹی ذرائع بتاتے ہیں کہ عمران خان اب اپنے اراکین اسمبلی کو اپنی بات منوانے اور پارٹی کی مجموعی پالیسی پر عمل کروانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اس کا اظہار اس وقت ہوا جب قومی اسمبلی میں عمر ایوب کی نااہلی کے بعد اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہوا، لیکن عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی رکن کو اپوزیشن لیڈر نامزد نہیں کیا۔کیونکہ عمران خان کو اب پی ٹی آئی اراکین پر اعتماد نہیں رہا، عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے پارٹی کے کسی رکن اسمبلی کو منتخب کرنے کی بجائے محمود خان اچکزئی کو نامزد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اعظم خان سواتی کو دیا گیا ہے۔

    یہ فیصلہ تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کی عکاسی کرتا ہے، جس میں پارٹی قیادت اور ارکان اسمبلی کے مابین اعتماد ختم ہو چکا ہے۔اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ پارٹی اپنی حد تک بھی اپنا نمائندہ اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے سے قاصر ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ختلافات کے باعث ختم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کاسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

    وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کاسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے اپنی روانگی کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزیراعظم اور آرمی چیف سب سے پہلے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال وفاقی وزیر امیر مقام نے کیا۔ذرائع کے مطابق، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات کے بعد بونیر روانہ ہو گئے ہیں تاکہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے اور وہاں موجود عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

    خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اب تک 350 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد 228 افراد بونیر سے ہے، جہاں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ این ڈی ایم اے نے آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی قافلے روانہ کیے ہیں جن میں خیمے، کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔این ڈی ایم اے حکام نے بتایا ہے کہ امدادی سامان متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حوالے کیا جائے گا تاکہ متاثرین میں بروقت تقسیم ممکن ہو سکے۔ این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان پہنچا رہا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کا یہ دورہ متاثرہ علاقوں میں حکومتی سنجیدگی اور عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

  • بھارت  کا چین کیساتھ  لائن آف ایکچوئل کنٹرول پرتنازع  ، مودی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

    بھارت کا چین کیساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پرتنازع ، مودی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

    مودی حکومت سیاسی ،عسکری ، اقتصادی اور سفارتی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے

    طویل فوجی تنازع کے بعد بھارت کا چین کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا شکست کا واضح اعتراف ہے،دی ٹربیون انڈیا کے مطابق بھارت اور چین ایل اے سی پر سرحدی تنازع پر مذاکرات کریں گے ،ترجمان چینی وزرات خارجہ کے مطابق سرحدی علاقوں میں دیرپا امن کیلئے بھارت سے مذاکرات ہوں گے ،چینی وزیر خارجہ اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ملاقات کریں گے ،

    چین کے سرکاری ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا چین مثبت اور تعمیری رویہ اپناتےہوئے سرحدی امور اور امن پر بات چیت کیلئے تیار ہے،ایس آرز کے درمیان بات چیت سرحدی مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطح کے چینل کا کام کرتی ہے،چین پائیدار، صحت مند اور مستحکم تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے،

    مودی سرکار کی جانب سے خطے میں بھارت کی قیادت کے کھوکھلے دعوے بے نقاب ہو چکے ،بھارتی عسکری ناکامیوں کے بعد مودی سرکار کا خود مختاری کا بیانیہ صرف ایک سیاسی نعرہ بن کر رہ گیا

  • بھارتی الیکشن کمیشن  بی جے پی کا سیاسی ہتھیار

    بھارتی الیکشن کمیشن بی جے پی کا سیاسی ہتھیار

    جعلی ووٹ اور جعلی حکومت، راہول گاندھی نے نام نہاد بھارتی جمہوریت کا پردہ فاش کر دیا

    انتخابی دھاندلی ،جعلی اندراج اور مودی سرکار کے مفاد کا تحفظ الیکشن کمیشن کا اصل مقصد ہے،اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا: ایک لاکھ جعلی ووٹ ہیں، الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟ الیکشن کمیشن یہ نہیں کرتا کہ اپوزیشن لیڈر نے معاملہ اٹھایا ہےتو چیک کریں، چیک کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن مجھے حلف نامہ جمع کروانے کا کہتا ہے،الیکشن کمیشن کہتا ہے پہلے شکایت درج کیوں نہیں کرائی؟الیکشن کمیشن کہتا ہے ایک ہفتے میں حلف نامہ نہیں دیا تو شکایت کا کوئی فائدہ نہیں،ذمہ دار وہ ہیں، چوری ان کی پکڑی گئی اور حلف نامہ مجھے لانے کا کہتےہیں، الیکشن کمیشن سے کہتا ہوں پورا ملک آپ سے حلف نامہ مانگے گا ، پورے ملک میں آپ کی چوری پکڑ کر عوام کو دکھانے جا رہےہیں ، راشٹریہ جنتا دل رہنما تیجسوی جی نے کہا الیکشن کمشنرز بی جے پی کیلئے کام کر رہے ہیں،راشٹریہ جنتا دل رہنما تیجسوی جی نے کہا الیکشن کمشنرز نے بی جے پی کی رکنیت لے رکھی ہے ، ایک دن آئے گا جب بہار اور دہلی میں ہندوستانی اتحاد کی حکومت ہوگی، ہندوستانی اتحاد کی حکومت آئے گی تو ہم الیکشن کمشنرز کیخلاف کارروائی کریں گے،

    اپوزیشن نے جعلی مودی سرکار اور جانبدار الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ہے،مودی سرکار کے سیاسی ہتھکنڈوں نے بھارتی جمہوریت کو تباہ کر دیا ہے ،فرائض کے برعکس بھارت میں الیکشن کمیشن بی جے پی کی ذیلی شاخ بن چکا ہے