Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • ایران کی جوابی کاروائی،اسرائیل پر 100 میزائل داغ دیئے

    ایران کی جوابی کاروائی،اسرائیل پر 100 میزائل داغ دیئے

    تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر براہ راست میزائل حملے کیے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے متعدد بیلسٹک اور کروز میزائل داغے گئے ہیں، جن کا ہدف اسرائیل کے اہم دفاعی اور شہری مراکز تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ایئر ڈیفنس سسٹم نے بیشتر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔اسرائیلی فوج نے شہریوں کو تا حکمِ ثانی گھروں میں رہنے، بنکروں یا قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ حالات کشیدہ ہیں اور صورتحال کے پیشِ نظر عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنا چاہیے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے 100 سے زائد میزائل فائر کیے گئے، جن میں بیلسٹک اور کروز میزائل شامل ہیں۔ ملک بھر میں خطرے کے سائرن بجنا شروع ہو گئے ہیں، خاص طور پر تل ابیب، حیفہ، بیرشیبہ، اشدود، اور یروشلم جیسے بڑے شہروں میں شہریوں نے ایمرجنسی شیلٹرز کی طرف رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔

    ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب میں دھماکیوں کی آوازیں
    ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق شروع ہو گئی ہے، جس کی تصدیق ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے "ارنا” نے کی ہے۔اس دوران، تل ابیب، اسرائیل میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کی اطلاع امریکی ٹی وی نیٹ ورک سی این این کے زمینی ٹیم نے دی ہے۔اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔ اسرائیل کی دفاعی افواج نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دفاعی نظام میزائلوں کو روکنے کے لیے فعال ہیں اور وہ ان کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اسرائیل پر 100 میزائل حملوں کے بعد مزید مزید ایرانی میزائل فائر،تل ابیب،یروشلم میں دھماکوں کی آوازیں
    اسرائیلی ڈیفنس فورسز ے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائلوں کی ایک اور زوردار لہر فائر کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق "یہ حملہ تاحال جاری ہے۔ اسرائیل پر درجنوں اضافی میزائل داغے جا چکے ہیں۔”یہ نیا حملہ اُس ابتدائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس کے دوران جمعہ کی شب تل ابیب اور یروشلم کے علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور تل ابیب سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

    ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق،”اب سے کچھ دیر پہلے مختلف اقسام کے سیکڑوں بیلسٹک میزائل مقبوضہ علاقوں کی طرف داغ کر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے خلاف فیصلہ کن ردعمل کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔”یہ ایرانی حملہ اسرائیلی فضائیہ کے اس حملے کے بعد کیا گیا ہے جس میں صبح کے وقت ایران کے جوہری اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔تل ابیب میں لی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ راکٹس اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام "آئرن ڈوم” کو عبور کرتے ہوئے شہری علاقوں تک پہنچ گئے، جس کے بعد شہر کی عمارتوں کے درمیان دھواں اور آگ کے مناظر نمایاں تھے۔

    سی این این کے زمینی رپورٹرز نے تصدیق کی ہے کہ "یروشلم اور تل ابیب دونوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔”

    ایران کےمیزائل تل ابیب میں گرے،اسرائیل کی تصدیق
    اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں میں سے کچھ تل ابیب ڈسٹرکٹ کے ایک رہائشی علاقے میں گرے ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس ترجمان کے مطابق، "کچھ دیر قبل اسرائیلی پولیس کو تل ابیب ڈسٹرکٹ کے ایک رہائشی علاقے میں میزائل گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس وقت تک کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، البتہ املاک کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔”ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل ماہرین موقع پر پہنچ چکے ہیں اور متاثرہ مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بم ڈسپوزل یونٹس علاقے میں موجود باقی ماندہ بارودی مواد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔

    دو اسرائیلی جنگی طیارے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد مار گرائے ،ایران
    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ کم از کم دو اسرائیلی جنگی طیارے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد مار گرائے گئے ہیں۔ یہ کارروائی جمعہ کی شام ایران کے فضائی دفاعی نظام نے انجام دی، جب اسرائیلی فضائیہ کے طیارے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشتبہ طور پر حملے کی نیت سے داخل ہوئے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دونوں طیاروں کو نشانہ بنایا اور کامیابی سے تباہ کر دیا۔ایرانی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کے بعد متعلقہ علاقے میں سیکیورٹی اور فوجی ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جب کہ ملبے کی تلاش اور شواہد اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے،

    اسرائیل کو مارو اور بھاگوطرز کے حملوں کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ایرانی سپریم لیڈر
    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مارو اور بھاگوطرز کے حملوں کی اجازت نہیں دی جائے گی ،حملے اسرائیل نے شروع کیے، جنگ کا آغاز بھی اسی نے کیا، صیہونی حکومت نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے اور اس کے نتائج بہت ہی برے ہوں گے، ایرانی قوم قیمتی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی،ہماری مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے حکام اور عوام کے تمام ارکان مسلح افواج کے پیچھے ہیں، آج ہر کوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ ہمیں صہیونی دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے، ہمیں طاقت سے کام کرنا چاہیے، اور ہم طاقت سے جواب دیں گے، ہم ان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے،اسرائیلیوں پر زندگی بلاشبہ تلخ ہو جائے گی، یہ مت سوچیں کہ انہوں نے یہ کیا اور بس، نہیں یہ جنگ انہوں نے شروع کی، اب ان کو بھاگنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری مسلح افواج اس دشمن پر سخت ضربیں لگائے گی،ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق ایران کی مسلح افواج اللہ کے حکم سے صیہونی حکومت کو شکست دے گی، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔

    ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اب تک ایران میں 200 اہداف کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیل بغیر اتحادیوں کی مدد کے ایران کے کسی بھی ممکنہ جواب کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،

    ایران پر اسرائیلی میزائل حملو ں کی تیسری لہر،ایران کے جوابی میزائل حملوں سے اسرائیل میں عمارتیں لرز اٹھیں، سابق اسرائیلی سفیر کا انکشاف
    ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کی تیسری لہر شروع کر دی،ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل داغ دیئے،تہران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں کے بعد پورے ملک میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے۔ سابق اسرائیلی سفیر برائے امریکہ، مائیکل اورن نے تصدیق کی ہے کہ ان کا گھر بھی ان حملوں کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ محفوظ کمرے میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔سی این این کی اینکر بریانا کیلر سے بات کرتے ہوئے مائیکل اورن نے کہا ،”چند لمحے قبل ہماری عمارت میں معمولی نہیں بلکہ واضح جھٹکے محسوس کیے گئے۔”مائیکل اورن نے مزید کہا کہ ان کے موبائل فون پر پہلے ہی انتباہی پیغامات موصول ہو چکے تھے، جن میں حملے کی متوقع نوعیت، وقت اور محفوظ مقام کی ہدایات دی گئی تھیں۔”ہمیں واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ کب اور کہاں جانا ہے۔ اور جیسا کہ بتایا گیا تھا، ویسا ہی ہوا۔”انہوں نے اسرائیل کے دفاعی نظام "آئرن ڈوم” کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اگر ایران نے 100 راکٹس فائر کیے اور ان میں سے صرف پانچ سے سات نشانے پر لگے، تو یہ دفاعی نظام کی کامیابی ہے۔”اگر ایران نے ہم پر 100 میزائل فائر کیے اور ان میں سے صرف پانچ سے سات نشانے پر لگے، تو یہ نارمل بات ہے۔”

    ایرانی حملہ، سات اسرائیلی زخمی،اسرائیلی وزارت دفاع کے قریب آگ،فوجی مراکز کو نشانہ بنایا،ایران
    ایران کے اسرائیل پر تازہ بیلسٹک میزائل حملوں کے باعث دارالحکومت تل ابیب میں وزارت دفاع کے قریب آگ لگ گئی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل کے وسطی علاقے میں 7 مقامات پر ایرانی میزائل گرے۔جمعہ کی رات شمال مغربی ایران کے شہر تبریز پر اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی میزائلوں کو بروقت نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔دوسری جانب، پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے اسرائیل میں "درجنوں اہداف” کو نشانہ بنایا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان اہداف میں فوجی مراکز اور فضائی اڈے شامل تھے۔ آپریشن کا نام "True Promise 3” رکھا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کی مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ایرانی حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے کچھ مقامات پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں تل ابیب اور اس سے متصل شہر رامت گان کا علاقہ بھی شامل ہے۔اسرائیلی ایمرجنسی سروس ماگن ڈیوڈ آدوم کے سربراہ ایلی بن کے مطابق، ایرانی حملے میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں کچھ کی حالت معمولی ہے جبکہ دیگر کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ایرانی میزائل گرنے والے مقامات سے دور رہیں،اسرائیلی پولیس کی عوام کو وارننگ
    تل ابیب: اسرائیلی پولیس نے ملک بھر میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اُن مقامات کے قریب نہ جائیں جہاں ایرانی بیلسٹک میزائل گرے ہیں۔پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "مضبوط تربیت یافتہ اور خصوصی اسرائیلی پولیس یونٹس، جن میں ٹیکٹیکل ٹیمیں، ہنگامی ردعمل اسکواڈز اور رضاکار شامل ہیں، پورے ملک میں مکمل طور پر تعینات ہیں۔ یہ ٹیمیں کسی بھی مقام پر تیزی سے پہنچ کر علاقے کو محفوظ بنائیں گی، بم ڈسپوزل ماہرین کو ممکنہ خطرات کو ناکارہ بنانے میں مدد فراہم کریں گی، اور ضرورت کے مطابق امدادی کارروائیاں انجام دیں گی۔”بیان میں شہریوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی میزائل یا اس کے ملبے کو نہ چھوئیں۔اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ "ہم تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ میزائل گرنے والے مقامات پر ہرگز جمع نہ ہوں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان یا جانی خطرے سے بچا جا سکے۔”

    ایران نے ریڈ لائن عبور کر لی،بھاری قیمت چکانی پڑے گی،اسرائیلی وزیردفاع کی دھمکی
    یروشلم: اسرائیلی وزیردفاع یواف گیلنٹ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں پر کہا ہے کہ ایران نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر انتہائی خطرناک قدم اٹھایا ہے، اور اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ایران نے اسرائیل پر حملہ کر کے ریڈ لائن عبور کر لی،اسرائیلی وزیردفاع نے اپنے بیان میں کہا "ایران نے نہ صرف اسرائیل کی خودمختاری پر حملہ کیا ہے بلکہ شہری علاقوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ہم اس جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیں گے۔”

    امریکی فوج ایران کے میزائل و ڈرون حملوں کو روکنے میں اسرائیل کی مدد کر رہی ،سی این این
    ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے سی این این کو بتایا ہے کہ امریکی فوج ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے جانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی روکنے میں اسرائیلی دفاعی نظام کی مدد کر رہی ہے۔اہلکار کے مطابق امریکہ نے اس سے قبل بھی ایرانی حملوں کے دوران اسرائیل کی مدد کی تھی، جس میں امریکی بحریہ اور فضائیہ کے وسائل استعمال کیے گئے تاکہ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کیا جا سکے۔

    ہماری لڑائی ایرانی عوام سے نہیں، بلکہ ایرانی حکومت سے ہے،اسرائیلی وزیراعظم
    ادھر جمعہ کی شب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایرانی عوام سے براہِ راست ویڈیو خطاب میں اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور اپنی آواز بلند کریں۔نیتن یاہو نے کہا، "ہماری لڑائی ایرانی عوام سے نہیں، بلکہ ایرانی حکومت سے ہے۔ آپ حق پر ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔”انہوں نے مزید کہا، "ابھی اور بہت کچھ آنے والا ہے۔ ایرانی حکومت کو ابھی تک یہ سمجھ نہیں آیا کہ اس پر کیا وار ہوا ہے اور کیا ہونے والا ہے۔ یہ پہلے کبھی اتنی کمزور نہیں ہوئی تھی۔”نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ایران کی سب سے اہم یورینیم افزودگی کی سہولت، بیلسٹک میزائلوں کے بڑے ذخیرے، اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور سینئر ایٹمی سائنسدانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔

  • پاکستان کا اپنے شہریوں کو ایران،عراق کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

    پاکستان کا اپنے شہریوں کو ایران،عراق کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

    پاکستان نے اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ایران اور عراق کے سفر پر نظر ثانی کی ہدایت کردی۔

    وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی شہری موجودہ حالات میں ایران اور عراق کے غیر ضروری سفر سے گریزکریں،وزارت خارجہ کےمطابق زائرین کو سفری فیصلوں میں احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہیں،ایران اور عراق کی بدلتی صورت حال پر پاکستانی سفارتخانوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ایران میں پاکستانی زائرین کی وطن واپسی میں معاونت کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ایران میں پاکستانی زائرین کی حفاظت کےلیے ہرممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم کی ہدایت پردفترخارجہ میں کرائسز منیجمنٹ سیل قائم کردیا گیا اور ہیدات کی گئی ہے کہ زائرین کی حفاظت کےلیے اقدامات کیےجائیں.وزیراعظم کا کہنا ہے کہ زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کےلیے تمام ترممکن وسائل بروئےکارلائےجائیں اور صورتحال معمول پرآنےتک دفترخارجہ اورایران میں پاکستانی سفارتخانہ الرٹ رہیں۔

    یاد رہے کہ اسرائیل نے آج صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت متعدد اعلیٰ عسکری حکام شہید ہوگئے۔

  • اسرائیلی حملہ علاقائی امن کے خلاف اعلانِ جنگ ہے،خالد مسعود سندھو

    اسرائیلی حملہ علاقائی امن کے خلاف اعلانِ جنگ ہے،خالد مسعود سندھو

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی خطرناک سازش ہے۔امریکی شہہ پر اسرائیل نے فلسطین کے بعد ایران پر حملہ کیا ،اسرائیلی جارحیت و دہشتگردی کیخلاف مسلم ممالک دو ٹوک مضبوط مؤقف اپنائیں ۔

    ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو،مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، انجینئر حارث ڈار اور محمد سرور چوہدری نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور بعد ازاں کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اس مؤقف کا اظہار کیا۔

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ایران کو عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ اسرائیل خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی اصولوں کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ اسرائیلی حملہ ‘گریٹر اسرائیل’ کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش ہے،اہل غزہ پر اسرائیلی حملوں کی صرف مذمت کی بجائے عملی مدد و جدوجہد کی جاتی تو آج اسرائیل کو ایران پر حملے کی جرات نہ ہوتی ۔

    قاری محمدیعقوب شیخ نے کہا کہ اسرائیل برسوں سے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، اور فلسطین میں جاری ظلم و ستم اس کا واضح ثبوت ہے،موجودہ صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا فوری سربراہی اجلاس بلایا جائے۔

    حافظ خالد نیک ،حارث ڈار نے کہا کہ اسلامی ممالک کو مل کر ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا تاکہ اسرائیلی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔اگر اسرائیل کو لگام دی گئی تو یہ دنیا کو ایک اور عالمی جنگ کی طرف لے جا سکتا ہے۔

  • اسرائیلی حملے میں جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، تصدیق ہو گئی

    اسرائیلی حملے میں جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، تصدیق ہو گئی

    بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ایران کی نطنز میں واقع جوہری تنصیب کو اپنے حالیہ فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے، تاہم حملے کے نتیجے میں تابکاری کی سطح میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا اور ایٹمی تنصیبات کو کوئی بنیادی نقصان نہیں پہنچا۔

    آئی اے ای اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ ایران کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور نطنز پر ہونے والے حملے کے حوالے سے ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ حملے میں بوشہر میں قائم جوہری پاور پلانٹ، فردو اور اصفہان کی جوہری سائٹس محفوظ رہیں اور ان مقامات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نطنز جوہری تنصیب پر حملے کے باوجود کسی قسم کی ایٹمی آلودگی پیدا نہیں ہوئی اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے آج ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملے کیے، جن میں ایرانی جوہری و فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، ایرانی مسلح افواج کے چیف جنرل محمد حسین باقری، اور کم از کم چھ جوہری سائنسدان شہید ہو گئے۔یہ حملے اسرائیل کی جانب سے ایک "پری ایمپٹیو اسٹرائیک” قرار دیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ایران کی مبینہ جوہری صلاحیت کو محدود کرنا اور اس کے فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا ہے۔

    اس واقعے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ عالمی برادری خاص طور پر اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ بین الاقوامی مبصرین نے اس اقدام کو ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے جو پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔آئی اے ای اے نے اپنے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ وہ ایران میں موجود اپنے ماہرین کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ تابکاری خطرے سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔

  • سینیٹ میں اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

    سینیٹ میں اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

    اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

    یہ قرارداد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایوان بالا میں پیش کی، جس میں اسرائیل کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور اسے بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ جارحانہ اقدام نہ صرف جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے بلکہ اس نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھی نہتے فلسطینیوں، خصوصاً بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، جو انسانیت سوز مظالم کی بدترین مثال ہے۔

    سینیٹ کے اجلاس کے دوران تمام اراکین نے اس مذمتی قرارداد کی حمایت کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اراکین سینیٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جارحیت کا فوری نوٹس لیا جائے اور بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کیا جا سکے،ایوان نے ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کو دہرایا کہ عالمی امن کے لیے یکطرفہ جارحیت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کئی برسوں کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں تنازعہ شدت اختیار کرتا ہے تو دنیا کو توانائی کی سپلائی میں شدید خلل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    برینٹ کروڈ، جو عالمی سطح پر خام تیل کے نرخوں کا پیمانہ سمجھا جاتا ہے، 4.3 فیصد اضافے کے ساتھ 72.4 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ جبکہ امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 71.4 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ مارچ 2022 کے بعد دونوں بینچ مارک ریٹس میں ایک دن کے اندر سب سے بڑی چھلانگ ہے۔ یہ وہ وقت تھا جب روس نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا تھا اور عالمی منڈیوں میں شدید ہلچل مچی تھی۔مالیاتی سروسز کمپنی پیپر اسٹون کے ریسرچ اسٹریٹیجسٹ احمد العسیری نے ایک تحقیقی نوٹ میں کہا ہے کہ برینٹ کی قیمت میں یہ اضافہ "فوری سپلائی سے متعلق خدشات کے ساتھ ساتھ اس بڑھتے ہوئے احساس کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ حالیہ صورتحال ماضی کے اسرائیل،ایران تنازعات کے مقابلے میں زیادہ طویل اور شدید ہو سکتی ہے۔”

    سرمایہ کاروں کو تشویش ہے کہ ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کس حد تک جائے گی، کیا امریکہ بھی حملے کی زد میں آئے گا اور کیا اہم تیل بردار راستوں جیسے کہ آبنائے ہرمز کی بندش یا خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

    دوسری جانب اسٹاک مارکیٹس پر اس صورت حال کا منفی اثر دیکھنے میں آیا۔ امریکی اسٹاک فیوچرز میں نمایاں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے سونے جیسے محفوظ سرمایہ کاری ذرائع کی جانب رخ کر لیا۔ ڈاؤ فیوچرز میں 1.3 فیصد (یعنی 540 پوائنٹس) کی کمی ہوئی، جبکہ ایس اینڈ پی 500 اور نیس ڈیک فیوچرز بالترتیب 1.4 اور 1.6 فیصد نیچے آئے۔

    سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جو تقریباً 1 فیصد بڑھ کر 3,413.6 ڈالر فی ٹرائے اونس تک پہنچ گئی، جو موجودہ کشیدہ صورت حال میں سرمایہ کاروں کی بے چینی کی علامت ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی کم نہ ہوئی تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔

  • مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد کئی ایئرلائنز کی پروازیں معطل

    مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد کئی ایئرلائنز کی پروازیں معطل

    تل ابیب اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایران پر جمعہ کو کیے گئے فضائی حملوں کے بعد دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز نے ایران، عراق اور دیگر علاقائی ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل یا منسوخ کر دی ہیں۔

    قطر ایئرویز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایران اور عراق کے لیے پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق ایران کے تین اہم ہوائی اڈے بشمول دارالحکومت تہران اور عراق کے پانچ ہوائی اڈے بشمول بغداد متاثر ہوئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی معروف ایئرلائن "ایمرٹس” نے بھی اعلان کیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے دنوں کے لیے عراق، اردن، لبنان اور ایران کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔بھارت کی سرکاری ایئرلائن "ایئر انڈیا” نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ ایران کی فضائی حدود کی بندش اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر درجنوں پروازیں موخر یا واپس روانہ کی گئی ہیں۔ متاثرہ پروازوں میں نیویارک، لندن، وینکوور اور واشنگٹن سے آنے اور جانے والی پروازیں شامل ہیں۔

    خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف زمینی بلکہ فضائی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو مزید ایئرلائنز بھی اپنی پروازیں محدود یا منسوخ کر سکتی ہیں، جس کے عالمی سفر پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

  • قومی اسمبلی میں ایران پر حملے کیخلاف  قرار داد متفقہ طور پر منظور

    قومی اسمبلی میں ایران پر حملے کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن کے بینچز کی پہلی چار قطاروں کے مائیک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے خراب ہوچکے ہیں،ان کے خراب ہونے کہ وجہ بجٹ والے دن کا احتجاج ہے،اب ان مائیکس کی مرمت وغیرہ 30 سے 35کروڑ کا خرچہ آئے گا،اس سسٹم کے اسپیئر پارٹس بھی اب مل نہیں رہے،نئے لگانے پڑیں گے،

    قومی اسمبلی میں ایران پر حملے کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی،قرارداد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی تھی،قرارداد پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے پیش کی،

  • اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں،پاکستان

    اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں،پاکستان

    پاکستان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی و عالمی امن و سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ فوری طور پر یہ جارحیت رکوائیں، عالمی قوانین کی حفاظت اور حملہ آور کو جوابدہ بنانے کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر عائد ہوتی ہے۔

    شہباز شریف کا اسرائیل کی ایران پر حملے کی شدید مذمت

    اسرائیل کے ایران پر بلا اشتعال حملے کی مذمت کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف
    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر غیرمعمولی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بلاوجہ اور غیرذمہ دارانہ عمل ہے جو خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔شہباز شریف نے ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں جانوں کے نقصان پر انہیں گہرا دکھ ہوا ہے۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کریں جو خطے اور عالمی سطح پر امن کو لاحق خطرات کو روک سکیں اور کسی مزید کشیدگی کو روکیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران پر باقاعدہ جنگی حملوں کا آغاز کرتے ہوئے درجنوں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، معروف جوہری سائنسدان فرید عباسی اور محمد مہدی سمیت اعلیٰ فوجی قیادت شہید ہوگئی ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری شہید ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی حملے میں ختم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر جنرل غلام علی راشد بھی شہید ہو گئے، جبکہایرانی سپریم لیڈرکے مشیرعلی شمخانی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے ہیں،

  • ایران کا ڈرون سے اسرائیل پر حملہ،اسرائیلی وزیراعظم کا طیارہ روانہ

    ایران کا ڈرون سے اسرائیل پر حملہ،اسرائیلی وزیراعظم کا طیارہ روانہ

    ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کا جوابی وار ،اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے 100زائد ڈرون طیاروں سے حملہ کیاہے،

    دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو ایران کی جانب سے فضائی حملوں پر جوابی کارروائی کی دھمکی ملنے کے بعد نامعلوم مقام پر روانہ ہوگئے۔

    اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے سرکاری طیارے ’ونگ آف زاین‘ نے بن گورین ایئرپورٹ سے اڑان بھرلی،رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے طیارے کی منزل مقصود کا علم نہیں ہے۔ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔