Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • علیمہ کی عمران سے ملاقات کی درخواست منظور

    علیمہ کی عمران سے ملاقات کی درخواست منظور

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانیٔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

    راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کی بہن علیمہ خان کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ منگل کے روز اُنہیں اپنے بھائی سے ملاقات کا وقت دیا گیا تھا، مگر وہ ملاقات نہیں ہو سکی۔علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے جیل حکام کو حکم دیں تاکہ آج ملاقات کرائی جا سکے۔عدالت نے علیمہ خان کی درخواست پر غور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی کہ وہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کو ملاقات کی اجازت دیں اور یہ ملاقات جلد از جلد ممکن بنائیں۔

  • پاکستان کے کئی شہروں میں کے ایف سی پر حملے

    پاکستان کے کئی شہروں میں کے ایف سی پر حملے

    پاکستان کے مختلف شہروں میں اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں غیر ملکی فوڈ چینز، خاص طور پر کے ایف سی، پر مشتعل افراد نے حملے کیے ہیں۔ کراچی، لاہور اور لاڑکانہ میں ہونے والے ان حملوں میں پتھروں اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا، جبکہ ریسٹورنٹس کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ ان واقعات میں جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن حملہ آور فرار ہو گئے۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں 9 اپریل کو واقع ایک نجی ریسٹورنٹ (کے ایف سی) پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے شدید توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار کیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ، مہظور علی کے مطابق، پولیس نے دس افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں سے ایک شخص کے قبضے سے ہتھوڑا بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے اضافی نفری تعینات کرکے علاقے میں امن و امان بحال کر لیا۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    لاڑکانہ میں بھی کے ایف سی پر حملہ کیا گیا، جہاں مشتعل افراد نے ریسٹورنٹ کو جلانے کی کوشش کی۔ پولیس نے حملہ آوروں کو روکنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور صورتحال پر قابو پا لیا۔ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں بھی غیر ملکی فوڈ چینز، خاص طور پر کے ایف سی، پر حملہ کیا گیا۔ موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے ریسٹورنٹ پر پتھروں سے حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ریسٹورنٹ کے عملے اور گاہکوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے تلاش کیا جا رہا ہے۔

    مذہبی رہنما حافظ ہشام الہیٰ ظہیر نے ان حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ "کے ایف سی یا کسی بھی غیر ملکی فرنچائز پر حملہ کرنا کسی صورت جائز نہیں ہے۔ یہ لوکل پاکستانی لوگوں کا کاروبار ہے اور اس پر حملہ کرنا قابل قبول نہیں۔ اس عمل کو ہوا دینے والے افراد کے خلاف بھی ایک دن کارروائی کی جائے گی۔

    پاکستان میں اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ہونے والے یہ حملے غیر ملکی ریسٹورنٹس پر شدید نوعیت کے ہیں، اور مختلف شہروں میں پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت اور پولیس نے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے اور امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • تاج حیدر  پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے ایک تھے، سحر کامران

    تاج حیدر پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے ایک تھے، سحر کامران

    پاکستان پیپلز پارٹی کی ممتاز رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سینیٹر تاج حیدر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایک تعزیتی پیغام میں سحر کامران نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے ایک تھے، جنہوں نے اپنی زندگی میں جمہوریت اور سماجی انصاف کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاج حیدر نہ صرف ایک بہترین سیاستدان تھے بلکہ ایک ماہر ریاضی دان، ادیب اور ڈرامہ نگار بھی تھے۔ ان کی سیاسی سرگرمیاں اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے لکھے گئے ڈرامے پاکستان کے ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ ان کا سیاست میں کردار، خاص طور پر انتخابی شفافیت کے لیے جدوجہد، بے حد اہم تھا۔

    سحر کامران نے کہا کہ تاج حیدر کی وفات سے ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، اور ان کی کمی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ناقابل تلافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر کی تعلیمی شعبے میں بھی گرانقدر خدمات تھیں، خاص طور پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اکیڈمی کے ذریعے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی محنت لائق ستائش تھی۔
    سحر کامران نے سینیٹر تاج حیدر کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کی روح کو سکون دے اور ان کے خاندان کو یہ عظیم نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آمین۔

  • پیپلز پارٹی آئین کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی ،حسن اقبال جوئیہ

    پیپلز پارٹی آئین کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی ،حسن اقبال جوئیہ

    پاکستان پیپلز پارٹی ساہیوال کے رہنما حسن اقبال جوئیہ نے 1973 کے آئین کی منظوری کو ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

    حسن اقبال جوئیہ نے اسلامی جمہوری آئین کی منظوری کے 52 سال مکمل ہونے پر کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا یہ کارنامہ تھا کہ انہوں نے متفقہ اسلامی جمہوری آئین کو منظور کرایا، جس سے ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کا قیام ممکن ہوا۔ 1973 کا آئین پاکستان کے عوام کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور اس نے ملک کے تمام شہریوں کو مساوات، آزادی اور انصاف کی فراہمی کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی جانب سے ملک کے عوام کو آئین کی منظوری کی 52ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔

    حسن اقبال جوئیہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اس آئین کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے،صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

  • تھانہ نیلور پولیس کی مؤثر کاروائی،منظم ڈکیت گروہ کے 3 ارکان گرفتار

    تھانہ نیلور پولیس کی مؤثر کاروائی،منظم ڈکیت گروہ کے 3 ارکان گرفتار

    اسلا آباد، تھانہ نیلور پولیس کی مؤثر کاروائی،ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث منظم گروہ کے 03 ارکان گرفتار کر لئے،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینی گئی نقدی اور واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ برآمد کر لیا گیا.

    انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارلحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں تھانہ نیلور پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب منظم گروہ کے 03 ارکان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینی گئی نقدی اور واردات میں استعمال ہونیوالے 3 عدد 30 بور پسٹل برآمد کر لئے۔گرفتار ملزمان کی شناخت عادل علی،محمد علی اور محمد کامل کے ناموں سے ہوئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے متعدد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے،مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ، چار افغان بھائیوں کی گمشدگی ،آئی جی اسلام آباد ،پنجاب طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ، چار افغان بھائیوں کی گمشدگی ،آئی جی اسلام آباد ،پنجاب طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے جنوری 2024 سے لاپتا ہونے والے چار افغان بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس میں آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو 16 اپریل کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

    جسٹس محمد آصف نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لاپتا نوجوانوں کی والدہ کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہو گئیں، جس پر عدالت کا ماحول افسردہ ہو گیا۔جسٹس محمد آصف نے ریمارکس دیے کہ "اگر یہ واقعہ میرے یا آپ کے ساتھ پیش آتا تو تب احساس ہوتا، آپ لوگ آکر صرف یہ کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں۔ میں بلوچستان میں تھا، وہاں بھی یہی کہا جاتا تھا کہ ہمارے پاس نہیں، مگر پھر وہیں سے افراد برآمد ہو جاتے تھے۔ کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا؟”انہوں نے مزید کہا کہ "جس کا بندہ لاپتا ہوتا ہے، وہ ہر پل زندہ رہتا ہے اور ہر پل مرتا ہے۔ اس درد کو وہی سمجھ سکتا ہے جس پر بیتتی ہے۔ لاپتا بیٹوں کی والدہ بار بار میری عدالت آتی ہیں، انصاف کی امید لیے ہوئے۔”

    عدالت نے عندیہ دیا کہ ممکن ہے اس کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے، تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے اور گمشدگی کے اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔کیس کی اہمیت اور حساسیت کے پیش نظر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انسپکٹر جنرل اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور انہیں 16 اپریل بروز منگل، صبح 11 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

  • نواز شریف وزیراعظم شہبازاور مریم کے ہمراہ آج بیلا روس جائیں گے

    نواز شریف وزیراعظم شہبازاور مریم کے ہمراہ آج بیلا روس جائیں گے

    سابق وزریاعظم نواز شریف آج بیلا روس روانہ ہوں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف بھی ہمراہ ہوں گے

    پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف آج بیلا روس روانہ ہو رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ہوں گی۔مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ دورہ بیلا روس کے صدر کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینا اور اقتصادی و تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اعلیٰ سطحی وفد میں اہم سرکاری و سیاسی شخصیات بھی شامل ہوں گی، جو بیلا روس کے مختلف حکومتی و تجارتی نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔مریم اورنگزیب کے مطابق اس دورے کے دوران تعلیم، صنعت، زراعت، اور توانائی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز بیک وقت کسی غیر ملکی سرکاری دورے پر جا رہے ہیں، جسے سیاسی و سفارتی حلقوں میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا  آسان کاروبارفنانس ،آسان کاروبار کارڈسکیم کو آسان بنانے کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب کا آسان کاروبارفنانس ،آسان کاروبار کارڈسکیم کو آسان بنانے کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں آسان کاروبارفنانس اورآسان کاروبار کارڈ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

    وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آسان کاروبارفنانس اورآسان کاروبار کارڈسکیم کو آسان تر بنانے کی ہدایت کی ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس کیلئے ضرورت کے مطابق لون دینے کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس کیلئے نئے یونٹ قائم کرنے والے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کی، اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرض حاصل کرنیوالو ں میں ٹرانسپورٹ،فارما سوٹیکل،چھوٹے کاروبارکرنیوالے افراد شامل ہیں،کاروبارفنانس کیلئے 80ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں،کاروبار فنانس اورکاروبار کارڈ کے ذریعے 34ہزار کاروباری افرا د کیلئے لون کا اجراء کیا گیا

    وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نےقرض حاصل کرنے والے تمام افراد سے فیڈ بیک لینے کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس کے دوران ہی قرض حاصل کرنے والے افراد سے فون پر با ت چیت کی،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قرض حاصل کرنے کے مراحل کے بارے میں دریافت کیا ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کریانہ سٹور کا کاروبار کرنے والے عدنان علی سے بات چیت کی،عدنان علی نے کاروبارفنانس کارڈ کے ذریعے3لاکھ55ہزار ملنے پر اظہار تشکرکیا اور کہا کہ 3لاکھ55ہزارروپے کا سامان کریانہ سٹور میں ڈالنے سے کاروبار بڑھا۔تونسہ سے زرعی مداخل کا کاروبار کرنیوالے معین الدین وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے گفتگوکرکے حیران،شکریہ ادا کیا اور ہا کہ ایک لاکھ56ہزار روپے کا کھل،بنولہ،چوکر ونڈا ڈالنے سے کاروبار میں بہتری آئی۔آسان کاروبار فنانس کارڈ جیسی سکیم شروع کرنے پر محمد نوازشریف صاحب اوروزیراعلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
    لودھراں کے نواحی گاؤں 104میں کریانہ کی دکان چلانے والے ندیم احمد سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کی، ندیم کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے 8لاکھ روپے فنانس کارڈ کے ذریعے ملنے سے دکان میں زیادہ مال ڈال لیااورکاروبار بڑھ گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس سکیم میں شامل افراد کی کامیابی کی دعائیں کیں

  • کاروباری تنظیموں سے مشاورت ، تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے،وزیراعظم

    کاروباری تنظیموں سے مشاورت ، تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے،وزیراعظم

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات سہولت اسکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا

    اجلاس میں برآمدات سہولت اسکیم (EFS) کو مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کا اس سے استفادہ یقینی بنانے کیلئے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں. وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد پر سہولت کیلئے اس اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت یقینی بنائی جائے. کمیٹی مزید مشاورت سے عبوری سفارشات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ جلد پیش کرے. آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے.مقامی صنعت کو لیول پلئینگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے.

    اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پیداواری لاگت کو کم کرنے اور ملکی برآمدات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے اس اسکیم کا اجراء کیا گیا تھا. اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور برآمدی صنعت سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی.

  • اسرائیلی ایئر فورس کا طیارہ لبنان میں گر کر تباہ

    اسرائیلی ایئر فورس کا طیارہ لبنان میں گر کر تباہ

    اسرائیلی فضائیہ کا طیارہ لبنان میں‌گر کر تباہ ہو گیا

    اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) کے اعلان کے مطابق، ایک اسرائیلی ایئر فورس کا طیارہ تکنیکی خرابی کے نتیجے میں لبنان میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس واقعے سے متعلق سیکیورٹی مسائل یا معلومات کے لیک ہونے کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے۔ طیارے کے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس طرح کے واقعات نسبتاً نایاب ہیں؛ آئی ڈی ایف کے طیارے کا سب سے حالیہ واقعہ اگست 2024 میں پیش آیا تھا جب ایک طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پالمچیم کے ساحل پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

    اسرائیلی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کے نتیجے میں پیش آیا ہے۔ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔