Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • امن و استحکام کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،خالد مسعود سندھو

    امن و استحکام کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،خالد مسعود سندھو

    قوم کو متحد ،نفرت، انتشار کا خاتمہ کریں گے.صدر مرکزی مسلم لیگ
    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ امن و استحکام کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا. پوری قوم کو متحد کریں گے اور نفرت، تشدد ، انتشار کا خاتمہ کریں گے.سوشل میڈیا پر بے راہ روی اور گالی کلچر کے خاتمے کی بھی ضرورت ہے،سیاستدانوں کی کوتاہیوں اور لاپرواہیوں سے ملک نیچے چلا گیا، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا وژن خدمت انسانیت ہے.مرکزی مسلم لیگ فرقہ واریت اور کسی بھی تعصب سے بالاتر ہو کر قومی سیاست کرے گی.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم، صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد انعام الرحمن، سیکرٹری جنرل اسلام آبادیاسر عرفات بٹ،سلیم الیاس بھی موجود تھے،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھاکہ پاکستان اس وقت مسائل میں گھرا ہوا ہے،لوگ نظام انصاف سے محروم ہو چکے ہیں،بیروزگاری عام ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کی چنگاری سلگ رہی ہے،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ ملک اس لئے حاصل کیا تھا کہ ہم اسلامی اصولوں کے مطابق ایک فلاحی ریاست بنائیں،لیکن سیاستدانوں کی کوتاہیوں اور لاپرواہیوں سے ملک نیچے چلا گیا،پاکستان میں نفرت کی سیاست پروان چڑھ رہی ہے، اسے ختم کرنا ضروری ہے

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان،خیبر پختونخوا، سندھ ،کشمیر کے باسی سب پاکستانی ہیں،پاکستانی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ضروری ہے اور یہ کام خدمت انسانیت سے ممکن ہے،ہم نے 7 مئی کو اتحاد کانفرنس منعقد کر کے نیشنل ڈائیلاگ کی بات کی تھی،پاکستان کو آج ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،نیشنل ڈائیلاگ میں سیاستدان، صحافی علماء سب کو شامل کیا جائے.

    مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھاکہ خدمت انسانیت مرکزی مسلم لیگ کی پہچان ہے اور ملک بھر میں کام جاری ہے ، خدمت کا رمضان مہم کے تحت پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سحر و افطار دسترخوان لگائے گئے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے ہمیشہ خدمت، امن اور یکجہتی کیلئے کام کیا ہے،ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے ضروری ہے محرومیوں کو ختم کیا جائے،مرکزی مسلم لیگ فرقہ واریت اور کسی بھی تعصب سے بالاتر ہو کر قومی سیاست کرے گی.

    انعام الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کا وژن لے کر سیاست میں آئی،رمضان المبارک میں خدمت کا رمضان مہم کے تحت اسلام آباد میں 28 اوپن کچن بنائے گئے ہیں،لوگوں کی سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے گھر کی دہلیز پر سحری پہنچائی جا رہی ہے،لوگوں کو معیاری اور سستے علاج معالجہ کیلئے دو میڈیکل کمپلیکس کام کر رہے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کا منشور خدمت کی سیاست کا عملی نمونہ ماہ رمضان میں قوم دیکھ رہی ہے،پاکستانی قوم کی خدمت کا سلسلہ ماہ رمضان کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا.

  • لاہور پولیس کی کاروائی،خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

    لاہور پولیس کی کاروائی،خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

    خواتین پر تشدد کے واقعات کا سدباب کرتے ہوئے پولیس نے ایک اور فوری کارروائی کی۔ اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی ہدایت پر چوکی نادر آباد پولیس نے ایک خاتون پر تشدد کرنےوالے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

    15 کی کال پر پولیس نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے ملزم خاور کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور ویڈیو میں ملزم کو خاتون پرتشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔شہر بانو نقوی نے اس کارروائی پر پولیس ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کے تشدد یا ہراسانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "خواتین پر اٹھنے والا ہر ہاتھ ہتھکڑیوں میں پہنے گا، اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔”

    ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور ہراساں کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ایس پی کینٹ کی چوکی انچارج نادر آباد نعیم سلطان اور ان کی ٹیم کی تعریف کی، جنہوں نے ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔یہ کارروائی ایک اور اہم پیغام دیتی ہے کہ پولیس کسی بھی قسم کے تشدد یا زیادتی کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرے گی، اور متاثرہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

  • وزیراعظم کی مصروفیات، کابینہ اجلاس ملتوی

    وزیراعظم کی مصروفیات، کابینہ اجلاس ملتوی

    اسلام آباد: آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ اجلاس وزیرِاعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث مؤخر کیا گیا۔

    یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج بروز منگل دن 11 بجے وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقد ہونا تھا۔ تاہم، وزیرِاعظم کی دیگر سرکاری مصروفیات کے پیشِ نظر اس اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جلد از جلد نئے شیڈول کا اعلان متوقع ہے تاکہ زیرِ غور اہم معاملات پر پیش رفت ہو سکے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کو جلد ہی دوبارہ منعقد کرنے کے لیے نئی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم آفس کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس میں اجلاس کی نئی تاریخ اور ایجنڈے کی مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

  • الیکشن کمیشن، جمشید دستی نااہلی کیس کی سماعت ملتوی

    الیکشن کمیشن، جمشید دستی نااہلی کیس کی سماعت ملتوی

    پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ہوئی

    درخواست گزارنے کہا کہ جمشید دستی کے خلاف اثاثہ جات میں غلط بیانی پر نا اہلی کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں،ممبر کے پی نے کہا کہ یہ معاملہ ایک فورم پر اٹھا تھا جو ختم ہوگیا تھا،درخواست گزار نے کہا کہ جمشید دستی کی ڈگری بھی جعلی ہے،ممبر کے پی نے کہا کہ یہ معاملہ بھی نہیں دیکھا جاسکتا، سپیکر کی طرف سے بھجوائے گئےریفرنس کی کاپی موصول ہوئی؟ الیکشن کمیشن حکام نے جواب دیا کہ سپیکر آفس کی طرف سے تاحال ریفرنس موصول نہیں ہوا،

    درخواست گذار نے جمشید دستی کے خلاف سپیکر ریفرنس کی کاپی کمیشن کو فراہم کردی،الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے خلاف سپیکر ریفرنس پر کاروائی چلانے کا فیصلہ کر لیا،الیکشن کمیشن نے پٹیشنرز کو ریفرنس کو کاپی جمشید دستی کو فراہم کرنے کے ہدایت کر دی،الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو 09 اپریل تک تمام درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی

  • رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج

    رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج

    لاہور: معروف ڈیلی وی لاگر، یوٹیوبر اور کانٹینٹ کری ایٹر رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں جذبات کو مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق رجب بٹ کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں ان کی جانب سے حال ہی میں متعارف کروائے گئے نئے پرفیوم کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ مقدمے میں پیکا ایکٹ (پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ) کی مختلف دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔یہ نیا مقدمہ لاہور کے تھانہ نشتر کالونی میں درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس مقدمے میں رجب بٹ پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے متعارف کردہ پرفیوم کے نام اور اس کی تشہیری مہم نے مختلف حلقوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

    رجب بٹ کی جانب سے حال ہی میں لانچ کیے گئے پرفیوم پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ مختلف طبقات نے اس پرفیوم کے نام اور اس سے جڑی مارکیٹنگ حکمت عملی پر سخت تنقید کی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقدمے کے اندراج کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معاملے کی گہرائی تک پہنچا جا سکے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ رجب بٹ کسی تنازع کا شکار ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ اپنے متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے مواد کی وجہ سے خبروں میں رہ چکے ہیں۔ ان کے خلاف متعدد مقدمات پہلے بھی درج کیے جا چکے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران رجب بٹ پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم، اس کیس کی مزید پیش رفت آئندہ چند دنوں میں سامنے آئے گی۔

  • آڈیو لیک کیس،علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی

    آڈیو لیک کیس،علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی

    اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔

    عدالت میں جج کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث کیس کی سماعت آگے بڑھانے میں مشکلات کا سامنا رہا، جس کے پیش نظر سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑ کے چارج چھوڑنے کے بعد تاحال کسی نئے جج کی تقرری نہیں ہوسکی، جس کی وجہ سے کیس پر کوئی پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی۔

    یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیر حاضری کے باعث ان کے خلاف جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بدستور برقرار ہیں۔ عدالت کی جانب سے بارہا طلبی کے باوجود ان کی عدم پیشی پر قانونی کارروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔مزید برآں، علی امین گنڈاپور اور ان کے ساتھی اسد فاروق کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے، جس میں ان پر الزام ہے کہ وہ آڈیو لیکس کے معاملے میں ملوث پائے گئے۔ اس کیس میں مزید پیش رفت 18 اپریل کو ہونے والی آئندہ سماعت میں متوقع ہے۔

  • سرکاری ریٹ پر چینی کی فراہمی میں حکومت ناکام،عوام مہنگی خریدنے پر مجبور

    سرکاری ریٹ پر چینی کی فراہمی میں حکومت ناکام،عوام مہنگی خریدنے پر مجبور

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے 163 روپے فی کلو چینی کی فراہمی کا وعدہ پورا نہ ہوسکا، جس کے باعث عوام مہنگے داموں چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں چینی 163 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے اور چینی کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری ہے۔ ان کے مطابق چینی کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں اور حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہ ہو اور عوام کو مناسب نرخوں پر چینی دستیاب ہو۔

    تاہم، وفاقی وزیر کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس نظر آ رہے ہیں کیونکہ ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 163 روپے سے کہیں زیادہ ہے۔ کوئٹہ میں چینی کی قیمت 175 سے 180 روپے فی کلو جبکہ کراچی میں 170 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام شہری سستے داموں چینی خرید سکیں۔

  • وفاقی وزارت داخلہ کا خیبرپختونخوا حکومت سے افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب

    وفاقی وزارت داخلہ کا خیبرپختونخوا حکومت سے افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب

    وفاقی وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوا حکومت سے صوبے میں زیرتعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل نے سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا کو ایک خط لکھا، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ صوبے میں موجود تمام افغان طلبہ کا ڈیٹا 27 مارچ تک فراہم کیا جائے۔

    وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ فارن نیشنل سکیورٹی سیل پاکستان میں موجود غیر ملکی افراد کے متعلق ڈیش بورڈ کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے، اور اس مقصد کے لیے خیبرپختونخوا کے تمام افغان طلبہ کا مکمل ریکارڈ درکار ہے۔یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے تمام افغان شہریوں کو جنہوں نے پاکستانی سٹیزن کارڈ حاصل کر رکھا ہے، 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ، وزارت داخلہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی 31 مارچ تک ملک چھوڑنے میں ناکام رہیں گے، انہیں یکم اپریل سے ملک بدر کیا جائے گا۔

    یہ اقدامات غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سخت پالیسی کے تحت اٹھائے جا رہے ہیں، جس کا مقصد پاکستانی حدود میں موجود غیر ملکیوں کی تعداد اور ان کی قانونی حیثیت کو واضح کرنا ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں،صحافی سمیت 61 مزید شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں،صحافی سمیت 61 مزید شہید

    غزہ: اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک صحافی سمیت مزید 61 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ یہ حملے غزہ کے مختلف علاقوں میں کیے گئے ہیں، جن میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے اور اسپتال بھی شامل ہیں، جن پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی فوج نے غزہ کے رفح شہر کا محاصرہ کر لیا ہے، جس کے باعث ہزاروں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ یہ محاصرہ فلسطینیوں کی زندگی کو مزید مشکلات کا شکار بنا رہا ہے اور ان کے لیے بنیادی ضروریات کی فراہمی بھی مشکل ہو گئی ہے۔

    اسی دوران اسرائیل میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی بحالی کا مطالبہ کیا اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔

    دوسری جانب، مغربی کنارے میں فلسطینی ڈائریکٹر حمدان بلال پر اسرائیلی آلہ کاروں نے حملہ کیا ہے۔ حمدان بلال وہ فلسطینی ہیں جنہوں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم کے موضوع پر ایک ڈاکیومینٹری "NO OTHER LAND” بنائی تھی، جو اس سال آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔پناہ گزینی کے دوران حمدان بلال پر نقاب پوش اسرائیلی آلہ کاروں نے حملہ کیا، جس میں انہیں شدید زخمی کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، تقریباً 15 مسلح آلہ کاروں نے حمدان بلال پر حملہ کیا اور ان کی مارپیٹ کی۔ اس حملے میں حمدان کے سر اور پیٹ پر زخم آئے اور ان کے گھر میں بھی تشدد کیا گیا، جہاں خون کے دھبے فرش پر موجود تھے۔حمدان بلال کو شدید زخمی حالت میں ایمبولینس میں منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے اس پر دھاوا بول دیا اور حمدان کو ایمبولینس سے نکال کر گرفتار کر لیا۔ انہیں نامعلوم مقام پر لے جایا گیا، جہاں ان کے ساتھ مزید برے سلوک کی توقع کی جارہی ہے۔حمدان بلال کی ڈاکیومینٹری "NO OTHER LAND” نے عالمی سطح پر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کو بے نقاب کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسے اس سال آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی گرفتاری اور تشدد اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں کا ایک اور افسوسناک واقعہ ہے۔

  • کراچی میں جے یو آئی رہنما قتل، مقدمہ درج

    کراچی میں جے یو آئی رہنما قتل، مقدمہ درج

    کراچی کے علاقے خیرآباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما مولانا شیر زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ منگھو پیر تھانے میں مقتول کے ماموں شوکت خان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق، شوکت خان کو ان کے آبائی گاؤں بٹگرام سے فون کے ذریعے اطلاع ملی کہ مولانا شیر زادہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ وہ فوری طور پر کراچی کے عباسی شہید اسپتال پہنچے، جہاں انہیں تصدیق کی گئی کہ ان کے بھانجے کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق، مولانا شیر زادہ سحری کے بعد اپنے گھر سے مسجد جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے، جب وہ منگھو پیر کے 100 فٹ روڈ پر پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنا دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    جمعیت علمائے اسلام سندھ کے نائب صدر قاری عثمان کے مطابق، مولانا شیر زادہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح طور پر ایک ٹارگٹ کلنگ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت علماء کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ قاری عثمان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ علماء کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔