عمرکو ٹ۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور چاروں تعلقوں کے ایم ایس اپنے رابطوں کو موثر بنائیں، رابطے نا ہونے کی وجہ سے کئی مسائل جنم لیتے ہیں اور تمام ویکسین موجود ہونے کے باوجود سندھ حکومت پرآپ لوگوں کی وجہ سے سخت تنقید کی جاتی ہے اور ضلع عمرکوٹ کے تمام ہسپتالوں میں کتے کاٹنے کی ویکسین(اے آروی) اورسانپ کاٹنے کی ویکسین (اے ایس پی) کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور اگر کوئی بھی بچہ کتے کاٹنے کی ویکسین سے محروم رہا یا پھر اس میں کوئی بھی کوتاہی یا غفلت ہوئی تو ان کے زمہ دار متعلقہ تعلقہ کا ایم ایس اور اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس کے دربار ہال میں صحت کے حوالے سے منعقد کردہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر الھداد اور چاروں تعلقوں کے ایم ایس سے صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کتے کاٹنے اور سانپ کاٹنے کی ویکسین کی موجودگی کے حوالے سے عام لوگوں کو آگاہی دی جائے اور سائین بورڈ اور پینافلیکس تمام میڈیکل سینٹروں پر لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امپرومینٹ آف ہیلتھ سکیٹر کے حوالے سے واٹس اپ گروپ بنایا جائے جس پر روزانہ کی بنیاد پر صحت کے حوالے سے تمام مسائل اجاگر کئے جائیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے اور رات کے اوقات میں اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کیس سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کوبھی یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے پی پی ایچ آئی،آئی ایچ ایس، آئی ایچ ایچ کے اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور موبائل ہیلتھ یونٹ کی او پی ڈی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ارسال کرنے کے احکامات جاری کئے۔
Author: Regional News
25 سالہ جوان کی پرسرار ہلاکت
نوشہرہ ورکاں۔ (اے پی پی) علاقہ تھانہ تتلے عالی موضع مرالی والا میں 25 سالہ جوان محمد آصف کی پرسرار ہلاکت۔ محمد آصف کے کزن خالد حسین گجر کے مطابق آصف کا دوست محمد سجاد رات اسے گھر سے بلا کر فیکٹری لے گیا اور کچھ دیر بعد محمد آصف کی موت کی اطلاع مل گئی۔ ورثاء کی جانب سے زہر خورانی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ملزم سجاد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 302/34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔جبکہ مقتول کی نعش نوشہرہ ورکاں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال ڈیڈ ہاؤس میں پوسٹ مارٹم کے لیے جمع کرا دی گئی ہے۔ تتلے عالی پولیس مصروف تفتیش ہے۔

ویگن اور ٹرالر کے درمیان تصادم میں 2 افراد جاں بحق
سرگودھا۔ (اے پی پی) موٹر وے کوٹ مومن کے قریب ویگن اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، ویگن اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی کہ اس نے چلتے ٹرالر کو ٹکر مار دی، جس سے ویگن میں سوار 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی شناخت شہزاد اور عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے جنکی نعشیں ڈاکٹری ملاحظے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

جرائم پیشہ افراد کی نئی ریڈ بک جاری کرنے اور فورتھ شیڈول پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری
سرگودھا۔ (اے پی پی) حکومت پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کی سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں نئی ریڈ بک جاری کرنے اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے اور اس سلسلہ میں پنجاب پولیس خطرناک اور سروں کی قیمت والے ملزمان کی ریڈ بک جاری کررہی ہے جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل وہ افراد جو تھانوں میں حاضر ہوکر اپنی حاضری کو یقینی نہیں بنا رہے ان کیخلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام ایس ایس پی صاحبان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں خطرناک اور سروں کی قیمتوں والے ملزمان کی تفصیلات جاری کریں اور انہیں ریڈ بک میں شامل کرنے کے علاوہ ان کی تصاویر کو نمایاں پبلک مقامات پر آویزاں کرے تاکہ ان کی گرفتاری میں آسانی ہو۔

ٹیکس ڈیفالٹرز سے51 لاکھ روپے سے زائد رقم ریکور
سرگودھا۔ (اے پی پی) اینٹی کرپشن سرگودھا نے مختلف ٹیکس ڈیفالٹرز سے51 لاکھ22ہزار3 سو62 روپے ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دی۔تفصیلا ت کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایات اورڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی سربراہی میں اینٹی کرپشن سرگودھا نے، سرگودھا ڈویژن میں میونسپل کارپوریشن کے نادہندوں کے خلاف کاروائیاں کی ہوئیں ہیں احسان اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اینٹی کرپشن سرگودھا نے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے نادہندوں سے 8لاکھ53ہزار7سو83روپے ریکور کر کے خزانہ سرکار میں جمع کروا دئیے اور محمد خرم انور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (تفتیش) اینٹی کرپشن سرگودھا کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن سرگودھا نے فاطمہ جناح پر واقع سرکاری دکانوں کے نادہندوں سے8لاکھ9ہزار6سو23روپے ریکور کر کے خزانہ سرکار میں جمع کروا دئیے۔ اسی طرح اینٹی کرپشن سرگودھا نے سرکاری واجبات کے نادہندوں کیخلاف تحصیل سطح پر بھی اپنی کارروائیاں تیز کی ہوئی ہیں جس میں تصور عباس بوسال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش) اینٹی کرپشن سرگودھا نے میونسپل کارپوریشن بھیرہ کے نادہندوں سے 15لاکھ84 ہزار4 سو30روپے ریکور کیے اور میونسپل کارپوریشن کوٹمومن کے نادہندوں سے 8 لاکھ57ہزار5 سو روپے بھی ریکور کر کے خزانہ سرکار میں جمع کروادئیے۔ محکمہ اینٹی کرپشن ضلع خوشاب میں بھی سرگرم عمل ہے اور میونسپل کارپویشن خوشاب کے نادہندوں سے عاطف شوکت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خوشاب کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن خوشاب نے نادہندوں سے10لاکھ 17ہزار26 روپے ریکور کر کے خزانہ سرکار میں جمع کروا دئیے۔

موٹرسائیکل اور ویگن میں تصادم نوجوان جاں بحق
کوئٹہ۔(اے پی پی)چمن کوئٹہ۔شاہراہ۔ژڑہ بند کے مقام پر موٹرسائیکل اور ویگن میں تصادم کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ لیویز کے مطابق بدھ کے روز چمن کوئٹہ شاہراہ ژڑہ بند کے مقام پر موٹرسائیکل اور ویگن میں تصادم ہوا جس میں نوجوان حکمت اللہ شدید زخمی ہو گیا جسے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ لیویز نے لاش کو ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ مزید کاروائی لیویز کررہی ہے۔

نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ،2 افراد جاں بحق
کوئٹہ۔(اے پی پی)پنجگور سے متصل واشک کے علاقے سورآپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پنجگور سے متصل علاقہ سوراب میں فضل ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چتکان پنجگور کے رہائشی آمر اور مراد جاں بحق ہوگئے دونوں کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا ہے لیویز نے علا قے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلا ش شروع کردی ہے۔

حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو بچانے کیلئے ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرے، ترجمان فیصل ۱ٓباد چیمبر
فیصل آباد۔ (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی کے حساس اعشاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گراں فروش بھی ناجائز و غیر قانونی منافع خوری کے مرتکب ہوتے ہوئے عام آدمی کے ماہانہ بجٹ میں 15سے 20ہزار روپے اضافے کا باعث بن رہے ہیں لہٰذا حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو بچانے کیلئے ضرور ی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ان کو فوری منجمد کرے تاکہ عوام اور تنخواہ دار طبقہ میں پائی جانے والی تشویش و بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردو نوش سمیت روز مرہ استعمال کی تمام چیزوں کی قیمتوں میں مسلسل نان سٹاپ اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب حکومتی اداروں کی انتہائی کمزور گرفت اور عملی طور پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا وجود نظر نہ آنے کے باعث خود غرض، مفاد پرست ناجائز منافع خور طبقہ غیر قانونی طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے عام آدمی کے بجٹ میں اضافہ کا موجب بن رہا ہے لیکن اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی میکنزم نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے گراں فروشوں کی جانب سے عوام کا استحصال کیا جارہا ہے نیز اس کے علاوہ تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی کے حساس ا عشاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ بنانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کی بدترین لہر آئے گی جو وطن عزیز کے کروڑوں غریبوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضرور ی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ان کو فوری منجمد کرے جبکہ گراں فروشوں کے خلاف مؤ ثر مہم چلائی جائے اور گراں فروشی کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔

تھائی لینڈ پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستان سے تعاون کرے گا
فیصل آباد۔ (اے پی پی) تھائی لینڈپنجاب میں چاول اور گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھر پور تعاون کرے گا جبکہ اس ضمن میں تھائی انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن، محکمہ زراعت پنجاب کو تمام ممکن معاونت فراہم کرے گی نیز چاول وگند م کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی ریسرچ کے اداروں کے ساتھ مل کر نئی تحقیق کے ذریعے گندم اور چاول کی ایسی اقسام بھی تیار کی جائیں گی جو کم وقت میں زیادہ پیداوار دینے سمیت مختلف بیماریوں، کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف شاندار قوت مزاحمت و مدافعت کی حامل ہوں اور ان پر موسمی تغیرات بھی اثر انداز نہ ہوسکیں۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں تھائی لینڈ کے ماہرین زراعت اور زرعی اداروں کے تجربات سے بھی بھر پور استفادہ یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن تھائی لینڈ کے زرعی ماہرین کی اعلیٰ سطحی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹیم کے ارکان زرعی تحقیق میں بھر پور مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ بھر پورزرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔

دل کے امراض سے کیسے محفوظ رہا جا سکتا ہے، ماہر امراض قلب نے بتا دیا
فیصل آباد۔ (اے پی پی) فیصل آبا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر اطہر رؤف رانا نے کہاہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں لوگوں کا ”آرام طلب لائف سٹائل“ دل کی بیماریوں کا سب سے بڑا سبب ہے لہٰذا دل کے دورے سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ طرز زندگی اور اپنے رہن سہن کا انداز تبدیل کیا جائے مرغن کھانوں کی بجائے پھل اور سبزیوں کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنایا جائے اور ہر شخص روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش کی عادت اپنائے۔انہوں نے کہاکہ امراض قلب میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ تشویش ناک ہے کیونکہ گزشتہ سال کے دوران دنیا بھر میں ایک کروڑ 73 لاکھ افراد امراض قلب کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے اور اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو اگلے 15 سال کے دوران دل کی بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد سالانہ اڑھائی کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ محتاط طرز زندگی اپنا کر ہم امراض قلب سے بچ سکتے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں لوگوں کی آگاہی کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہیلتھ ایجوکیشن دی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کل دل کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے 30 فیصد مریض 40 سال سے کم عمر کے ہوتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے رہن سہن اور کھانے پینے کی عادات ایسی ہیں کہ لوگ ذہنی تناؤ میں زندگی گزار رہے ہیں اور لوگ ذہنی تناؤ کم کرنے کیلئے سگریٹ اورمنشیات کا سہارا لیتے ہیں لیکن نشے کا عادی ہونے کی صورت میں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرغن اور نشاستے والے فاسٹ فوڈ کے رواج نے ہمارے بزرگوں‘ مردوں‘ عورتوں اور بچوں کو شوگر‘ موٹاپے اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا کردیا ہے جبکہ ہمارے معاشرے میں ورزش کی عادت عام نہ ہونے کی وجہ سے بھی امراض قلب میں اضافہ ہورہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حکومت پنجاب نے امراض قلب کے بہترین ڈاکٹرز تعینات کرنے کے علاوہ جدید ترین تشخیصی آلات اور ادویات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی سی میں گزشتہ چند روز کے دوران سینکڑوں مریضوں کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے جبکہ اس دوران کئی اوپن ہارٹ سرجیکل آپریشن کئے گئے اور اس ہسپتال میں بائی پاس آپریشن میں کامیابی کی شرح پاکستان کے کسی بھی کارڈیالوجی ہسپتال سے بہت بہتر ہے۔








