وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف جاری اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پراسیکیوشن کی جانب سے جج تبدیلی کی درخواست منظور کر لی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کیس کو جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں منتقل کر دیا۔ یہ فیصلہ پراسیکیوشن کی اس دلیل پر آیا کہ علی امین گنڈاپور مسلسل استثنیٰ کی درخواستیں دائر کر رہے ہیں اور عدالت میں حاضری سے گریز کر رہے ہیں۔دوسری جانب، وزیر اعلیٰ کے وکیل راجہ ظہور نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض کیس میں تاخیر کا حربہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2016 سے 2024 تک پراسیکیوشن ٹرائل مکمل نہیں کروا سکی اور ان کے مؤکل کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔
یہ کیس 2016 سے زیر سماعت ہے اور اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا تھا۔ تاہم، جج کی تبدیلی سے اب کیس کی کارروائی نئے سرے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔اس فیصلے نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ قانون کے مطابق ایک معمول کا فیصلہ ہے، جبکہ مخالفین اسے سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں۔کیس کی اگلی سماعت میں مزید پیش رفت کا امکان ہے، جہاں نئے جج کے سامنے دلائل پیش کیے جائیں گے۔ اس دوران، سیاسی مبصرین اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ یہ کیس خیبر پختونخوا کی سیاست پر کیا اثرات مرتب کرے گا
Author: صدف ابرار
-

وزیر اعلی کے پی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس،پراسیکیوشن کی جج تبدیلی کی درخواست منظور
-

بر طرفی سے قبل کس نے وہاب ریاض کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک حیران کن فیصلے میں سابق کرکٹرز وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو قومی سلیکشن کمیٹی سے برطرف کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کرکٹ حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، اس فیصلے سے قبل ایک اعلیٰ عہدیدار نے وہاب ریاض کو خاموشی سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم، وہاب نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد انہیں برطرف کر دیا گیا۔وہاب ریاض نے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ وہ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان پر دباؤ ڈالنے کے الزامات سے متفق نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام میٹنگز کے منٹس موجود ہیں جو ان کے موقف کی تصدیق کرتے ہیں۔پی سی بی نے اپنے بیان میں صرف اتنا کہا ہے کہ وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی خدمات اب مردوں اور خواتین کی سلیکشن کمیٹیوں میں درکار نہیں ہیں۔ تاہم، بورڈ نے ان کی برطرفی کی وجوہات کی تفصیلات سے گریز کیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کرکٹ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ اقدام ٹیم سلیکشن کے عمل میں بڑی تبدیلیوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔اس واقعے نے پاکستان کرکٹ میں شفافیت اور احتساب کے مسائل کو ایک بار پھر سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ کرکٹ فینز اب انتظار کر رہے ہیں کہ پی سی بی اس معاملے پر مزید وضاحت دے گا یا نہیں۔ -

ملک بھر کے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے خطیر رقم کی بچت ممکن ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف نےکابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی مناسبت سے سکیورٹی کے سخت انتظامات ہونے چاہئیں، محرم الحرام میں صوبوں کو جو مدد درکار ہوگی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی اہداف کی بہتری کیلئے خوداحتسابی کی ضرورت ہے ملک بھر میں اداروں اور صوبوں کو آپس میں رابطہ میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کڑوے فیصلے کرنے پڑیں گے ، آئی ایم ایف کا ہدف باتوں سے پورا نہیں ہوگا ، وزارتوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر 1200ارب روپے کی ریکوری نہ ہوتو ڈیمز اور سولرائزیشن میں یہ پیسہ لگ سکتا ہے، اللہ نے موقع دیا ہے تو جت کر قوم کی خدمت کرنی ہوگی، پاکستان کی حالت ہم سب کے سامنے ہے، وزیراعظم ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ پر میری پوری توجہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں بجلی کی ترسیلی لائنز کو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانا ہے، ملک بھر میں تیل سے چلنےوالے10لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، ملک بھر کے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے خطیر رقم کی بچت ممکن ہوگی۔وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ میراتاجکستان اورقازقستان کادورہ بہت کامیاب رہا ، روس کےصدرپیوٹن سےملاقات بہت مفید رہی اور تجارت سمیت دیگر شعبوں پر بات ہوئی، دورہ چین میں کاروباری و دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی، مسائل کو حل کرکے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔ -

اسلام آباد کے ایچ نائن بچت بازار میں آگ لگنے سے 700 دکانیں جل گئیں
اسلام آباد کے ایچ نائن بچت بازار میں آگ لگنے سے 700 دکانیں جل گئیں۔اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق آگ گارمنٹس سیکشن میں لگی جس نے برتنوں والے سیکشن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انتظامیہ نے بتایا کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور عملہ موقع پر پہنچ گیا اور 31 فائر بریگیڈز نے آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پایا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔
-

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ،3 سپاہی شہید
جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید ہونے والوں میں سپاہی اسد اللہ، محمد سفیان اور زین علی شامل ہیں، 24 سالہ زین علی کا تعلق بہاولنگر اور 30 سالہ اسد اللہ کاتعلق مٹیاری سے تھا، 28 سالہ محمد سفیان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں،
-

کرغستان میں 1200 غیرقانونی پاکستانی ہیں جن کو جلد ڈی پورٹ کیا جائے گا، اسحاق ڈار
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کرغزستان واقعے پر سب جھوٹ تھا۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جب یہ خبر آئی تب میں وزیراعظم سے رابطے میں تھا۔ وزیراعظم اتنے اپ سیٹ تھے کہ کہہ رہے تھے ابھی چلے جائیں۔ اتوار کو کرغزستان کی قیادت نے پیغام بھیجا ابھی نہ آئیں ہماری اپوزیشن اسکینڈل بنائے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا اس کے بعد کرغز صدر کی منظوری سے میں وہاں پہنچا۔ اسپتال میں اٹک کا ایک زخمی بچہ تھا جس نے فوری واپسی کی خواہش ظاہر کی۔ اسحاق ڈار نے کہا وہ پاکستانی طالب علم نہیں بلکہ ایک ٹیکسٹائل ورکر تھا۔ ہمارے سفیر نے بتایا کہ 1200 غیرقانونی پاکستانی ہیں جن کو جلد ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پیر کو مجھے ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے جانا ہی تھا۔ ایس سی او کے موقع پر میں نے کرغز ہم منصب کو کرغزستان پہنچ کر اپنی آنکھوں سےصورتحال دیکھنے کا کہا۔انھوں نے کہا 4800 افراد واپس آ چکے ہیں۔ پالیسی تیار کر رہے ہیں جو بھی میڈیکل تعلیم کیلئے کرغزستان جائے گا پی ایم ڈی سی سے اس یونیورسٹی کے بارے این او سی لے کر جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا ہم نے جو کمیٹی اس سے متعلق بنائی اس میں 30 سے زائد طبی ماہرین اور پیشہ ور افراد ہیں۔ غزہ سے فائنل ایئر کے میڈیکل طلبا کو پاکستان آکر تعلیم مکمل کرنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا وہ بیس اور 30 کے بیچ کی صورت میں پاکستان آئیں گے۔ -

کراچی: محرم الحرام کےدوران سیکیورٹی کےسخت انتظامات کےحوالےسےپولیس نےپلان جاری
محرم الحرام کی آمدکےساتھ ہی پولیس اورسیکیورٹی اداروں نےپلان تیارکرلیا۔تین محرم کو 7 ہزار 783 اور چار محرم کو 8 ہزار 455 پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے ،پانچ محرم کو 9 ہزار 259 اور چھ محرم کو 9 ہزار 859 اہلکار تعینات ہونگے ۔سات محرم کو 12 ہزار 475 اہلکار جبکہ آٹھ محرم کو 13 ہزار 927 افسران اور اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے ،9 محرم کو 17 ہزار 287 اور یوم عاشور کو 17 ہزار 947 افسران اور اہلکار تعینات ہونگے ۔سیکیورٹی پلان کےمطابق یکم محرم الحرام سے یوم عاشور تک مختلف علاقوں میں 4 ہزار 664 مقامات پر مجالس کا انعقاد کیا گیا ہے، پہلے عشرے میں ایک ہزار 49 جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے بھی خصوصی سیکیورٹی پلان تیارکرلیاگیا۔
سیکیورٹی پلان کےمطابق 8،9 اور دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے مجموعی طور پر 6 ہزار 392 افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے، مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے 20 ایس ایس پیز و ایس پیز اور 60 ڈی ایس پیز سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، 562 نان گزیٹڈ افسران اور 4 ہزار 440 اہلکار بھی تعینات ہونگے ۔مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے 123 خواتین اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے ۔ -

پاکستانی کوہ پیماؤ ں نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی سر کر لی
پاکستان کے دو کوہ پیماؤ دلاور سدپارا اور فدا علی نے نانگا پربت سر کرلیا۔ دونوں اس سیزن میں نانگا پربت سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔پاکستانی کوہ پیماؤں کے علاوہ نیپال کے لکھپا ٹیمبا شیرپا اور پیمبا شیرپا نے بھی نانگا پربت سر کرلیا۔واضح رہے کہ 8 ہزار 126 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے۔سیکریٹری الپائن کلب آف پاکستان کرار حیدری کا کہنا ہے کہ چاروں مہم جو آج پاکستانی وقت کے مطابق شام پونے چھ بجے نانگا پربت سمٹ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ مزید کوہ پیماء اس وقت نانگا پربت کے کیمپ فور پر موجود ہیں، دیگر کوہ پیماء اگلے چند گھنٹوں میں نانگا پربت سمٹ کی جانب بڑھیں گے۔
-

کیپٹن محمد اسامہ شہید کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت
کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور حاضر و ریٹائرڈ فوجی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ فوجی جوانوں اور شہید کے لواحقین نے بھی بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔کیپٹن محمد اسامہ نے شمالی وزیرستان میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پُرعزم ہے۔ یہ قربانیاں ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔ -

کراچی یونائیٹڈ اور سوئنڈن ٹاؤن ایف سی کے درمیان معاہدہ پر دستخط
کراچی یونائیٹڈ اور برطانوی کلب سوئندن ٹاؤن ایف سی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جو پاکستانی فٹبال کے مستقبل کے لیے نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ منگل کو برطانیہ میں دستخط ہونے والا یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیل کے میدان میں تعاون کی ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے۔اس معاہدے کے تحت، کراچی کے نوجوان کھلاڑیوں کو برطانیہ میں اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔ یہ صرف کھلاڑیوں تک محدود نہیں، بلکہ پاکستانی کوچز بھی اس سے مستفید ہوں گے۔ سوئندن ٹاؤن کلب کی جانب سے خصوصی کوچنگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، جو مقامی کوچز کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گی۔
اس پروگرام کا ایک اہم پہلو "ڈولپمنٹ پاتھ وے” ہے، جو کراچی یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر میں ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، ایکسچینج پروگرام کے ذریعے پاکستانی فٹبالرز کو برطانیہ میں اپنا ہنر دکھانے کا موقع ملے گا، جو ان کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔یہ معاہدہ صرف کھلاڑیوں کے لیے ہی نہیں، بلکہ پاکستان میں فٹبال کی مجموعی سطح کو بلند کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ اس سے پاکستانی فٹبال کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملے گی، جو مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتا ہے۔
کراچی یونائیٹڈ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ "یہ معاہدہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے نہ صرف ہمارے کلب، بلکہ پورے ملک میں فٹبال کی سطح بلند ہوگی۔”یہ اقدام پاکستانی فٹبال کے شائقین کے لیے خوش آئند خبر ہے، جو اپنے ملک کو عالمی فٹبال کے نقشے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس طرح کے تعاون سے مستقبل میں پاکستان سے مزید عالمی معیار کے فٹبالر ابھریں گے۔