ضلع کرم میں آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے 5جوان شہید ہو گئے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا،بارودی سرنگ دھماکے میں مادر وطن کے 5سپوت شہید ہو گئے،شہداء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طافیر، سپاہی انوش، سپاہی اعظم خان، سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے،گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہید ہونے والے اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا۔ محسن نقوی کا مزید کہناتھا کہ سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہے۔
Author: صدف ابرار
-

کرم دھماکہ،5 جوان شہید،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی شدید الفاظ میں مذمت
-

آرمی چیف سے چینی وفد کی ملاقات، سی پیک پر پیشرفت کا جائزہ لیا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چینی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،آرمی چیف نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے منصوبے سی پیک کے کامیاب نفاذ کیلئے تعاون کا وعدہ کیا۔اس موقع پر چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لئے چین کے عزم کو دہرایا۔ملاقات کے آخر میں چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ -

وزیراعلیٰ مریم نواز اور نوازشریف سے ایران کے سفیر کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکا نومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا گیا۔ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا۔ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا اور کہاکہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی۔شہیدایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافتی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی۔ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہاکہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا۔شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ پاکستان ایران کے لئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے -شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا-ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ایرانی سفیر نے وزیراعلی مریم نوازشریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔اصفہان،مشہد اورلاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
-

خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گے، وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم میاں شہبازشریف اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی سیاسی صورتحال اور صوبے کے مسائل بارے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر بات چیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد اور وسائل فراہم کرے گی۔واضح رہے گزشتہ ماہ 30مئی کو بھی وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات ہوئی تھی اور فیصل کریم کنڈی نے حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں بڑھتی ہوئی بیرونی سرمایہ کاری پر وزیر اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔
-

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقا کے ہاتھوں انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے ہرا دیا۔جنوبی افریقا کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقا سپر 8 مرحلے میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے تھے، دونوں ٹیموں کو اپنے پہلے میچ میں کامیابی ملی تھی۔جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک 38 گیندوں پر 65 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ ریزا ہینڈرکس 19، کلاسن 9، ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔اسٹبز 12 اور مہاراج 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ ہیری بروک اور لیونگسٹن کی شاندار بیٹنگ کے باوجود 7 رنز سے میچ ہار گیا۔انگلش ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔ ہیری بروک 53 اور لیام لیونگسٹن 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ فل سالٹ 11، کپتان بٹلر 17، بیئر اسٹو 16، معین علی 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا اور مہاراج نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بارٹمین اور نوکیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقا ایونٹ میں اب تک ناقابل شسکت ہے، انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد جنوبی افریقا سپر 8 مرحلے میں گروپ 2 میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پرموجود ہے۔ -

وفاقی وزیر محسن نقوی سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون کی ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، بارڈر سکیورٹی، امیگریشن، غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے، غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہم امیگریشن کے سسٹم میں بھی جدت اور بہتری لا رہے ہیں، الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے نظام میں مزید بہتری لا رہے ہیں، چوبیس گھنٹے میں ویزہ جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں کینیڈا کو ہنر مند افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے، ہنر مند افرادی قوت کی کینیڈا منتقلی سے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے واقعات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔کینیڈین ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں کینیڈین ہائی کمیشن کے اعلی حکام، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور سینئر حکام کی بھی موجود تھے۔ -

پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس، تمام سیاسی پارٹی سی پیک کے معاملے پر ایک پیج پر موجود
مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سی پیک پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔پاک چین مشترکہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی، پاکستان نے بھی تائیوان پر چین کی غیرمشروط حمایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس طرح علاقائی مسائل پر دونوں ملکوں کی ہم آہنگی تاریخ کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، مجھے فخر ہے کہ سی پی سی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) دوست ہیں اور ہم اس دوستی کو دونوں ملکوں کی عوام کے لیے فائدہ مند بنانے چاہتے ہیں، پاک چین کا جو عزم ہے سی پیک اور تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا تو اس عزم کے ساتھ ہی ہم نے تمام منصوبوں کو مکمل کرنا ہے، چین پاکستان پوری دنیا میں ایک دوسرے کی دوستی میں اولین ترجیح ہوں گے، میں چینی وفد کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔
حنا ربانی کھر
پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سی پیک کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، عالمی منظر نامے میں پاکستان اور چین کا اہم کردار ہے، چین نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں بے پناہ ترقی کی ہے۔ انھوں نے مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ چین کےساتھ معطل منصوبوں کو مکمل اور مزید تعاون کرنا ہے، چین کے پروٹوکول میں کوئی فرق نہیں آنے دیا جائے گا، آج کی نشست سے پاک چین تعلقات میں مزید بہتری ہوگی۔
یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک معاشی ترقی کا اہم منصوبہ ہے، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے اونچی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہماری شراکت داری انفرااسٹرکچر اور معیشت سے بھی آگے جاتی ہے، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ڈیولپمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، سی پیک پاک چین بہتر مستقبل اور ترقی کا ضامن ہے، سی پیک ملکی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی جیسی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک معاشی ترقی کا اہم منصوبہ ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سی پیک پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک دونوں ملکوں کے بہتر مستقبل اور ترقی کا ضامن ہے۔
خالد مقبول صدیقی
وزیرتعلیم خالد مقبول صدیقی نے سی پیک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم سی پیک کی حامی ہے، چینی وفدکودورہ پاکستان خوش آمدید کہتے ہیں۔اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے علی ظفرنے کہا کہ امیدہےسی پیک پر کام کی رفتارتیزہوگی، کیونکہ پاک چین دوستی خارجہ پالیسی میں اہمیت رکھتی ہے چین سےدوستی ہماری خارجہ پالیسی کابنیادی ستون ہے۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخاتمےسےسی پیک کاخواب پایہ تکمیل پرپہنچ سکتاہے، دہشت گردی کاخاتمہ سی پیک کیلئےاہم ہے۔ ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں
ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں، سی پیک منصوبے نے سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار پاک چین مشترکہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم ’گیم چینجر‘ منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔ سات دہائیوں پر محیط چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دنیا کےلیے ایک مثال ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں۔ دونوں ممالک خطے میں انتشار اور بد امنی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا صدر شی جن پنگ کا 2015 میں پاکستان کا تاریخی دورہ اہم سنگ میل تھا۔ چینی صدر کے دورے پر 46 بلین ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کیا۔ چینی صدر نے اس خطاب میں’ون بیلٹ ون روڈ‘ کے اپنے وژن کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا مشترکہ مفادات، خود مختاری اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا دونوں پارلیمان تمام فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی کو مزید فعال کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا چین کے وفد کا پاکستان کا دورہ اور سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں میں روابط کے فروغ سے سی پیک کو استحکام ملے گا، بی آر آئی منصوبے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ غربت میں کمی، اقتصادی ترقی اور تجارت کے فروغ کا باعث ہے، بدقسمتی سے سی پیک منصوبہ ماضی میں ڈس انفارمیشن کا شکار رہا۔
احسن اقبال
پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان منفرد دوستانہ تعلقات ہیں، سی پیک پر قومی اتفاق رائے موجود ہے، پاکستانی قوم چین کی حمایت کو کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سی پیک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کے مشکل حالات میں تعاون پر چینی قیادت کے شکرگزار ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، وفود کے تبادلوں سے دونوں اطراف کے سیاستدانوں میں ہم آہنگی پیدا ہوگی، سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر بیٹھنا دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے ایک پیج پر ہونے کی دلیل ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ چین میں دوطرفہ تعلقات، تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، چینی قیادت پاکستان میں ڈویلپمنٹ کے لیے پُرعزم ہے، حالیہ دورہ چین میں سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
حنا ربانی کھر
رہنما پاکستان پیپلز پارٹی حنا ربانی کھر کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سی پیک کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، عالمی منظرنامے میں پاکستان اور چین کا کردار اہم ہے۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں چین نے بے پناہ ترقی کی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے پاک چین تعلقات کی بنیاد رکھی۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو بےنظیربھٹو، آصف زرداری، بلاول بھٹو نے جاری رکھا، مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی خوش آئند ہے۔ -

اسلام آباد میں پاک چین مشاورتی میکانزم اجلاس ، چینی وزیر لیوجیان چاؤ ، اور نائب وزیر اّعظم اسحاق ڈار کا خطاب
اسلام آباد میں پاک چین مشاورتی میکانزم اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی وفد ، نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ن لیگ کے وزرا، پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں چینی وزیر لیوجیان چاؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کرکام کرنا ہے۔چینی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے موقع پیدا ہوں گے لیکن ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا، بہتر سیکیورٹی سے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔لیوجیان چاؤ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے وقت پاکستان نے چین کی بہت مدد کی،چین کے عوام پاکستان کےشکرگزار ہیں۔ہمارے دشمن بہت خطرناک ہے، پاکستان نے چینی سمیت غیرملکیوں کی حفاظت کی، پاکستان نے چینی سمیت غیرملکیوں کی حفاظت کی ہے اور میں جانتا ہوں پاکستان نے سیکیورٹی کے حوالے سے بہت کچھ کیا ہے۔ لیوجان چاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، پاک چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہون منت ہے، میڈیا ، طلبا اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پرنائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاک چین مشاورتی میکانزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، سی پیک دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، سی پیک پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، دورہ چین میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے، دورہ چین میں وزیر لیو سے مفید ملاقات ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان منفرد دوستانہ تعلقات ہیں، وفود کے تبادلوں سے دونوں اطراف ہم آہنگی پیداہوگی۔ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک پارٹرشپ ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی پارکس اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے، تجارت اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے متعدد مواقعوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کی امنگوں اور خوابوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ -

توہین مذہب کے الزام میں شہری کو زندہ جلانے کا مقدمہ اب تک درج نہ ہوسکا
سوات کے علاقے مدین میں توہینِ مذہب کے الزام میں ایک شخص کو زندہ جلانے کا مقدمہ اب تک درج نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے شہری پر تشدد کیا، برہنہ کر کے سڑکوں پر گھسیٹا۔ ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا گیا تو لوگوں نے تھانے کو بھی آگ لگا دی اور توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد ملزم کو تھانے سے نکال کر لے گئے اور جلا دیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی ایف آئی آر قانونی مشاورت کے بعد درج کی جائےگی۔ تشدد اور جلائے جانے سے ملزم ہلاک اور 8 پولیس اہل کار زخمی ہوئے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، انسپکٹر جنرل پولیس کو ٹیلی فون کیا اور صورتحال کنٹرول کرنے کےلیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
-

سوات : توہین مذہب کا الزام،علاقہ مکینوں نے شہری کو آگ لگادی
سوات میں توہین مذہب کے الزام پر علاقہ مکینوں نے شہری کو آگ لگادی۔مدین کے علاقے میں لوگوں نے مبینہ ملزم کو تشدد کانشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تو لوگوں نے تھانےکو بھی آگ لگادی اور ملزم کو تھانے سے نکال کر اسے جلا ڈالا۔پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ تشدد اور جلائے جانے کے باعث ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ مشتعل مظاہرین کے حملے میں 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مدین سوات میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کےلیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی۔علی امین گنڈاپور نے ناخوشگوار واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔