Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • غیر قانونی گیس کنکشنز کے خلاف کریک ڈاؤن

    غیر قانونی گیس کنکشنز کے خلاف کریک ڈاؤن

    سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہزاروں غیر قانونی گیس کنکشنز منقطع کر دیے گئے۔کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ، لاڑکانہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سوئی سدرن نے آپریشن کیا جبکہ کوئٹہ، ڈیرہ اللّٰہ یار، مستونگ اور پشین میں بھی چھاپے مارے گئے۔سوئی سدرن کے اعلامیے کے مطابق 7500 سے زائد غیر قانونی گیس کنکشنز منقطع کر دیے گئے ہیں اور گیس چوری میں ملوث 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق 10 ہوٹل، بیکرز، پکوان سینٹرز، اسپتال اور دیگر چھوٹے کاروباری مراکز پر چھاپے مارے گئے۔

  • 9 مئی والے حکومتوں میں  آئیں گے،تو ملک کیسےترقی کرے گا، فیصل کریم کنڈی

    9 مئی والے حکومتوں میں آئیں گے،تو ملک کیسےترقی کرے گا، فیصل کریم کنڈی

    لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اداروں کا آپس میں ٹکراؤ ہونا چاہیے، ہمیں چاہیے کوئی صوبہ اچھا کام کر رہا ہے تو اس کی طرح کام کریں، چاہتے ہیں سندھ کی طرز پر ہسپتال باقی صوبوں میں بھی بنیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے متنازع ٹویٹ ہوا، یہ کہتے ہیں ہم نے ٹویٹ نہیں کیا، کل تک ٹویٹ موجود تھا، یہ اتنے نالائق ہیں ان کو یہ نہیں پتہ کہ کس کو ٹویٹر ہینڈل استعمال کرنے کیلئے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظریہ ضرورت کے تحت نہیں چلایا جاسکتا، 9 مئی والے حکومتو ں میں آئیں گے، وزیراعلیٰ بنیں گے تو یہ سوالیہ نشان ہے، عدالتیں 9 مئی والوں کو سزائیں دیں۔
    پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آج یہ کہتے ہیں چیئرمین نیب کا انتخاب مک مکا پر کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر کا انتخاب کس نے کیا تھا؟ جو ان کو سیٹیں جتوائے وہ اچھا اور جو نہ جتوائے وہ برا ہے؟ آپ کو باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا، اب وہ وقت چلا گیا جب آپ کسی کے کندھوں اور بیساکھیوں پر آتے تھےانہوں نے کہا کہ آئین میں 18 ویں اور 19 ویں ترمیم کا کریڈٹ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، میں 5 سال ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی رہا ہوں، کسی نے مجھے لکھی ہوئی تقریر نہیں بھیجی۔
    ان کا کہنا تھا کہ مجھے کبھی کسی نے فون یا میسج نہیں بھیجا کہ آپ نے پارلیمنٹ کو کیسے چلانا ہے، مجھے نہیں پتہ تقاریر کس کے پاس آتی ہیں اور کہاں لکھی جاتی ہیں۔
    فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں فارم 45 والا گورنر ہوں جس کو فارم 47 پر اعتراض ہے عدالتیں اور فورم حاضر ہیں، اپنے ثبوت کے ساتھ جائیں اور بتائیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جس پر چیزیں ٹھیک ہوسکتی ہیں۔

  • وزیر داخلہ محسن نقوی کا اوورسیز پاکستانیوں کو  پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم

    لندن میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےپاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پوری دنیا میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نارمل پاسپورٹ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو 30 روز میں جاری ہوگا،پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا۔اُن کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں،مقررہ مدت میں پاسپورٹ جاری نہ ہونےپرمتعلقہ افسران کیخلاف ایکشن ہوگا۔
    واضح رہے کہ اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا جبکہ محسن نقوی کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کو ہیڈ کریں گی، اوورسیز پاکستانی مقررہ مدت میں پاسپورٹ نہ ملنے پر ای میل (complaints.passport@interior.gov.pk) پر رسید منسلک کرکے شکایت درج کرا سکیں گے،سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے نادرا کی کارکردگی کو سراہا اور کسی نے بھی نادرا کے حوالے سے شکایت نہیں کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اچھی پرفارمنس پر نادرسٹاف کو شاباش دی ، پاسپورٹ اور نادرا کے عملے کی کمی کا بھی نوٹس لیتے ہوئےعملے کی کمی پوری کرنے کیلئے مؤثر سٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ہمراہ تھے

  • پنجاب،5جون سے ’سے نو ٹو پلاسٹک ‘مہم کا آغاز ہو رہا ہے

    پنجاب،5جون سے ’سے نو ٹو پلاسٹک ‘مہم کا آغاز ہو رہا ہے

    ترجمان پنجاب حکومت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’سے نو ٹو پلاسٹک ‘مہم کے تناظر میں 5جون سے غیر قانونی پلاسٹک بیگ کی تیاری، پروڈیکشن،تریسل اورخریدوفروخت پر پابندی کے لیے میکانزم پرسختی سے عملدرآمد کے لیے تیاری مکمل کرلی۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال کینسر اور دیگرمہلک بیماریوں کا موجب ،پلاسٹک کااستعمال ماحولیاتی آلودگی کو بڑھارہا ہے،5 جون سے پلاسٹک کی غیرقانونی مصنوعات بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اغاز کیا جاۓ گا،اس سے قبل بارہا نوٹسز ارسال کیے جاچکے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق 75 مائیکرون سے کم حجم کے پولیتھین بیگز کے استعمال اورسنگل یوز پلاسٹک کے برتنوں پر مکمل پابندی یے، پلاسٹک کے عدم استعمال پرعوام کے لیے ’پلاسٹک موت ہے‘ کے موضوع پرآگاہی مہم کا آغاز کیاجاۓ گا۔
    انہوں نے کہا کہ پبلک سروس میسجز سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل کیے جائیں گے، شاپنگ مالز،دفاتر بس سٹینڈز،پارکس، ٹرانسپورٹس،میٹرو بسوں اور عوامی جگہوں پر پلاسٹک کی پابندی کے حوالے سے تحریری پیغامات چسپاں کیے جائیں گے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اوردیگرفوڈ پوائنٹس پر گاہکوں کوپلاسٹک بیگ میں کھانا دینے پر سخت پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن ہوگا،مالکان کے خلاف قانونی کارروائی اوربھاری جرمانے ہوں گے۔مریم اورنگ زیب کامزید کہنا تھاکہ پلاسٹک بیگز کی جگہ کاٹن بیگز یامتبادل ذرائع کی تیاری، پروڈیکشن ،خریدوفروخت اوراستعمال کو فروغ دیا جائے گا، میڈیا کو ’پلاسٹک موت ہے‘ کی آگاہی مہم میں اپنا حصہ ڈالنے کی درخواست ہے۔

  • اسلام آباد، مارگلہ ہل میں ایک بار پھر آگ لگ گئی

    اسلام آباد، مارگلہ ہل میں ایک بار پھر آگ لگ گئی

    اسلام آباد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیوحکام کے مطابق آگ مونال ہوٹل کے قریب جنگل میں لگی،سی ڈی اے فائر اینڈ ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے، آگ کے پی کے ضلع ہری پور کے جنگل سے پھیلتی ہوئی مارگلہ کے جنگل تک پہنچی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ آگ خیبر پختونخوا کی حدود میں لگی ہے، آگ کے اسلام آباد کی حدود میں داخلے کو روکنے کے لیے فائر والز بنا لی گئی ہیں،فائر بریگیڈ کے 36 اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

  • کراچی ، ڈکیتی کے واردات میں ایک اور نوجوان قتل

    کراچی ، ڈکیتی کے واردات میں ایک اور نوجوان قتل

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے نوجوان کی ویڈیو سامنے آگئی۔مقتول کی شناخت 27 سال کے ارتقاء کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کیمیکل انجینئر اور نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ ارتقاء کو بیکری سے گھرجاتے ہوئے ڈاکوؤں نے روکا اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی، ڈاکو مقتول شہری سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ جرائم کے خلاف ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او گلشن اقبال معطل ہوگئے اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

  • انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مہنگا

    انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مہنگا

    معاشی استحکام کیلئے کیے جانے والے حالیہ حکومتی اقدامات کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آ گئی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 12 پیسے مہنگا ہو کر 278.33 روپے پر بند ہوا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے کمی کے بعد 279.49 روپے کا ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے میں یورو 85 پیسے مہنگا ہو کر 301.33 روپے کا ہو گیا۔

  • پنجاب ،بھکاری مافیا کی شامت آگئی

    پنجاب ،بھکاری مافیا کی شامت آگئی

    پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کے لیے بیرک تیار ہوگئے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بھکاری مافیا کے لیے مختص ہر بیرک میں 100 سے 200 افراد کی گنجائش ہوگی۔پنجاب بھر میں بھکاری مافیا کی سختی آگئی، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب کا اہم اقدام سامنے آیا ہے، صوبے بھر کی جیلوں میں بھکاری مافیا کے لیے بیرک تیار ہوگئے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق بھکاری مافیا کے لیے مختص ہر بیرک میں 100 سے 200 افراد کی گنجائش ہے، بڑے شہروں میں ضرورت کے پیش نظر بیرکس کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کے لیے سزا میں اضافے کا قانون لا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ قانون بچوں کے اغواء اور جبروتشدد میں ملوث گینگ لیڈرز مافیا کو ٹارگٹ کرے گا، پیشہ ور بھکاری بنانے کے لیے معصوم بچوں اور خواتین پر ظلم کرنے والے ہینڈلرز سخت سزا پائیں گے جبکہ صوبہ بھر میں انتظامیہ بھکاری مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کرے گی۔

  • بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، بابر اعظم

    بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، بابر اعظم

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بحیثیت کپتان وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں، اب وہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا جس کے لیے ہم سب کو ایک ہوکر کھیلنا ہوگا۔بابر اعظم جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کہتے ہیں کہ انڈیا پاکستان میچ کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے، یہ ایک پریشر گیم ہوتا ہے، اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پرتوجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔
    قومی کپتان کا کہنا ہے کہ یہ بحیثیت کپتان ان کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے، اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی، بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، اس بار وہی غلطیاں نہیں دہرانا چاہتے۔بابراعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکا میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہوں گی، مختلف گراؤنڈز ہونگے، مختلف ماحول ہوگا، ایک نیا تجربہ ہوگا، نیا چیلنج ہوگا، ہمیں کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کرکے خود کو مقابلے کے لیے تیار کرلیں گے۔
    اس خصوصی انٹرویو میں بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ ان کے اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے، جب انہیں یہ احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو انہوں نے اس پر کافی کام کیا، اس نکتے پر کام کیا کہ انہیں کہاں مشکل ہو رہی ہے، اصل میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ صورتحال کیا ڈیمانڈ کر رہی ہے، آپ ہر وقت ایک ہی اسٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے۔بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں کچھ بنائی گئی تھیں، انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہوگیا ہے، جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے، آپ کے اپنے گھر میں بھی جب کوئی بات ہوتی ہے تو اسے پبلک میں نہیں لایا جاتا، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور اسے فوراً حل کیا جائے۔بابر اعظم کا کہنا تھا ان کا کھیل مختلف ہے، وہ کریز پر جاکر کچھ وقت لیتے ہیں ان کا گیم وہ نہیں ہے کہ جاتے ہی چھکے ماریں، وہ صائم اور فخر نہیں بن سکتے لیکن انہیں یہ پتہ ہے کہ اپنے کھیل کو کیسے اوپر لے جاسکتے ہیں، وہ اپنی بیٹنگ کی بنیادی باتوں پر توجہ رکھتے ہیں، ان کے کرکٹنگ شاٹس ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ تجربہ بہت وسیع ہے، ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔بابراعظم نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں، ہماری طرف سے پوری کوشش ہوگی کہ ہم 100 فیصد پرفارمنس دیں، آپ ٹیم کو سپورٹ کریں کیونکہ یہ آپ سب کی ٹیم ہے یہ پاکستان کی ٹیم ہے۔بابراعظم نے اس تاثر کو بھی یکسر مسترد کردیا کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اکثر یہ بات ہوتی ہے کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں، ایسا بالکل نہیں ہے، اگر وہ اپنے لیے کھیلنے لگیں تو پھر یہ مختلف گیم ہو جائے گی، وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتے ہیں، جب سے وہ کپتان بنے ہیں انہوں نے اپنے ذاتی اہداف پیچھے رکھ دیے ہیں، وہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ٹیم پہلے ہے اور باقی چیزیں بعد میں ہیں۔

  • بلوچستان ، پولیو مہم کا آغاز  کل سے ہو گا

    بلوچستان ، پولیو مہم کا آغاز کل سے ہو گا

    بلوچستان کے 14 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کل سے شروع ہو گی۔ کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر زاہد شاہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، دکی، لسبیلہ اور خضدار 14 اضلاع میں شامل ہیں۔زاہدشاہ نے بتایا کہ حب، چاغی، ژوب، نوشکی، قلعہ سیف اللّٰہ، لورالائی اور مستونگ میں بھی کل سے پولیم مہم کا آغاز ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ 18 لاکھ 84 ہزار سے زائد بچوں کو اس 7 روزہ انسداد پولیو مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےجائیں گے، جس میں 7 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ 6 اضلاع میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کے باعث مہم 5 روز کے لیے مؤخر ہے، ان اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 8 جون سےشروع ہو گی۔کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ نصیر آباد، سبی، جعفر آباد، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور میں 8 جون سے پولیو مہم شروع ہو گی۔زاہد شاہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 3 کیسز قلعہ عبداللّٰہ، چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رپورٹ ہوئے ہیں، انسدادِ پولیو مہم ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی پر شروع کی جا رہی ہے۔