اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دفعہ 144 خلاف ورزی اور توڑپھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو 28 جون کو طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ سے متعلق دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔عدالت نے آج کی سماعت میں غیرحاضر رہنے والے ملزمان مراد سعید، حماد اظہر ،فرخ حبیب، حسان نیازی اور دیگر کارکنان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عدالت نے حکم نامے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس وقت کسی دوسرے مقدمے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں لہٰذا آئندہ سماعت پر عدالت پیشی کے لیے روبکار جاری کی جائے۔جج طاہر عباس سِپرا نے تمام غیر حاضر ملزمان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت پیشی کے لیے روبکار جاری کرتے ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔
Author: صدف ابرار
-

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا سوشل میڈیا پوسٹ کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات مسترد
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے سوشل میڈیا پوسٹ پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقات مسترد کردیں۔کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹ کی بنیاد پر کسی بھی ممکنہ نئے مقدمے کا اندراج بلا جواز ہوگا۔اجلاس میں حمودالرحمان کمیشن رپورٹ سے متعلق مختصر دستاویزی فلم کے سوشل میڈیا پر اجراء کا جائزہ لیتے ہوئے کور کمیٹی نے حمود الرحمان کمیشن رپورٹ فوری منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا۔
کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ مشرقی پاکستان کا سقوط ہماری قومی تاریخ کا المناک ترین سانحہ ہے، سانحہ مشرقی پاکستان کے اسباب و محرکات ہر لحاظ سے سیاسی ہیں، حکومتِ پاکستان کے مقرر کردہ حمودالرحمان کمیشن نے اپنی رپورٹ میں تفصیل سے ان عوامل کا ذکر کیا ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے ایف آئی اے نوٹس سے متعلق تفصیلی قانونی حکمتِ عملی کی تیاری قانوی ٹیم کے سپرد کردی۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے نکتے کی اصولاً تائید کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں 9 مئی کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات کی مذمت کی۔کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین کی گرفتاری سمیت 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیو کہاں ہیں؟ -

پشاور:پولیس افسران، اہلکاروں کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی عائد
پولیس افسران، اہلکاروں کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔پشاور میں پولیس افسروں، اہلکاروں کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامے میں کہا گیا کہ پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر نہیں کریں گے، ویڈیو کا تعلق کسی گرفتاری یا برآمدگی سے ہی کیوں نہ ہو۔حکمنامے میں کہا گیا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی اسمبلی میں حکومتی، اپوزیشن اراکین کی تنقید کے بعد پابندی لگائی گئی۔
-

با بر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ 29 سالہ اعظم مختصر فارمیٹ میں بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں کیونکہ ان کے نام متعدد ریکارڈز ہیں۔ دائیں ہاتھ کے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں بطور کپتان 2500 رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔اس سے قبل آج انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔چار میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم 1-0 سے برتری رکھتی ہے کیونکہ لیڈز اور کارڈف میں مسلسل بارش کی وجہ سے بالترتیب پہلا اور تیسرا T20I بغیر کسی گیند کے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ بارش کی وجہ سے دو میچ ضائع ہونے کے بعد صرف ایک میچ کھیلا گیا ہے جہاں انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 23 رنز سے فتح حاصل کی۔یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے اور T20 ورلڈ کپ سے قبل اپنے امتزاج کو حتمی شکل دیتے ہے،
دوسیری جانب سے بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 4 ہزار رنز مکمل کرلیے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ بھارت کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے 109 اننگز میں 4037 رنز بنائے ہیں جو اس فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہیں۔ بابر اعظم نے چار ہزار رنز کا سنگ میل اپنی 112ویں اننگز میں عبور کیا۔
علاوہ ازیں بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے۔ بابر اعظم نے اپنی اننگز کے دوران 639 رنز بنانے والے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا۔ -

ایم کیو ایم اہلیان کراچی کی ترجمان بن گئی،مسائل وزیراعظم کے سامنے رکھ دیئے
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،ایم کیو ایم وفد میں سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، جاوید حنیف اور حفیظ الدین شامل تھے،ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء، اعظم تارڑ، احد چیمہ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیلولپمنٹ شریک تھے،ایم کیو ایم نے ملاقات میں کراچی حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے نوجوان کی بیروزگاری کے مسئلہ کو اُٹھایا،ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی شہری و صوبائی حکومتیں شہری سندھ کے نوجوانوں کو کوٹے پر بھی روزگار فراہم نہیں کرتی،وفاق مداوا کرے،شہری سندھ کے عوام مہنگائی اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں سے شدید پریشان ہیں،وفاق حل نکالے،وزیر اعظم نے شہری سندھ کے نوجوانوں کو وفاق میں میرٹ پر نوکریاں دینے اور خوشحال نوجوان پروگرام کے تحت کاروبار کیلئے قرض دینے کی یقین دہانی کروائی، وفاقی حکومت اخوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شہری سندھ کے شہریوں کو سولر پینل کیلئے بھی بغیر سود قرض فراہم کرے گی،وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم وفد سے شہری سندھ کے عوام کو نئے آنے والے بجٹ میں بڑا ریلیف دینے کا وعدہ کیا،
ایم کیو ایم وفد نے کے فور منصوبے کی جلد تکمیل اور کراچی حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ کیا،ایم کیو ایم نے کراچی کیلئے پانچ سالہ Socio-Economical & Cultural Development Plan مانگ لیا،وزیر اعظم نے ایم کیو ایم وفد کو کراچی میں یو اے ای حکومت کی Desalination Plant میں سرمایہ کاری سے آگاہ کیا،وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ وفاق شہری سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے،جلد بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے مسائل میں بھی کمی آئے گی،
-

وزیراعظم کا تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اس کے جلد نفاذ کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اس کے جلد نفاذ کی ہدایت کی اور وزارت آئی ٹی کو تمام وفاقی سرکاری دفاتر کی تمام کارروائی الیکٹرانک آفس پر منتقل کرنے کا ہدف دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اس کے جلد نفاذ کی ہدایت کی ہے۔وزیرِاعظم کی زیر صدارت سرکاری دفاتر، اداروں میں ای آفس کے نفاذ کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر احد چیمہ، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، رانا احسان افضل اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اس کے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ 20 برس قبل ای آفس پر کام شروع ہوا، اتنے عرصے میں اس پر مثبت پیش رفت کیوں نہ ہوئی؟ ای آفس پر منتقلی سے نظام میں شفافیت ہوگی، ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے دانستہ ای آفس کے نظام کوسست روی کا شکار رکھا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ای آفس کی ازسر نو تیاری کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی مدد لی جائے۔ -

پنجاب میں کسی اسپتال کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا، عظمی بخاری
حکومت پنجاب نے جناح اسپتال لاہور کے نام کی تبدیلی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو فرضی اور جعلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں کسی اسپتال کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا ہے۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ حکومت پنجاب سے منسوب ایک ایسا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا جس میں اعلان کیا گیا کہ بورڈ آف مینجمنٹ، علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح اسپتال لاہور کی جانب سے پاس کردہ قرارداد میں علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح اسپتال لاہور سے منسلک انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر بلڈنگ کا نام ’ مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (ایم این آئی سی وی ڈی) لاہور رکھا گیا ہے۔حکومت پنجاب کے بارے میں یہ فیک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے،جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے،کسی ہسپتال کا نام نہیں بدلا جارہا،عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ حکومت پنجاب کے بارے میں یہ فیک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے، جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے، کسی اسپتال کا نام نہیں بدلا جا رہا۔
واضح رہے کہ یہ نوٹیفکیشن سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تاہم اس پر سیکریٹری کے دستخط موجود نہیں ہیں، نوٹیفکیشن کی کاپی چیف سیکریٹری پنجاب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی مارک کی گئی ہے جب کہ نوٹیفکیشن کے آخر میں فاطمہ نورین سینیئر پلاننگ آفیسر ٹو کا نام اور دستخط بھی موجود ہیں، تاہم ان کے دستخط اصل ہیں یا جعلی ہیں اس کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔ -

خیبر پختونخوا اسمبلی میں فنانس بل 25-2024 منظور،
خیبر پختونخوا اسمبلی میں فنانس بل 25-2024 منظور کر لیا گیا، فنانس بل کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹ کی خرید و فروخت پر 2 فی صد ٹیکس اداکرنا ہوگا۔
نسوار کے تمباکو پر ساڑھے7 روپے فی کلوگرام ٹیکس عائد کردیا گیا۔ فنانس بل کے مطابق 5 مرلہ سے کم گھر ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں، 5 سے 10 مرلے پر 3 ہزار ٹیکس ہوگا، 15مرلہ پر ساڑھے 3 ہزار، 18مرلہ پر 4 ہزار، ایک کنال پر 15ہزار اور دو کنال پر 40 ہزار ٹیکس نافذ کیا گیا ہے۔نجی پرائمری اسکول پر 40 ہزار، مڈل پر 50 ہزار اور ہائی اسکول پر 1 لاکھ سالانہ ٹیکس نافذ ہوگا، نجی یونیورسٹی پر ڈھائی لاکھ روپے سالانہ ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے۔
فنانس بل میں کہا گیا ہے کہ ورجینیا ٹوبیکو پر 50 روپے فی کلو گرام یا انوائس کا 3 فیصد ٹوبیکو سیس لاگو ہوگا۔ خیبرپختونخوا میں کاشتکاروں سے تمباکو خریدنے والی کمپنی ایکسائز محکمے کےساتھ رجسٹرڈ کریگی۔خیبر پختونخوا میں پیدا کوئلہ، نیفرائٹ، کرومائٹ اور گریفائٹ ٹیکس نیٹ میں شامل کرلیا گیا۔فنانس بل میں کہا گیا ہے کہ انڈسٹریل ایریا میں صنعتی پلاٹ پر 10 ہزار روپے کا فکسڈ ٹیکس، سروس اسٹیشن پر 20 ہزار پراپرٹی ٹیکس، پیٹرول اور سی این جی اسٹیشن پر 50 ہزار اور موبائل فون ٹاور پر 40 ہزار روپے ٹیکس نافذ کردیا گیا۔موٹرسائیکل پر ڈھائی ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن نافذ کردیا گیا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹریفک چالان میں اضافہ کیا گیا ہے۔شادی ہال ٹیکس کی تین کیٹیگری ہوں گی، 15 سے 25 ہزار تک ٹیکس نافذ ہوگا۔ -

آڈیو لیکس کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجم ثاقب اور بشر بی بی کی آڈیو لیکس کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ بادی نظر میں کسی بھی حکومتی ادارے یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کو شہریوں کی سرویلنس کی اجازت نہیں ہے،شہریوں کی سرویلنس کرنے والے سرکاری اہلکار اور سرویلنس میں معاونت کرنے والی ٹیلی کام کمپنیز جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں،شہریوں کی بغیر اجازت سرویلنس ان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت تک کوئی بھی سرکاری ایجنسی کسی بھی شہری کی سرویلنس نہیں کرے گی،پی ٹی اے اور کوئی بھی ٹیلی کام کمپنی سرویلنس میں معاونت کیلئے اپنے آلات مہیا نہیں کرے گی،حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ درخواستوں کو 25 جون 2024 کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، تمام فریقین 14 جون سے قبل اپنی رپورٹس عدالت میں جمع کروائیں۔
-

پنجاب حکومت کا اینٹی بائیوٹک ادویات سے متعلق اہم فیصلہ
پنجاب حکومت نے اینٹی بائیوٹک دواؤں کا بے جا استعمال روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر بغیر ڈاکٹر نسخے فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک استعمال نہیں ہوگی اور اجلاس نے اس فیصلے کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس فیصلے پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، ڈریپ سے مشاورت شروع کرے گا جبکہ ڈرگ کنٹرول ونگ، ہیلتھ کئیر کمیشن اور ڈریپ سات روز میں سفارشات مرتب کریں گے۔اجلاس میں میڈیکل سٹورز پر اینٹی بائیوٹک ادویات کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ طبی ماہرین اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے جا استعمال کو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیتے ہیں۔ اس سے قبل وفاقی حکومت بھی 2019 میں اسلام آباد میں موجود تمام میڈیکل اسٹور کو بغیر ڈاکٹری نسخہ کے اینٹی بائیوٹک ادویات کی فروخت پر پابندی لگا چکی ہے۔
