Baaghi TV

Author: صدف ابرار

  • نیپرا کا بجلی مزید مہنگی کرنے کا ارادہ

    نیپرا کا بجلی مزید مہنگی کرنے کا ارادہ

    سنٹرل پاور پراجکٹ ایجنسی ( سی پی پی اے )نےعوام پر ایک اور مہنگائی بم پھوڑنے کی تیاری کر لی، نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو بجلی5 روپے مزید مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ آئندہ مالی سال سےبجلی کے بنیادی ٹیرف میں5 روپےفی یونٹ تک اضافےکا خدشہ ہے،سی پی پی اے نے نئےمالی سال کے لیےپاور پرچیز پرائس کے تعین کی درخواست کی ہے ،سی پی پی اے نے درخواست میں پاور پرچیز پرائس کے7 منظرنامے پیش کئے ہیں،پاور پرچیز پرائس کے لیے 25روپے 3 پیسے سے27 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا تخمینہ ہے،نیپرا بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر کل سماعت کرے گا۔ منظوری کےبعد پاور پرچیزپرائس کابوجھ3.58ٹریلین روپے تک پہنچ جائےگا۔

  • پی آئی اے کا خسارہ 830 ارب روپے ہے،  نجکاری ہی واحد راستہ ہے، علیم خان

    پی آئی اے کا خسارہ 830 ارب روپے ہے، نجکاری ہی واحد راستہ ہے، علیم خان

    وفاقی وزیر نجکاری علیم خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی تباہی میں سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے، اس کی نجکاری آج نہ کریں تو کیا کریں؟ سینیٹ اجلاس میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کا خسارہ 830 ارب روپے ہے، ہم نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں دہائیاں لگائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کہ اس وقت پی آئی اے کے صرف اٹھارہ جہاز چل رہے ہیں اگر اٹھارہ جہازوں کے ساتھ دس ہزار ملازم ہوں تو یہ زیادہ ہیں ، پی آئی اے میں نچلے طبقے کا کوئی قصور نہیں ، اگر مینجمنٹ ٹھیک کام نہیں کر رہی تھی تو انہیں تبدیل کرنا کس کی ذمہ داری تھی؟
    انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ، حکومتیں جب کاروبار کرتی ہیں تو یہی حال ہوتا ہے، جب آپ کے پاس جہاز ہی نہ ہوں تو پھر کیا کریں گے؟علیم خان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نیلامی براہ راست دکھائی جائے گی اور پوری قوم دیکھے گی، آٹھ کمپنیوں کے نام دئیے گئے ہیں ، اگر کسی کو کوئی بات پوچھنی ہے تو میں حاضر ہوں اس نیلامی کو زیادہ سے زیادہ شفاف رکھا جائے گا۔سینیٹر شیری رحمان نے پوچھا کہ ملازمین کا کیا بنے گا ؟ اس پر علیم خان نے کہا کہ کاش آپ سوالات اپنے حکومت کے ادوار میں پوچھ لیتیں، پی آئی اے کے ملازمین کو وہ کمپنی تین سال تک رکھے گی۔ ملازمین کے لیے شرائط میں شامل ہے کہ 3 سال انہیں رکھیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ جس دن پی آئی اے کی بولی ہو گی یہ لائیو نشر ہو گی، ہم 50 فیصد شیئر فلوٹ کر رہے ہیں تو یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہی ہے،انہوں نے کہا کہ میری بھی یہ خواہش ہے کہ ہم اپنے اثاثوں کو بچا لیں، ہمارے پاس ملازمین زیادہ نہیں ہیں، جہاز زیادہ کر لیں تو یہ ملازمین زیادہ نہیں لگیں گے۔ وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے اس طرح نہیں چل سکتی، اب گنجائش نہیں کہ سو سو ارب روپے اسے دیں،

  • لاہور سمیت  ملک کے بیشتر علاقے اِس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں

    لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقے اِس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں

    :پنجاب میں ہِیٹ ویو کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام حکومتی اداے متحرک ہوگئے،متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں، تھل اور چولستان میں ترجیحی بنیادوں پرپانی کے ٹینکرز بھجوائے جارہے ہیں۔ لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقے اِس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔گرمی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے متعدداقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ بہاولپور ، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کےساتھ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 27مئی تک ہِیٹ ویو جاری رہنے کا خدشہ ہے۔چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ صورت حال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کے حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تھل اور چولستان میں پانی کے ٹینکرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اِس سلسلے میں دونوں علاقوں کے لیے پانی کے متعدد باؤزرزمختص کردئیے گئے ہیں اور ہرٹینکر میں 12 ہزار لٹر تک پانی کی گنجائش ہے۔ لاہور رواں دنوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔شہر میں ایک ہفتہ تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔
    عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں سرڈھانپ کر رکھنا،پانی کے زیادہ استعمال اور ہلکے رنگ کے ملبوسات پہننا شامل ہیں ۔

  • ہماری درخواست کے باوجود جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا،رؤف حسن

    ہماری درخواست کے باوجود جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا،رؤف حسن

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کا کہنا ہے کہ مجھ پر حملہ کرنے والوں کا زاویہ میری گردن کا تھا، پوری منصوبہ بندی سے حملہ کیا گیا۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ میرا زخم بھر جائے گا، فرد واحد کی آمریت میں ملک پر لگے زخم نہیں بھریں گے، ریاست نے جس جبر اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پریس کانفرنس کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال میں ہماری آوازوں کے ساتھ میڈیا کی آواز کو بھی مسخ کیا گیا، اداروں کی جس طرح تضحیک کی جارہی ہے وہ آپ کے سامنے ہے، جب سے عمران خان کی حکومت کو گرایا اس کے بعد پی ٹی آئی پر جو ظلم ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی ، ہماری درخواست کے باوجود جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا، جمہوریت کے پیچھے ایک انفرادی ڈکٹیٹرشپ جاری ہے۔
    انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جو ہوا وہ کچھ نہیں میرے ساتھیوں کے ساتھ بہت کچھ ہوا، تین دن پہلے بھی یہ لوگ میری طرف آئے، انہوں نے مجھے گالیاں اور دھمکیاں بھی دیں، حملہ آور کہتے رہے ہم آپ کے پیچھے ہیں، ان کا مقصد تھا میرا گلہ کاٹ دیں، میرا زخم ٹھیک ہوجائے گا شاید نظر بھی نہ آئے، مگر جو گھاؤ ریاست کے اوپر لگائے ہیں وہ مائل نہیں ہونگے، 1971 کے واقعات کو دہرایا جارہا ہے۔رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ریاست کو بند گلی میں دھکیل دیا گیا ہے، دو سال میں کوئی بھی بیانیہ بنانے میں یہ کامیاب نہ ہوسکے، فرد واحد کی خواش کو نافذ کرنے والے مکمل طور پر ناکام ہوئے، آپ ہمیں مار دیں ہم جھکیں گے نہیں، مجھے بتائیں کہاں آنا ہے میرے سینے میں گولی مار دیں، ہم کھڑے ہیں، آج نہیں تو کل ان کو اڈیالہ میں بیٹھے شخص سے بات کرنی ہوگی۔
    رؤف حسن نے کہا کہ جمہوریت کے دھویں کے پیچھے فرد واحد کی آمریت قائم ہے۔ تمام تر جبر کے باوجود پی ٹی آئی اور عوامی حمایت کو ختم نہیں کیا جا سکا جو میرے ساتھ ہوا وہ بہت معمولی واقعہ ہے، میرے ساتھیوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ رؤف حسن پر حملے کی اسلام آباد پولیس کی ایف آئی آر مسترد کرتے ہیں، جس ٹولے نے رؤف حسن پر حملہ کیا وہ اس وقت کہاں ہے؟ پولیس 24 گھنٹے بعد بھی بلیڈ حملہ کرنے والوں تک نہیں پہنچ سکی۔یاد رہے کہ رؤف حسن گزشتہ شام اسلام آباد میں بلیڈ حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

  • قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں، وزیر اعظم

    قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں، وزیر اعظم

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں جیمزاور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں پاکستان میں جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی پر غور کیا گیا ، اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قیمتی پتھروں اورتیار ہونے والی مصنوعات کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز پر کام کیا جائے ، عالمی نمائشوں میں پاکستانی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
    وزیراعظم نے جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو فی الفور فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی اور نایاب پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے، قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔ قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں ، جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے اور صوبوں سے ضروری مشاورت کی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی-

  • رانا ثناء اللّٰہ کو بین الصوبائی رابطہ  وزارت کا چارج دے دیا گیا

    رانا ثناء اللّٰہ کو بین الصوبائی رابطہ وزارت کا چارج دے دیا گیا

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللّٰہ کو وزارت کا چارج دے دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق رانا ثناء اللّٰہ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کا چارج دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی منظوری کے بعد رانا ثناء اللّٰہ کو چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔احسن اقبال کو اس سے پہلے بین الصوبائی وزارت کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج   مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا

    پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا

    پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب رہا۔ بینچ مارک 100 انڈیکس میں 250 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔بدھ کے سہہ پہر حصص کی خرید و فروخت کے اختتام پر بینچ مارک 100 انڈیکس 74 ہزار 956 پوائنٹس پر بند ہوا۔بدھ کو ابتدائی گھنٹوں کے دوران بھی مندی کا رجحان نمایاں تھا۔ تھوڑی دیر کے لیے بہتری آئی تاہم پھر سرمایہ کاروں کی طرف سے گریز دکھائی دینے لگا اور یوں کاروبار کے اختتام تک 250 پوائنٹس کی گراوٹ واقع ہوئی۔

  • ذیلی قومی انسداد پولیو  مہم5 لاکھ سے زیادہ بچے ویکسین سے محروم رہے

    ذیلی قومی انسداد پولیو مہم5 لاکھ سے زیادہ بچے ویکسین سے محروم رہے

    اسلام آباد : ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ذیلی پولیو مہم ملک کے مخصوص 91 اضلاع میں شیڈول تھی،ذیلی پولیو مہم کا ہدف 2 کروڑ 44 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن تھا جبکہ مہم کے دوران 2 کروڑ 39 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو سکی،،ذیلی قومی پولیو مہم میں 5 لاکھ 22526 بچے ویکسین سے محروم رہے۔زیلی پولیو مہم 29 اپریل تا 6 مئی دو فیز میں ملک کے مخصوص 91 اضلاع میں چلائی گئی۔ ذیلی پولیو مہم کا ہدف 2 کروڑ 44 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن تھا، مہم کے دوران 2 کروڑ 39 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو سکی جبکہ 5 لاکھ 22526 بچے ویکسین سے محروم رہے۔ مہم کے دوران پنجاب میں 82731 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے،سندھ میں 82391 ، خیبرپختونخوا میں 3 لاکھ 71180 جبکہ بلوچستان کے 4907 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔

  • اے سی بی نے   ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ڈوین براوو کو باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر نامزد کیا ،

    اے سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ڈوین براوو کو باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر نامزد کیا ،

    افغانستان کرکٹ بورڈ (ACB) نے سابق ویسٹ انڈین عظیم اور T20 ورلڈ کپ کے فاتح ڈوین براوو کو T20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے افغانستان کی قومی ٹیم کا باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ براوو آگے تیاری کے کیمپ کے دوران ٹیم میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔40 سالہ ڈوین جان براوو ویسٹ انڈیز کے سابق دائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر تھے، انہوں نے 295 بین الاقوامی میچ کھیلے، 6423 رنز بنائے اور 363 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے پاس 100 ایف سی، 227 لسٹ اے اور 573 ٹی ٹوئنٹی کیپس بھی ہیں۔
    ڈی جے براوو اس وقت ٹی 20 کرکٹ میں 625 اسکالپس کے ساتھ فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ اس کے علاوہ، اس نے فارمیٹ میں تقریباً 7000 رنز بنائے ہیں، جس سے وہ T20 کرکٹ میں سب سے کامیاب فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔براوو کے برانڈ آف کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ نے انہیں دنیا بھر میں پذیرائی اور احترام حاصل کیا ہے، جس میں T20 ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی، آئی پی ایل، اور سی پی ایل سمیت متعدد ٹائٹل جیتے۔
    ایک کھلاڑی کے طور پر اپنے بین الاقوامی تجربے کے علاوہ، براوو نے حال ہی میں آئی پی ایل 2024 کے لیے چنئی سپر کنگز کے باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔افغان اتلان پہلے ہی سینٹ کٹس اینڈ نیوس پہنچ چکے ہیں اور توقع ہے کہ وہ 10 روزہ تربیتی کیمپ شروع کریں گے، جو کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی تیاریوں کے حصے کے طور پر ہے، جس کی نگرانی ڈی جے براوو سمیت کوچنگ اسٹاف کریں گے۔

  • کیبن  کریو کے داخلے کی سیکیورٹی میں اضافہ، جعلی پی آئی اے پائلٹ کی گرفتاری

    کیبن کریو کے داخلے کی سیکیورٹی میں اضافہ، جعلی پی آئی اے پائلٹ کی گرفتاری

    ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر جعلی پی آئی اے پائلٹ کی گرفتاری کے بعد کیبین کریو کے داخلے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، 12 مئی 2024 کو رات تقریباً 11:30 بجے اے ایس ایف کے عملے نے محمد احمد نامی شخص کو اے ایس ایف کنٹرول روم کے سامنے روکا۔ ملزم نے پی آئی اے کے پائلٹ کی یونیفارم پہنی ہوئی تھی اور اس کے پاس جعلی پی آئی اے کریو کارڈ بھی تھا۔ بعد ازاں، اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔اے ایس ایف کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ایوی ایشن انڈسٹری کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس قسم کی صورتحال سیکیورٹی نقطہ نظر سے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ کیونکہ کسی بھی ایرلائن کے کریو کارڈ کو غلط استعمال کرتے ہوئے شرپسند افراد ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقوں میں داخل ہو سکتے ہیں۔مزید برآں، خط میں وضاحت کی گئی ہے کہ اے ایس ایف کی جانب سے کسی بھی ایرلائن کے کریو ممبران کو کوئی ایئرپورٹ انٹری پاس سسٹم (اے ای پی ایس) جاری نہیں کیا جاتا۔ ایرلائن کا کریو کارڈ ہی ممنوعہ علاقوں میں داخلے کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔ یہ کریو کارڈ ہی اے ایس ایف کے عملے کے لیے شناخت کا ذریعہ ہے اور انہیں مزید کسی تصدیق یا وضاحت کے بغیر ممنوعہ علاقوں میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
    خط میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقوں میں غیر مجاز افراد کی رسائی کو روکنے کے لیے تمام ایرلائنز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہر پرواز کے آپریٹنگ کریو کی فہرست (جنرل ڈیکلریشن) اے ایس ایف عملے کو فراہم کریں۔ علاوہ ازیں، کریو ممبران کو ایرلائن کے نمائندے کے ساتھ لایا جائے تاکہ ان کی شناخت کی جا سکے اور ایوی ایشن انڈسٹری کے بہترین مفاد میں کابن کریو کے داخلے کو بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جا سکے۔