سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ملاقات کی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات سعودی عرب کے شہر دہران میں ہوئی جس میں غزہ جنگ اور اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات میں غزہ جنگ کو فوری روکنے پر اتفاق کرنے کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی امداد کے غزہ داخلے میں سہولت کی ضرورت پر زور دیا، ملاقات میں دو ریاستی حل کی جانب دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والے پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیک سلیوان غزہ جنگ پر بات چیت کے لیے اسرائیل بھی جائیں گے۔
Author: صدف ابرار
-

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں جاری مختلف پراجیکٹس کا دورہ کیا، صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ان کے ہمراہ تھے۔مراد علی شاہ نے کورنگی کاز وے پر کچرا ڈمپ کرنے کی اجازت دینے پر ایس ایچ او کو معطل کر دیا اور ایس ایس پی کو کورنگی کاز وے پر اپنا کیمپ آفس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کاز وے پر کسی نے کچرا پھینکا تو ڈی سی اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیر اعلیٰ سندھ کو کورنگی کاز وے کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ کورنگی کاز وے منصوبے کے پی سی ون4677.551 ملین روپے ہے، منصوبہ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا، مراد علی شاہ نے کورنگی کاز وے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے پراجیکٹ 12 مئی 2022ء کو شروع کیا گیا، 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے جام صادق پل سے کاٹھور ایم نائن تک میگا پروجیکٹ ہے، یہ منصوبہ 38.66 کلو میٹر طویل ہے۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے کے قائد آباد برج کے پورشن کا معائنہ کیا، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ملیر ایکسپریس وے سے متعلق بریفنگ دی۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے پر 6 انٹرچینجز اور 2 ٹول پلازے ہوں گے، ملیر ایکسپریس وے کے سیگمنٹ 1 کیلئے متوقع ٹائم لائن میں 3 ماہ کی تاخیر ہوئی، نظرثانی شدہ ٹائم لائنز کو 18 تا 21 ماہ تک بڑھانے کیلئے مقرر کیا گیا ہے، ملیر ایکسپریس وے کیلئے 13818 ملین روپے اضافی لاگت کی منظوری دی گئی۔ -

ہمیں بشکیک پر پاکستان کی طرف سے آنیوالی مفت پروازوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، ڈاکٹر عالیہ
پاکستان حکومت کی جانب سے کرغستان بشکیک میں پھنسے پاکستانی طلباء کو فری فلائٹ دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن وہاں موجود میڈیکل کی ایک طالبہ جسکا نام ڈاکٹر عالیہ ہے نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں ’ہمیں یہاں پر پاکستان کی طرف سے آنیوالی مفت پروازوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، جو طلباء یہاں سے پاکستان پہنچ چکے ہیں، وہ یونیورسٹی کی پروازوں پر ہی پہنچے ہیں جن کی ادائیگی کی گئی تھی ، طلباء نے اپنے ٹکٹ کی ادائیگی کی ، اس کے بعد وہ لوگ اپنے گھروں کو جارہے ہیں لیکن ہمیں مفت پروازیں نہیں ملیں‘۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق خصوصی طیارہ 130پاکستانی طلبہ کو لیکر پاکستان پہنچے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارے کے تمام تراخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی۔
https://www.instagram.com/p/C7I303nClZF/ -

کے پی بجٹ عوامی توقعات کے مطابق ہو گا، خیبر پختونخوا میں مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ بیر سٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ایک بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ کسی گھر میں کچھ بارودی مواد تھا جس کی وجہ سے دھماکا ہوا، اس کا تعلق ڈرون حملے سے نہیں ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت جلد بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، صوبے کا بجٹ عوامی توقعات کے مطابق ہو گا، خیبر پختونخوا میں مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تصادم نہیں بلکہ اپنے حق کی بات کر رہے ہیں، وفاق پختونخوا کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے ،وفاق ہمارا بجلی سے متعلق مطالبہ پورا کرے ،ہمیں بجلی چور کہا جا رہا ہے ایسے باتیں برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک چیف سیکرٹری تک نہیں دیا جا رہا ، یقینی دہانیوں کے باوجودوفاق خیبر پختونخوا کے بقایاجات ادا نہیں کر رہا، فاٹا میں ترقیاتی کاموں کے فنڈز شیئر کرنے سے متعلق اعلان ہوئے مگر فنڈز نہیں آئے۔
-

بشکیک میں خواتین طالبات کی ریپ والی خبریں بالکل جھوٹ پر مبنی ہے، عطا تارڑ
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بشکیک واقعہ کی خبر ملتے ہی وزیراعظم اور وزارت خارجہ نے فوری طور پر ایکشن لیا، وزیراعظم اور وزیر خارجہ پچھلے دو دنوں سے مسلسل صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔ یہ تمام واقعات پاکستان کے خلاف کوئی ٹارگٹڈ چیز نہیں تھی، جب کوئی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو کافی لوگ زد میں آتے ہیں، ہمارے کرغزستان سے بہت اچھے سفارتی تعلقات ہیں، کرغزستان میں حالات معمول کے مطابق چل رہے ہیں، ہلاکتوں کی جعلی تصاویر پھیلانے والے اللہ سے ڈریں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرا خود طلبہ سے رابطہ ہوا، وہاں حالات بہتر ہیں، ایک مخصوص سیاسی جماعت والدین کے ذہنوں میں منفی باتیں ڈال رہی ہے، نائب وزیر اعظم مسلسل کرغز حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، یہ پروپیگنڈا پھیلایا گیا کہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، ان معاملات میں نہ کوئی طالبعلم جاں بحق ہوا نہ کسی خاتون کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ ہم کسی پاکستانی کو غیر محفوظ نہیں ہونے دیں گے، کچھ لوگ کمرشل فلائیٹ سے آ رہے ہیں، جو ہماری سپیشل فلائیٹ کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں وہ ضرور کریں، خواتین طالبات کی ریپ والی خبریں بالکل جھوٹ کی بنیاد پر پھیلائیں گئیں۔
اس موقع پر وزیر امور کشمیر انجیئنر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس واقعے کے بعد سمجھا کہ اسحاق ڈار خود وہاں جائیں، ہمیں یہ بھی سوچنا ہے کہ جو وہاں پڑھ رہے ہیں ان کے کافی پیسے خرچ ہوئے ہیں۔امیر مقام نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہمارے طلبا وہاں سے پڑھیں اور ڈگری لے کر آئیں، وزارت خارجہ کے دفتر میں ہیلپ لائن موجود ہے، جو طلبہ واپس آنا چاہتے ہیں وہ ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ -

بشکیک واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بشکیک میں پیش آنے والا واقعہ ہمارے لئے انتہائی افسوسناک ہے۔لاہور میں وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ اور وزیر امور کشمیر انجیئنر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں، میری بشکیک کے وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بشکیک واقعہ کے بعد ہم نے وزارت خارجہ میں ایمرجنسی یونٹ کو فعال کیا، فقط پاکستانی طلبہ کو ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے طلبہ کو بھی نشانہ بنایا گیا، ایک ایئر فورس کی ایک فلائٹ طلبہ کو واپس لانے کیلئے بشکیک جائے گی، 540 مزید پاکستانی طلبہ آج تین کمرشل پروازوں کے ذریعے واپس آئیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بشکیک واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، یہ دکھ کی بات ہے کہ منفی مہم چلائی گئی اور حقائق کچھ اور ہیں، کرغز حکام کا کہنا ہے کہ پیڈبلاگرز اور پیڈ سوشل میڈیا اس سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بشکیک واقعہ میں چار سے پانچ پاکستانی زخمی ہوئے جو زیر علاج ہیں، تشدد کے واقعات میں 16 غیر ملکی طلبہ بھی زخمی ہوئے، کل 130 پاکستانی طلبہ واپس آگئے ہیں، 50 سے زائد طلبہ نے پاکستانی سفارتخانے میں اپنی انٹی کروائی۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کرغز حکام نے گزارش کی ہے ہم پر اعتماد کریں، آپ کو آنے کی ضرورت نہیں، کرغز حکومت کی درخواست پر دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کرغز وزیر خارجہ نے کہا ہے اموات نہیں ہوئیں، زخمیوں کی ہم خود دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ -

خیبر پختونخوا حکومت نے کسانوں سے 17 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی ہے۔ ظاہر شاہ
وزیر خوراک خیبر پختون خوا ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا باہر سے لائی گئی گندم نہیں خریدے گا، ہم مقامی کسانوں سے 6 لاکھ ٹن گندم خرید رہے ہیں۔اسلام آباد میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظاہر شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 40 کلو گندم کا ریٹ 3900 روپے رکھا ہے، اس بار گندم کی خریداری کو شفاف بنایا جائے گا۔ظاہر شاہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے کسانوں سے 17 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو فنڈز نہیں دیے جا رہے ہیں، گندم اور پانی پر ہمیشہ لڑائیاں رہی ہیں، گندم اسٹوریج اس لیےہوتہ ہے تاکہ آفات میں اس کو استعمال کیا جائے، ہم نے جو فیصلہ کیا اس سےصوبے کو 12 ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ امپورٹ کی گئی گندم خیبر پختون خوا کے لوگ پسند نہیں کرتے، خیبر پختون خوا میں 22 سینٹرز میں گندم کی خریداری کی جا رہی ہے، 20 مئی سے نئے مراحل میں گندم خریدی جائے گی۔ظاہر شاہ نے یہ بھی کہا کہ فوڈ کے شعبے میں کرپشن ہوتی تھی اس لیے ایپ بنائی گئی، 14 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کسانوں نے ایپ میں اندراج کیا۔ -

وزیر اعلیٰ پنجاب سے جاپانی سفیر کی ملاقات ، سرمایہ کاری، تجارتی امور پر تبادلہ خیال
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپانی سفیر واڈا متسوہیرونے ملاقات کی، ملاقات میں تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ لیا گیا اور طلبہ کے فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اور جاپان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری ، باہمی مفادات اور اشتراک کارگرہو سکتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفیدمواقع موجود ہیں، پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طورپرابھر رہا ہے، پنجاب کی سکلڈ نوجوانوں کی افرادی قوت جاپانی اداروں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوامی رابطے ناگزیر ہیں، جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیارہ پاکستانی طلباء ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے لیے MEXT سکالرشپس پر جاپان میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان میں عوامی سماجی بہبود کے لیے جاپان کے متعدد پراجیکٹ جاری ہیں۔ -

افغان کھلاڑی راشد خان 4 سال بعد وطن واپس لوٹ آئے ہیں
افغانستان میں افغان طالبان کی حکومت کے آنے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نے بھی بالآخر 4 سال بعد وطن واپس لوٹ گئے ہیں، جبکہ حکومت کے زیر انتظام پروگرامز میں حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔معروف افغان کھلاڑی راشد خان 4 سال بعد وطن واپس لوٹ آئے ہیں، راشد خان گزشتہ 4 سال تک افغانستان سے باہر تھے۔تاہم اب کابل ایئر پورٹ پر کھلاڑی کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے، جہاں کرکٹ بورڈ کے ممبران بھی موجود تھے۔اسی دوران راشد خان کے ہمراہ افغان طالبان کے مقامی رہنما بھی موجود تھے، جو کہ کھلاڑی کے ہمراہ تصاویر بنوا رہے تھے۔پاکستان کو ہرانے کے بعد افغان کھلاڑی نے ایوارڈ واپس بھیجے جارہے افغانوں کے نام کردیا
راشد خان کی کابل ایئرپورٹ سے لے کر افغان کرکٹ بورڈ جانے تک کی ویڈیو افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپلوڈ کی گئی تھی۔اگرچہ کھلاڑی سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں کہ راشد خان طالبان حکومت کے باعث کابل نہیں آ رہے تھے، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق راشد خان مصروف شیڈول کے باعث آبائی ملک نہ جا سکے تھے۔انڈین پریمئیر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کا حصہ رہنے والے راشد خان کو آج صبح کابل ایئرپورٹ دیکھا گیا تھا جہاں سرکاری طور پر ان کا استقبال کیا گیا۔واضح رہے راشد خان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میچز کی تیاری کے لیے افغانستان پہنچے ہیں جہاں سے افغان کرکٹ ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے۔ -

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، حلقے میں مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک میں کا ٹنے کا مقابلہ ہے۔حلقے میں کل ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 231 ہے جن میں 2 لاکھ 33 ہزار 624 مرد جبکہ 2 لاکھ 10 ہزار 607 خواتین ووٹر ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 275 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، خواتین اور مرد ووٹرز کیلئے 72، 72 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے جبکہ 131 پولنگ سٹیشن مشترکہ ہیں۔الیکشن کمیشن نے ان پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا ہے، 3 ہزار800 پولیس افسرو اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔واضح رہے کہ حلقے میں یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے تھے، ان کے سینیٹر بننے پر سیٹ خالی ہوئی تھی۔
