سعودی حکومت نے 24 مئی سے عمرہ پرمٹ اجراء بند کرنے کا اعلان کردیا ، صرف حج پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مکہ جانے کی اجازت ہوگی۔سعودی حکومت کاکہنا ہے کہ 24 مئی 2024 سےعمرہ پرمٹ کا اجراء بند کردیا جائے گا۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 مئی سے بند کیے جانے والا پرمٹ کا اطلاق 20 ذوالحجہ تک رہے گا۔ صرف حج پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مکہ جانے کی اجازت ہوگی۔وزارت کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے حوالے سے عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اندرون مملکت سے مکہ مکرمہ آنے والوں کے لیے پرمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزارت حج کے مطابق پرمٹ کے بغیر صرف وہ غیر ملکی ان دنوں مکہ مکرمہ جاسکتے ہیں جن کا اقامہ مکہ مکرمہ شہر سے جاری کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ رواں سال وزارت داخلہ نے پہلے ہی اس بات کا اعلان کیا جاچکا ہے کہ بغیر پرمٹ جو بھی مکہ مکرمہ، حرمین ریلوے اسٹیشن یا مکہ کے دیگر علاقوں، حج کے مقامات پر نظر آئے گا، اس پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
Author: صدف ابرار
-

بشکیک واقعہ میں زخمی پاکستانی طلبا کو ترجیحی بنیادوں پر وطن لایا جائے، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم کا پاکستانی سفیر سے رابطہ، خصوصی طیارے سے متعلق انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے والے خصوصی طیارے سے متعلق ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے ٹیلیفونک رابطے میں کرغزستان میں موجود تمام پاکستانی طلبہ اور ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی پاکستانی طلبا کو ترجیحی بنیادوں پر وطن لایا جائے، خاندان کے ساتھ مقیم طلبا کی بھی وطن واپسی کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو کرغز نائب وزیر خارجہ آیواز بیک عطاخانوف سے ہوئی ملاقات سے آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ حالات پر مکمل طور قابو پا لیا گیا ہے، کل رات اور آج تشدد کا کوئی نیا واقعہ نہیں ہوا، سکیورٹی بڑھا دی گئی پاکستانی اور دیگر غیر ملکی طلبہ بالکل محفوظ ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ پاکستانی طلباء آج دو کمرشل پروازوں کے ذریعے بھی کرغیزستان سے پاکستان پہنچیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالات معمول پر آنے کے باوجود کوئی طالبعلم پاکستان آنا چاہتا ہے تو سہولیات دی جائیں۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارہ آج شام بشکیک کے لیے روانہ ہوگا جو رات کو 130 پاکستانی طلبہ کو لے کر پاکستان پہنچے گا۔ -

سیالکوٹ؛موبائل کلینک آن ویلز میں خواتین کے لیے بہترین سہولتیں میسر ہیں، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عام شہری کی زندگی میں تبدیلی لے کر آئے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اسپتالوں کی بہتری پہلے ہماری پھر افسران کی ذمہ دار ی بنتی ہے۔ پنجاب حکومت عام شہری بالخصوص خواتین کو دہلیز پر سہولتیں دے رہی ہے۔ موبائل کلینک آن ویلز میں خواتین کے لیے بہترین سہولتیں میسر ہیںوزیر دفاع نے کہا کہ مریم نواز کے اقدامات سے شہریوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی، دیہی علاقوں میں کلینک آن ویلز کسی نعمت سے کم نہیں، سرکاری اسپتال میں کینسر یونٹ بھی بنایا جائے گا۔سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 3 ماہ میں خدمت کی بنیاد رکھی، مریم نواز اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل رہی ہیں، ان کے اقدامات سے شہریوں کو دہلیز پر سہولتیں میسر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے حالات وزیراعلیٰ پنجاب کے علم میں ہیں، مریم نواز نے کہا تھا آئندہ ہفتے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سیالکوٹ کو دیکھنے آؤں گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موبائل کلینکس سے صحت کی سہولیات میں انقلابی تبدیلی آئے گی، موبائل آن وہیلز کلینکس میں ڈینٹل اور آنکھوں کے ماہرین بھی ہوں گے، دیہی علاقوں میں کلینکس آن وہیلز کسی نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں کینسر یونٹ بھی بنایا جائے گا، درسگاہیں بھی پنجاب حکومت کے فوکس میں ہیں۔ -

کاہنہ بازار میں ٹریفک اہلکار پر پولیس کی تشدد کی ویڈیو وائرل
کاہنہ پولیس نے رات گئے کاہنہ بازار میں ٹریفک اہلکار پر مبینہ تشدد کیا جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، چیف ٹریفک پولیس آفیسر کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا۔
کاہنہ پولیس کے اہلکاروں نے کاہنہ بازار میں ٹریفک اہلکار پر مبینہ تشدد کیا جو کہ گھر سے میڈیکل سٹور پر دوائی لینے نکلا تھا۔پولیس کی جانب سے ٹریفک اہلکار لقمان کے کپڑے پھاڑ دیے، اس کے ہاتھ باندھ کر زمین پر بیٹھا دیا اور تشدد کرتے رہے۔تشدد کرنے والوں میں سب انسپکٹر عندلیب اور 7 سے 8 اہلکار شامل ہیں۔سب انسپکٹر عندلیب نے ٹریفک اہلکار لقمان کے ہاتھ رسیوں سے بندھوائے اور مشکوک شخص جان کر تشدد کیا گیا۔قریب سے گزرتے راہ گیر نےتمام واقعہ ویڈیو میں ریکارڈ کرلیا۔ فیملی ذرائع نے بتایا کہ کاہنہ پولیس نےلقمان کوتھانے لے جاکربھی تشددکیا، جبکہ دوسری جانب سی ٹی او لاہورنے نوٹس لیکر انکوائری کا حکم دے دیا۔ -

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے،
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کے جائزے کے سلسلے میں مدینہ منورہ کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ترجمان مذہبی امور کے مطابق چوہدری سالک حسین عمرے کی ادائیگی کے بعد پاکستان حج مشن مکہ کا دورہ کرینگے۔ ترجمان کے مطابق چوہدری سالک حسین آج اتوار کے روز سعودی اداروں، کیٹرنگ کمپنیوں اور عازمین حج کی رہائش گاہوں کا دورہ کرینگے۔اب تک 93 پروازوں کے ذریعے 22 ہزار 696 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے 11 ہزار سے زائد عازمین کی ریاض الجنہ کی زیارت مکمل ہوچکی ہے۔ترجمان کے مطابق عازمین حج کے اولین قافلے 8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ کی جانب عازم سفر ہیں۔ پاکستان سے براہ راست جدہ کی حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔
-

آئندہ چند روز موسم شدید گرم رہے گا، شہری احتیاط برتے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے اگلے 10 دن تک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہوں گے۔ تاہم ملک کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان، گرج چمک اور تیز بارشوں کا امکان بھی ہے۔محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ بالائی فضا میں ہائی پریشر کی موجودگی کے نتیجے میں ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں 21 مئی تک لُو چلنے (ہیٹ ویو) جیسی صورتحال ہوگی جس کی شدت 23 سے 27 مئی تک مزید بڑھ جائے گی۔سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی تک دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی تک 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی کی شدت برقرار درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق لاہور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا کی رفتار 3کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب 37فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ایئر کوالٹی انڈکس کے لحاظ سے آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں دوسرا نمبر پر براجمان ہے ،شہر میں سموگ کی اوسط شرح 181ریکارڈ ہوئی ہے ، رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ حکام سے کہا گیا کہ وہ الرٹ رہیں اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی تعریف درجہ حرارت 3 یا اس سے زیادہ دنوں تک معمول کی حد سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کے طور پر کی ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر کوئٹہ، ژوب، زیارت، شیرانی، بارکھان، قلات، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، خاران اور مستونگ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خان، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اور کرم میں بھی ایسا ہی موسم متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ میں سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں اسی طرح کا موسم متوقع ہے۔تیز دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے اجتناب کیا جائےمحکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں پر ممکنہ اثرات پڑنے سے خبردار کیا اور انہیں انتظامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ لوگوں کو براہ راست سورج کی روشنی میں غیر ضروری نمائش سے بچنے اور پانی پینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ انتہائی خشک موسم اور ہیٹ ویو پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں جھاڑیوں اور جنگل میں آگ لگنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ہیٹ ویو سے بچنے کی چند احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں، ویسے بھی پانی کا استعمال کرنا فائدہ مند رہتا ہے، سر کے اوپر ہلکا ٹھنڈا کپڑا رکھ کر چلیں یا سفر کریں تو زیادہ بہتر ہے۔انتہائی سخت گرمی اور دھوپ میں زیادہ دیر تک مشقت والا کام کرنے سے گریز کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے کی زحمت نہ کریں۔گھر کو ہوادار اور ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات کریں، زیادہ گرمی ہونے کی صورت میں نہائیں۔ زیادہ پانی اور ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں جو نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے سمیت جسم میں پانی کی نمکیات کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں۔
-

کے پی حکومت بشکیک میں موجود طلبہ کی بحفاظت واپسی کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے تیار، علی امین گندا پور
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر کو خط لکھا ہے جس میں پاکستانی طلبہ کی حفاظت کے مؤثر اقدامات پر کرغزستان حکومت سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔خط میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واقعے پر فوری ردِ عمل اور صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات قابلِ تعریف ہیں، فوری اقدام نے مزید نقصان کو روکا اور پریشان والدین کو یقین دہانی فراہم کی۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کا خط کہنا ہے کہ طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاری کوششوں کے مشکور ہیں، واقعہ طلبہ اور ان کے خاندانوں کے لیے کافی پریشانی کا باعث بنا، کے پی حکومت طلبہ کی بحفاظت واپسی کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کرغزستان کے سفیر کو خط میں کہا ہے کہ مستقل رابطوں نے خدشات کو دور کرنے میں مدد کی، یہ جان کر تسلی ہوئی کہ ہمارے طلبہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔خط میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے یہ بھی لکھا ہے کہ طلبہ کی فلاح و بہبود مشترکہ ذمے داری ہے، یقین ہے کہ طلبہ کی پاکستان میں محفوظ اور بر وقت واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔
-

اسحاق ڈار اور امیر مقام کا دورۂ بشکیک ملتوی
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں غیرملکی طالبہ و طالبات پر مقامی افراد کے حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام نے بشکیک جانا تھا، تاہم اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام کچھ دیر تک وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے اور دورہ بشکیک ملتوی ہونے اور وہاں موجود پاکستانی طلبہ کی صورت حال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب طلبہ سمیت 140 پاکستانی واپس لاہور پہنچے تھے جہاں ایئر پورٹ پر وزیر داخلہ نے واپس آنے والوں سے ملاقات کی تھی۔وزیرِ داخلہ نے دہشت زدہ طالب علموں سے بشکیک کے حالات پوچھے تھے -

کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور مسافروں کو واپس لانے کیلئے آج مزید 2 پروازیں بشکیک جائیں گی۔
کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور مسافروں کو واپس لانے کیلئے آج مزید 2 پروازیں بشکیک جائیں گی۔خصوصی پروازوں کے ذریعے 360 طلبا کو وطن واپس لایا جائے گا، ایک پرواز لاہور، دوسری اسلام آباد پہنچے گی، دونوں پروازیں شام تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ کرغزستان میں پُرتشدد واقعات کے بعد پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا، گزشتہ روز طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز KA-571 لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی۔لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی طور پر طلبہ کا استقبال کیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت طلبا کی زندگیاں بہت اہم ہیں، ہم نے اپنے بچوں کو واپس لانا ہے، زخمی طلبا کو پہلے واپس لانا ترجیح ہے۔
ایئرپورٹ منیجر نذیر احمد خان نے بتایا کہ پرواز میں آنے والے مسافروں کیلئے بین الاقوامی آمد لاؤنج میں الگ کاؤنٹرز بنا دیئے گئے ہیں، بشکیک سے آنے والے طلبہ اور مسافروں کی تیز ترین امیگریشن کیلئے ایف آئی اے کو بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔کرغزستان میں پھنسے طلبہ نے پاکستان پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشکیک میں حالات معمول پر نہیں، طلبہ میں بے چینی ہے، کرغزستان میں 10 سے 12 ہزار طلبہ کی جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں مصری باشندوں نے مقامی افراد کو مارا، ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد فسادات شروع ہوئے، طلبہ نے چھپ کر جان بچائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ -

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کا دورہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا ، اس دوران قطاریں نظر آئیں نہ ہی شہریوں کو غیر ضروری انتظار کی زحمت سامنا تھا،ایجنٹ مافیا غائب تھا، گارڈن ٹاون پاسپورٹ آفس کی حالت یکسر بدلنے پر شہری خوش نظر آئے گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی تعطیل کے باوجود 24/7 اوپن پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن پہنچ گئے۔وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی،شہریوں نے محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 30 برس بعد گارڈن ٹاؤن کے رہائشیوں کی سنی گئی۔۔ قریبی گھر کے رہائشی ایک شہری میاں دادو نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو دعائیں دی اور کہا کہ آپ کی وجہ سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوا ۔ محلے دار بہت خوش ہیں، آپ ہمارے محسن ہیں۔ آپ ہماری دعاؤں کے ساتھ ہمارے دلوں میں بھی ہیں،آپ کی مہربانی سے مسلہ حل ہوگیا ہے اور محلے داروں کو سکون مل گیا ہے۔
