ایک ماہ کےلیے بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا کہ صارفین کو اپریل کے بجلی بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
Author: صدف ابرار
-

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ مکمل
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے جدہ سے لاہور کیلئے روانہ ہوگئے، ایئرپورٹ پر جدہ کے گورنر نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ ذرائع کے مطابق وفد نے آج صبح بیت اللّٰہ کے اندرونی حصے میں جانے کی سعادت حاصل کی، وزیراعظم شہباز شریف نے عمرہ بھی ادا کیا۔پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔ سعودی عرب نے 5 ارب ڈالرز سے پاکستان میں سرمایہ کاری پیکیج کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔مکہ مکرمہ میں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج الصفاء پیلس مکہ المکرمہ میں باضابطہ ملاقات کی۔سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
-

سکھر رینج میں کوئی مغوی ڈاکوؤں کے قبضے میں نہیں ہے،آئی جی سندھ
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ کچے میں اسلحہ کون پہنچا رہا ہے، سی ٹی ڈی کو ٹاسک دیا ہے، وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔ کچے میں صرف بدمعاش نہیں بلکہ شریف لوگ بھی رہتے ہیں، اس لیے انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہیں۔ گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ کچے میں سوشل میڈیا کو بند نہیں کر سکتے، سائبر کرائم کو ریفرنس بھیجے ہیں، ہم خفیہ اطلاع پر آپریشن کریں گے، کچے میں آپریشن کا یہی طریقہ ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ اور گاڑیاں دے رہے ہیں، شکارپور اور کشمور ایسے ڈسٹرکٹ ہیں جہاں خصوصی طور پر امن چاہتے ہیں۔غلام نبی میمن نے کہا کہ پکے میں قبائلی دہشت گردی کی روک تھام میں زیادہ فوکس کرنا پڑے گا، قبائلی جھگڑوں میں قتل ہونے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، سکھر رینج میں کوئی مغوی ڈاکوؤں کے قبضے میں نہیں ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ کچے میں صرف بدمعاش نہیں، شریف لوگ بھی رہتے ہیں اس لیے انٹیلی جنس آپریش کرتے ہیں، کچے کا ایریا بہت چھوٹا ہے لیکن اندر جانے کے بعد حقائق کچھ اور ہوتے ہیں۔
-

سلیکشن کمیٹی کی قومی ٹیم سے اسلام آباد میں ملاقات
قومی سلیکشن کمیٹی کی کاکول فزیکل ٹریننگ کیمپ میں شریک کرکٹرز سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں کیمپ کے29 میں سے28 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ملاقات میں سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کو سلیکشن پالیسی کے سلسلے میں اعتماد میں لیا۔ کھلاڑیوں کو روٹیشن پالیسی اور نئے کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا۔ ملاقات میں سلیکٹرز وہاب ریاض۔ محمد یوسف۔ عبدالرزاق ۔ اسد شفیق اور بلال افضل کے علاوہ حسن چیمہ اور عثمان واہلہ شریک تھے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان منگل کے روز لاہور میں ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم بھی اسی شب اسلام آباد میں یکجا ہوجائے گی۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ٹیم انگلینڈ اور آئرلینڈ کا دورہ کرے گی۔
پاکستان ٹیم اس سال امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے گی۔ -

قومی کر کٹ ٹی ٹوئینٹی کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پر عزم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاءاللّٰہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتیں گے۔ پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو ان کے اسٹرائیک ریٹ سے کافی مسائل ہیں اور وہ ان کے مسائل کو نہیں سمجھتے کیونکہ وہ ایک مختلف کھلاڑی ہے جو حالات کے مطابق کھیلتا ہے۔ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تقریباً تمام ریکارڈز میں اپنے نام ہونے کے باوجود اکثر میچ کی صورتحال کے مطابق نہ کھیلنے پر تنقید کا نشانہ بنتے ہیں اور ان پر اپنے اسٹرائیک ریٹ کو کم کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کپتانی ذمہ داری ہے، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، انشاءاللّٰہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتیں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ بیٹنگ اور کپتانی کو الگ رکھتا ہوں، محنت اور لگن کامیابی کی بنیاد ہے، میرے رن آؤٹ ہونے پر والد بہت ناراض ہوتے ہیں، انہیں رن آؤٹ ناپسند ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بھارت اور خصوصاً حیدرآباد میں جو استقبال ملا وہ حیران کن اور یادگار رہا، بھارت میں شیروانی دیکھنے کی خبر درست نہیں۔انکا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ ہارنے پر دکھ ہوا، اس دن سو نہیں سکا تھا۔بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ کین ولیم سن کی کور ڈرائیو پسند ہے، پیٹ کمنز سب سے مشکل بولر ہیں، پاکستان کے بعد دوسری پسندیدہ ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کیریئر کی ابتداء میں منصور رانا، اعجاز احمد اور علی ضیاء نے بہت مدد کی۔ -

شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو افطار کی خصوصی دعوت
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو افطار کی خصوصی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم ہاؤس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق وزیر اعظم کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر گئے وفاقی کابینہ کے ارکان اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے افطار پر مدعو کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ شہباز شریف علامہ اقبال ایئرپورٹ کی کمرشل فلائٹ سے 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دیں گے۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی گفتگو کریں گے۔ دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیردفاع خواجہ آصف، عبد العلیم خان، عطاء اللہ تارڑ اور احد خان چیمہ شامل ہیں۔
-

سکھ شہریوں پر بیرون ملک حملوں میں بھارتی ایجنسی را ملوث ہے، گرپت ونت سنگھ پنو
سکھ حریت پسند رہنما گرپت ونت سنگھ پنو نے بیرون ملک مقیم سکھ شہریوں پر بھارتی قاتلانہ حملوں سے متعلق اہم انکشافات کردیے۔جیو نیوز کے پروگرام میں گرپت ونت سنگھ پنو نے کہا کہ سکھ رہنماؤں پر حملوں میں کوئی تھرڈ پارٹی نہیں بلکہ ’را‘ براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اجازت کے بغیر سکھ رہنماؤں پر حملے نہیں ہوسکتے۔گرپت ونت سنگھ پنو نے کہا کہ سکھ بھارتی پنجاب کو پُرامن طور پر بھارت سے آزاد کروانا چاہتے ہیں اس لیے نریندر مودی کی حکومت انہیں نشانہ بنارہی ہے۔سکھ حریت پسند رہنما نے مزید کہا کہ خالصتان کی تحریک مقبول تحریک ہے، اگر مقبول نہ ہوتی تو نریندر مودی ہمیں نشانہ نہ بناتا۔ دوسری جانب جیو نیوز اور جنگ لندن کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی ہٹ لسٹ پر آگئے۔مرتضیٰ علی شاہ سکھوں کی خالصتان تحریک کی کوریج کے باعث ’را‘ کی ہٹ لسٹ میں آئے ہیں۔برطانیہ کی سکھ فیڈریشن دبندرجیت سنگھ نے سکھ چینل کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میٹرپولیٹن پولیس بھی مرتضیٰ علی شاہ کی زندگی کو لاحق خطرات سے باخبر ہے۔لندن میں جیو اور جنگ کے رپورٹر نے برطانیہ کے ساتھ کینیڈا، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی میں ہونے والی ریفرنڈم کی کوریج کی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارت میں مرتضیٰ علی شاہ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کردیا گیا تھا۔
-

پاکستانی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں 18 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ
قومی ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ میں عثمان خان، عماد وسیم اور محمد عامر بھی شامل ہوں گے، جبکہ عرفان نیازی کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دیا جانے کا امکان ہے۔پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے، جس کے بعد اسکواڈ میں شامل ناموں کا اعلان قومی سلیکٹرز کی جانب سے منگل کو پریس کانفرنس میں کئے جانے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ بابراعظم، صائم ایوب، رضوان، شاداب خان، افتخار احمد، اعظم خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان بھی اسکوڈ کا حصہ ہوں گے۔ابرار احمد اور اسامہ میر میں سے ایک کے اسکواڈ میں شامل ہونے کا امکان ہے، جبکہ حارث روف انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، وسیم جونئیر، عباس آفریدی کی بھی شمولیت کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی ایک دو روز میں متوقع ہے، ٹیم مینجمنٹ کے غیر ملکی ہیڈ کوچز کا اعلان 15 اپریل کے بعد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ سیریز میں لوکل کوچز خدمات سرانجام دیں گے۔پاکستان ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے کھلاڑی 14 اپریل کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کی صبح اسلام آباد پہنچے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
-

ایف بی آر کا اہم صنعتی شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تاخیر سے نفاذ کی تحقیقات کا آغاز
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پانچ صنعتی شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں تاخیر پر انکوائری شروع کردی ہے۔ ایف بی آر کے چیئرمین نے تمام چیف کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمباکو، ٹیکسٹائل اور چینی مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی اشیاء پر ٹیکس اسٹیمپ کے ذریعے ٹیکس لگانے کی رپورٹ دیں۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو اپنے افسران اور عملے کو مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، خاص طور پر اشیا پر ٹیکس سٹیمپ کی جانچ پڑتال پر زور دیا گیا ہے ، خاص طور پر تمباکو، کھاد اور چینی کی فروخت ہونے والی اشیا میں ٹیکس مہروں کو چیک کیا جائے۔یہ اقدام ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی کارکردگی سے متعلق خدشات کے درمیان سامنے آیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس کے عمل کو ہموار کرنا اور ان شعبوں میں غیر قانونی تجارتی طریقوں کو روکنا تھا۔ ایف بی آر کی جانچ پڑتال ٹیکس کے فریم ورک کے اندر شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے، خاص طور پر قومی معیشت کے لیے اہم صنعتوں میں۔تحقیقات ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں کسی بھی خامی کو دور کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے، جس کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا اور مارکیٹ میں منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔ یہ پیشرفت متذکرہ صنعتی شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے اہم اثرات مرتب کرنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ وہ ٹیکس کے طریقہ کار سے متعلق ایف بی آر کی انکوائری کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف کمشنرز ٹیکس مہروں کی تصدیق اور غیر تصدیق کی رپورٹ پیر تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ، ایف بی آر نے 5 صنعتی شعبوں بشمول چینی، فرٹیلائرز، سیمنٹ، تمباکو اور مشروبات میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے ملک بھر میں آئی آر ای این اسکوڈ تعینات کیے تھے اور ان کو انفورسمینٹ بہتر کرنے کے لیے بڑی لگژری گاڑیاں بھی دی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی آر ای این ٹیمیں ٹیکس مہروں کی انفورسمینٹ میں ناکام رہی ہیں جس کے سبب مارکیٹ میں ان صنعتی شعبوں کی نان ڈیوٹی پیڈ اشیا فروخت میں فروخت ہو رہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ متعدد فیکٹری مالکان نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس سٹمپس لگانے میں تاخیر حربہ استعمال کیے ہیں ،اس کے باوجود ایف بی آر حکام ٹس سے مس نہ ہوئے۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے سیمنٹ کے مالکان کو اجازت دی گئی کہ وہ اپنی مرضی کے آٹو اپلی کیٹرز سے متعلقہ آلات لگا سکتے ہیں حالانکہ ٹریک اینڈ ٹریس لگانے والی کمپنی نے سیمنٹ مالکان کو کچھ اور الات تجویز کیے تھے ۔ -

وثوق سے کہتا ہوں کہ اپریل میں ہی بانی پی ٹی آئی باہر آجائیں گے، لطیف کھوسہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وثوق سے کہتا ہوں کہ اپریل میں ہی بانی پی ٹی آئی باہر آجائیں گے، کوئی اسے ڈیل کہے گا تو یہ کم ظرفی والی بات ہوگی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نام لے کر اس لیے تنقید کر رہے ہیں کہ مداخلت بند ہونا چاہیے، عدالتیں کہہ رہی ہیں کہ مداخلت ہو رہی ہے، کیا یہ کم بات ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سائفر کیس میں عدالت کہہ چکی ہے کہ کدھر ہے سائفر۔لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ عدت کا مقدمہ شرمناک مقدمہ ہے۔
