کراچی کے عوام کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی کی گئی،کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ رویہ مختلف ہے، پہلا گنا نہیں جاتا پھر ووٹر لسٹوں سے نکال دیا جاتا ہے، ناانصافیوں کے تدارک کیلئے ہم کہاں جائیں۔ ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پہلے پاکستان کاخواب دیکھا تھا اب پاکستانیوں کا خواب دیکھنا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں جو کیا گیا وہی صورتحال پھر نظر آ رہی ہے، حلقہ بندیوں سے کراچی پر جبر واضح نظر آتا ہے، یہ شہر پورے ملک سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، اس شہر میں امن کے بغیر ملک میں امن نہیں آسکتا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ کے چیئرمین اعجاز چوہان ایک سیاسی جماعت کے کارکن بنے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم سندھو دیش کی راہ میں رکاوٹ ہے، ہم سندھو دیش نہیں بننے دیں گے، الیکشن کمیشن سندھ کے حوالے سے جو باتیں ہم تک پہنچ رہی ہیں وہ تشویشناک ہیں، انتخابات سے پہلے تمام حلقہ بندیوں کو درست کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، کل ہونے والا جلسہ صرف گلشن اقبال کا جلسہ ہوگا، ہم نے جلسوں کے ذریعے اپنے ووٹرز دکھانے شروع کر دئیے ہیں، پاکستان میں اب یہ مذاق بند ہونا چاہیے کہ دو سو ارب کر کے الیکشن میں کامیابی حاصل کر لی جائے، الیکشن کے بعد حکومت بنا کے ان دوسو ارب کو پانچ سو ارب میں چینج کر لیا جائے۔ اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن پر ہمارا اعتماد تھا مگر اب ان پر ہمارا اعتماد متزلزل ہو گیا ہے، نثار درانی پیپلز پارٹی کے عہدیدار کے رشتہ دار ہیں، اعجاز چوہان پیپلز پارٹی کے کارکن بنے ہوئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی نے جو کچھ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا اس پر من و عن عملدرآمد ہوا، نثار درانی اور اعجاز چوہان مکمل طور پر پیپلزپارٹی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 13 حلقوں پر اعتراضات جمع کرائے، کسی ایک پر بھی کوئی ایکشن نہیں ہوا، پیپلز پارٹی نے جتنے اعتراضات جمع کرائے سب پر من و عن عمل ہو گیا، کل رات کے ڈی لیمیٹیشن کے نتائج آنے کے بعد ہم الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
Author: صدف ابرار
-

پی این ایس سی کا جہاز ’سبی‘ ایک ماہ سے کیمرون پورٹ پر خرابی کی وجہ سے موجود
پی این ایس سی کے ایک اور جہاز ’سبی‘ کو کیمرون میں حادثہ پیش آیا ہے۔پی این ایس سی کا جہاز ’سبی‘ ایک ماہ سے کیمرون پورٹ ڈوآلہ پر رکا ہوا ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق ٹکر کے سبب جہاز کے پروپیلر، بوائلر اور باڈی کو نقصان پہنچا ہے۔ شپنگ ذرائع کے مطابق 4 جہاز خراب ہونے کے سبب مختلف بندرگاہوں پر رکے ہوئے ہیں۔ترجمان پی این ایس سی کے مطابق جہاز سبی کے بوائلر میں معمولی خرابی دور کر دی گئی ہے اور جہاز جلد تجارتی سفر شروع کر دے گا۔ شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی جہاز ’سبی‘ ایک ماہ سے کیمرون پورٹ ڈوآلہ پر رکا ہوا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پی این ایس سی کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی سبی کے بوائلر میں معمولی خرابی دور کردی، معمول کی مرمت ہوئی، جہاز جلد تجارتی سفر شروع کرے گا۔شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی کے 4 جہاز خراب ہوکر مختلف بندرگاہوں پر رکے ہوئے ہیں۔ جہاز ’بولان‘ انجن ٹربو خراب ہونے پر ڈیڑھ ماہ سے فجیرا میں رکا ہوا ہے۔جہاز ’بولان‘ انجن ٹربو خراب ہونے پر ڈیڑھ ماہ سے فجیرا میں رکا ہوا ہے۔ شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز ’ملتان‘ کرینز خراب ہونے پر ایک ماہ سے چین میں رکا ہوا ہے جبکہ سری لنکن پورٹ پر موجود جہاز ’چترال‘ کو خراب ہوئے 100 دن ہو گئے ہیں۔ -

ملک میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری
ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، مہنگائی کی شرح 41 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کی ہے۔ نومبر کا آخری ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں جبکہ 14 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح تاحال 41 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے پیاز فی کلو 22 روپے 68 پیسے مہنگی ہو گئی، ایک ہفتے کے دوران لہسن کی فی کلو قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر، آلو ، چینی سمیت 14 اشیاء سستی بھی ہوئیں۔ رواں ہفتے ٹماٹر فی کلو 28 روپے 95 پیسے تک سستے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال ماش فی کلو 3 روپے 49 پیسے تک مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران دال مسور فی کلو 1 روپے 50 پیسے سے زائد جبکہ انڈے فی درجن ایک روپےمہنگی ہوئے۔ایک ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 4 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 50 پیسے کمی آئی جبکہ چائے کی پتی، گھی ، گندم کا آٹا بھی سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بریڈ ماچس، کپڑوں سمیت 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 23 فیصد کی معمولی کمی آئی۔ -

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں معاشی حالات کی طرح ایک اہم مسئلہ ہیں۔ورلڈ بینک
عالمی بینک کی جانب سے ’’ پاکستان میں موسمیاتی خاموشی‘‘ کے حوالے سے لکھے جانے والے ایک خصوصی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے جو موسم کے بدلتے ہوئے نمونوں اور تباہ کن سیلابوں سے ظاہر ہوتا ہے۔ عالمی بینک نے رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی شرح نمو کو موسمیاتی تبدیلیوں اور اسموگ سے خطرات لاحق ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے معیشت کو 2050ء تک شرح نمو میں 18 تا 20 فیصد کمی کا سامنا پڑسکتا ہے۔ورلڈ بینک کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں 10 میں سے 8 لوگ موسمیاتی تبدیلیوں پر فکر مند ہیں، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں معاشی حالات کی طرح ایک اہم معاملہ ہیں۔
کم سے کم تعلیم والے لوگ آب و ہوا سے متعلق معلومات کے تمام ذرائع پر عدم اعتماد کا زیادہ امکان رکھتے ہیں۔ والدین کے پاس اپنے بچوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کی بہت زیادہ مانگ ہے تاہم، ان میں سے صرف ایک حصہ گھر میں اس کے بارے میں بات چیت میں مشغول ہے۔عالمی بینک کا مزید کہنا ہے کہ مجموعی طور پر پاکستان میں 10 میں سے 8 لوگ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں فکر مند ہیں، خواتین اور پڑھے لکھے لوگ زیادہ فکر مند ہیں جبکہ اقتصادی مسائل کے حوالے سے موسمیاتی تبدیلی کو ایک اہم مسئلہ کے طور پر سمجھا جاتا ہے ۔موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں تشویش کی اعلی سطح کے باوجود ذاتی اور حکومتی کارروائی کے لیے حمایت کم ہے۔ آب و ہوا کی سرگرمیوں پر کارروائی کی ترغیب دینے کی حکمت عملیوں کو موسمیاتی اثرات کے بجائے مالی بچت کو نمایاں کرکے طرز عمل میں تبدیلی کی موٴثر حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ -

گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روک کر زمین کی حفاظت کرنا ہوگی،انتونیو گوتیریس
قوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دبئی میں عالمی موسمیاتی کانفرنس آف پارٹنر 28 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی درجہ حرارت پر کنٹرول ناگزیر ہوگیا،
ان کاکہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روک کر زمین کی حفاظت کرنا ہوگی۔ فوسل ایندھن کو جلانا بند کیا جانا چاہیے، فوسل فیول کمپنیاں فرسودہ کاروباری ماڈل کو دگنا نہ کریں ، حکومتیں فوسل فیول سبسڈی ختم کریں، منافع پر ونڈفال ٹیکس اپنائیں۔ان کاکہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنا ہونگے ۔عالمی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتیریس نے زور دے کر کہا کہ موسمیاتی انصاف بہت پہلے لازم ہوچکا، ترقی پذیر ممالک ان آفات سے تباہ ہو رہے ہیں جو انہوں نے پیدا نہیں کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج صرف ایک اور ’ان باکس مسئلہ‘ نہیں بلکہ ماحولیات کا تحفظ کرنا دنیا کی ’قیادت کا سب سے بڑا امتحان‘ ہے۔ -

تحریک انصاف کے بانی اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکر یٹریٹ پہنچ گئے
تحریک انصاف کے بانی راہنما اکبر شیر بابر 13 سال بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچ گئے ،اکبر بابر پارٹی کے بانی راہنماﺅں کے ہمراہ پی ٹی آئی سینٹرل سیکریٹریٹ پہنچے ہے، جہاں انہوں نے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کی معلومات لینے آیا ہوں، اکبر ایس بابر کی میڈیا کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کاغذات نامزدگی، ووٹرلسٹ، الیکشن کے طریقہ کار کی معلومات حاصل کرنی ہیں، کئی بانی ارکان الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں.کل کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لینا چاہتے ہیں، دوسری جانب تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کا آغاز ہوگیا ہے اور کاغذات نامزدگی کی وصول کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی میڈیا سیل کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کئے، چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔کاغذات نامزدگی میں پارٹی کے مرکزی رہنما احمد اویس بیرسٹر گوہرعلی خان کے تجویز کنندہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن ان کے تائید کنندہ میں شامل ہیں۔ -

لاہور بس فائرنگ ،بس اور کار ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی
لاہور میں طالبات کی بس پر فائرنگ کے کیس کے حوالے سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن عمران کشور کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عمران کشور کا کہنا ہے کہ طالبات کی بس پر فائرنگ کا واقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا، فائرنگ کرنے والے ملزمان نشے میں تھے، طالبات کی بس کے ڈرائیور اور ملزمان کی کار کے ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28 نومبر کو طالبات کی بس پر حملہ کیا گیا تھا، بس پر فائرنگ کرنے والے 6 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ایک زخمی طالبہ کی حالت تشویشناک ہے، وہ وینٹی لیٹر پر ہے، فائرنگ کا نشانہ بننے والی دوسری طالبہ کی حالت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کی ذمہ داری تھی کہ تفریحی دورہ فوری طور پر منسوخ کرتے، کالج انتظامیہ کو چاہیے تھا بچیوں کو فوری طور پر واپس اپنے گھر بھجواتے۔ فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہونے والی کار کرائے پر لی گئی تھی۔
عمران کشور نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کےلیے5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں، ملزمان کے بیانات اور شواہد کی بنیادوں پر واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، طالبات کی بس پر فائرنگ کے کیس میں 7 انسداد دہشتگردی ایکٹ لگا دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے یہ بھی کہا کہ ڈیفنس کار حادثے کے ملزم افنان کے ٹیسٹس کی رپورٹس ابھی آنی ہیں۔واضح رہے کہ پتوکی کے نجی کالج کی پکنک پر جانے والی طالبات کی بس پر فائرنگ کا واقع پیش آیا تھا نجی کالج کی طالبات کی بس پر فائرنگ سے ایک طالبہ سر پر گولی لگنے سے آئی سی یو جا پہنچی ہے جبکہ دوسری دوسری شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔ نجی کالج کی بس زخمی طالبات کو چھوڑ کر پروگرام کے مطابق مظفر آباد پہنچ گئی ہے۔ تفریحی دورے پر جانے والی کالج طالبات کی بس پر فائرنگ کے معاملے پر پرنسپل اور ٹور پر جانے والے استاد کے بیانات کا تضاد سامنے آگیا۔
-

فوج مضبوط ہو گی تو پاکستان مضبوط ہو گا۔شوکت یوسفزئی
تحریکِ انصاف کے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر کے کہا ہے کہ فوج کے خلاف کسی قسم کا پروپیگنڈ ا نا قابلِ برداشت ہے،شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کو مستحکم اور مضبوط کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جنگ کرپٹ سیاسی جماعتوں کے خلاف ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا ہے کہ پاک فوج ہماری فوج ہے جو قابلِ فخر اور نڈر ہے، فوج مضبوط ہو گی تو پاکستان مضبوط ہو گا۔ شوکت یوسف زئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ذاتی طور پر بھی فوج سے پیار اور احترام کا رشتہ رہا ہے۔
-

پشاور ہائیکورٹ: افغان باشندوں کے کیس کی سماعت
پشاور ہائی کورٹ میں پاکستانیوں سے شادی کرنے والے افغان باشندوں کی دائر درخواستوں پر جسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللّٰہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزاروں کو قانون کے مطابق درخواست دینی چاہیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پی او سی کارڈ کے ذریعے کوئی بھی غیر ملکی پاکستانی شہری کے تمام حقوق حاصل کر سکتا ہے، تاہم پی او سی کارڈ کا حامل شخص پاسپورٹ حاصل نہیں کر سکتا اور ووٹ نہیں ڈال سکتا۔ دورانِ سماعت عدالت نے پاکستانیوں سے شادی کرنے والے 109 افغان باشندوں کو نادرا ایکٹ کے تحت پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) دینے کا حکم جاری کر دیا۔
-

نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل مقرر،جبکہ ایون فیلڈ رنفرنس کیس میں مختصر فیصلہ جاری
سٹیل ملز ریفرنس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ 7 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ نیب کی العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی سزا بڑھانے کیلئے اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر ہے۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی بریت کا مختصرتحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ عدالت نے آبزرویشن میں کہا تھا کہ نیب کے پاس نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں ہیں، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کے فیصلے کو کہیں بھی چیلنج نہیں کیا گیا، بریت کی وجوہات کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہ کہ مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدرکے بریت کے فیصلے میں اس عدالت نے آبزرویشن دی تھی، عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اوربری کرنے کا حکم دیتی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 2 رکنی بینچ نے 2 صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
