Baaghi TV

Blog

  • بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی اور غیر ملکی سہولت کاری بے نقاب

    بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی اور غیر ملکی سہولت کاری بے نقاب

    کوئٹہ: بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے دوران بھارتی اور غیر ملکی سہولت کاری کے واضح شواہد سامنے آ گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر ملکی ساختہ اسلحہ، جدید جنگی سازوسامان اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ہر دہشت گرد کو اوسطاً 20 سے 25 لاکھ روپے مالیت کے اسلحے اور ساز و سامان سے لیس کیا گیا تھا، جو کسی منظم بیرونی نیٹ ورک اور مالی معاونت کی نشاندہی کرتا ہے۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید امریکی ساختہ M16 اور M4 رائفلز، راکٹ لانچرز، ایمنگ لیزرز اور نائٹ ویژن گوگلز شامل ہیں، جو عام طور پر جدید عسکری فورسز کے زیرِ استعمال ہوتے ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد بیرونی ساختہ بلٹ پروف جیکٹس اور جدید وائرلیس کمیونیکیشن سیٹس سے بھی لیس تھے، جس سے ان کے درمیان رابطہ اور حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بے حسی پیدا کرنے والی نشہ آور ادویات اور انجکشن بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر حملوں سے قبل استعمال کیا جاتا تھا تاکہ دہشت گرد خوف اور درد کے احساس سے بے نیاز ہو کر کارروائیاں انجام دے سکیں۔

    سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ اور تعاقبی آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ رات ہونے والے تعاقبی آپریشنز میں مزید 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر گزشتہ تین روز کے دوران مختلف کارروائیوں میں 197 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں، اسلحہ ڈپوؤں اور مواصلاتی نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کی آپریشنل صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریاست دشمن عناصر اور بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے گروہوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

  • نیا وائرس سامنے آگیا، نیپاہ جیسی علامات اور انسانوں میں خاموشی سے پھیلنے کا خدشہ

    نیا وائرس سامنے آگیا، نیپاہ جیسی علامات اور انسانوں میں خاموشی سے پھیلنے کا خدشہ

    انسانوں میں خاموشی سے پھیل رہا ہو سکتا ہے۔ یہ وائرس ابتدائی طور پر نیپاہ وائرس جیسی علامات پیدا کرنے والے مریضوں میں پایا گیا، تاہم نیپاہ کے ٹیسٹ منفی آئے۔
    ‎ماہرین کے مطابق اس نئے وائرس کو طبی طور پر پٹروپائن اوریوریو وائرس (PRV) کہا گیا ہے، اور اس کی علامات نیپاہ وائرس سے مشابہت رکھتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس بنگلہ دیش کے پانچ مریضوں میں پایا گیا، جنہوں نے حال ہی میں کھجور کے درخت سے حاصل کردہ کچا رس استعمال کیا تھا، جو نیپاہ، ریبیز اور ماربرگ جیسے وائرسز کے پھیلاؤ کا معروف ذریعہ ہے۔
    ‎مریضوں میں شدید سانس اور اعصابی علامات دیکھنے میں آئیں، جبکہ کچھ افراد میں بیماری کے مہینوں بعد بھی تھکن، سانس لینے اور چلنے میں مشکلات برقرار رہیں۔ ایک مریض کی موت بھی ہوئی، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ PRV وائرس کی وجہ سے ہوئی یا نہیں۔
    ‎کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ نیپاہ جیسی علامات والے مریضوں میں اس نئے وائرس کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر نشے مشرا نے کہا کہ کچی کھجور کے رس کے استعمال سے نیپاہ کے علاوہ دیگر خطرناک وائرسز بھی پھیل سکتے ہیں، اور اس لیے وسیع نگرانی کے نظام کی فوری ضرورت ہے۔
    ‎برطانیہ کے صحت حکام نے بھی بھارت کے مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے حالیہ پھیلاؤ پر نظر رکھنے کی تصدیق کی ہے، جہاں تقریباً 200 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  • ‎ارشد شریف قتل کیس: وفاقی آئینی عدالت نے ازخود نوٹس نمٹا دیا

    ‎ارشد شریف قتل کیس: وفاقی آئینی عدالت نے ازخود نوٹس نمٹا دیا

    ‎وفاقی آئینی عدالت نے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے۔
    ‎عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان باہمی قانونی معاونت (ایم ایل اے) کے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، جس کے بعد اس مرحلے پر عدالتی مداخلت کی ضرورت نہیں رہی۔
    ‎فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت ارشد شریف کے قتل پر صحافتی برادری اور پاکستانی عوام کے دکھ اور تشویش کو سمجھتی ہے۔ تاہم تحقیقات اور قانونی کارروائی متعلقہ قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت جاری ہے۔
    ‎عدالت نے واضح کیا کہ مقتول کے ورثا کسی بھی معاملے پر متعلقہ فورمز یا عدالتوں سے رجوع کرنے کا مکمل حق رکھتے ہیں۔
    ‎فیصلے کے مطابق پاکستان اور کینیا کے درمیان سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں اور دونوں ممالک اپنے اپنے قوانین کے تحت ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات میں سونے کی فروخت میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات میں سونے کی فروخت میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد شہریوں اور سرمایہ کاروں نے اپنے پرانے زیورات بیچنا شروع کر دیے ہیں تاکہ قرضہ جات چکائے جائیں یا پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی جا سکے۔
    ‎دبئی گولڈ سوک اور دیگر مارکیٹوں میں لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی، جہاں انہوں نے 22K، 21K، 18K اور 14K سونے کے زیورات فروخت کیے۔ 29 جنوری کو ایک گرام سونے کی قیمت Dh666 تک پہنچ گئی تھی، لیکن چند دن بعد یہ گر کر Dh589.5 پر آ گئی، جس سے فوری فروخت میں اضافہ ہوا۔
    ‎شہزادی رحمان نے اپنے پرانے زیورات بیچ کر 25 فیصد منافع حاصل کیا، جبکہ دیگر افراد نے قرضہ جات چکانے یا پراپرٹی خریدنے کے لیے سونے کی فروخت کو ترجیح دی۔ سرمایہ کار میناک دوجا کے مطابق چاندی کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا کیونکہ سرمایہ کار قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے جلدی نقد رقم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ دنوں میں قیمتیں مستحکم ہو گئی ہیں، بعض سرمایہ کار توقع کر رہے ہیں کہ چاندی کی قیمتیں دوبارہ $100 فی اونس تک جا سکتی ہیں۔ اب شہری اور سرمایہ کار سونے کو صرف زیورات کے طور پر نہیں بلکہ مالی منصوبہ بندی اور پراپرٹی میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

  • 
پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ بن گیا

    
پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ بن گیا

    ‎پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اب ملک کا سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ بن چکی ہے، جس کی مقبولیت اور عالمی برانڈ ویلیو میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 145 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی شہرت اور عالمی سطح پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
    ‎لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ یہ ریکارڈ اضافہ پی ایس ایل پر دنیا بھر کے شائقین اور میڈیا کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا کی صفِ اوّل کی کرکٹ لیگز میں بھی اپنی مضبوط پہچان بنا رہی ہے۔
    ‎پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ نے نہ صرف اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے برانڈ ویلیو کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

  • ناسا نے آرٹیمس 2 انسان بردار مشن کو ملتوی کر دیا

    ناسا نے آرٹیمس 2 انسان بردار مشن کو ملتوی کر دیا

    ‎امریکی خلائی ادارے ناسا نے تاریخی انسان بردار مشن آرٹیمس 2 کو ملتوی کر دیا ہے، جس کے تحت 4 خلا بازوں کو 5 دہائیوں بعد چاند کے مدار میں بھیجا جانا تھا۔ پہلے یہ مشن 8 فروری کو روانہ ہونے والا تھا لیکن اب اسے مارچ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
    ‎ناسا کے مطابق مشن کی ڈریس ریہرسل کے دوران کئی مسائل سامنے آئے، جن میں سرد موسم کے باعث تاخیر اور راکٹ انجن میں ہائیڈروجن لیکج شامل ہیں۔ ناسا نے کہا کہ ملتوی کرنے سے مسائل کا تجزیہ کرنے اور دوبارہ ریہرسل کے لیے تیاری کا موقع ملے گا۔
    ‎آرٹیمس 2 مشن میں 4 خلا باز زمین کے مدار میں پرواز کے بعد چاند کے اُس حصے تک جائیں گے جو زمین سے نظر نہیں آتا، تاہم چاند کی سطح پر قدم نہیں رکھیں گے۔ یہ مشن ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے لیے ٹیسٹ کے طور پر بھی استعمال ہوگا، جس میں 2027 میں انسان چاند کی سطح پر قدم رکھیں گے۔

  • بسنت کے رنگ، پتنگ بازاروں میں رش اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    بسنت کے رنگ، پتنگ بازاروں میں رش اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    
لاہور میں کئی برس بعد بسنت کے تہوار کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور ایک بار پھر رنگ برنگی پتنگوں سے آسمان سجنے کو تیار ہے۔ شہر کی فضا میں بسنت کی روایتی رونق لوٹ آئی ہے، جس کا واضح عکس فصیل بند شہر، بالخصوص موچی گیٹ اور گرد و نواح کی مارکیٹوں میں نظر آ رہا ہے جہاں پتنگیں اور ڈور خریدنے والوں کا غیر معمولی رش ہے۔
    ‎شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کی تیاریوں کا جوش عید جیسا محسوس ہو رہا ہے۔ خواتین بسنت کے لیے ہم رنگ لباس اور زیورات کی خریداری میں مصروف ہیں جبکہ گھروں کی چھتوں پر بیٹھنے کے انتظامات، کھانے پینے کا سامان اور موسیقی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تاہم بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بسنت کی خوشیوں کو کچھ حد تک متاثر کر دیا ہے۔
    دکانداروں کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دو عدد ڈور کے پنے کی قیمت 12 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ بڑی چرخیاں سائز کے حساب سے 400 سے 600 روپے میں فروخت ہو رہی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ محدود وقت اور تھوک نرخوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانا مجبوری بن چکا ہے۔
    پچیس سال بعد بسنت کی واپسی نے شہرِ زندہ دلان میں تہلکہ مچا دیا۔ لاہور کے بازاروں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں، ہر طرف پیلا رنگ، پتنگیں اور چھتوں کی سجاوٹ اپنے عروج پر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت ہمیں رنگ، اُمید اور میل جول کا احساس دلاتی ہے۔
    ‎قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں بھی پتنگ سازی کی اجازت دے دی ہے تاکہ سپلائی میں اضافہ ہو سکے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر سخت کنٹرول یقینی بنایا جائے تاکہ ہر طبقے کے لوگ بسنت کی خوشیوں میں برابر شریک ہو سکیں۔

  • غزہ اور ایران کا حل طاقت نہیں، سفارتکاری ہے, یو اے ای

    غزہ اور ایران کا حل طاقت نہیں، سفارتکاری ہے, یو اے ای

    
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ غزہ اور ایران کے مسائل کا حل طاقت نہیں بلکہ سفارتکاری ہے۔ انہوں نے دبئی سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں سیاسی استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیلی سلامتی دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت نہ ہو، جو علاقائی اور عالمی تعاون سے ممکن ہے۔
    ‎انور قرقاش نے کہا کہ ابراہیمی معاہدوں کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ کا کردار جاری رہے گا اور خطہ طاقت کے استعمال یا بار بار کی محاذ آرائی برداشت نہیں کر سکتا۔
    ‎انہوں نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے حل کے لیے سیاسی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران کو امریکا سے براہِ راست مذاکرات کر کے معاہدے تک پہنچنا چاہیے تاکہ اپنی معیشت کی تعمیر نو اور جوہری مسئلے سمیت دیگر اہم امور پر پیش رفت ممکن ہو۔
    ‎اماراتی مشیر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات پرعزم اور بلند اہداف پر مبنی معاشی پالیسی جاری رکھے گا اور انتہا پسندی، بشمول اخوان المسلمون کے خلاف اقدامات بھی جاری رہیں گے۔

  • اوکاڑہ: پولیس کی موثر کارروائیوں سے سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی، 9 گینگز ختم، 290 اشتہاری گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی موثر کارروائیوں سے سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی، 9 گینگز ختم، 290 اشتہاری گرفتار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/ملک ظفر) ترجمان پولیس اوکاڑہ نے ماہ جنوری 2026 کی کرائم رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بہترین پولیسنگ کے نتیجے میں سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی واقع ہوئی اور امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی۔ پولیس نے گذشتہ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 9 جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا اور ان کے 28 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ 1 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان سے 57 پستول، ایک کلاشنکوف، ایک ریوالور، 2 بندوقیں اور 173 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 85 ملزمان گرفتار ہوئے، جن سے 12 کلو چرس، 1600 گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1539 لیٹر شراب، 150 لیٹر لہن اور 3 چالو بھٹیاں بھی قبضے میں لائی گئیں۔ پولیس نے اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کیں، جس کے تحت 290 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سنگین جرائم میں ملوث A کیٹیگری کے 55 اور B کیٹیگری کے 235 اشتہاری شامل ہیں۔ اسی طرح، 61 عدالتی مفروران اور 139 ٹارگیٹڈ آفینڈرز بھی پکڑے گئے۔

    ترجمان پولیس اوکاڑہ نے کہا کہ ضلع میں جرائم کی شرح میں مزید کمی کے لیے پولیس کی فعال نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوامی تحفظ اور امن و امان کی بہتر صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا شب برات پر رحم دلی، نیکی اور تزکیہ نفس کا پیغام

    وزیراعظم شہباز شریف کا شب برات پر رحم دلی، نیکی اور تزکیہ نفس کا پیغام

    ‎وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شب برات کے موقع پر کہا ہے کہ یہ رات انسان کو اپنے اعمال پر نظرثانی اور تزکیہ نفس کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شب برات خلوص نیت سے محاسبہ، دلی توبہ اور ہدایت الٰہی کا نام ہے اور یہ فرد اور معاشرے کی اصلاح کی ترغیب دیتی ہے۔
    ‎شہباز شریف نے زور دیا کہ قوم نیکی، رحم دلی، عدل و انصاف کو فروغ دے اور انفرادی و اجتماعی فرائض میں تزکیہ نفس کرے۔ انہوں نے شب برات پر ملک کے امن، استحکام، اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
    ‎دریں اثنا، کراچی میں شب برات کے موقع پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور مرکزی شاہراہوں اور گلیوں میں پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھائی جائے۔
    ‎ساتھ ہی آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔