Baaghi TV

Blog

  • بابر اعظم دوبارہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

    لاہور میں سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا پاکستان کی 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتا ن، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہوں گے،اسکواڈ میں ساجد خان، علی عثمان، عامر جما ل، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں، سعود شکیل کو انگلینڈ کیخلاف اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا لیکن ان کی شمولیت فٹنس کلیئرنس سے مشروط ہوگی، شاہین شاہ آفریدی اورنعمان علی کوٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا،فاسٹ بولر حسن علی کو بھی ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا-

    اس موقع پر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ 16رکنی اسکواڈ ویسٹ انڈیز جائے گا،سعود شکیل کی فٹنس بہتر ہونے میں کچھ وقت لگے گا مصباح الحق کو سلیکشن کمیٹی میں ابھی 6ماہ بھی نہیں ہوئے ،سرفراز احمد کو بھی سلیکشن کمیٹی میں آئے 6ماہ ہوئےہیں،ٹیم کی تیاری کافی بہترہے، اب کوشش کی ہے کہ تبدیلی لائی جا ئے تاکہ ٹیم کے نتائج اچھے ہوں۔

    پاکستان ٹیم دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچز سے کرے گی، قومی ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم میچ کھیلے گی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔

  • ہائیکورٹس میں آئینی بینچز کی فوری بحالی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    ہائیکورٹس میں آئینی بینچز کی فوری بحالی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    آئین کے آرٹیکل 202 اے کے تحت آئینی بینچز کو فوری طور پر فعال کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے-

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، نیشنل جوڈیشل (پالیسی میکنگ) کمیٹی سمیت وفاقی اور صوبائی حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ 2024 میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے باوجود لاہور، اسلام آباد، پشاور اور بلوچستان ہائیکورٹس میں تاحال آئینی بینچز قا ئم نہیں کیے گئے، جبکہ صرف سندھ ہائیکورٹ نے آرٹیکل 202 اے کے تحت مطلوبہ نظام پر خاطر خواہ عملدرآمد کیا ہےآرٹیکل 202 اے میں آئینی بینچز کے قیام کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر ہونے والی درخواستوں کی سماعت صرف انہی خصوصی بینچز کو کرنی چاہیے۔

    درخواست گزار کے مطابق آئینی بینچز کے قیام میں تاخیر سے ملک میں آئینی انصاف کا دوہرا نظام وجود میں آ گیا ہے، سندھ کے شہریوں کو خصوصی آئینی بینچز تک رسائی حاصل ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں آئینی مقدمات اب بھی عام بینچز کے سامنے سنے جا رہے ہیں، مؤثر اور فوری متبادل قانونی چارہ جو ئی نہ ہونے کے باعث عوامی مفاد میں لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔

    درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کےکیس فائلنگ برانچ کے اس طریقہ کار کو بھی چیلنج کیا گیا ہےجس کے تحت درخواست کی باقاعدہ سماعت سے قبل قا بلِ سماعت ہونے، دائرہ اختیار، درخواست گزار کے قانونی حق (لوکس اسٹینڈی) اور متبادل قانونی چارہ جوئی جیسے نکات پر ابتدائی اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ یہ تمام معاملات عدالتی نوعیت کے ہیں جن کا فیصلہ صرف جج ہی کر سکتے ہیں، انتظامی عملہ نہیں رجسٹری کی جانب سے اس نوعیت کی جانچ پڑتال انصاف تک رسائی میں غیر آئینی رکاوٹ ہے اور یہ آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10A اور 25 کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ درخواست میں پاکستان، بھارت اور برطانیہ کی عدالتی نظیروں کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی آزادی سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

    درخواست میں عدالتی نظام میں ججوں کی شدید کمی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے اس کے مطابق ملک بھر کی ہائیکورٹس میں منظور شدہ 200 ججوں کی آسا میو ں میں سے 76 خالی ہیں، جس کے باعث مقدمات کے مؤثر عدالتی انتظام کے بجائے انتظامی سطح پر چھان بین کا رجحان بڑھ گیا ہے لاہور ہائیکورٹ کو سب سے زیادہ دباؤ کا سامنا ہے، جہاں ایک لاکھ 98 ہزار 5 مقدمات زیر التوا ہیں، جو ملک بھر کی ہائیکورٹس میں زیر التوا مقدمات کا تقریباً 56.8 فیصد بنتے ہیں۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے کہ وہ زیر التوا نمائندگیوں پر 30 روز کے اندر وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلے جاری کریں اور یہ قرار دیا جائے کہ مبہم یا غیر مدلل مراسلت آئینی تقاضوں کو پورا نہیں کرتی، متعلقہ اداروں کو آرٹیکل 202 اے پر فوری عملدرآمد، تعمیلی رپور ٹس جمع کرانے اور عدالتی کارروائی میں انتظامی رکاوٹوں کے مستقل خاتمے کا حکم دیا جائے۔

  • کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی، مسلح افواج کا شاندار خراجِ عقیدت

    کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی، مسلح افواج کا شاندار خراجِ عقیدت

    پاک فوج نے نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے-

    آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر ان کی لازوال خدمات اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 1999 کی کارگل جنگ کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے شدید دباؤ کے باوجود غیر معمولی بہادری، جرات اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کا دفاع کیا،انہوں نے اگلے مورچوں پر رہ کر اپنے ساتھیوں کی قیادت کی اور پاک فوج کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیاکیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی آج بھی پاکستانی قوم کے لیے جرات، حب الوطنی اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔

    مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جن اعلیٰ قومی اقدار اور نظریات کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی حفاظت اور پاسداری ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی، جبکہ ان کی لازوال قربانی ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب رہے گی۔

  • پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم  گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا-

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم بعد از دوپہر مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، ا سلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا ،شام کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام اور رات کو خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، دا لبندین، جیکب آباد اور دادو میں 44، سکھر 43 ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • افغانستان: کابل یونیورسٹی میں دھماکا، 20 کے قریب طلبہ زخمی

    افغانستان: کابل یونیورسٹی میں دھماکا، 20 کے قریب طلبہ زخمی

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع کابل یونیورسٹی کے طلبہ ہاسٹل میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں تقریباً 20 طلبہ زخمی ہو گئے-

    افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق کابل میں ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ جمعہ کی شب ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے تقریباً 20 طلبہ کو علی آباد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے،دھماکے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں متعددایمبو لینسوں کو کابل یونیورسٹی کے ہاسٹل کے باہر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

    ہاسٹل میں موجود ایک طالب علم نے آڈیو پیغام میں بتایا کہ دھماکے کے بعد پورے ہاسٹل کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور طلبہ کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی،تاحال طالبان حکومت کی جانب سے دھماکے کی نوعیت، اسباب یا ممکنہ ذمہ داروں کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

    افغانستان انٹرنیشنل نے ایک الگ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر خالد مسعود کو افغانستان کے صوبہ غزنی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق خالد مسعود پر مبینہ حملہ ضلع وغاز میں ایک ٹی ٹی پی کیمپ سے نکلتے وقت کیا گیا، جبکہ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے سے متعلق تصاویر بھی دستیاب ہیں، تاہم طالبان حکام نے اس واقعے پر بھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

    پاکستان مسلسل افغان طالبان پر ٹی ٹی پی کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتا رہا ہے، جبکہ طالبان ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتے ہیں کہ افغا نستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی اور ٹی ٹی پی پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے۔

  • ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

    ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

    ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ جنازے میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی اسپیکر باقر قالیباف سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق پیر کو صبح جنازے کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا، اس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا جہاں سے جسد خاکی کو عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، 9 جولائی کو شہید سپریم لیڈر کی ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی آیت اللہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ پڑھائی۔

    امریکی اور اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے سابق رہبرِ اعلیٰ کے آخری دیدار کے لیے تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں ہزاروں سوگوار جمع ہو گئے ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہےاس بڑے موقع پر ایرانی شوریٰ نگہبان نے انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جبکہ تعزیتی تقریب میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف، وزیرخارجہ عباس عراقچی اور ایرانی فوج کے کمانڈر سمیت تمام اعلیٰ حکام شریک ہوئے ہیں۔

    حکومتِ ایران نے اس موقع پر سات روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور چھ جولائی کو عام تعطیل جبکہ آٹھ جولائی کو یومِ سوگ منایا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق آخری رسومات میں دنیا کے سو ممالک کے نمائندوں سمیت ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ اتنے بڑے ہجوم کو سنبھالنے کے لیے ایران کی وزارتِ تعلیم نے بڑا قدم اٹھایا ہےوزارتِ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ جنازے میں دور دور سے آنے والے مسافروں کے رہنے کے لیے ملک بھر میں پانچ ہزار اسکول اور تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومز کھول دیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو رکنے میں کوئی تکلیف نہ ہو، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی تہران پہنچ کر تعزیتی اجتماع میں شرکت کی، فاتحہ خوانی کی اور ایرانی صدر سمیت اعلیٰ قیادت سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    آخری رسومات کے دوران تہران کا ماحول انتہائی جذباتی دکھائی دے رہا ہے گرینڈ مصلیٰ کے بڑے صحن میں جمع ہزاروں لوگوں نے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے ہیں، جنہیں ایران میں خون کا بدلہ اور انتقام لینے کی علامت سمجھا جاتا ہےوہاں موجود لوگ مسلسل ’امریکا مردہ باد‘ اور ’انتقام، انتقام‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، جس سے پوری فضا گونج رہی ہے صبح سویرے سے ہی شہر کے میٹرو اسٹیشنوں پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم لگ گیا جو تیز رفتار ٹرینوں کے ذریعے جنازے گاہ پہنچنا چاہتے تھے۔

    سرکاری شیڈول کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کا جسدِ خاکی تین دن تک تہران کے مصلیٰ میں رہے گا جہاں چار جولائی کی صبح سے پانچ جولائی کی رات تک عوام کے لیے دروازے کھلے رکھے گئے ہیں تہران میں مرکزی نمازِ جنازہ اور بڑے جلوس کے بعد چھ جولائی کو جنازے کا جلوس قم روانہ ہوگا، جہاں سا ت جولائی کو جمکران مسجد میں ایک بڑے عالمِ دین نمازِ جنازہ پڑھائیں گے۔

    عراق میں ایران کے ثقافتی سفیر غلام رضا اباذری نے بتایا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی سات جولائی کی شام کو عراق کے مقدس شہر نجف پہنچایا جائے گا، جہاں آٹھ جولائی کی صبح نجف میں اور سہ پہر چار بجے کربلا میں بڑے جنازے کے جلوس نکالے جائیں گے ان تمام مقامات سے گزارنے کے بعد نو جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے مزار کے احاطے میں ان کی تدفین کی جائے گی، جہاں ڈیڑھ سے دو کروڑ تک لوگوں کے جمع ہونے کی امید ہے۔

  • مریم اورنگزیب کی امریکی یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت

    مریم اورنگزیب کی امریکی یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت

    سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے امریکی قونصلیٹ لاہور کے زیرِ اہتمام حضوری باغ میں منعقدہ امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی-

    تقریب میں امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز، برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے بین وارنگٹن، یونیسیف پاکستان کے سربراہ رمیز بہدووز، ترکیہ کے قو نصل جنرل، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے امریکی عوام اور حکومت کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کی انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور امن کے اصولوں پر استوار ہیں دونوں ممالک سفارتی روابط کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی، سرمایہ کار ی، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، جبکہ حالیہ عرصے میں پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

    سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا نے حالیہ دنوں میں سفارت کاری کی اہمیت کا عملی مظاہرہ دیکھا، اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا، امریکہ جدت، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جبکہ امریکی نجی شعبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی بھرپور دلچسپی لے رہا ہے۔

  • امریکا چاہتا تو آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے موقع پر پوری ایرانی قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا ،ٹرمپ

    امریکا چاہتا تو آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے موقع پر پوری ایرانی قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا ،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اگر چاہتا تو آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے موقع پر پوری ایرانی قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا –

    اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ ہفتے ترکیہ میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ملاقات متوقع ہے امریکی اخبار ایکسیوئس کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات کو خوشگوار قرار دیا تاہم اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اصل باس کون ہے،دوسری جانب نیتن یاہو کے دفتر نے بھی جمعہ کے روز ہونے والی اس ٹیلی فونک گفتگو اور جلد ملاقات پر اتفاق کی تصدیق کی ہے۔

    ’ایکسیوئس‘ کو دیے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے انتہائی اہم بیانات دیے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’امریکا اگر چاہتا تو آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے موقع پر پوری ایرانی قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا اور ہم ایک ہی حملے میں سب کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے، مگر ہم نے ایسا نہیں کیا-

    امریکی صدر نے واضح کیا کہ انہوں نے حملہ اس لیے نہیں کیا کیونکہ پھر مذاکرات کے لیے کوئی نہ بچتا انہوں نے جوہری مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے کے لیے صبر کا مظاہرہ کیا کیونکہ ایران اس وقت معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے واشنگٹن اور تہران نے قطر میں جاری جوہری مذاکرات کو ایک ہفتے کے لیے عارضی طور پر روکنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات کے بعد سفارتی عمل دوبارہ شروع ہو سکے اس وقفے کے دوران دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

    ایکسیوئس کے مطابق نیتن یاہو اور ٹرمپ کے درمیان یہ متوقع ملاقات رواں سال فروری میں وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ہونے والی آخری ملاقات کے بعد پہلی براہِ راست ملاقات ہوگی فروری کی ملاقات میں اسرائیلی وزیراعظم نے مبینہ طور پر ایران کے خلاف مشترکہ امریکی،اسرائیلی فوجی کارروائی کا ایک خفیہ منصوبہ پیش کیا تھا، تاہم اس کے بعد سے مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی کے معاملات پر دونوں رہنماؤں کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔

    ایکسیوئس کی رپورٹ میں ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کے کئی قریبی مشیر سمجھتے ہیں کہ نیتن یاہو نے خطے کی صورتحال اور اہم پیش رفت کے بارے میں غلط اندازے لگائے عہدیدار کے بقول ٹرمپ کے مشیروں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو تقریباً ہر معاملے میں غلط ثابت ہوئے ہیں۔

  • دوسرا ٹی20: انگلینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

    دوسرا ٹی20: انگلینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

    انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو دوسرے ٹی20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی-

    مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے دیا گیا 191 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ہدف کے تعاقب میں جیکب بیتھل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 76 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا کپتان ہیری بروک اور ٹام بینٹن نے 39، 39 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ وِل جیکس 9 اور سام کرن 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ فِل سالٹ اور جوس بٹلر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔

    بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اکشر پٹیل، ورون چکرورتی اور ہرشت رانا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھےبھارت کی جانب سے ایشان کشن 49 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 43، کپتان شریاس ایر نے 37، ویبھو سوریا ونشی نے 14، ہرشت رانا نے 6، شیوم ڈوبے نے 5 اور اکشر پٹیل نے 2 رنز اسکور کیے انگلینڈ کی جانب سے سام کرن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وِل جیکس، لیام ڈاسن اور جوفرا آرچر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

    واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا جبکہ اس کامیابی کے بعد انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

  • ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    اسلام آباد: ملک میں لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی قیمتوں میں 16.17 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے نظام پر ایل این جی کی قیمت میں 2.54 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا۔ جس کے بعد نئی قیمت 19.52 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے نظام پر ایل این جی کی قیمت میں 2.59 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا اضافے کے بعد سوئی سدرن کے لیے ایل این جی کی نئی قیمت 18.64 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

    واضح رہے کہ سوئی سدرن کے لیے مئی میں قیمت 16.04 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔ جبکہ سوئی ناردرن کے لیے مئی میں قیمت 16.98 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔

    دوسری جانب مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ حکومت نے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاری کو فروغ دینا، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس نیٹ میں مزید توسیع کرنا ہے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور پاکستان کی معیشت مستحکم سمت میں گامزن ہے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں فائیو اسٹار ہوٹلز کی تعمیر بھی جاری ہے۔