Baaghi TV

Blog

  • 
گلشن معمار میں رکشے چھیننے والا 4 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    
گلشن معمار میں رکشے چھیننے والا 4 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    ‎کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رکشے چھیننے میں ملوث چار رکنی منظم ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے تین رکشے اور مختلف گاڑیوں کی چھ نمبر پلیٹس بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
    ‎پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر غنی آباد کے قریب کی گئی، جہاں چاروں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے رکشے چھینتے تھے اور بعد ازاں انہیں کھول کر ان کے اسپیئر پارٹس مختلف مارکیٹوں میں فروخت کر دیتے تھے۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے رکشے کراچی کے مختلف علاقوں، جن میں تھانہ سچل، لیاقت آباد اور قیوم آباد شامل ہیں، کی حدود سے چھینے گئے تھے۔ ملزمان سے برآمد ہونے والی چھ مختلف نمبر پلیٹس بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں، جنہیں وارداتوں کے دوران شناخت چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
    ‎پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق گینگ کے ممکنہ دیگر ساتھیوں، خریداروں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • 
پی آئی اے نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل،کامیاب کنسورشیم کو دو تہائی سے زائد شیئرز منتقل

    
پی آئی اے نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل،کامیاب کنسورشیم کو دو تہائی سے زائد شیئرز منتقل

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نجکاری کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ کامیاب بولی دہندہ کنسورشیم نے قومی ایئرلائن کے 66.67 فیصد شیئرز حاصل کر لیے ہیں، جس کے بعد ملکیت کا نیا ڈھانچہ باضابطہ طور پر نافذ ہو گیا۔
    ‎تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ خط میں بتایا گیا کہ 29 جون 2026 کو نجکاری معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل ہوئی، جس کے تحت شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن معاہدے کے مطابق شیئرز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
    ‎اس مرحلے کے بعد پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ قومی ایئرلائن کا اکثریتی شیئر ہولڈر بن گیا ہے، جبکہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے پاس اب بھی 33.33 فیصد شیئرز برقرار رہیں گے۔
    ‎خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ نجکاری معاہدے کے تحت نئے شیئرز کے اجرا کے ذریعے پہلی ایکویٹی سرمایہ کاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ معاہدے کے مطابق پہلی قسط بطور تازہ سرمایہ پی آئی اے کو منتقل کر دی گئی ہے، جس سے ایئرلائن کی مالی پوزیشن مستحکم بنانے اور آپریشنل بہتری میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
    ‎معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شیئرز کی منتقلی اور نئی سرمایہ کاری کی کامیاب تکمیل ملکی معیشت اور ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق نجی سرمایہ کاری سے قومی ایئرلائن کی کارکردگی، مالی نظم و ضبط، انتظامی صلاحیت اور بین الاقوامی مسابقت میں بہتری آنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
    ‎ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آئندہ مراحل بھی شفاف انداز میں مکمل کیے گئے تو پی آئی اے کو مالی خسارے سے نکالنے، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

  • 
بارشوں میں ایک ہفتے کے دوران 16 افراد جاں بحق، 38 زخمی: این ڈی ایم اے

    
بارشوں میں ایک ہفتے کے دوران 16 افراد جاں بحق، 38 زخمی: این ڈی ایم اے

    ‎قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 2 جولائی تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہوئے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق 8 افراد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے جان کی بازی ہار گئے، 4 افراد آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوئے، 2 افراد فلیش فلڈ کی نذر ہوئے، ایک شخص ڈوبنے سے جبکہ ایک شخص دیگر حادثے میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں 9 افراد جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 4 جبکہ بلوچستان میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
    ‎این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 4 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 14 مرد، 4 خواتین اور 20 بچے شامل ہیں۔
    ‎ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • 
استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید، کشمیری نوجوانوں کو روشن مستقبل دیں گے: عبدالعلیم خان

    
استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید، کشمیری نوجوانوں کو روشن مستقبل دیں گے: عبدالعلیم خان

    استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور دیگر رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی آمد سے استحکام پاکستان پارٹی پورے ملک میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی۔
    ‎عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا دل اور شہ رگ ہے، جبکہ آزاد کشمیر ملک کا سب سے خوبصورت خطہ ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقتدار میں آنے والی جماعتیں اپنے منشور پر مکمل عمل درآمد نہیں کر سکیں اور عوام کو ان سے اس حوالے سے جواب طلب کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو بھی بار بار حکومت بنانے والی جماعتوں سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ آج کی محرومیوں کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
    ‎صدر آئی پی پی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں مایوسی کے بجائے امید دینی چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ استحکام پاکستان پارٹی کو اقتدار ملا تو سب سے پہلے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور بالخصوص آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

  • شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کے لیے تہران پہنچ گئے

    شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کے لیے تہران پہنچ گئے

    وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع امام خمینی حسینیہ پہنچے، جہاں وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری تعزیتی تقریب میں شرکت کریں گے۔
    پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ۂیں، جبکہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سینیٹر نیئر حسین بخاری بھی شامل ہیں۔
    پاکستانی وفد نے دیگر ممالک سے آنے والے سربراہانِ مملکت، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور بین الاقوامی نمائندوں کے ہمراہ تعزیتی تقریب میں شرکت کی اور مرحوم ایرانی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
    ‎اس موقع پر مختلف ممالک کے وفود نے ایرانی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں، جبکہ تقریب میں ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تعزیت کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف کی ایران آمد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی تعاون کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت ایرانی حکام سے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔

  • واٹر گن سے سیاحوں اور شہریوں کو ہراساں کرنے والا 14 سالہ لڑکا ایک ہفتے میں دو بار گرفتار

    واٹر گن سے سیاحوں اور شہریوں کو ہراساں کرنے والا 14 سالہ لڑکا ایک ہفتے میں دو بار گرفتار

    پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واٹر گن کے ذریعے سیاحوں، سائیکل سواروں اور موٹر سواروں کو ہراساں کرنے کے الزامات میں ایک 14 سالہ لڑکے کو ایک ہی ہفتے میں دو مرتبہ گرفتار کر لیا گیا۔

    فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ نوجوان گزشتہ کئی ہفتوں سے پیرس کے مشہور سینٹ مارٹن کینال کے اطراف مختلف شرارتوں میں ملوث رہا۔ وہ خود کو سوشل میڈیا پر "کسٹمز آفیسر” قرار دیتا تھا اور شہریوں سے مذاق کے نام پر واٹر گن سے پانی چھڑکنے کے بدلے دو یورو طلب کرتا تھا۔رپورٹس کے مطابق نوجوان نے دعویٰ کیا کہ اسے یہ خیال الجزائر میں بعض بدعنوان کسٹمز اہلکاروں کے طرزِ عمل سے ملا، جہاں مبینہ طور پر رشوت دے کر تلاشی سے بچا جا سکتا ہے۔ اس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اکثر لوگوں پر پانی پھینک کر بغیر معذرت کیے وہاں سے بھاگ جاتا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دیگر ویڈیوز میں اسے نہر کے کنارے موجود ایک خاتون کو پانی میں دھکا دیتے، ایک برقی اسکوٹر پر کرسی باندھ کر گھومتے، نہر میں کرسی پھینکتے، مشروب کا کین چرانے اور ایک پولیس اہلکار پر پانی پھینکتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ایک اور ویڈیو میں اس پر ایک خاتون کے اپارٹمنٹ میں داخل ہو کر نامناسب رویہ اختیار کرنے کا بھی الزام سامنے آیا۔فرانسیسی اخباروں کے مطابق نوجوان کو 27 جون کو توڑ پھوڑ اور اجتماعی تشدد کے الزامات میں پہلی بار گرفتار کیا گیا، جبکہ چند روز بعد دوبارہ گرفتار کر کے اس پر سنگین چوری، پولیس اہلکاروں کی توہین اور گرفتاری میں مزاحمت کے الزامات عائد کیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری گرفتاری ایک ایسے واقعے کے بعد عمل میں آئی جس میں متعدد افراد پر ایک موبائل فون چھیننے کا الزام تھا۔ پولیس نے اس واقعے میں تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

    ادھر نوجوان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا مؤکل سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ تبصروں، دھمکیوں اور ہراسانی کا نشانہ بن رہا ہے۔ وکیل کے مطابق ایک کم عمر بچے کی شرارتوں کو غیر معمولی سیاسی تنازع بنا دیا گیا ہے، جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کو معمولی شرارت قرار نہیں دیا جا سکتا اور والدین و حکام کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔واقعے نے فرانس میں کم عمر افراد کے جرائم، سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کی دوڑ اور والدین کی ذمہ داری سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

  • ٹک ٹاک پر داعش کی بدلتی حکمتِ عملی، نوجوانوں کو خفیہ انداز میں متاثر کرنے کی کوششیں

    ٹک ٹاک پر داعش کی بدلتی حکمتِ عملی، نوجوانوں کو خفیہ انداز میں متاثر کرنے کی کوششیں

    لندن: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش سے منسلک عناصر نے اپنی آن لائن سرگرمیوں کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر خفیہ اور جدید انداز میں اپنا بیانیہ پھیلانا شروع کر دیا ہے، جس کا بنیادی ہدف نوجوان صارفین ہیں۔

    تحقیق کے مطابق داعش سے وابستہ اکاؤنٹس اب روایتی پروپیگنڈے یا کھلے عام تنظیمی تشہیر کے بجائے مزاح، میمز، مقبول ثقافتی حوالوں، علامتی زبان اور خفیہ اشاروں کے ذریعے اپنے نظریات کو عام صارفین کے سامنے پیش کرتے ہیں، تاکہ ان کا مواد بظاہر عام تفریحی مواد کا حصہ محسوس ہو۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو ماہ کے دوران 355 ٹک ٹاک اکاؤنٹس کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 30 اکاؤنٹس ایسے تھے جن پر داعش سے متعلق مواد شیئر کیا جا رہا تھا۔ تحقیق کے مطابق یہ مواد اکثر براہِ راست نہیں بلکہ تبدیل شدہ الفاظ، مخصوص نعروں، علامتی تصاویر اور خفیہ کوڈز کے ذریعے نشر کیا جاتا ہے، جس سے اس کی شناخت مشکل ہو جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق ٹک ٹاک کا سفارشاتی (Recommendation) نظام بھی اس مواد کے پھیلاؤ میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ اگر کوئی صارف ایسے مواد کو دیکھے، پسند کرے یا متعلقہ اکاؤنٹس کو فالو کرے تو پلیٹ فارم اسے مزید اسی نوعیت کا مواد تجویز کر سکتا ہے، جس سے بتدریج انتہا پسندانہ بیانیے کی نمائش بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا ہے کہ داعش سے منسلک مواد میں تنظیم کے ماضی کے دورِ اقتدار کو مثبت انداز میں پیش کرنے، گروہی وابستگی، شناخت، قربانی اور مظلومیت جیسے جذباتی موضوعات کو نمایاں کیا جاتا ہے، جبکہ مغربی ممالک اور بعض علاقائی حکومتوں کو منفی انداز میں دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق شدت پسند عناصر مقبول ٹی وی شوز، ٹرینڈنگ آڈیوز، قدرتی مناظر، طرزِ زندگی سے متعلق ویڈیوز اور عام تصاویر کے ساتھ نظریاتی پیغامات کو اس انداز میں جوڑتے ہیں کہ عام صارف کو فوری طور پر اس کا مقصد سمجھ میں نہیں آتا۔تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ بعض اکاؤنٹس کھانے، روزمرہ زندگی یا دیگر عام موضوعات کی تصاویر کے ساتھ خفیہ نظریاتی پیغامات اور مخصوص ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہیں، جبکہ تنظیم سے منسلک سابق رہنماؤں اور پرانے پروپیگنڈا مواد کو بھی نئے انداز میں پیش کیا جاتا ہے تاکہ پلیٹ فارم کے خودکار نظام سے بچا جا سکے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز پر انتہا پسندانہ مواد اب براہِ راست بھرتی مہم کے بجائے تدریجی، علامتی اور جذباتی انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کے باعث اس کی بروقت شناخت اور مؤثر نگرانی پہلے سے زیادہ مشکل ہو گئی ہے۔تحقیق کے مطابق اس رجحان سے نمٹنے کے لیے صرف مواد حذف کرنا کافی نہیں بلکہ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ شدت پسند گروہ جدید سوشل میڈیا کی زبان، انداز اور الگورتھمز کو کس طرح اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

  • غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں کے خلاف   کریک ڈاؤن، 760 ادارے بند

    غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 760 ادارے بند

    لاہور: وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے باغبان پورہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صوبہ بھر میں غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والی عمارت اسکول کی اصل عمارت نہیں تھی بلکہ ایک علیحدہ زیرِ تعمیر بلڈنگ تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت کمزور لنٹر پر تعمیر کی گئی تھی اور گزشتہ روز لنٹر مقررہ مدت سے پہلے کھول دیا گیا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔وزیرِ تعلیم کے مطابق عمارت کی تعمیر کے لیے متعلقہ اداروں سے کوئی اجازت نامہ یا این او سی حاصل نہیں کیا گیا تھا، جبکہ صرف ایک مرلہ جگہ پر بچوں کو پڑھایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز اور مالکان کی غفلت کے باعث ایک معصوم بچے کی جان ضائع ہوئی، جو انتہائی افسوسناک ہے۔رانا سکندر حیات نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو غیر رجسٹرڈ یا غیر محفوظ عمارتوں میں قائم تعلیمی اداروں میں ہرگز نہ بھیجیں اور صرف رجسٹرڈ و محفوظ اداروں کا انتخاب کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ ابتدائی کارروائی کے طور پر دو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور دو اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (AEOs) کو معطل کر دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ لاہور میں تقریباً 760 غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں کو فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے، جبکہ صوبہ بھر میں تقریباً 14 ہزار اکیڈمیوں اور ٹیوشن سینٹرز کو وارننگ نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔وزیرِ تعلیم نے اعلان کیا کہ ستمبر 2026 سے قبل پنجاب کے تمام اسکولوں اور اکیڈمیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ جو تعلیمی ادارے مقررہ مدت تک فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کریں گے، انہیں سیل کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ باغبان پورہ کے تعلیمی ادارے نے نہ تو عمارت کی توسیع کے لیے این او سی حاصل کیا تھا اور نہ ہی اس کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ صرف وہی اسکول اور اکیڈمیاں چلانے کی اجازت دی جائے گی جو رجسٹرڈ ہوں اور حفاظتی معیار پر پورا اترتے ہوں، جبکہ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے نظام کو بھی ازسرِنو منظم کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

  • سونے کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی بڑا اضافہ، فی تولہ 12 ہزار 200 روپے مہنگا

    سونے کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی بڑا اضافہ، فی تولہ 12 ہزار 200 روپے مہنگا

    ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہو گیا۔

    صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 459 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار روپے ہو گئی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 122 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 185 ڈالر تک پہنچ گیا، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔ادھر چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 319 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 764 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان اور بین الاقوامی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے

    فیلڈ مارشل عاصم منیر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے

    تہران: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال ایرانی حکام نے کیا۔

    ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچنے پر سینئر ایرانی حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وہ کل تہران میں منعقد ہونے والی شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی وفاقی کابینہ کے اہم اراکین کے ہمراہ ایران پہنچ چکے ہیں۔ ان کے علاوہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    ادھر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کے سلسلے میں وسیع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان کا جسدِ خاکی امام خمینی حسینیہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں نماز جنازہ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔واضح رہے کہ 28 فروری 2026 کو تہران میں ہونے والے حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت متعدد اہم شخصیات جاں بحق ہو گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد ایران میں کئی روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ نماز جنازہ میں مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی شرکت متوقع ہے۔