Baaghi TV

Blog

  • ایران کے 35 اداروں اور شخصیات پر امریکی پابندیاں عائد

    ایران کے 35 اداروں اور شخصیات پر امریکی پابندیاں عائد

    امریکی حکومت نے ایران کے 35 اداروں اور شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان اداروں اور شخصیات پر الزام ہے کہ وہ ایران کے بینکنگ کے شعبے کی مدد کر رہے ہیں اور انہوں نے اربوں ڈالر مالیت کے ایرانی تیل کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ خزانہ کے ذیلی ادارے ’او ایف اے سی‘ نے ایک سخت وارننگ بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام بینک بھی ان پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں جو ایسی کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں جو ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے بدلے ادائیگیاں کرتی ہیں۔

    امریکی حکام نے اس موقع پر چین کے صوبے شینڈونگ میں قائم آئل ریفائنریز کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ وہاں کئی آزاد چینی کمپنیاں ایرانی تیل درآمد کرنے یا اسے صاف کرنے کے عمل میں ملوث ہیں۔

    دوسری جانب امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی اہم بندرگاہ چاہ بہار میں اس وقت بیس سے زائد تجارتی جہاز پھنس کر رہ گئے ہیں،امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایرانی معاشی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔

    اسی دوران بحیرہ عرب میں بھی امریکی بحریہ کی جانب سے سخت نگرانی کا عمل جاری ہےامریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹکام )نے بتایا کہ امریکی میرینز نے سمندر میں ایک مشکوک تجارتی جہاز ’ایم وی بلیو اسٹار تھری‘ کو روک کر اس کی تلاشی لی ہے،انہیں شبہ تھا کہ یہ جہاز امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے ایران کی جانب جانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم مکمل تلاشی لینے اور اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ جہاز کا رخ کسی ایرانی بندرگاہ کی طرف نہیں ہے، اسے سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔

  • پینے کے صاف پانی کی شدید قلت،فوری نوٹس کی اپیل

    پینے کے صاف پانی کی شدید قلت،فوری نوٹس کی اپیل

    قصور
    اندرون کوٹ قتل گڑھی کے مکین پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا شکار ہو گئے۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دیرینہ مسئلے کا فوری اور مستقل حل کیا جائے
    اہلیان علاقہ کے مطابق اندرون کوٹ قتل گڑھی کو ٹربائن دربار بابا شیر شاہ سے پانی کی فراہمی ہوتی ہے تاہم علاقے کا ایک بڑا حصہ شبہ نما ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے پینے کے پانی سے محروم چلا آ رہا ہے
    متاثرہ حصہ متعدد گھروں پر مشتمل ہے جہاں گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے جبکہ سردیوں میں بھی صرف محدود وقت کے لیے پانی میسر آتا ہے
    مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں کو دور دراز علاقوں سے پینے کا پانی لانا پڑتا ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے
    شہریوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی متعدد بار متعلقہ محکمہ کو درخواستیں دی جا چکی ہیں اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا گیا مگر تاحال کسی قسم کی شنوائی نہیں ہو سکی۔
    اہلیان علاقہ مصطفی راجہ،سید منشاءمحسن انصاری، عمران احمد، ذوالفقار احمد، علی احمد و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، متاثرہ گلیوں میں تیس سال پرانے بوسیدہ پائپ فوری طور پر تبدیل کیے جائیں اور متعلقہ محکمہ کو اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے

  • 
بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات

    
بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات

    ‎جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کرا دی گئی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں وہ زیر حراست ہیں۔
    ‎ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان اہم امور پر گفتگو بھی ہوئی، تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ جیل حکام کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملاقات کو محدود رکھا گیا۔
    ‎دوسری جانب اہل خانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں پر پابندی غیر ضروری ہے اور اس پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔
    ‎ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ سیکیورٹی اور قواعد و ضوابط کے تحت ملاقاتوں کی اجازت دیتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی پیش رفت سیاسی ماحول پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔

  • 
بحرین میں ایران کیلئے جاسوسی پر عمر قید

    
بحرین میں ایران کیلئے جاسوسی پر عمر قید

    ‎بحرین کی اعلیٰ فوجداری عدالت نے ایران کے لیے جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات میں 2 افغان شہریوں سمیت 5 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ اس فیصلے کو خطے میں سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد پانچوں ملزمان کو قصوروار قرار دیا، جبکہ ایک ملزم کو شواہد کی عدم موجودگی پر بری کر دیا گیا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد غیر ملکی ملزمان کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔
    ‎حکام کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ وہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ روابط رکھتے تھے اور اس کے لیے حساس معلومات فراہم کرتے تھے۔ مزید یہ کہ ان پر دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
    ‎عدالتی فیصلے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے فیصلے خطے میں جاری سیاسی اور سیکیورٹی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں مختلف ممالک ایک دوسرے پر اثر انداز ہونے کی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
    ‎یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال پہلے ہی حساس ہے اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ پایا جا رہا ہے۔

  • 
بھارت میں شہری بہن کی باقیات بینک لے گیا

    
بھارت میں شہری بہن کی باقیات بینک لے گیا

    ‎بھارت کی ریاست اڑیسہ میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شہری کو بینک سے رقم نکلوانے کے لیے اپنی مرحوم بہن کی باقیات ساتھ لے جانے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس نے صارفین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
    ‎بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینجھار کے ایک گاؤں کے رہائشی جیتو منڈا کی بہن کا دو ماہ قبل انتقال ہو چکا تھا۔ ان کے بینک اکاؤنٹ میں تقریباً 19 ہزار 300 روپے موجود تھے، جنہیں نکلوانے کے لیے جیتو منڈا متعدد بار بینک کے چکر لگاتا رہا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق شہری نے بینک عملے کو بار بار بتایا کہ اس کی بہن کا انتقال ہو چکا ہے، تاہم حکام نے اس کی بات پر یقین نہیں کیا اور مطالبہ کیا کہ اکاؤنٹ ہولڈر خود آ کر دستخط کرے۔ اس صورتحال سے تنگ آ کر وہ اپنی بہن کی باقیات لے کر بینک پہنچ گیا تاکہ اپنی بات ثابت کر سکے۔
    ‎واقعے کے بعد پولیس نے مداخلت کی اور شہری کو بینک سے باہر لے جا کر باقیات کی دوبارہ تدفین کا انتظام کیا۔ حکام نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ شخص کو قانونی طریقے سے رقم تک رسائی دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
    ‎سوشل میڈیا پر اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کئی صارفین نے اسے دل دہلا دینے والا قرار دیا جبکہ بعض نے بینکنگ نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے نچلی سطح پر عوام کو درپیش مشکلات اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کو بے نقاب کیا ہے، جس کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • 
آبنائے ہرمز پر ایران کا حق، روسی سفیر

    
آبنائے ہرمز پر ایران کا حق، روسی سفیر

    ‎اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسلی نیبنزیا نے کہا ہے کہ ایران کو آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھنے اور وہاں جہازوں کی آمدورفت محدود کرنے کا حق حاصل ہے، خاص طور پر ایسے حالات میں جب وہ خود کو خطرے میں محسوس کرے۔
    ‎اپنے بیان میں روسی سفیر نے کہا کہ ایران پر مکمل ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ یہ تاثر درست نہیں کہ ایران نے اپنے ہمسایہ ممالک پر حملہ کیا ہے۔ ان کے مطابق جنگی حالات میں کسی بھی ساحلی ریاست کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے لیے اپنی علاقائی سمندری حدود میں جہاز رانی کو محدود کرے۔
    ‎نیبنزیا نے مغربی ممالک پر بھی تنقید کرتے ہوئے انہیں منافقت کا مرتکب قرار دیا اور کہا کہ مغربی ریاستیں اپنی کارروائیوں کو قانونی رنگ دینے کی کوشش کرتی ہیں، حالانکہ وہ خود بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
    ‎انہوں نے یورپی ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرین کی جانب سے بحیرہ اسود میں روسی تجارتی جہازوں پر حملوں کی حمایت کر رہے ہیں، جسے انہوں نے دہرا معیار قرار دیا۔
    ‎روسی سفیر نے مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں قزاق کھلے عام اپنی شناخت ظاہر کرتے تھے، جبکہ آج مغربی ممالک اپنی کارروائیوں کو مختلف جوازوں کے پیچھے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مختلف طاقتوں کے درمیان بیانیے کی جنگ کو ظاہر کرتا ہے، جہاں ہر فریق اپنی پوزیشن کو درست ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

  • 
ایران جلد جنگ بندی کا نیا منصوبہ پیش کرے گا

    
ایران جلد جنگ بندی کا نیا منصوبہ پیش کرے گا

    ‎امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آئندہ چند روز میں جنگ بندی کے لیے ایک نیا ترمیمی منصوبہ پیش کر سکتا ہے، جس سے خطے میں جاری کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی روس کے دورے کے بعد تہران واپس جا کر اعلیٰ قیادت سے مشاورت کریں گے تاکہ نئے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر کی محدود دستیابی کے باعث رابطوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے مذاکراتی عمل سست روی کا شکار ہے۔
    ‎سی این این کے مطابق اس سے قبل ایران نے ایک تجویز پیش کی تھی جس میں جوہری پروگرام کے معاملے کو مؤخر کرتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا گیا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔
    ‎رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ بظاہر امریکا اور ایران کے درمیان فاصلے زیادہ دکھائی دیتے ہیں، لیکن پسِ پردہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے جاری ہیں اور فاصلہ اتنا زیادہ نہیں جتنا ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق جاری بات چیت ایک مرحلہ وار حکمت عملی پر مبنی ہے، جس کے پہلے مرحلے میں جنگ سے پہلے کی صورتحال بحال کرنا اور آبنائے ہرمز کو بغیر کسی رکاوٹ یا ٹیکس کے کھولنا شامل ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کی جائے گی۔

  • 
میکسیکو میں خطرناک کارٹیل کمانڈر گرفتار

    
میکسیکو میں خطرناک کارٹیل کمانڈر گرفتار

    ‎میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ جالیسکو نیو جنریشن کارٹیل کے اہم کمانڈر آڈیاس فلورس سلوا عرف ’ایل جارڈینیرو‘ کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری ایک طویل اور خفیہ آپریشن کے بعد عمل میں آئی، جسے منشیات فروش گروہوں کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش میں سڑک کنارے ایک گہری خندق میں چھپ گیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گھیرے میں لے لیا اور حراست میں لے لیا۔
    ‎میکسیکن حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ریاست نایاریت میں کیا گیا اور اس کی منصوبہ بندی کئی ماہ سے جاری تھی۔ سیکیورٹی ادارے گزشتہ 19 ماہ سے ملزم کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے، جس کے بعد مناسب وقت پر کارروائی کی گئی۔
    ‎آڈیاس فلورس سلوا کو جالیسکو کارٹیل کا اہم ترین رکن اور تنظیم کی طاقت کا بنیادی ستون سمجھا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف میکسیکو بلکہ امریکا کو بھی مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔
    ‎امریکی حکام نے اس کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے کے لیے 50 لاکھ ڈالر کا انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔ ملزم پر عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ، قتل اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
    ‎میکسیکو کی حکومت نے اس کامیابی کو منشیات فروش گروہوں کے خلاف جاری مہم میں بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن و امان کو بہتر بنایا جا سکے۔

  • 
روسی لگژری یاٹ ’نورڈ‘ آبنائے ہرمز عبور کر گئی

    
روسی لگژری یاٹ ’نورڈ‘ آبنائے ہرمز عبور کر گئی

    ‎روسی ارب پتی الیکسے مورداشوف کی ملکیت لگژری سپر یاٹ ’نورڈ‘ نے دبئی میں مرمت کے بعد آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے عمان کے ساحل تک اپنا سفر مکمل کر لیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سیکیورٹی اور نگرانی کے حوالے سے حساس صورتحال برقرار ہے۔
    ‎غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریباً 500 ملین ڈالر مالیت کی اس کثیر المنزلہ یاٹ کی نقل و حرکت پر نہ ایران نے کوئی اعتراض کیا اور نہ ہی امریکا کی جانب سے کسی ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یاٹ بین الاقوامی بحری قوانین کے تحت ایک منظور شدہ راستے سے گزری۔
    ‎رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کہ اس حساس آبی گزرگاہ سے گزرنے کے لیے یاٹ کو کس طرح اجازت ملی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ ایک سویلین جہاز تھا اور اس کا سفر پرامن نوعیت کا تھا، اس لیے اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔
    ‎ذرائع کے مطابق ایران نے اس لیے مداخلت نہیں کی کیونکہ یاٹ ایک دوست ملک سے تعلق رکھتی تھی اور اس کا ایران سے کوئی براہ راست تعلق نہیں تھا۔ اسی طرح امریکا کی جانب سے بھی کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا کیونکہ یاٹ نے ایرانی بندرگاہوں کا رخ نہیں کیا۔
    ‎شپنگ ڈیٹا کے مطابق آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد ’نورڈ‘ اتوار کے روز عمان کے ساحل کے قریب دیکھی گئی، جہاں وہ کچھ وقت کے لیے رکی رہی۔

  • 
ایل این جی ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کر لیا

    
ایل این جی ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کر لیا

    ‎متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی کے زیر انتظام ایل این جی ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کر لیا ہے، جو موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یہ ٹینکر اب بھارت کے مغربی ساحل کے قریب موجود ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق اس ایل این جی ٹینکر کی آخری لوکیشن 30 مارچ کو خلیج کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ اب اس کے کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک نہایت اہم راستہ ہے، جہاں سے گزرنے والی ہر بڑی شپنگ سرگرمی عالمی مارکیٹ پر اثر ڈال سکتی ہے۔ اس لیے ایسے واقعات کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
    ‎خبر ایجنسی کے مطابق متعلقہ کمپنی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، جس سے اس ٹینکر کی نقل و حرکت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ موجودہ کشیدگی کے باوجود توانائی کی سپلائی جاری رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، تاکہ عالمی منڈی میں کسی بڑی خلل سے بچا جا سکے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال عالمی توانائی کی قیمتوں اور سپلائی چین پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔