Baaghi TV

Blog

  • 17 سالہ بھتیجا  شادی شدہ25 سالہ چچی سے پیار کر بیٹھا،خاندان کی مخالفت

    17 سالہ بھتیجا شادی شدہ25 سالہ چچی سے پیار کر بیٹھا،خاندان کی مخالفت

    پونے، ایک حیران کن اور افسوسناک واقعے میں 25 سالہ خاتون اور اس کے 17 سالہ بھتیجے نے خاندانی مخالفت کے بعد مبینہ طور پر زہر کھا لیا، جس کے باعث دونوں کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی شادی گزشتہ سال ہوئی تھی، تاہم کچھ ہی عرصے بعد اس کا شوہر ملازمت کے سلسلے میں پونے چلا گیا۔ اسی دوران خاتون اور اس کے نابالغ بھتیجے کے درمیان قربتیں بڑھتی گئیں اور دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تعلق کئی ماہ تک خفیہ طور پر جاری رہا، لیکن جب اہل خانہ کو اس بارے میں علم ہوا تو شدید ردعمل سامنے آیا۔ خاندان نے اس رشتے کی سخت مخالفت کی اور صورتحال کشیدہ ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق اہل خانہ نے فوری طور پر خاتون کے شوہر کو واپس بلا لیا، جس کے بعد گھر میں تنازع مزید بڑھ گیا۔ مبینہ طور پر سماجی دباؤ اور بدنامی کے خوف سے خاتون نے چوہے مار دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ جب بھتیجے کو اس کی اطلاع ملی تو اس نے بھی وہی قدم اٹھایا۔

    دونوں کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ دوسری جانب مقامی افراد اس واقعے پر شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ معاشرتی سطح پر بھی اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

  • شادی کے اسٹیج پر ڈرامائی موڑ، دلہن کی سہیلی کی آمد، اک بات نے رشتہ توڑ دیا

    شادی کے اسٹیج پر ڈرامائی موڑ، دلہن کی سہیلی کی آمد، اک بات نے رشتہ توڑ دیا

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ میں ایک شادی کی خوشیاں اس وقت ختم ہو گئیں جب دلہن نے عین اسٹیج پر شادی سے انکار کر دیا۔ واقعہ ویہوا علاقے کے ایک گیسٹ ہاؤس میں پیش آیا جہاں ہر طرف جشن کا سماں تھا، مگر چند لمحوں میں صورتحال یکسر بدل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شادی کی تقریب پورے جوش و خروش سے جاری تھی۔ دولہا اور دلہن اسٹیج پر موجود تھے اور ایک دوسرے کو ورمالا پہنانے ہی والے تھے کہ اسی دوران دلہن کی نوئیڈا سے آئی ایک سہیلی اس کے قریب پہنچی اور اس کے کان میں کچھ کہا۔ سہیلی کی بات سنتے ہی دلہن کے چہرے کے تاثرات بدل گئے اور اس نے سب کے سامنے شادی سے انکار کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق دلہن نے نہ صرف ورمالا اسٹیج پر چھوڑ دی بلکہ فوراً نیچے اتر کر وہاں سے چلی گئی۔ دولہا اور اس کے اہلخانہ اس اچانک فیصلے پر حیران رہ گئے۔ دولہا بار بار وجہ پوچھتا رہا اور یہاں تک کہا کہ اس نے جہیز کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کیا، مگر دلہن نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

    دلہن کے والد اور دیگر رشتہ داروں نے اسے کافی دیر تک منانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے فیصلے پر قائم رہی۔ دلہن کے والد نے الزام عائد کیا کہ نوئیڈا سے آئی سہیلی نے ان کی بیٹی کو ورغلا کر یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔واقعے کے بعد شادی کا ماحول بدل گیا اور آخرکار دولہا کو بغیر دلہن کے ہی بارات واپس لے جانی پڑی۔ بڑھتے ہوئے ہنگامے کے باعث معاملہ پولیس تک جا پہنچا، جہاں دلہن نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ وہ نہ صرف شادی نہیں کرے گی بلکہ اپنے والدین کے ساتھ بھی رہنا نہیں چاہتی اور اپنی سہیلی کے ساتھ جانے پر بضد ہے۔

  • ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثار الحق کی انٹر تحصیل کبڈی مقابلوں میں شرکت، سپورٹس اسکیموں کا جائزہ

    ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثار الحق کی انٹر تحصیل کبڈی مقابلوں میں شرکت، سپورٹس اسکیموں کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر ساہیوال نثار الحق نے انٹر تحصیل کبڈی مقابلوں میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مختلف سپورٹس اسکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثار الحق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت کھیلوں کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو میدانوں میں لا کر ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے انٹر تحصیل کبڈی مقابلوں میں شریک نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور شاندار کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کبڈی ہمارا روایتی اور ثقافتی کھیل ہے اور ایسے مقابلوں سے نچلی سطح پر ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔بعد ازاں ڈویژنل سپورٹس آفیسر نے تحصیل رینالہ خورد میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں جعفر کرکٹ سٹیڈیم اور 33/1 اے ایل میں جاری ترقیاتی سکیمیں شامل تھیں۔ انہوں نے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو جلد جدید سہولیات میسر آ سکیں۔

  • عاصم اظہر نے کنسرٹ کے دوران ہانیہ عامر کا ہاتھ تھام لیا

    عاصم اظہر نے کنسرٹ کے دوران ہانیہ عامر کا ہاتھ تھام لیا

    عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاصم اظہر اور معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

    گزشتہ چند مہینوں سے دونوں فنکاروں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جبکہ مختلف تقریبات میں بھی ان کی مشترکہ شرکت نے مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی ممکنہ شادی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑتی جا رہی ہیں۔اس وقت دونوں فنکار امریکا میں موجود ہیں، جہاں عاصم اظہر اپنے میوزک کنسرٹس میں پرفارم کر رہے ہیں، جبکہ ہانیہ عامر بھی ان تقریبات میں شریک ہو رہی ہیں۔حال ہی میں نیویارک میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران ایک دلچسپ لمحہ دیکھنے میں آیا، جب عاصم اظہر نے پرفارمنس کے دوران مختصر طور پر ہانیہ عامر کا ہاتھ تھام لیا۔ اس منظر کو مداحوں نے فوری طور پر کیمرے میں محفوظ کر لیا، جس کے بعد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

    کنسرٹ کے دوران دونوں فنکار سفید لباس میں ہم آہنگ انداز میں دکھائی دیے، جبکہ ہانیہ عامر نے سرخ ماسک کے ذریعے اپنا چہرہ ڈھانپ رکھا تھا۔اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کئی مداحوں نے اس جوڑی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ممکنہ شادی کی امید بھی ظاہر کی، جبکہ کچھ صارفین نے اس لمحے کو غیر مناسب قرار دیا۔

  • ایران کا   1 ہزار سے زائد اقسام کے مقامی ہتھیار تیارکرنے کا دعویٰ

    ایران کا 1 ہزار سے زائد اقسام کے مقامی ہتھیار تیارکرنے کا دعویٰ

    تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر ایک ہزار سے زائد اقسام کے جدید ہتھیار تیار کر رہا ہے، جن میں میزائل، ڈرونز اور دیگر جدید عسکری نظام شامل ہیں، جبکہ اس کی میزائل صلاحیت کا ایک بڑا حصہ تاحال استعمال میں نہیں لایا گیا۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نِک کا کہنا ہےکہ ملک کی دفاعی اور جوابی صلاحیتیں انتہائی بلند سطح پر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 7 اپریل تک امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے دوران بھی ایرانی مسلح افواج نے اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایرانی افواج نے مقبوضہ علاقوں کی فضائی حدود میں برتری برقرار رکھی، جو ان کے بقول دفاعی حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نِک نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں تیار ہونے والے تمام ہتھیار مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیے جاتے ہیں، جو ملک کی دفاعی خود کفالت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ہزار سے زائد اقسام کے ہتھیار ملک کے اندر تیار کیے جا رہے ہیں، جو گزشتہ 25 سال سے جاری سرمایہ کاری کا نتیجہ ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ دفاعی پیداوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں پھیلایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے یا نقصان کی صورت میں پیداوار کا عمل متاثر نہ ہو۔ترجمان کے مطابق تقریباً 9 ہزار کمپنیاں دفاعی صنعت کے ساتھ منسلک ہیں، جو اس شعبے کی وسعت اور خود انحصاری کو ظاہر کرتی ہیں۔آبنائے ہرمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے اقدامات خطے میں اسٹریٹجک کنٹرول کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں، جبکہ خلیج عمان میں متعدد مواقع پر مخالف قوتوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔انہوں نے ملک بھر میں ہونے والے عوامی اجتماعات کو سراہتے ہوئے اسے “سماجی معجزہ” قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ 3 کروڑ سے زائد افراد قومی دفاعی مہم میں شمولیت کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں، جو ان کے مطابق عالمی سطح پر ایک غیر معمولی مثال ہے۔

  • ڈی جی خان: بازیاب متاثرہ لڑکی کو دوبارہ دھمکیاں، دو ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے

    ڈی جی خان: بازیاب متاثرہ لڑکی کو دوبارہ دھمکیاں، دو ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے

    ڈیرہ غازی خان میں چھ ماہ قبل بازیاب ہونے والی متاثرہ بچی کو نامزد ملزمان کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث تین ملزمان میں سے صرف ایک کو گرفتار کیا جا سکا ہے جبکہ دو ملزمان تاحال آزاد گھوم رہے ہیں۔متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ باقی ملزمان انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث پورا خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

  • شہرت کی بلندیوں پر جانے والی بھارتی اداکارہ، جس کو کیا گیا تھا جسم فروشی کے الزام میں گرفتار

    شہرت کی بلندیوں پر جانے والی بھارتی اداکارہ، جس کو کیا گیا تھا جسم فروشی کے الزام میں گرفتار

    بھارتی فلم انڈسٹری میں بعض کہانیاں ایسی ہوتی ہیں جو کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں ہوتیں۔ ایسی ہی ایک کہانی معروف اداکارہ شویتا باسو پرساد کی ہے، جنہوں نے کم عمری میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا، ایک بڑے تنازع کا سامنا کیا اور پھر اپنی محنت سے دوبارہ مقام حاصل کیا۔

    جمشیدپور میں پیدا ہونے والی شویتا باسو پرساد نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا اور فلم میں ڈبل رول ادا کرکے ناقدین کو حیران کر دیا۔ اسی فلم کے لیے انہوں نے نیشنل ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ بعد ازاں ٹی وی ڈرامہ “کہانی گھر گھر کی” اور فلم اقبال میں اپنی اداکاری سے خوب داد سمیٹی۔اصل شہرت انہیں تیلگو فلم کوٹھا بنگارو لوکم سے ملی، جس نے انہیں راتوں رات نوجوانوں کی پسندیدہ اداکارہ بنا دیا۔ تاہم سال 2014 میں ان کی زندگی نے اچانک ڈرامائی موڑ لیا، جب حیدرآباد کے علاقے بنجارا ہلز میں ایک ہوٹل پر پولیس چھاپے کے دوران انہیں جسم فروشی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس واقعے نے نہ صرف ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ ان کے کیریئر کو بھی بڑا دھچکا لگا۔

    اداکارہ کو کچھ عرصے کے لیے ریسکیو ہوم بھی بھیجا گیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کی۔ دسمبر 2014 میں عدالت نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی۔ شویتا نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں غلط طور پر پھنسایا گیا تھا اور وہ دراصل ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے حیدرآباد گئی تھیں۔مشکل وقت کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور دوبارہ انڈسٹری میں قدم جمایا۔اداکارہ کی ذاتی زندگی میں بھی اتار چڑھاؤ آئے۔ انہوں نے 2018 میں شادی کی، تاہم ایک سال بعد علیحدگی اختیار کر لی۔ اس کے باوجود شویتا باسو پرساد نے نہ صرف اداکاری بلکہ ہدایتکاری اور پروڈکشن میں بھی اپنی شناخت قائم کی۔

    فلمی دنیا میں ان کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ مشکلات چاہے کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، مستقل مزاجی اور حوصلے سے دوبارہ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تاخیر سے تعلیمی نظام متاثر

    ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تاخیر سے تعلیمی نظام متاثر

    ڈیرہ غازی خان: میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گزشتہ ایک سال تین ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے، جس کے باعث تعلیمی اور انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ جنوری 2025 میں سابق وائس چانسلر کی مدت مکمل ہونے کے بعد تاحال نئی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔طلبہ اور ذرائع کے مطابق مستقل سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کے اہم معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ نئے تعلیمی پروگرامز کا آغاز، فیکلٹی بھرتی، ریسرچ سرگرمیوں اور مالیاتی فیصلوں میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل وائس چانسلر کے بغیر کسی بھی یونیورسٹی کی کارکردگی اور ساکھ متاثر ہوتی ہے، جبکہ داخلوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔واضح رہے کہ میر چاکر رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پورے ڈویژن کی واحد ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہے جہاں ملک بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ جنوری 2025 میں یونیورسٹی ایکٹ میں ترمیم کے بعد ادارے کو انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ سائنس اور مینجمنٹ کے مختلف شعبہ جات میں داخلوں کا اختیار بھی دیا گیا تھا، تاہم وائس چانسلر کی عدم تعیناتی نے ان تمام منصوبوں کو متاثر کر دیا ہے۔تعلیمی ماہرین کے مطابق مستقل وائس چانسلر کسی بھی یونیورسٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے بغیر مالیاتی نظام، تعلیمی منصوبے اور ترقیاتی کام مؤثر طریقے سے نہیں چل سکتے۔عوامی و تعلیمی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر فوری طور پر مستقل وائس چانسلر تعینات کیا جائے تاکہ ادارہ اپنی معمول کی کارکردگی بحال کر سکے۔ طلبہ اور والدین نے خبردار کیا ہے کہ مزید تاخیر سے نہ صرف جاری منصوبے متاثر ہوں گے بلکہ ادارے پر اعتماد بھی کمزور پڑ سکتا ہے۔

  • ایرانی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

    ایرانی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

    ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے

    ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی،سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ایرانی وزیر خارجہ جمعہ کو اسلام آباد پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،ان کے استقبال کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل،آرمی چیف عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔

    سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے، جبکہ حالیہ اعلیٰ سطحی روابط خصوصاً آرمی چیف عاصم منیر کے تہران کے دورے نے اسلام آباد کو ایک اہم سفارتی پل کی حیثیت دے دی ہے،تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کیلئے اپنی متوازن پالیسی اور تعلقات کو مؤثر انداز میں استعمال کر رہا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں ممکنہ کشیدگی کے خاتمے کی امید پیدا ہو رہی ہے۔

  • صدر مملکت آصف زرداری کا دورہ چین، سی پیک اور معاشی تعاون پر اہم بات چیت متوقع

    صدر مملکت آصف زرداری کا دورہ چین، سی پیک اور معاشی تعاون پر اہم بات چیت متوقع

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے مطابق صدر آصف علی زرداری آج 25 اپریل سے یکم مئی 2026 تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے، جو چینی حکومت کی دعوت پر ہوگا۔

    دورے کے دوران صدر زرداری 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہنان کے شہر چانگشا جبکہ 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہائنان کے شہر سانیا جائیں گے، جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ملاقاتوں میں پاک-چین دوطرفہ تعلقات، بالخصوص اقتصادی و تجارتی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کی روایت کا حصہ ہے اور اس سال پاک-چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تناظر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔