Baaghi TV

Blog

  • ایران امریکی مدد سے بارودی سرنگیں صاف کر رہا ہے: ٹرمپ

    ایران امریکی مدد سے بارودی سرنگیں صاف کر رہا ہے: ٹرمپ

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی مدد سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کر رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں کہا کہ ایران امریکاکے تعاون سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹا چکا ہے یا ہٹا رہا ہے۔
    ایک اور بیان میں ٹرمپ نے نیٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کاغذی شیر قرار دیا اور کہا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ ختم ہونے کے بعد نیٹو نے مدد کی پیشکش کی، تاہم انہیں کہا گیا کہ اگر تیل بھرنے کے لیے جہاز لانے ہیں تو آئیں، ورنہ دور رہیں۔
    ‎ٹرمپ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے بہادری سے مدد فراہم کی۔
    ‎ادھر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا کہ یہ گزرگاہ مکمل طور پر کھلی ہے اور جہاز رانی کے لیے تیار ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی جب تک معاملات مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتے۔
    ‎ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور بیشتر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔

  • ‎اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ملنے پر سہیل آفریدی کا ردعمل

    ‎اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ملنے پر سہیل آفریدی کا ردعمل

    ‎وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر شدید ردعمل دیا ہے۔
    ‎آل پاکستان وکلا جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تین مرتبہ عدالتی احکامات لے کر گئے مگر انہیں اپنے قائد سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل حکام عدلیہ کے احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
    ‎سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ کسی قسم کی طاقت کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانا خود عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
    ‎انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کے کیسز کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا رہا اور عدلیہ میں کچھ افراد اس حوالے سے آواز اٹھانا چاہتے ہیں مگر انہیں مکمل حمایت نہیں مل رہی۔
    ‎وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کل کسی اور کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر 5 مئی تک کیسز سماعت کے لیے مقرر نہ ہوئے تو 6 مئی کو ملک گیر قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی۔
    ‎سہیل آفریدی نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ساتھ دیں کیونکہ پوری قوم انصاف کے حصول کے لیے ان کی جانب دیکھ رہی ہے۔
    ‎انہوں نے بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک غیر سیاسی خاتون ہیں اور بیماری کے باوجود انہیں کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔

  • آبنائے ہرمز کھولنے پر ٹرمپ کا ایران سے اظہارِ تشکر

    آبنائے ہرمز کھولنے پر ٹرمپ کا ایران سے اظہارِ تشکر

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے اعلان پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔
    ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے، جس پر وہ ایران کے شکر گزار ہیں۔
    واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کو تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر بحال کی جا رہی ہے۔
    انہوں نے مزید کہا کہ یہ آمد و رفت ایک مربوط اور پہلے سے طے شدہ راستے کے مطابق ہوگی، جس کا اعلان پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن آف ایران کی جانب سے کیا جا چکا ہے۔

  • شہباز شریف کی کوششوں سے جنگ رکی، اردوان کا اعتراف

    شہباز شریف کی کوششوں سے جنگ رکی، اردوان کا اعتراف

    ‎ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے خطے میں جنگ رک گئی اور اس جنگ بندی کو امن کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
    ‎انطالیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکیے خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دینا چاہیے۔
    ‎انہوں نے زور دیا کہ سفارت کاری کے ذریعے ہر مسئلے کا حل ممکن ہے اور ترکیے عالمی رہنماؤں کے اجلاس سمیت مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
    ‎اردوان کا کہنا تھا کہ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور غزہ میں جاری صورتحال عالمی نظام کے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
    ‎انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف مؤثر مؤقف اپنائے، کیونکہ ان پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔

  • شام کی فضاء میں پاکستانی اور اسرائیلی طیاروں کا آمنا سامنا

    شام کی فضاء میں پاکستانی اور اسرائیلی طیاروں کا آمنا سامنا

    ‎الجزیرہ نیوز کے مطابق شام کی فضاء میں پاکستانی اور اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق اس موقع پر پاکستانی پائلٹ کی جانب سے اسرائیلی طیارے کو خبردار کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور فوری طور پر پیچھے ہٹ جائے۔
    ‎اطلاعات کے مطابق پاکستانی پائلٹ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مزید آگے بڑھنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
    ‎یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے، جس کے باعث فضائی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • امریکا اور ایران  مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اتوار کو شروع ہونے کا امکان

    امریکا اور ایران مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اتوار کو شروع ہونے کا امکان

    امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اتوار کو ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک ایک ممکنہ معاہدے پر بات چیت کریں گے۔
    ‎امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم معاہدے پر غور کر رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا ایران کے منجمد اثاثے جاری کرے گا جبکہ ایران افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے دستبردار ہوگا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے تین صفحات پر مشتمل ایک معاہدے پر بھی مذاکرات جاری ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا 6 ارب ڈالر خوراک اور ادویات کی خریداری کے لیے جاری کرنے پر تیار تھا۔
    ‎امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایران نے 27 ارب ڈالر کے اثاثے جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے امریکا نے مسترد کر دیا۔ دوسری جانب امریکا کا مطالبہ تھا کہ ایران اپنا تمام جوہری مواد امریکا منتقل کرے، تاہم ایران نے اس شرط کو بھی قبول نہیں کیا۔
    ‎ذرائع کے مطابق ایران نے ملک کے اندر ہی یورینیم کی کم افزودگی پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اسے طبی مقاصد کے لیے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
    ‎مزید یہ کہ امریکا نے ایران کی تمام جوہری تنصیبات کو زمین کے اوپر رکھنے کی شرط بھی رکھی ہے، جس پر بات چیت جاری ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی انطالیہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    وزیراعظم شہباز شریف کی انطالیہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    ‎وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اہم غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان، امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف، آذربائیجان کے صدر الہام علیئف اور شامی صدر احمد الشرح سے ملاقاتیں کیں۔
    اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کی قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور کوسوو کی سابق صدر ویوسا عثمانی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
    ذرائع کے مطابق یہ تمام ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوئیں جن میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
    فورم کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز رہے اور مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔

  • آبنائے ہرمز کھلنے پر عالمی تیل قیمتوں میں بڑی کمی

    آبنائے ہرمز کھلنے پر عالمی تیل قیمتوں میں بڑی کمی

    ‎ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے آبنائے ہرمز تمام بحری جہازوں کے لیے کھولنے کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
    ‎عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 11.17 فیصد کمی کے بعد 83.52 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
    ‎اسی طرح برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 11.32 فیصد کمی کے بعد 88.07 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔
    ‎یہ کمی اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں تجارتی بحری راستوں کی بحالی کو یقینی بنایا گیا، جس سے عالمی منڈی میں سپلائی سے متعلق خدشات کم ہو گئے۔

  • پاکستانی آئل ٹینکر خیرپور آبنائے ہرمز کی جانب روانہ

    پاکستانی آئل ٹینکر خیرپور آبنائے ہرمز کی جانب روانہ

    ‎ذرائع کے مطابق پاکستان کا ایک اور آئل ٹینکر کویت سے آبنائے ہرمز کی جانب روانہ ہو چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ "خیرپور” نامی جہاز کل آبنائے ہرمز سے گزرے گا۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ خیرپور اور شالامار نامی دونوں پاکستانی جہاز اتوار کے روز آبنائے ہرمز میں داخل ہوئے تھے۔ ان میں سے شالامار جہاز اس وقت خلیج عمان سے گزر رہا ہے۔
    ‎یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور اہم بحری راستوں کی نگرانی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

  • امریکی پابندیوں کے باوجود 3 ایرانی آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور

    امریکی پابندیوں کے باوجود 3 ایرانی آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور

    ‎میرین ٹریکنگ کمپنی کپلر (Kpler) کے مطابق خلیج سے آنے والے تین ایرانی آئل ٹینکرز امریکی پابندیوں اور ناکا بندی کے باوجود آبنائے ہرمز عبور کر گئے ہیں۔
    ‎غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ان تینوں جہازوں پر مجموعی طور پر تقریباً 50 لاکھ بیرل خام تیل لوڈ تھا۔ ڈیپ سی، سونیا آئی اور ڈیونا نامی یہ ٹینکرز ایران کے خارک جزیرے سے روانہ ہوئے اور بدھ کے روز آبنائے ہرمز سے گزرے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق 10 اپریل کو اسٹارلا نامی ٹینکر کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی ایرانی تیل بردار جہاز خام تیل لے کر اس اہم گزرگاہ سے گزرا ہے۔
    ‎میرین ڈیٹا کے مطابق ان جہازوں کے اے آئی ایس ٹرانسپونڈرز بند تھے، جس کے باعث ان کی موجودہ لوکیشن کے حوالے سے محدود معلومات دستیاب ہیں۔ ان کی آخری سگنلنگ تقریباً ایک ماہ قبل آبنائے ملاکا میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
    ‎تاہم کپلر نے سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے ان جہازوں کی نقل و حرکت کو ٹریک کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ تینوں ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں۔
    ‎ان جہازوں کی حتمی منزل تاحال واضح نہیں، تاہم ماضی میں یہ ٹینکرز عموماً سنگاپور کے قریب تیل منتقل کرتے رہے ہیں، جہاں بعض اوقات جہاز سے جہاز میں تیل منتقلی کے بعد اسے دیگر ٹینکرز کے ذریعے چین بھیجا جاتا ہے۔