پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ ایک ماہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
سینیٹر منظور کاکڑ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں حکام نے تیل و گیس کی صورتحال، درآمدی معاہدوں اور علاقائی حالات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات کا بڑا حصہ خلیجی ممالک سے پورا ہوتا ہے، اس لیے خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی براہ راست سپلائی کو متاثر کر سکتی ہے۔
حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور چین کی تقریباً 45 فیصد پیٹرولیم مصنوعات بھی اسی راستے سے گزرتی ہیں، جس سے اس خطے کی اسٹریٹیجک اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی موجودہ صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور گیس کنوؤں سے براہ راست قومی گرڈ میں گیس کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تاہم قطر سے مکمل گیس سپلائی کی بحالی میں مزید دو سے تین سال لگ سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی بتایا گیا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھا گیا ہے، جو توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کی نشاندہی کرتا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ آر ایل این جی طویل المدتی معاہدوں کے تحت درآمد کی جا رہی ہے تاکہ سپلائی میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
Blog
-

ایک ماہ کا پیٹرول ذخیرہ موجود، علاقائی کشیدگی سے سپلائی خطرے میں
-

ایران نے آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور جنگ بندی کے باقی ایام کے دوران آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلا رہے گا۔
عباس عراقچی کے مطابق تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے مخصوص راستوں کی نشاندہی پہلے ہی کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خطرے سے بچا جا سکے۔
یہ پیش رفت عالمی تجارت کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے بڑی مقدار میں تیل اور دیگر تجارتی سامان کی ترسیل ہوتی ہے۔ -

جنگ بندی سے قبل صور میں اسرائیلی حملے، 13 افراد ہلاک
لبنان کے جنوبی شہر صور میں جنگ بندی سے عین قبل اسرائیلی حملوں میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔
سرکاری میڈیا نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملے گزشتہ رات کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں آج صبح تک لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف رہیں اور کم از کم 15 افراد کو تاحال لاپتا قرار دیا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ حملے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والی 10 روزہ جنگ بندی کے نفاذ سے کچھ ہی دیر قبل، آدھی رات سے پہلے کیے گئے۔
مقامی سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں کے وقت علاقے میں شدید بمباری ہوئی جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا اور ریسکیو کارروائیاں بھی متاثر ہوئیں۔ -

بینکوں کی من مانی، 2 روپے کا میسج صارفین کو 12 روپے میں پڑنے لگا
پاکستان میں بینکوں کی جانب سے صارفین سے ایس ایم ایس سروس چارجز کی مد میں اضافی رقم وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جس سروس کی اصل قیمت تقریباً 2 روپے بنتی ہے، اسی کے لیے بینک 10 سے 12 روپے تک چارج کر رہے ہیں، جو سراسر زیادتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بینکوں کی جانب سے یہ چارجز مختلف سروسز جیسے ٹرانزیکشن الرٹس، او ٹی پی کوڈز اور اکاؤنٹ اپڈیٹس کے نام پر لیے جا رہے ہیں۔ صارفین کا مؤقف ہے کہ انہیں ان اضافی اخراجات کے بارے میں واضح طور پر آگاہ نہیں کیا جاتا، جس کی وجہ سے وہ ہر ماہ غیر محسوس طریقے سے زیادہ رقم ادا کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکنگ کے دور میں جہاں سہولیات بڑھ رہی ہیں، وہیں اس قسم کے غیر شفاف چارجز صارفین کے اعتماد کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس معاملے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو نوٹس لینا چاہیے اور بینکوں کو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت دینی چاہیے۔
دوسری جانب بعض بینک حکام کا مؤقف ہے کہ یہ چارجز مختلف سروس پرووائیڈرز اور آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر مقرر کیے جاتے ہیں، تاہم اس کی مکمل تفصیل صارفین کے سامنے لانا ضروری ہے تاکہ کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بینکنگ چارجز کو فوری طور پر ریگولیٹ کیا جائے اور صارفین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جائے۔ -

بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز، بیرسٹر گوہر نے رابطے شروع کر دیے
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کو مذاکرات اور لچک کا مظاہرہ کرنے پر بھی قائل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں پہلے پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے عمران خان کی بہن نورین نیازی سے بھی اہم ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی فیملی جیل کے باہر کسی بھی متنازع گفتگو سے گریز کرنے پر آمادہ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کی فیملی نے بھی ان سے متعلق سوشل میڈیا پر بیانات یا پیغامات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت بشریٰ بی بی کے معاملے پر کوئی متنازع پریس کانفرنس بھی نہیں کرے گی، تاکہ قانونی اور سیاسی حکمت عملی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے بیرسٹر گوہر، محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے دوبارہ ملاقات کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی قانونی طریقہ کار کے تحت ممکن بنائی جائے گی، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کی اپیلوں پر جلد سماعت متوقع ہے۔
-

لودھراں: بیوٹی پارلر میں قتل ہونے والی لڑکی سپردِ خاک، مقدمہ درج
لودھراں میں گزشتہ روز بیوٹی پارلر میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی لڑکی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد اسے آہوں اور سسکیوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب لڑکی اپنی شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں بیوٹی پارلر میں موجود تھی۔ بتایا گیا ہے کہ شادی سے صرف ایک گھنٹہ قبل اس کے کزن نے پارلر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کے فوراً بعد خود پر بھی چھری سے وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے، تاہم اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ اہلِ خانہ پر کہرام مچا ہوا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم، اس کے والد سمیت 4 افراد کو نامزد کر لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔
-

سابق بوائے فرینڈ نے مجھ پر کالا جادو کرنے کا الزام لگایا تھا، کنگنا رناوت
بالی ووڈ کی متنازع بیانات کے باعث اکثر خبروں میں رہنے والی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سابق بوائے فرینڈ نے ان پر کالا جادو کرنے کا الزام لگایا تھا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے اپنی زندگی کے مشکل دور کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سابق ساتھی نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا اور عجیب و غریب الزامات لگائے۔
اداکارہ کے مطابق ان پر یہ کہا گیا کہ وہ “چڑیل ہے، خون پیتی ہے، کالے کمرے میں کالے پردے لگا کر کالا جادو کرتی ہے۔” انہوں نے بتایا کہ جب یہ الزامات لگائے گئے اس وقت ان کی عمر تقریباً 26 یا 27 برس تھی۔کنگنا رناوت نے کہا کہ جب ان کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا گیا تو ان کے پاس اس شخص کو اچھا ظاہر کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج جب وہ ماضی کی طرف دیکھتی ہیں تو محسوس کرتی ہیں کہ اس وقت کے حالات میں وہ جتنا بہتر کر سکتی تھیں، انہوں نے کیا۔ -

عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا،پاور سیکٹر ملازمین کے فری یونٹس ختم
اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار پاور سیکٹر کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی،
یہ اقدام برسوں سے زیرِ بحث تھا اور صارفین کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ قومی وسائل کو منصفانہ انداز میں استعمال کیا جائے۔وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فری یونٹس کا خاتمہ عوام کا سب سے پرانا مطالبہ تھا، جسے موجودہ حکومت نے عملی طور پر پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی وسائل کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اس اہم اقدام کا اعزاز موجودہ حکومت کو عطا کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پہلی مرتبہ اس فیصلے کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر وہ اقدام کرے گی جو ملک و قوم کی بہتری، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی ریلیف کے لیے ضروری ہو۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ صرف ایک انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہے، جس سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔
-

اسکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی،وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوٹس
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں دن دہاڑے اسکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی کے واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کو ملزم کی 8 گھنٹے میں گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بیٹی کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیٹیاں اور بہنیں حکومت کے لیے ریڈ لائن ہیں اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کے تحفظ کا عہد ہر صورت نبھایا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو شہریوں خصوصاً خواتین کے امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے لاہور پولیس کو ہدایت جاری کی کہ نہ صرف ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں
-

دونمبری میں بھارت کا پہلا نمبر، ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ
بھارت میں ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ، واڈا رپورٹ میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں
رپورٹس کے مطابق دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے متعلق معاملات میں بھارت نمایاں طور پر سرفہرست ہے، جبکہ ڈوپنگ قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث اسے مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں ممنوعہ ادویات کے استعمال سے متعلق مثبت ڈوپ کیسز کی شرح دنیا کے بڑے ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، جسے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔
واڈا کے صدر ویٹولڈ بانکا کے مطابق بھارت میں کارکردگی بڑھانے والی ادویات اور اسٹیرائیڈز باآسانی دستیاب ہیں، جو کھیلوں کی سالمیت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو نہ صرف کھیلوں کی ساکھ بلکہ بھارت کے عالمی کھیلوں کے عزائم کے لیے بھی “ریڈ فلیگ” قرار دیا۔ویٹولڈ بانکا نے کہا ہے کہ بھارت میں متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں مثبت رہی ہیں، تاہم ڈوپنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور ٹیسٹنگ کے عمل میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ڈوپنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے اور زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کھیلوں میں شفافیت اور انصاف برقرار رکھا جا سکے۔