Baaghi TV

Blog

  • چھ ماہ میں بچیوں سے جنسی زیادتی کے 24 ہزار سے زائد واقعات

    چھ ماہ میں بچیوں سے جنسی زیادتی کے 24 ہزار سے زائد واقعات

    گزشتہ چھ ماہ میں 24 ہزار سے زائد بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر کانگریس نے مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ مہم شروع کرنے والی بی جے پی بھارت کی بچیوں کو محفوظ کیوں‌ نہ بنا سکی.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس نے مودی سرکار پر اس حوالہ سے کڑی تنقید کی ہے، کانگریس کے رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا کا کہنا تھا کہ مودی سرکار بچیوں سے زیادتی کے واقعات کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوئی، بیٹی پڑھاو بیٹی بچاو مہم بھی مودی سرکار کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے.

    کانگریس رہنما نے اعدادو شمار بتاتے ہوئے کہا کہ اسی برس جنوری سے 30 جون تک بھارت کے مختلف علاقوں میں چوبیس ہزار 212 بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پیش آئے، بھارت کی اعلیٰ عدلیہ نے ان واقعات پر از خود نوٹس لیا، کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ بچیوں سے زیادتی کے واقعات بھارتی سپریم کورٹ نے جمع کئے ہیں،

    کانگریس کے ترجما ن کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ریاست اترپردیش میں بچیوں سے زیادتی کی 3457 مقدمات درج ہوئے جن میں سے صرف 22 مقدمات کا فیصلہ ہوا، جن واقعات کا مقدمہ درج نہیں ہوا وہ اس سے بھی زیادہ ہیں.

    بھارتی الیکشن کے دوران بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دیو بھومی کلو میں لوک سبھا انتخابات کے لئے بنائے گئے پولنگ بوتھ کے قریب نو سال کی بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ سامنے‌آیا . مقامی سکول میں الیکشن کے لئے بنائے گئے پولنگ بوتھ کے قریب بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے. سکول کے ساتھ ملحقہ گرائوند میں بچی کھیل رہی تھی اور اس کی ماں کھیتوں میں کام کرنے گئی ہوئی تھی. ملزم نے بچی کے پاس جا کر اسے دس روپے دئیے اور کہا کہ دکان سے چیز لے آو ، بچی چیز لینے جا رہی تھی تو ملزم نے راستے میں اس بچی کے ساتھ زیادتی کی. بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کی پہچان دیوندر سنگھ کے طور پر ہوئی جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.

    بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں گزشتہ کچھ سالوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا خاص طور پر 2012 میں دارالحکومت نئی دہلی میں ایک طالبہ کو چلتی بس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جو بعدازاں دوران علاج دم توڑ گئی تھی۔ بھات میں 2007 سے 2016 کے دوران خواتین کے خلاف جرائم میں 83 فیصد اضافہ ہوا ہے، جہاں ہر گھنٹے میں جنسی زیادتی کے 4 کیسز ہوتے ہیں۔ بھارت میں ہر تیسری عورت جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کی شکار ہے۔ 15 سال تک کی عمرکی 27 فیصد لڑکیوں پر جسمانی تشدد کا انکشاف ہوا ہے۔ 2017ء میں دیہی اور شہری علاقوں کی 29سے 23فیصد خواتین گھریلو تشدد کی شکار ہوئیں۔ سروے کے مطابق شادی شدہ 31فیصد خواتین کو ان کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 56سے 15فیصد غیر شادی شدہ خواتین پر ان کے بھائی، سوتیلے باپ ، سوتیلی ماں اور اساتذہ نے تشدد کیا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں بچوں‌ کے خلاف بڑھتے ہوئے جنسی جرائم پر اس قبیح جرم کے مرتکب ملزمان کو سزائے موت دینے کیلئے قانون میں‌ ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے. 14 سال تک کے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے وحشیانہ جرائم کے قصورواروں کو موت کی سزا دینے کے لئے پاکسو ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس ایکٹ میں بچوں کی فحش تصویر کشی (چائلڈ پورنوگرافی) پر بھی زبردست جرمانہ اور سزا کی جائے گی.

  • راولپنڈی میٹرک کے نتائج کا اعلان کب ہوگا, ترجمان تعلیمی بورڈ نے اعلان کردیا

    راولپنڈی میٹرک کے نتائج کا اعلان کب ہوگا, ترجمان تعلیمی بورڈ نے اعلان کردیا

    راولپنڈی : بورڈآف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے 9 تعلیمی بورڈز کے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان
    کل پیر کو 15 جولائی کو ہوگا۔راولپنڈی بورڈ کے ترجمان ارسلان چیمہ نے بتایا کہ راولپنڈی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے نتائج کا اعلان پیر کو کیا جائے گا اور نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی تمام نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گے جبکہ طلباء و طالبات بورڈ کے فون نمبر 800296سے بذریعہ ایس ایم ایس بھی اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں ۔ترجمان نے مزید بتایاکہ اس ضمن میں نتائج کے اعلان کی مرکزی تقریب صبح 10 بجے ڈویژنل پبلک سکول شمس آباد میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی نتائج کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے جبکہ صوبائی وزراء مہمان خصوصی ہوں گے۔

  • راولپنڈی بین الصوبائی گینگ کا سرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار

    راولپنڈی بین الصوبائی گینگ کا سرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار

    راولپنڈی:راولپنڈی پولیس نے اندھے قتل ڈکیتی کی واردات ٹریس کر کے بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے سرغنہ کواس کے3ساتھی ڈاکوؤں سمیت گرفتار کر لیا،ملزمان سے ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد چھینی جانے والی نقدی بر آمد،ملزمان پنجاب بھر کی پولیس کو ڈکیتی قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ہیں،ایس پی کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے ممبر پنجاب اسمبلی جاوید کوثر کی سی پی او فیصل رانا کی قیادت میں کام کرنے والی راولپنڈی پولیس کی تعریف،عوام کی پولیس کے حق میں نعرے بازی،تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر ڈویژن رائے مظہر اقبال نے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں کلر سیداں کے دوکاندار طاہر اور ابرار اپنے3ساتھیوں کے ہمراہ کار پر جا رہے تھے کہ چھپر چوک کے قریب ناکہ لگائے نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو روکا لوٹ مار کرتے ہوئے ان سے بھاری نقدی و دیگر سامان لوٹ لیا مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے دوکاندار طاہر جاں بحق جبکہ ابرار زخمی ہو گیا،ڈکیتی قتل کی یہ خونی واردات راولپنڈی پولیس کے لئے ایک چیلنج تھی،کیوں کہ ڈکیتی اور قتل دونوں وارداتیں ہی اندھی تھیں،انہوں نے کہا سی پی او ڈی آئی محمد فیصل رانا نے جونہی چارج سنبھالا تو انہوں نے پینڈگ مقدمات کی فہرست منگوائی جس میں یہ مقدمہ بھی شامل تھا،سی پی او فیصل رانا نے میری نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ہمیں ہدف دیا کہ ہم نے ہر صورت اس سنگین واردات کو ٹریس کرنا ہے،پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ساہیوال سے ملزم عبد الرحمان کو گرفتار کیا جو بین الصوبائی ”رحمانہ ڈکیت گینگ“ کو سرغنہ نکلا یہ ڈکیت گینگ پنجاب بھر میں ڈکیتی اور وارداتوں کے دوران مزاحمت پر بے گناہ عوام کو قتل کرنے کے حوالے سے بدنام ہے،پولیس نے رحمانہ ڈکیت گینگ کے سرغنہ کے علاوہ اس گینگ کے3اہم ارکان شعیب،جنید اور شریف کو بھی گرفتار کر لیا جنہوں نے چھپر چوک میں دوکاندار طاہر کو واردات کے دوران قتل کرنے جبکہ ابرار کو زخمی کرنے کا اعتراف کیا،ملزمان سے پولیس نے وارداتوں کے دوران چھینی جانے والی ایک لاکھ55ہزار روپے کی نقدی اور بھاری مقدار میں وہ اسلحہ بر آمد کر لیا جس سے دوکاندار طاہر کو قتل جبکہ ابرار کو زخمی کیا گیا تھاایس پی کی میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے جاوید کوثر اپنے کارکنوں کے ہمراہ پہنچ گئے،عوام نے راولپنڈی پولیس اور اس کے کمانڈر فیصل رانا کے حق نیں نعرے بازی کی،اس موقع پر ایم پی اے جاوید کوثر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی قتل کی یہ سنگین ترین واردات ٹریس کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اسے ایک پروفیشنل،ایماندار اور فرض شناس کمانڈر فیصل رانا کی شکل میں دستیاب ہو گیا ہے جس نے ایک ایسی ٹیم بنا لی ہے جو قانون پسند عوام کی دوست اور قانون شکنوں کی کھلی دشمن ہے انہوں نے کہا کہ عوام فیصل رانا کی قیادت میں کام کرنے والی راولپنڈی پولیس کے پشتی بان ہیں ہم نے مل جل کر راولپنڈی کو کرائم فری بنانا ہے جس سے راولپنڈی ضلع پنجاب کا پر امن ترین ضلع بن جائے گا یہی ہمارے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ویژن اور وزیر اعظم عمران خان کی سوچ ہے،ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو آج پیر کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا عدالت سے انہیں ریمانڈ پر تفتیش کے لئے لایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران پنجاب بھر کی ڈکیہتی،ڈکیتی قتل کی سنگین وارداتیں ٹریس ہوں گی۔

  • راولپنڈی تھانہ چونترہ ایس ایچ او معطل

    راولپنڈی تھانہ چونترہ ایس ایچ او معطل

    راولپنڈی :راولپنڈی پولیس میں احتساب کا عمل زور پکڑ گیا،سی پی او نے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات کے الزام میں تھانہ چونترہ کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا،پولیس نے عوام کو مافیا سے بچانا ہے،انسپکٹر تو آفیسر رینک ہے،میں کانسٹیبل کے کسی بھی قسم کے مافیا سے تعلقات برداشت نہیں کروں گا،سی پی او کی پولیس افسران سے بات چیت،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل روز بروز زور پکڑتا جا رہا ہے،پروفیشنل کمانڈ کی وجہ سے راولپنڈی پولیس 24/7پولیسنگ کرتی نظر آ رہی ہے،اتوار کو چھٹی کے باوجود سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے سی پی او ہاؤس کے کیمپ آفس میں پولیس افسران کو طلب کیا،اسی دوران سی پی او کو اطلاع ملی کہ تھانہ چونترہ کا ایس ایچ او علاقہ کے بدنام زمانہ قبضہ مافیا کے ساتھ نہ صرف رابطے میں ہے بلکہ اس کے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی وجہ سے قبضہ مافیا کروڑوں روپے کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کر لیتا ہے،سی پی او نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کی تو ایس پی صدر نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کر دی کہ ایس ایچ او تھانہ چونترہ کے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات ہیں جس پر سی پی او نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او چونترہ انسپکٹر ملک نعیم اختر کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے کمانڈر کی حیثیت سے میں یہ بات سوچ بھی نہیں سکتا کہ قانون کی محافظ پولیس فور س میں انسپکٹر لیول کا آفیسر ایس ایچ او ہوتے ہوئے قبضہ مافیا کے ساتھ لنک اپ ہو،پولیس نے تو قبضہ مافیا سمیت ہر قسم کے مافیا کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے،انہوں نے کہا کہ معطل ایس ایچ او کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری ہوگی جس کے بعد الزامات ثابت ہونے پر سخت محکمانہ سزا دی جائے گی جو ملازمت سے برخاستگی بھی ہو سکتی ہے،سی پی او نے تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو ہدائت کی کہ وہ ماتحت پولیس افسران اور ملازمین کے کنڈکٹ پر نظر رکھیں،اگر کوئی پولیس آفیسر یا ملازم قانون شکنی میں براہ راست ملوث ہے یا قانون شکنوں کا سہولت کار ہے تو اس کے خلاف ثبوت بھجوائیں ایسے ملازمین و افسران کو ایک لمحہ کے لئے بھی محکمہ میں برداشت نہیں کیا جائے گا،واضح رہے کہ گزشتہ10دنوں میں یہ چوتھاایس ایچ او ہے جسے سی پی او نے محکمانہ احتساب کے تحت معطل کیا ہے،عوامی حلقوں نے سی پی او کے محکمانہ احتساب کے عمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پولیس کمانڈر راولپنڈی کی عوام کو مدتوں بعد ملا ہے عوام پولیس کے پشتی بان ہیں قانون پسند عوام اور فیصل رانا کی قیادت میں پولیس فورس مل کر قانون شکنوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لائیں گے جبکہ پولیس میں موجود قانون شکنوں یا ان کے سہولت کاروں کو بھی بے نقاب کر کے راولپنڈی پولیس کو ان سے پاک کیا جائے گا۔

  • چیف ٹریفک آفیسرکو ہر ویک اینڈ پر ٹریفک کنٹرول انتظامات کی نگرانی کے لئے ملکہ کہسار مری میں موجود رہنے کا پابند بنا دیا گیا ہے

    چیف ٹریفک آفیسرکو ہر ویک اینڈ پر ٹریفک کنٹرول انتظامات کی نگرانی کے لئے ملکہ کہسار مری میں موجود رہنے کا پابند بنا دیا گیا ہے

    راولپنڈی :سی پی او راولپنڈی ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ چیف ٹریفک آفیسرکو ہر ویک اینڈ پر ٹریفک کنٹرول انتظامات کی نگرانی کے لئے ملکہ کہسار مری میں موجود رہنے کا پابند بنا دیا گیا ہے،ایام عید الضحیٰ کے دوران میں خود بھی مری میں اپنا کیمپ آفس بناؤں گا،مری کو جانے والی یہی سڑکیں ہیں یہی راستے ہیں،انہیں کو مدنظر رکھ کر ہمیں ٹریفک کنٹرول کرنے کا ایسا قابل عمل ماسٹر پلان بناناہے جس سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ چاہے سیاحوں کا جتنا رش کیوں نہ ہو ٹریفک کسی بھی صورت جام نہ ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 24/7پولیسنگ کرتے ہوئے چھٹی کے دن اتوار کو سی پی او ہاؤس کے کیمپ آفس میں چیف ٹریفک آفیسر اور ٹریفک پولیس کے افسران کو طلب کر کے مری کے ٹریفک پلان کے حوالے سے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سی پی او نے کہا کہ ملکہ کہسار مری عالمی سطح کا سیاحتی مقام ہے جہاں پر ملکی اور غیر ملکی لاکھوں مردو خواتین سیاح سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں،ہمیں ان سیاحوں کو ہر طرح سے سہولیات فراہم کرنا ہیں،ٹریفک جام ہونا مری کی سڑکوں پر معمول بنتا جا رہا ہے،ٹریفک جام ہونے سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،چونکہ مری کی عالمی سطح پر سیاحتی مقام کے حوالے سے مسلمہ حیثیت ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بندش ایک بڑا مسئلہ بن کر میڈیا پر ابھر آتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملکہ کہسار کو جانے آنے والی یہی سڑکیں ہیں ہمیں انہیں کو مدنظر رکھ کر ایسے انتظامات کرنا ہیں جس سے یہاں پر ٹریفک ایک لمحہ کے لئے بھی جام نہ ہو،انہوں نے کہا کہ ہر ویک اینڈ پر سیاحوں کی کثیر تعداد یہاں آتی ہے،جس کے پیش نظر چیف ٹریفک آفیسر ہر ویک اینڈ پر بذات خود مری کے ان مقامات پر موجود ہوں گے جہاں پر ٹریفک جام ہونے کے زیادہ امکانات ہیں،انہوں نے کہا کہ میں خود بھی گاہے بگاہے مری کے ٹریفک انتظامات کو چیک کرتا رہوں گا،سی پی او نے ہدائت کی کہ سیاحوں کی اوسطاً تعداد کو مدنظر رکھ کر ویک اینڈ پرٹریفک انتظامات کا الگ سے پلان بنایا جائے جس میں سیاحوں کی آگاہی کے لئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر اور سی ٹی او سمیت ٹریفک پولیس کے افسران کے موبائل نمبرز درج ہوں،یہ پلان مشتہر ہو تاکہ سیاح مری آنے سے قبل آگاہ ہو سکیں،فیصل رانا نے کہا کہ عید الضحیٰ پر سیاحوں کا رش کئی گنا بڑھے گا ہمیں اس رش کو مدنظر رکھ کر ابھی سے ٹریفک پلان ترییب دینا ہے،میں خود بھی ایام عید الضحیٰ پر مری میں کیمپ آفس بنا کر بیٹھوں گا تاکہ ٹریفک انتظامات کی مؤثر نگرانی ہو اور سیاحوں کو کسی قسم کے ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • وزیراعظم کے دورہ امریکا سے قبل بلاول زرداری اچانک امریکا روانہ

    وزیراعظم کے دورہ امریکا سے قبل بلاول زرداری اچانک امریکا روانہ

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے قبل اچانک امریکا روانہ ہو گئے، بلاول 21 جولائی تک امریکا رہیں گے

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری دبئی روانہ ہوئے ہیں جہاں سے وہ کل امریکا جائیں گے، بلاول کراچی ائیر پورٹ سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے، وہ 15 سے 21 جولائی تک امریکا میں قیام کریں گے .

    بلاول زرداری اپنے دورہ امریکا میں امریکی سینیٹرز سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے. بلاول زرداری کے دورہ امریکا میں امریکیوں سے ملاقاتوں کا اہتمام حسین حقانی نے کیا ہے،

    وزیراعظم عمران خان نے بھی بیس جولائی کو امریکا کا دورہ کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے دورے کی امریکا نے بھی تصدیق کی، وزیراعظم عمران خان کی دورے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہو گی. اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ان کے ہمراہ ہوں‌ گے. عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں‌ گے.

    وزیراعظم عمران خان سعودی عرب، ایران ،ترکی و دیگر ممالک کے دوروں کے بعد اب امریکہ جانے کا فیصلہ کیا. چند دن قبل وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے سینئر رہنما سجاد برکی اور عاطف خان نے وزیراعظم چیمبر پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی تھی جس میں‌ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ امریکہ سے متعلق تبادلہ خیال ہوا تھا.

    وزیراعظم کا وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا دورہ امریکا ہو گا . واضح رہے کہ گزشتہ برس جب تحریک انصاف کی حکومت قیام میں آئی تھی اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ واشنگٹن نے اسلام آباد کو بہت کچھ دیا لیکن اس نے بدلے میں کچھ نہیں دیا.امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانیں قربان کیں اور معیشت کو ایک سو 23 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا جبکہ امریکی امداد صرف 20 ارب ڈالر تھی۔ ستمبر 2001 کے حملے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن پھر بھی پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس جنگ میں ہمارے قبائلی علاقے تباہ ہوئے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ نے پاکستانی عوام کی زندگیوں پر بدترین اثرات مرتب کیے

  • انگلینڈ نے پہلی بار ورلڈ کپ فتح کر لیا

    انگلینڈ نے پہلی بار ورلڈ کپ فتح کر لیا

    لورڈز: سنسنی خیز مقابلے اور سوپر اوور کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا. بین سٹوکس مین آف دی میچ قرار.

    242 کا ہدف برابر ہونے کے بعد سوپر اوور ہوا جس میں انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس اور جوس بٹلر کھیلنے آئے اور 15 رنز بنائے
    میزبان ٹیم انگلینڈ ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی. نیوزیلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن اچھی بیٹنگ نہ کر سکے. اوپنر گپٹل 19 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے. کپتان ولیمسن بھی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے. روز ٹیلر بھی اپنی کارگردگی نہ دکھا سکے اور مارک ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے. نکولس 55 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے.

    ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم بھی شروعات میں لڑکھڑا گئی پھر بین سٹوکس اور جوس بٹلر نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور سکور آگے لے گئے.

    میچ برابر ہونے کے بعد سوپر اوور ہوا جس میں انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس اور جوس بٹلر کھیلنے آئے اور 15 رنز بنائے

    واضح رہے انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کا فائنل فتح کیا ہے. 1992 کے بعد پہلی بار ورلڈ کا کا فائنل کھیلنے والی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ میں فتح سمیٹی

  • انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے فتح چھین لی، ورلڈ کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی

    انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے فتح چھین لی، ورلڈ کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی

    ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کا میچ برابر ہونے پر سپر اوور کھیلا گیا. ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہار جیت کے فیصلہ کیلئے سپر اوور کھیلنا پڑا. میچ برابر ہونے پر سپر اوور میں پہلے انگلینڈ نے بیٹنگ کی اور سپر اوور میں‌ 15 سکور بنائے. یوں‌ انگلینڈ‌ نے نیوزی لینڈ کو ایک اوور میں فتح کیلئے 16 رنز کا ٹارگٹ‌ دیا. نیوزی لینڈ کی طرف سے سپر اوور بٹلر نے کیا.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق نیوزی لینڈ‌ کی ٹیم نے بعد میں سپر اوور کھیلتے ہوئے پندرہ سکور بنائے. یوں‌ دونوں نے سپر اوور میں ایک جیسا سکور کیا تاہم انگلینڈ کی باؤنڈریز زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے ورلڈ‌کپ کا فاتح قرار دیا گیا. بین سٹوکس مین آف دی میچ قرار دیے گئے.

    قبل ازیں‌ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو 242 رنز کا ہدف دیا تاہم انگلینڈ کی ٹیم بڑی مشکل سے یہ میچ برابر کرنے میں‌ کامیاب رہی جس پر میچ کے فیصلہ کیلئے سپر اوور کھیلا گیا، ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بارٹائٹل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ،

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میچ کے دوران انگلینڈ کی ٹیم کو ابتدائی طور پر ہی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب 86 سکور پر اس کی چار وکٹیں‌ گر گئیں‌ تاہم بعد میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اچھی بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم اس دوران جب انگلینڈ کی ٹیم کی پوزیشن کچھ بہتر ہوئی تو انگلینڈ کے کھلاڑی جوزیٹیلر 59 رنز بنا کر آؤٹ‌ ہو گئے جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ایک بار پھر مشکل کا شکار ہو گئی. انگلینڈ کے چھٹے کھلاڑی کرس ووکس صرف دو سکور بنا سکے. ساتویں‌اور آٹھویں‌ کھلاڑی بھی جلد آؤٹ ہو گئے. انگلینڈ کو آخری گیند پر دو رنز درکار تھے تاہم میچ کی آخری گیند پر انگلینڈ کا آخری کھلاڑی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گیا. نیوزی لینڈ کی طرف سے فرگوسن نے بہت اچھی باؤلنگ کی اور پچاس رنز دے کر تین کھلاڑیوں‌ کو آؤٹ کیا.

    میچ میں‌ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 242 سکور کا ٹارگٹ دیا . نیوزی لینڈ نے پچاس اوور کھیلتے ہوئے 241 رنز بنائے ہیں‌ اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے. نیوزی لینڈ کی بیٹنگ آج سست رہی، اوپنر گپٹل آج اپنے بیٹ کا جادو دکھانے میں ناکام رہے، مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے انگلینڈ کے خلاف اننگز کا آغاز کیا لیکن گپٹل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ گپٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس اور راس ٹیلر محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے. ہینری نکولس 55،کین ولیمسن 30،مارٹن گپٹل نے 19رنزبنائے، راس ٹیلر 15اورجیمزنیشم 19رنزبناکرآؤٹ ہوئے، ٹام لیتھم 47،گرینڈہوم نے 16رنزکی اننگزکھیلی، انگلینڈ کی جانب سے پلنکٹ اور ووکس نے 3 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا, ووڈ اور آرچر نے 1 1 وکٹ حاصل کی.

    ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم اور میزبان انگلینڈ نے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا، انگلش ٹیم 1992 کے بعد اب جاکے ستائیس برس بعد فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی ۔ ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2015 کے ورلڈ کپ فائنل میں کیویز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار میگا ایونٹ میں تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں آمنے سامنے ہیں جبکہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیمیں ابھی تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہیں ۔

    دوہزار گیارہ اور 2015 کے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ 2011 میں بھارت اور 2015 میں آسٹریلیا ورلڈ چیمپیئن بنا۔ ایک بار پھر ایسا موقع آیا ہے کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر فائنل کھیل رہی ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظردہرائی جائے تو آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار عالمی چیمپئن رہ چکی ۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت نے 2،2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔ پاکستان اور سری لنکا نے ایک ، ایک مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

  • الطاف حسین کی ضمانت میں ہوئی توسیع

    الطاف حسین کی ضمانت میں ہوئی توسیع

    ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی ضمانت میں ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الطاف حسین کی ضمانت میں ستمبر تک توسیع کر دی گئی. لندن پولیس نے الطاف حسین کو نفرت انگیز تقریر کے جرم میں گرفتار کیا تھا، میٹروپولٹن پولیس کے مطابق الطاف حسین کی ضمانت کی مدت ختم ہونے پر وہ پولیس سٹیشن آئے، جس پر انہیں ستمبر تک دوبارہ ضمانت دے دی گئی ہے.

    واضح رہے کہ لندن پولیس نے الطاف حسین کو11 جون کو گرفتار کیا تھا اور انہیں دو دن گرفتار رکھا گیا تھا، دو دن بعد الطاف حسین کی ضمانت منظور ہوئی تھی.اسکارٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نارتھ ویسٹ لندن سےایک شخص کونفرت انگیزتقاریرکرنےپرگرفتارکیا گیا ہے ،گرفتارشخص کاتعلق ایم کیو ایم سے ہے،نفرت انگیز تقریرسےمتعلق تحقیقات کیلیے 60سال کےشخص کوگرفتارکیاگیا،گرفتاری شمال مغربی لندن میں ایک مقام سے کی گئی ،اعلامئے کے مطابق گرفتاری سیریس کرائم ایکٹ 2007 کی سیکشن 44 کی خلاف ورزی پر کی گئی ،گرفتارشخص کو حراست میں لے کر جنوبی لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ،لندن پولیس کے مطابق گرفتارشخص تاحال پولیس حراست میں ہے .لندن پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں.تحقیقات لندن پولیس کے کاونٹر ٹیررازم کمانڈ کے افسران کر رہے ہیں تفتیش کار شمال مغربی لندن میں ایک کمرشل مقام کی بھی تلاشی لے رہے ہیں .تحقیقات کافوکس ایم کیو ایم کی ایک شخصیت کی اگست 2016 کی نفرت انگیز تقریر ہے .

  • وزیراعلئ بلوچستان کا نیک خواہشات کا اظہار۔

    وزیراعلئ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کینسر بیالوجی میں ماسٹرز ڈگری لینے والی طالبہ معصومہ راجپوت بلوچستان کی بیٹی اور فخر پاکستان ہے اپنے ٹوئیٹر پر معصومہ راجپوت کو مبارکباد دیتے ہوۓ وزیراعلئ نے کہا ہے کہ
    معصومہ راجپوت نے جرمنی کی نامور یونیورسٹی سے کینسر کے شعبہ میں ماسٹرز کرکے تاریخی کامیابی اور کینسر بیالوجی میں ماسٹرز کرنے والی ملک کی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔وزیراعلئ بلوچستان نے معصومہ راجپوت کی مزید کامیابیوں کے لیۓ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے